مراد آباد پر قبضہ رکھنا دشوار، بی جے پی امیدوار کا اعتراف

مرادآباد ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کیلئے حلقہ لوک سبھا مرادآباد پر دوبارہ کامیابی کے ذریعہ قبضہ برقرار رکھنا دشوار ہوگیا ہے۔ مسلمانوں کی غالب آبادی والے اس حلقہ میں 23 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کو کانگریس کے امیدوار سے راست مقابلہ ہے۔ زعفرانی جماعت کے امیدوار تنور سرویش کمار نے اس حقیقت کا اعتراف کرلیا ہے اور کہا کہ بی جے پی کیلئے مرادآباد پر قبضہ برقرار رکھنا دشوار ہوگیا ہے۔ کمار ٹھاکر برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہیں کانگریس کے عمران پرتاپ گڑھی سے سخت مقابلہ ہے۔ عمران ایک شاعر ہیں اور اپنے اشعار اور شعلہ بیان خطاب میں اکثر بی جے پی حکومت پر سوال اٹھایا کرتے ہیں۔ دوسری طرف ایس پی۔ بی ایس پی اور آر ایل ڈی اتحاد کے امیدوار ایس ٹی حسن بھی جو پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں، اس حلقہ کے 19.41 ووٹروں میں شامل 47 فیصد مسلم ووٹروں کی تائید حاصل کرنے کی ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