مذہبی خبریں

حضور اکرمؐ کی ذات گرامی ساری انسانیت کیلئے نعمت عظمیٰ
جامعۃ المومنات میں جلسہ میلادالنبیؐ ، خاتون عالمات کا خطاب
حیدرآباد ۔ /21 ڈسمبر (راست) حضور ﷺ کی ذات گرامی ساری انسانیت کے حق میں نعمت عظمی ہے ، حضور ﷺ کی حیات طیبہ کا ایک درخشاں تابناک پہلو توامن و اعتدال پسندی ہے ، آپ ﷺ آغاز شباب ہی سے امن پسند ، صلح جو اور حق کے طرف دار تھے ، آپ ﷺ نے اخوت ، رحم ، سخاوت ، شجاعت اور شرم و حیاء ، تقویٰ و پرہیز گاری کے پیغام کو عام کیا ۔ رسول اللہ ﷺ افضل الانبیاء اور افضل البشر ہیں ۔ کیونکہ آپ خاتم المرسلین ہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ذریعہ دین کو مکمل فرمایا ہے ۔ حضور ﷺ کا انقلاب تاریخ کا سب سے منفرد انقلاب ہے جس نے دنیا کی سیاست ، معاشرت اور معیشت کو بدل دیا ۔ ان خیالات کا اظہار جامعۃ المومنات کے زیراہتمام منعقدہ محفل نعت شریف و جلسہ عید میلادالنبی سے اردو گھر مغلپورہ میں خاتون مفتیات نے کیا ۔ جلسہ کا آغاز حافظہ رمیصا افشین کی قرأت قصیدہ بردہ شریف سے ہوا ۔ ڈاکٹر مفتیہ حافظہ  رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المومنات نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے حضور ﷺ کا ذکر نہ صرف آسمانوں میں کیا بلکہ زمین کے ہر ہر ان مقامات میں کیا جہاں اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنی علویت کا تذکرہ کیا ۔ اذان میں اللہ کے نام کے ساتھ محمد ﷺ کا نام ، اقامت میں اللہ کے نام کے ساتھ محمد ﷺ کا نام ، اللہ نے جہاں نماز کے آغاز میں اپنی کبریائی کا ذکر کیا وہیں نماز کے اختتام محمد ﷺ پر درود بھیجنے کا حکم دیا ، قرآن میں جہاں اپنی اطاعت کا ذکر کیا تو وہیں محمد ﷺ کی اطاعت کا بھی ذکر کیا اور اسی کو بندہ کی کامیاب زندگی کا مستحق قرار دیا اور ہر شخص کے ایمان کی تکمیل کیلئے یہ ضروری قرار دیا گیا جہاں رب کی ربوبیت کا اقرار کریں وہیں رسول کی رسالت کا اقرار کریں ۔ اس جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ طیبہ تسنیم ، الحاجہ این شہناز ، الحاجہ فریدہ بانو ، بیگم کے ایم خاں ، قاریہ ریحانہ ہاشمی ، محترمہ شاہین بیگم ، محترمہ الحاجہ حنیفہ پروین ، محترمہ سعیدہ بیگم، محترمہ فخرالنساء الحاجہ قمر النساء بیگم ، محترمہ سیدہ متین النساء ، محترمہ عباس شیرین شرکت کئے ۔ دعاء و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔

 

