مذہی خبریں

اخلاق حسنہ پر 3 رزہ تربیتی کلاسیس
حیدرآباد۔/21نومبر، ( راست ) میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر اہتمام تین روزہ تربیتی کلاسیس بعنوان ’’ اسوۃ حسنہ سمپوزیم ‘‘ منعقد ہوں گے۔ اس سمپوزیم میں حضور سرورکائنات ؐ کے اخلاق مبارکہ پر تین دن مختلف مضامین کے تحت مولانا حبیب احمد الحسینی ڈائرکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا و بانی الھدایہ آرگنائزیشن کے مفصل و مدلل خطابات ہوں گے۔ مضامین حسب ذیل ہیں پہلے دن ’’حضور اکرم ؐ کا حسن معاشرت مسلمانوں کے ساتھ‘ ‘ دوسرے دن ’’ حضور اکرم ؐ کا حسن معاشرت گھر والوں کے ساتھ ‘‘ تیسرے دن ’’حضور اکرم ؐ کا حسن معاشرت غیر مسلموں کے ساتھ ‘‘۔ تین روزہ سمپوزیم میں شرکت کیلئے رجسٹریشن شرط ہے۔ رجسٹرڈ شرکاء کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔ 15 سال کی عمر سے زائد خواتین و حضرات ہی رجسٹریشن کے اہل ہیں ۔ کورس کٹ مفت دی جائے گی۔ خواہشمند خواتین و حضرات رجسٹریشن کیلئے دفتر منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا، تلنگانہ و آندھرا پردیش ، امیرہ منزل، روبرو درشہوار ہاسپٹل پرانی حویلی حیدرآباد پر ربط کریں۔ تفصیلات فون نمبرات 8885265626 ، 9885186632 پر ربط کریں۔

مجلس عزا واپسی اہل حرم
حیدرآباد۔/21نومبر، ( راست ) بناکردہ علامہ سید عباس رضوی صاحب مرحوم کے خانوادہ کی جانب سے 3 ربیع الاول 10 بجے شب بمقام عبادت خانہ حسینی دارالشفاء مقرر ہے جس میں ذاکر اہلبیت سید حیدر زیدی قبلہ بیان کریں گے۔ خصوصی سلام سید ذاکر حسین رضوی پیش کریں گے۔

قرآنی آیات کی تشریح مقابلے
حیدرآباد۔/21نومبر، ( راست ) بزم خواتین کے زیر اہتمام قرآنی آیات کی تشریح مقابلے 18نومبر ہفتہ کو رائل ریجنسی فنکشن ہال آصف نگر پر منعقد ہوئے جس میں تقریباً 30 مدارس و کالجس کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا جنہوں نے انبیاء کے واقعات کو چارٹس اور ماڈل کے ذریعہ پیش کیا جوکہ قابل مبارکباد ہیں ان تمام سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ماڈلس اور چارٹس 10 ڈسمبر اتوار کو انوارالعلوم کالج ملے پلی پر لے آئیں تاکہ جلسہ گاہ میں ان کی نمائش کی جائے اور انہیں اسنادات کے علاوہ مزید انعامات سے نوازا جائے گا۔

 

