مذہبی خبریں

مساجد اللہ کی نشانیاں ، حفاظت تمام مسلمانوں پر فرض
متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی کا شہادت بابری مسجد پر احتجاجی جلسہ ، سرکردہ خواتین کا خطاب
حیدرآباد /7 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی ( برائے خواتین ) کی جانب سے خواتین و طالبات کیلئے ایک جلسہ احتجاج بعنوان ’’ یوم شہادت بابری مسجد ‘‘ 7 ڈسمبر 11 بجے دن سلامہ کانفرنس ہال پرانی حویلی پر منعقد ہوا ۔ محترمہ رقیہ فرزانہ نمائندہ جمعیت اہل حدیث کے درس قرآن کے ساتھ جلسہ احتجاج کا آغاز ہوا ۔ انہوں نے سورہ توبہ کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسجدیں اللہ کی نشانیاں ہیں ۔ اس کی حفاظت تمام مسلمانوں پر فرض ہے اور مسجد کی رکھوالی کرنے والے ایمان والے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مسجد کو آباد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب مسجدیں آباد ہوں گی تو دشمن کی کیا مجال ہے کہ اس کو نقصان پہونچاسکیں ۔ غاصبانہ طریقہ سے اگر دشمنان اسلام ہم سے ہماری مساجد چھین لیں تو ہم کو پورا حق ہے کہ اپنے حق کیلئے ڈٹے رہیں اور اس وقت تک اپنی کوشش کو جاری رکھیں جب تک کہ ہمارا حق ہمیں نہ مل جائے ۔ ڈاکٹر تسنیم احمد رکن عاملہ متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ہجرت کے فوراً بعد سب سے پہلا کام جو کیا وہ مسجد کی تعمیر تھا ۔ مسجدیں صرف نماز کیلئے نہیں بلکہ یہ ایک مجلس ، ایک یونیورسٹی ، ایک اسمبلی تھی جہاں مجلس شوری اور انتظامیہ کے اجلاس منعقد ہوتے تھے ۔ محترمہ میمونہ سلطانہ رکن عاملہ متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی نے کہا کہ مسجد میں جاکر مخلوق کا تعلق خالق سے مضبوط ہوتا ہے ۔ مسجد تقوی کی بنیاد پر بنائی جاتی ہے ۔ محترمہ تہنیت اطہر رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا کہ مائیں صرف دنیاوی معاملات میں مردوں کے قدم سے قدم نہ ملائیں بلکہ دینی و ملی امور میں بھی مردوں کے قدم سے قدم ملاکر اپنی نسلوں کو اسلامی تربیت و اخلاق سے آراستہ کریں ۔ اپنے بچوں کو انبیاء صدیقین ، شہدا اور اسلاف کی تعلیمات سے واقف کروائیں اور صبر و استقامت کے ساتھ انہیں ایثار و قربانی کی راہ پر گامزن ہونے کی تلقین کریں ۔ پروفیسر جمیل النساء نے کہا کہ آج 22 سال گذر جانے کے باوجود بھی ہمارا بھروسہ اللہ رب العالمین پر ہے کہ ایک نہ ایک دن ہمیں انصاف ملے گا اور بابری مسجد کو ہم دوبارہ حاصل کرلیں گے ۔ لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ بابری مسجد کے اس سانحہ کو زندہ رکھنے اور انصاف کے حصول کیلئے ہمیں ایک طویل مدتی جدوجہد کو جاری رکھنا ہے ۔ آنے والی نسلوں کو تاریخ بابری مسجد سے واقف کروانا ہے ۔ ڈاکٹر عائشہ جبین رکن عاملہ متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی نے کہا کہ ارباب حکومت اور دیگر اقوام کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ مسجد کی تعمیر کے اصول ہیں ۔ سب سے پہلے تو یہ کہ ناجائز جگہ پر مسجد نہیں بنائی جاتی ، دوسرے یہ کہ بلا معاوضہ ادا کئے کہ مسجد نہیں بنائی جاتی ۔ یہ انگریزوں کی شرانگیزی تھی کہ ہندوستان چھوڑنے سے قبل انہوں نے ہندوؤں اور مسلمانوں میں بابری مسجد کے مسئلہ کو چھیڑ کر ہندوؤں کو اکسایا اور اس ملک میں فرقہ پرستی کو ہوا دی ۔ ڈاکٹر اسماء زہرہ رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا کہ جس وقت بابری مسجد شہید ہوئی کئی مخلصین اس کی بازیابی اور انصاف کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ۔ کئی کمیٹیاں بنیں ۔ مگر آج وہ کمیٹیاں کہاں ہیں ؟ کیا اس کے پیچھے اخلاص تھا ۔ ہماری ملت کے مسائل کا استحصال کیا گیا ۔ بابری مسجد کا سہارا لیکر دنیاوی فائدے اٹھائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجدکی شہادت ایک ظلم ہے ۔ بابری مسجد گرا کر ایک قوم کو اپنی فتح کا احساس دلانا ہی دشمنان اسلام کا مقصد تھا ۔ مخالف طاقتیں ہم کو گمراہ کرنے اور سلانے میں کامیاب ہوگئے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم میں اتحاد ہو ، اتفاق ہو ہم کو حق و باطل کے فرق کو اچھی طرح سمجھانا ہے ۔ توجہ کی ضرورت ہے ۔ غور و فکر کی ضرورت ہے ۔ تبھی ہم اپنی مسجد کو دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ خواتین و طالبات کی کثیر تعداد اس جلسہ احتجاج میں شریک تھیں ۔