مرکزی انجمن مہدویہ کا طرحی نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد
بارگاہ رسالت مآبؐ میں شعراء کرام کا کلام
حیدرآباد۔21ڈسمبر(سیاست نیوز) میلاد النبیؐ کے ضمن میںمنعقدہ تین روزہ جشن کے موقع پر مرکزی انجمن مہدویہ کے زیراہتمام طرحی نعتیہ مشاعرہ ۔ بہادر یارجنگ حال ‘ چنچلگوڑ ہ میںمنعقدہ نعتیہ مشاعرے کی نگرانی جناب سمیع اللہ سمیع حسینی نے کی ۔ مشاعرے کا آغاز حافظ وقاری اسمعیل ہاشر کی قرات کلام پاک سے ہواجبکہ جناب صمدانی نے بارگاہ الہی میں حمد کا نذرانہ پیش کیا۔ اسکے علاوہ جناب سید حسین بخاری سعید‘ جناب محمد شبیر خان شبیر‘ جناب سیدجلیس احمد جلیس‘جناب یوسف روش‘ سید اسمعیل ذبیح اللہ نوازش ہمناآبادی‘جناب سید پیر محمد ‘جناب سیدجنید حسینی جنید‘ڈاکٹرسلیم عابدی‘حضرت سید علی بیخود‘جناب سیدعلی عادل تشریف اللہ‘ جنا ب میرعظمت علی عظمت‘جناب سیدخواجہ معین الدین امیر نصرتی‘جناب سیدتجمل حسین خوندمیری فانی‘جناب ابولفیض سید احمد عابد‘جناب سید مجاہد اللہ حسینی مجاہد‘ جناب فرید سحر‘ جہانگیر فیاض عظیم ‘ جنا ب سید سہیل عظیم ‘ جنا ب سید محمود تشریف اللہی‘ محمود‘جناب ڈاکٹرمعین افروز‘جناب زاہد ہریانوی زاہد‘جناب محمدانوراقبال انور‘ڈاکٹر فرید الدین صادق‘ جناب زعیم صنومرہ زعیم ‘ جناب شاہد عدیلی شاہد‘ حضرت سید اجمل گلبرگوی کے علاوہ دیگر مقامی او ربیرونی شعراء کرام نے بارگاہ رسالت مآب میںمنظور نذرانہ عقید ت پیش کیا ۔  جناب عادل محمد خان صدر مرکزی انجمن مہدویہ کی صدرات میںتین روزہ جشن میلاد النبیؐ کا انعقاد عمل میںلایاگیا ۔

 

علماء کرام کے ساتھ عمرہ قافلہ کی روانگی
حیدرآباد /21 ڈسمبر ( راست ) عمرہ و زیارت مدہنہ منورہ کے بڑے فضائل ہیں لیکن اکثر لوگ ناواقفیت کی وجہ سے صحیح استفادہ نہیں کرتے اور لاعلمی کی بناء مختلف کوتاہیوں اور غلطیوں کے مرتکب ہوجاتے ہیں ۔ اس سفر کو اگر علماء کی نگرانی اور صحبت میں رہ کر کیا جائے تو صحیح فائدہ ہوسکے گا اور علماء کرام کی بابرکت صحبت آپ کے عمرہ کے سفر کو آنے والی زندگی کیلئے زادراہ بنائے گی ۔ اس مقصد کے تحت مختلف عمرہ قافلے مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم ، مولانا خان قادری اور مفتی تجمل حسین کی نگرانی میں روانہ ہوں گے ۔ خواہشمند تفصیلات کیلئے 040-65267779/ 8106413050 پر ربط کریں ۔

 

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ /21 ڈسمبر (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام محفل ختم دلائل الخیرات (درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیرنگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری /22 ڈسمبر کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابولفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔

 

اعراس شریف حضرت سید معین الدین قادری بغدادیؒ و حضرت سید جمال الدین قادری بغدادیؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضرت سید معین الدین قادری بغدادیؒ و حضرت سید جمال الدین قادری بغدادیؒ کا سالانہ عرس شریف 24 دسمبر 24 ربیع الاول بروز ہفتہ مقرر ہے ۔ تقاریب عرس کا آغاز حسب عملدر آمد قدیم عمل میں آئے گا ۔ 24 دسمبر کو بعد نماز مغرب صندل مالی درگاہ حضرت صوفی شاہ عبدالقادر رازؒ ، مصری گنج سے برآمد ہوگا جو آستانہ عالیہ جہاں نما پہنچے گا جہاں مراسم صندل جانشین محمد حفیظ اللہ شریف قادری و نائب جانشین محمد سمیع اللہ شریف قادری انجام دینگے ۔ محفل چراغاں 25 دسمبر بروز اتوار کو ہونگے ۔ تمام مریدین ، معتقدین و محبان اولیائے کرام سے ان محافل پر نور میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔ 24 دسمبر کو بعد ادائیگی مراسم صندل تناول طعام و تبرک اور محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔۔

حمیدیہ میں آج بائیسویں محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور مجلس استقبالیہ جشن میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام یکم تا 26 ربیع الاول شریف جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ کے سلسلہ کی بائیسویں محفل مبارک 22 دسمبر صبح 8 بجے حمیدیہ درگاہ شریف شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں منعقد ہوگی ۔ جناب سید محمد علی موسیٰ رضا علی پاشاہ ، مولانا سید شاہ محمد سیف الدین قادری حاکم پاشاہ حمیدی ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری کے علاوہ نگران محفل ڈاکٹر سید شاہ محمد حمید الدین قادری شرفی سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاء و ڈائرکٹر آئی ہرک موضوع مقدس کے مختلف پہلوؤں پر شرف خطاب حاصل کریں گے ۔۔