جلسہ جشن عید میلادالنبیﷺ
حیدرآباد ۔ /23 نومبر (راست) فیض رسالت مآبؐ کمیٹی کی جانب سے /12 ربیع الاول کو بعد نماز عشاء میلاد روڈ روبرو رفعت سپلائنگ کمپنی نزد گارڈن پلازہ فنکشن ہال سنتوش نگر واٹر ٹینک روڈ پر عظیم الشان جلسہ جشن عید میلادالنبیؐ مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز مولانا مولوی قاری میر احمد ضیاء الدین حسین القادری المعروف مخدوم پاشاہ خطیب و امام مسجد شجاعیہؒ اندرون گنبد عیدی بازار کی قرأت کلام پاک سے ہوگا ۔ بارگاہ سرور کونینؐ میں نعت شریف کا نذرانہ محمد مظہر قادری ابوالعلائی ، محمد شہزاد عطاری ، محمد عبدالقادر و دیگر نعت خواں سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ نگران جلسہ علامہ مولانا ڈاکٹر سید عبدالرحمن حسن قادری مہمانان خصوصی مولانا محمد فیض احمد رضوی مصباحی مدرس دارالعلوم امجدیہ ناگپور مہاراشٹرا ، مولانا مفتی محمد حنیف قادری ، مقررین : مولانا محمد بدیع الدین قادری نقشبندی ، خطیب و امام مسجد غفاریہ عیدی بازار ، مولانا قاری محمد غوث محی الدین قادری امام مسجد غفاریہ کے مختلف عنوانات پر خصوصی خطابات ہوں گے ۔ جلسہ کی نظامت مولانا محمد عبدالکلیم نقشبندی قادری انجام دیں گے ۔

 

شاہی مسجد باغ عامہ میں اوقات نماز جمعہ تبدیل
حیدرآباد ۔ /22 نومبر (راست) دفتر خطیب شاہی مسجد کی اطلاع کے بموجب حسب الحکم مولانا شاہ محمد بن عبدالرحمن الحمومی جمعہ /24 نومبر کو شاہی مسجد عثمانیہ باغ عامہ میں عربی خطبہ جمعہ ٹھیک 1.30 دیڑھ بجے شروع ہوگا ۔ مصلیان کرام جدید اوقات کار نوٹ فرمالیں ۔

 

میلاد مصطفی کانفرنس
حیدرآباد /22 نومبر ( راست ) مولانا محمد ذاکر حسین اشرفی کے بموجب میلاد مصطفی کانفرنس 23 نومبر بروز جمعرات بعد نماز عشاء روبرو دارالعلوم سمنانیہ اشرف الدارس متصل مسجد امیر حمزہ بابا سیلانی نگر بورا بنڈہ مقرر ہے ۔ مولانا محمد احمد نقشبندی مہمان خصوصی کا خطاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ مہمان مقرر مولانا مفتی نیر اعظم ، مولانا امام الحق اشرفی ، مولانا منور عالم بھی مخاطب کریں گے ۔ مولانا محمد شہنواز عالم اشرفی ، مولانا منظور مصباحی شرکت کریں گے ۔ قاری محسن عالم کی قرآت کلام پاک اور نعت شریف سے آغاز ہوگا ۔

 

