مراٹھی عوام تلنگانہ کا حصہ ، مراٹھی اداروں کی گرانقدر خدمات

ویویک وردھنی ایجوکیشنل سوسائٹی کی تقریب ، محمد محمود علی اور این نرسمہا ریڈی کی شرکت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں موجود مراٹھی ادارہ جات کی جانب سے ’ جگتک مراٹھی دیوس ‘ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ویویک وردھنی ایجوکیشن سوسائٹی میں منعقدہ اس تقریب میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بحیثیت مہمان خصوصی مدعو تھے لیکن وہ مصروفیات کی بناء پر اس تقریب میں شرکت سے قاصر رہے ۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی اور وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کو اپنے نمائندہ کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کے لیے روانہ کیا ۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر رام کرشنا ساتوالیکر نے کی ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر سدھیر نائک ، مسٹر آنند کلکرنی ، ڈاکٹر گوپال چاری کے علاوہ مسٹر آنند آبکاری و دیگر موجود تھے ۔ اس تقریب سے خطاب کے دوران جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ہاوزنگ بورڈ کی جانب سے دی گئی نوٹس پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے وفد کی شکل میں ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں رہنے والے مراٹھا عوام تلنگانہ کا حصہ ہیں اور تحریک تلنگانہ میں مراٹھا عوام کا اہم کردار رہا ۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ مراٹھا عوام کوئی غیر نہیں ہیں چونکہ وہ تلنگانہ تحریک میں ریاست کے عوام کے ساتھ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1969 میں جب تحریک تلنگانہ کے لیے میدان کی ضرورت تھی تو اس وقت برہمانند ریڈی نے کوئی جگہ نہیں فراہم کی لیکن ویویک وردھنی اسکول جامباغ سے یہ تحریک چلائی گئی تھی جس میں خود انہوں نے شرکت کی ۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ ریاست کی تعلیمی ترقی میں مراٹھی اداروں کی گرانقدر خدمات ہیں ۔ جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر رام کرشنا ساتوالیکر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ ویویک وردھنی انسٹی ٹیوشن کے ذمہ داروں نے وزراء کو تعلیمی اداروں کو موصولہ ہاوزنگ بورڈ کی نوٹس تخلیہ سے واقف کروایا ۔۔