حمیدیہ میں جشن میلاد رحمتہ للعالمینؐ
و زیارت موئے مبارک
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ اور اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ کی بابرکت تکمیل کے موقع پر یکشنبہ 25 ربیع الاول کو جشن میلاد رحمتہ للعالمینؐ زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاء و ڈائرکٹر آئی ہرک بمقام حمیدیہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم منعقد ہوگا ۔ 4 ساعت شام سے قرآن خوانی ، بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ، بعد نماز مغرب نگران جشن کا ’ آمد رحمت ؐ ‘ کے زیر عنوان خصوصی خطاب ہوگا ۔ بعد نماز عشاء رسول اللہ ؐ کے مقدس موئے مبارک کی زیارت کروائی جائے گی ۔ میلاد عشائیہ کے بعد جلسہ میلاد رحمتہ للعالمینؐ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری کا خیرمقدمی خطاب ہوگا ۔ نگران جشن کے علاوہ مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور سادات کرام ، مشائخین عظام ، علماء کرام کے خطابات ہوں گے ۔۔

عرس سراپا قدس حضرت تاج العرفاءؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ کے پریس نوٹ کے مطابق 43 ویں عرس سراپا قدس حضرت تاج العرفاء ؒ کی دو روزہ تقاریب کا پروگرام اس طرح ہے ۔ دوشنبہ 26 ربیع الاول بعدنماز فجر خدمت صندل بہ مزار حضرت تاج العرفاءؒ ، 4 بجے شام تلاوت قرآن مجید و محفل نعت شہنشاہ کونینؐ ، بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف و خصوصی خطاب ’ تذکرہ حضرت تاج العرفاء ‘ از سجادہ نشین ڈاکٹر سید محمد حمید الدین قادری شرفی ، حلقہ ذکر ، بعد نماز مغرب پیشکشی غلاف و نذرانہ گل بہ مزار حضرت تاج العرفاء ، محفل چراغاں ، تناول تبرک ، 10 بجے شب نماز عشاء کی جماعت ہوگی ۔ بعدہ جلسہ قرات قرآن مجید ، طرحی نعتیہ مشاعرہ ’ تمام خوبیاں یکجا ترے جمال میں ہیں ‘ ( قافیہ : جمال ، ردیف : ہیں ) سلام بحضور خیر الانامؐ اور دعا ۔ 27 ربیع الاول صبح 8 بجے تلاوت قرآن مجید و شجرہ خوانی ، نذرانہ گل بہ مزار حضرت تاج العرفاؒ ، سلام بحضور شہنشاہ کونینؐ و دعا بعدہ تناول تبرک ۔۔

جشن میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : سیرت کمیٹی کبوترہ خانہ قدیم ، حسینی علم کے زیر اہتمام 22 دسمبر کو بعد نماز عشاء کبوتر خانہ قدیم حسینی علم میں جشن میلاد النبیؐ مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری صدارت کریں گے ۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ ، مفتی سید ضیا الدین نقشبندی ، مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ مخاطب کریں گے ۔ نعت خواں حضرات نعت شریف سنائیں گے ۔۔

 

خواتین کانفرنس کے تعارفی اجتماعات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : 25 سالہ جشن تاسیس جامعتہ المومنات کی اختتامی تقریب دو روزہ کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن تعارفی اجتماعات برائے خواتین 22 دسمبر حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل کی صدارت میں بمکان سیدہ ذاکرہ بیگم موسیٰ باولی 2 بجے دوپہر جس میں مفتیہ شہناز فاطمہ ، عالمہ خدیجہ فاطمہ ، قاریہ شفا ناز مخاطب کریں گی ۔ جب کہ بمکان بی بی سلمی صالحین کالونی اکبر ریسیڈنسی 3 بجے سہ پہر جس میں مفتیہ رفعت خاتون ، عالمہ ثانیہ آفرین ، عالمہ نکہت خاتون ، نشاط ترنم فلک نما مدینہ کالونی 3 بجے سہ پہر جس میں مفتیہ شاہین فاطمہ ، مفتیہ محسنہ ناز ، مفتیہ عطیہ سلطانہ اور دارالعلوم رحیمیہ چنچل گوڑہ میں نعتیہ محفل برائے خواتین جس میں سیدہ زہرا جبین ثمرین ، سیدہ امرین فاطمہ کے علاوہ شہر حیدرآباد کے ممتاز نعت خواں نعت شریف سنائیں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی کے بموجب 22 دسمبر بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