جلسہ جشن میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : مرکزی تنظیم اہل سنت وجماعت عنبر پیٹ کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ ہائے جشن عید میلاد النبیؐ زیر نگرانی مولوی سید شاہ محمد فیض الدین قادری المعروف سلیم پاشاہ 24 نومبر مغرب تا عشاء مسجد الہیہ اعظمیہ انجیا نگر ودیا نگر میں منعقد ہے ۔ مولانا سید شاہ عبداللہ قادری مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ کلیتہ البنین مغل پورہ میں 23 نومبر صبح 12-30 تا 1-30 بجے دن جشن  میلاد النبیﷺ کی دوسری محفل مفتی محمد مستان علی قادری کی صدارت میں مقرر ہے ۔ قرات و نعت شریف کے بعد مولانا حافظ محمد شہباز احمد کا بعنوان ’ حضور ﷺ کی مدنی زندگی ‘ خطاب ہوگا ۔۔
٭٭ ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام جشن میلاد النبیؐ کانفرنس کا اجلاس 23 نومبر کو مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری اور مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری کا بعنوان ’ حضور کی رحمت ، شفقت و رافت ‘ خطاب ہوگا ۔۔
جامعتہ المومنات میں جشن میلاد النبیؐ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 23 نومبر 5 بجے عصر تا مغرب جشن میلاد النبیؐ کی دوسری محفل مفتیہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ قرأت و نعت شریف کے بعد مفتیہ نازیہ عزیز کا بعنوان ’ حضور ﷺ کے ازواج مطہرات ‘ پر خصوصی خطاب ہوگا ۔۔
عظمت مصطفی ؐ کانفرنس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام 23 نومبر بعد ظہر  مدرسہ مدینتہ العلوم بھوئی گوڑہ سکندرآباد بعد مغرب جامع مسجد خلفائے راشدین جہاں نما ، مدینہ کالونی میں عظمت مصطفیؐ کانفرنس مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی محمد مستان علی قادری ، مفتی عبدالواسع احمد صوفی ، قاری محمد غوث عادل ، مولانا عبدالغفار مخاطب کریں گے ۔۔
محفل سیرت النبیؐ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : محفل سیرت النبیﷺ زیر صدارت مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ 23 نومبر کو 9 بجے شب ایوان فاضل و عاقل بمکان مولانا عاقل حسامیہ منزل پنجہ شاہ مقرر ہے ۔ مولانا غوث محی الدین حسامی مخاطب کریں گے ۔ صدر جلسہ کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ خواتین کیلئے پردہ کا معقول انتظام رہے گا ۔۔
جلسہ میلاد
٭٭ جلسہ میلاد النبیؐ بروز جمعہ بعد نماز عشاء مسجد خواجہ گلشن مہدی پٹنم میں زیر صدارت مولانا قبول پاشاہ شطاری مقرر ہے ۔ قرات حافظ نجیب احمد صدیقی ، نعت حافظ تجمل حسین ، مہمان خصوصی سید اکبر علی نظام الدین صابری سجادہ نشین درگاہ شاہ خاموشؒ ۔ مقررین کرام مولانا سید محمود باشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی مخاطب کریں گے ۔۔
جلسہ سیرت النبیؐ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : ادارہ ادب صادق کا جلسہ سیرت النبیؐ و غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ 23 نومبر کو شام 6 بجے تا 9 بجے سہیل منشن پلر نمبر 17 مہدی پٹنم منعقد ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز قاری انیس احمد کی قرات کلام پاک و فیض صدیقی کی حمد باری تعالی ، شاہ نواز ہاشمی کی نعت پاک سے ہوگا ۔ ادبی اجلاس کے پہلے دور میں مدراس کے شعراء جناب شاہد مدراسی ، شاداب بے دھڑک مدراسی اور ڈاکٹر عبید الرحمن احساس مدراسی کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ جلسہ کے دوسرے دور میں جلسہ سیرت النبیؐ کو ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق ، ڈاکٹر نادر المسدوسی اور قاضی سید محمد سراج الدین رضوی مخاطب کریں گے ۔ جلسہ سیرت النبیؐ کے اختتام پر غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔۔
جلسہ یوم رحمتہ للعالمینؐ میں اچاریہ مرمودکرشنم کی شرکت کی توثیق
منفرد لب و لہجہ میں شان رسالتؐ میں کلام سنانے کا اعزاز حاصل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کو نظام کالج گراونڈ میں منعقد شدنی جلسہ یوم رحمتہ للعالمینؐ اور دوسرے دن چنچل گوڑہ جونیر کالج کے احاطہ میں منعقد ہونے والے جلسہ یوم صحابہ کے سلسلہ میں انتظامات تیزی کے ساتھ جاری ہیں ۔ جلسہ میں شرکت کے لیے مہمان مقرر اچاریہ پرمودکرشنم 2 دسمبر کو جلسہ سے خطاب کریں گے اور رات حیدرآباد میں بسر کرنے کے بعد دوسرے دن واپس ہوجائیں گے ۔ اچاریہ پرمودکرشنم آل انڈیا سنت سمیتی ، سری کالکی دھام سنبھل پور یوپی کے صدر ہیں وہ اپنے منفرد لب و لہجہ اور منفرد طرز تخاطب کے باعث اپنی علحدہ شناخت رکھتے ہیں ۔ ایک اچھے مقرر ہونے کے علاوہ ایک پر اثر شاعر بھی ہیں اور شان رسالتؐ میں کلام سنانا ان کا طرہ امتیاز ہے ، اسی وجہ سے ملک میں جگہ جگہ ان کو سنا اور پسند کیا جاتا ہے ۔ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے سخت خلاف ہیں اور فرقہ پرست طاقتیں بھی ان کی زبردست مخالف ہیں ۔ وہ رسول اللہ ﷺ کی شان میں ڈوب کر کلام کہتے ہیں اور ان کا کلام سنانے کا انداز بھی منفرد نوعیت کا ہے ۔ موصوف دو سال پہلے بھی تعمیر ملت کے جلسہ میں شرکت کرچکے ہیں ۔ ان کو بڑی توجہ اور شوق سے سنا گیا تھا اور اس مرتبہ بھی کئی گوشوں سے اصرار رہا کہ اس سال بھی ان کو بحیثیت مہمان مقرر مدعو کیا جائے ۔ چنانچہ رائے عامہ کے آگے سر تسلیم خم کرتے ہوئے ان کو پھر ایک بار مدعو کیا گیا ہے ۔ اچاریہ پرمودکرشنم ان چند گنے چنے مقررین میں شامل ہیں جن کو جلسہ یوم رحمتہ للعالمینﷺ میں دوسری مرتبہ مدعو کیا جارہا ہے ۔ صدر مجلس استقبالیہ جناب محمد خلیق الرحمن نائب صدور استقبالیہ جناب اقبال احمد انجینئر ، جناب حاجی احمد اور جناب یوسف ملا ، معتمد استقبالیہ جناب مرزا یوسف بیگ ، نائب معتمد محمد علی سلیم اور دیگر اراکین نے عامتہ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس تاریخی جلسہ میں شرکت کر کے جلسہ کو کامیاب بنائیں ۔ جلسہ یوم رحمتہ للعالمینﷺ اور یوم صحابہ کی نگرانی صدر تنظیم جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کریں گے اور ممتاز بیرونی اور مقامی علماء کرام مخاطبت کا شرف حاصل کرینگے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ غلام محمد زعم رفاعی القادری چشتیؒ و فاتحہ سالانہ حضرت ڈاکٹر سید محی الدین قادری زور 25 نومبر مطابق 5 ربیع المنور اندرون خانقاہ عنایت اللہٰی درگاہ شریف حضرت ممدوحؒ واقع محاذی پل مسلم جنگ بلدہ حیدرآباد مقرر ہے ۔ متولی و سجادہ نشین جناب سید محی الدین احمد رفاعی القادری عرف مبشر پادشاہ کے بموجب 4-30 بجے نماز عصر باجماعت ، بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ شریف ، قبل مغرب جلوس صندل مبارک از نوبت خانہ تا درگاہ شریف ، بعد مغرب مراسم صندل مالی زیارت آثار مبارک حضور سرور کائنات ؐ کے بعد جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا ۔ حضرت مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری خطاب کریں گے ۔ نماز عشاء کے بعد تناول تبرک ، محفل سماع اور چراغاں مقرر ہے ۔۔