آج زیارت آثار مبارک و نعتیہ محفل
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مولوی محمد محسن خلیلی نظامی قادری کے مطابق زیارت آثار مبارک و نعتیہ محفل زیر صدارت مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری 22 دسمبر کو مسجد منور گولہ کھڑکی حسینی علم میں بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ مہمانان خصوصی جناب عبدالرحیم ، مولانا محمد معین خلیلی ، حافظ محمد عبدالستار ، محمد نوید قادری ہوں گے ۔ مولوی محمد محسن خلیلی نظامی قادری پیش کریں گے جب کہ نعت خواں حضرات حافظ محمد مکی خاں ، محمد ہاشمی خاں ، محمد ارباز چشتی ، محمد شہباز ، محمد یاسر ، محمد سیف ، شیخ عمران سنائیں گے ۔ بعد نماز مغرب نعتیہ محفل ، بعد نماز عشاء بھی آثار مبارک کی زیارت کروائی جائے گی ۔۔

جلسہ مقابلہ نعت
بہ سلسلہ یاد فاضلؒ و عاقلؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : زیر نگرانی مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ 22 دسمبر بعد نماز عشاء 9 بجے شب جلسہ مقابلہ نعتیہ مقرر ہے ۔ مولانا عاقلؒ و جمیع شعراء کرام کی لکھی ہوئی نعتوں پر مقابلہ ہوگا ، جس میں ( عمر 10 تا 22 سال ) مقابلہ ایوان فاضلؒ و عاقلؒ حسامیہ منزل پنجہ شاہ میں مقرر ہے ۔ تفصیلات کے لیے 9000001024 پر ربط کریں ۔ انعامات کے علاوہ علامہ فاضل ایوارڈ سند دیا جائے گا ۔ 9 بجے شب سے قبل اپنے نام درج کروائیں ۔۔

قرات و اذان کی مفت تربیت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : جامع مسجد اللہ بنڈہ منگل ہاٹ میں روزانہ بعد نماز فجر تا 8 بجے صبح قرات اور اذان کی مفت تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ مولانا محمد نصیر الدین تربیت دیں گے ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : بہ تقاریب عرس شریف حضرت سید شاہ اکبر محمد محمد الحسینی قبلہؒ پیر و مرشد حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی قبلہؒ 22 دسمبر جمعرات بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ بیرون غازی بنڈہ مراسم صندل و مالی انجام دینگے اور محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 23 دسمبر 8-30 بجے صبح ختم قرآن مجید اور فاتحہ قل ادا کی جائیگی ۔ تمام مراسم و صندل و مالی سجادہ نشین و متولی آستانہ عالیہ انجام دیں گے ۔۔

یاقوت پورہ میں جشن رحمتہ للعالمینؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : میلاد کمیٹی یاقوت پورہ کی جانب سے جشن رحمتہ للعالمینؐ یاقوت پورہ بڑا بازار میں 24 دسمبر کو بعد نماز عشاء زیر نگرانی مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری صدر کل ہند سنی علماء بورڈ مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی مفتی انصر حسین اشرفی مصباحی (بہار ) کے علاوہ جناب محمد مجید اللہ خاں فرحت صدر مجلس بچاؤ تحریک ہوں گے ۔۔

 

جلسہ عید میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( راست ) : بڑا بازار یاقوت پورہ میں 22 دسمبر کو بعد نماز عشاء مولانا سید شاہ آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ کی نگرانی میں جلسہ عید میلاد النبیؐ مقرر ہے ۔ اس موقع پر مولانا سید شاہ عبداللہ قادری ، مولانا حافظ سید محمد شاہ قادری ملتانی شاہ ، مولانا سید بلال قادری ، مولانا شیخ ہاشم قادری اور دیگر کے خطبات ہوں گے ۔ حافظ و قاری عامر خاں قادری کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ نعت شریف مسرس سید عمران مصطفی عطاری اور محمد رضوان قادری پیش کریں گے ۔ نظامت کے فرائض جناب سید عظیم حسینی قادری انجام دیں گے ۔۔