میٹرک امیدواروں کے لیے
آر بی آئی میں اٹنڈر کی ملازمت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : میٹرک کامیاب لڑکے / لڑکیوں کے لیے آر بی آئی ریزرو بینک آف انڈیا میں اٹنڈر کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں ۔ امیدوار اپنے آدھار کارڈ ، ایس ایس سی میمو کی زیراکس ، ایک فوٹو کے ساتھ محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر رجوع ہو کر استفادہ کریں۔ انتخاب تحریری مسابقتی امتحان کے ذریعہ ہوگا ۔۔

پیغام محمدیؐ سے انسانیت کو واقف کروانا ضروری
جماعت اسلامی کا تعارفی اجلاس ، جناب حامدمحمد خاں اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : اللہ تبارک و تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو ساری انسانیت کے لیے رحمت بناکر مبعوث فرمایا ، حضرت محمدؐ انسانیت کے نجات دہندہ ، غریبوں اور بے کسوں کے ماوا و ملجا اور داعی انقلاب ہیں ۔ آپؐ رہتی دنیا تک کے تمام انسانوں کے لیے نبی و رسول ہیں ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تڑپتی و سسکتی انسانیت کو پیغام محمدیؐ و سیرت محمدی سے واقف کروایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حامد محمد خاں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ نے اپنے صدارتی خطاب میں ذمہ داران جماعت اسلامی شہر حیدرآباد کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ جناب صادق احمد نے پندرہ روزہ دعوہ مہم کا تفصیلی خاکہ و تعارف پیش کیا ۔ حافظ محمد رشاد الدین ناظم شہر جماعت اسلامی حیدرآباد نے کہا کہ دعوت دین امت مسلمہ پر فرض کفایہ ہے اور اگر کوئی بھی گروہ اسے انجام نہ دے تو یہ فرض عین ہوجاتا ہے ۔ موجودہ دور میں یہ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پیغام حق کو دنیا کے سامنے پیش کریں ۔ جناب محمد اکبر حسین ، ناظم شعبہ دعوت جماعت اسلامی حیدرآباد نے بہ عنوان عصر حاضر میں دعوت دین کی اہمیت و تقاضے مخاطب کیا ۔ جناب سلطان محی الدین مہم کے دوران روبہ عمل لائے جانے والے کاموں کی تفصیلات پیش کیں ۔ جناب شجاعت اللہ حسینی کے تذکیر بالقرآن سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ جناب ایم این بیگ زاہد نے پروگرام کی نگرانی کی ۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ کی جانب سے ریاست تلنگانہ و اڈیشہ میں 3 دسمبر تا 17 دسمبر پندرہ روزہ دعوہ مہم بعنوان حضرت محمد ؐ سب کے لیے منائی جائے گی ۔۔

 

سیرت النبیؐ کوئیز مقابلے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( راست ) : ینگ مینس مسلم اسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیرت النبیؐ کوئز مقابلہ 26 نومبر اتوار کو سینٹ جانس اسکول قریشی لین یاقوت پورہ میں منعقد ہوگا ۔ جس کے لیے ایک کتابچہ ترتیب دیا گیا ہے ۔ جس کو مفت حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ تمام اسکولس کے صدر مدرس سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اسکولس کے طلباء وطالبات کو شامل کرائیں ۔ اس کوئز مقابلہ میں عمر کی کوئی قید نہیں ہے ۔ کسی بھی کلاس کے طلباء وطالبات حصہ لے سکتے ہیں اور ہر سوال پر ایک انعام دیا جائے گا ۔ مزید تفصیلات کے لیے 7675992699 پر ربط کریں ۔۔
جلسہ میلاد
٭٭ کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ میلاد النبیؐ 23 نومبر بروز جمعرات متصل زین فنکشن ہال تالاب کٹہ میر جملہ بعد نماز عشاء منعقد ہے ۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدارت کریں گے ۔ قاری سید علیم الدین شمس بابا کی قرات ہوگی ۔ مسرس عبداللہ بن عمر ، سالم بن محمد ، محمد علی قیصر قادری ایڈوکیٹ اور جناب سید حسین قادری نعت شریف سنائیں گے ۔ مولانا سید عبدالواسع نقشبندی قادری ، مولانا محمد باقر علی صدیقی ، مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ ، جناب مرزا شاہ نواز بیگ قادری ایڈوکیٹ کے خطابات ہوں گے ۔ جناب محمد مجیب انگریزی زبان میں تقریر کریں گے ۔۔