مسجد سے دل لگانا جنت کی ضمانت
بابری مسجد شہادت پر احتجاجی جلسہ ، مولانا نصیرالدین ودیگر کا خطاب
حیدرآباد /7 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) مولانا نصیر الدین ناظم وحدت اسلامی تلنگانہ نے بابری مسجد کی شہادت کی یاد میں وحدت اسلامی کی جانب سے مسجد اجالے شاہ صاحبؒ سعیدآباد میں منعقدہ ایک ا حتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین پر اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ جگہ مساجد ہیں ۔ مسجد کی جانب چلنا نیکی اس میں بیٹھنا عبادت اور اس سے دل لگانا جنت کی ضمانت ہے ۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ مساجد سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں ۔ بابری مسجد کی جدوجہد کیلئے اللہ کے سوا ہر خوف کو دل سے نکال دینا بھی ضروری ہے ۔ تحریک مسلم شبان کے صدر جناب محمد مشتاق ملک نے مسلمانوں کو احتساب پر زور دیا اور کہا کہ حصول جنت ہمارا اصل مقصد ہے ۔ اس کیلئے ہم جان بھی دے سکتے ہیں ۔ شیخ سیف اللہ خالد اور مولانا رفیق رشادی نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ظہر اندرا پارک پر دھرنا کا اہتمام کیا گیا جہاں مقررین نے بابری مسجد کی شہادت کو دستور اور جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا اور مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کا مطالبہ کیا ۔ اس دھرنا میں شرکت کرنے والوں میں مسرس حامد محمد خان ، مشتاق ملک ، طارق قادری ، منیرالدین مجاہد ، ڈاکٹر عبدالحمید مخدومی ، حامد حسین شطاری کے علاوہ انقلابی لیڈر ورا ورا راؤ ، دلت قائدین برام ابھینو ٹی سندھیا ، داس رام نائیک ، پروفیسر سوریا ، نانک سنگھ نشتر بی لکشمیا ، پروفیسر کاسم ، نارائن راؤ این کرشنا ، درگا پرساد اور دیگر کئی دلت تنظیموں کے قائدین نے شرکت اور مخاطب کیا۔ پرجا کلا منڈلی کا گروپ بطور خاص ورنگل سے پہونچا اور اپنے مخصوص انداز میں ہندو فاشزم کے خلاف اور انصاف و مساوات کے حق میں ترانے پیش کئے ۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ /7 ڈسمبر (راست) عرس شریف شاہ محمد سعداللہ نقشبندیؒ درگاہ حضرت ممدوح واقع مسجد طور قاضی پورہ میں /8 اور /9 ڈسمبر کو مقرر ہے ۔ /8 ڈسمبر بروز جمعرات بعد نماز مغرب صندل گلشن رؤف النساء بیگم منڈی میرعالم سے برآمد ہوکر مسجد طور پہنچے گا ۔ تلاوت قرآن پاک ، قصیدہ بردہ شریف ، مراسم صندل مالی ، سلام فاتحہ خوانی بعد عشاء وعظ و محفل نعت /9 ڈسمبر بروز جمعہ بعد نماز فجر تلاوت قرآن پاک بردہ شریف سلام فاتحہ دعا بمقام گلشن رؤف النساء بیگم منڈی میرعالم مقرر ہے ۔ مراسم عرس شریف سجادہ و متولی انجام دیں گے ۔
٭٭ حضرت خواجہ سید امیر الدین شاہ چشتی مرزائی قلندری آغا پورہ اندرون درگاہ حضرت سردار بیگؒ میں /8 ، /9 اور /10 ڈسمبر کو مقرر ہے ۔ /8 ڈسمبر کو صندل شریف 8 بجے شب درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ صاحب قبلہ سے برآمد ہوگا ۔ 11 بجے شب صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ /9 ڈسمبر کو چراغاں میں محفل سماع ہوگی ۔ /10 ڈسمبر کو ختم شریف کی مجلس ہوگی اور /10 بجے تا ایک بجے دن محفل سماع ہوگی ۔
٭٭ عرس شریف حضرت حسن عبدالقادر عارف شرف الدینؒ واقع جل پلی میں /8 اور /9 اور /10 ربیع الاول کو مقرر ہے ۔ /8 ربیع الاول کو  غسل شریف 9 ربیع الاول کو صندل شریف بعد نماز عصر قیامگاہ جناب ناصر علی بیگ قادری واقع اچھی ریڈی نگر فلک نما سے برآمد ہوکر جل پلی پہنچے گا ۔ /10 ربیع الاول کو چراغاں ہوں گے ۔

جلسہ فیضان غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ /7 ڈسمبر (راست) الگیلانی عالمی سوسائیٹی کے زیراہتمام 341 واں ماہانہ جلسہ فیضان حضرت سیدنا غوث اعظمؒ /8 ڈسمبر بروز جمعرات کو بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ نگرانی واصف احمد علوی کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا سید شاہ محمد ملتانی مخاطب کریں گے ۔

سیرت النبیؐ کوئیز مقابلہ
حیدرآباد ۔ /7 ڈسمبر (راست) ینگ مینس مسلم اسوسی ایشن کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی اسکولی طلباء و طالبات کیلئے سیرت النبیؐ کوئیز مقابلہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ بروز  ہفتہ /10 ڈسمبر کو سینٹ جیانس اسکول قریشی لین یاقوت پورہ اس کوئیز مقابلہ کیلئے سو سوالات و جوابات پر ایک کتابچہ تیار کیا گیا ہے  جو مفت دیا جائے گا ۔ مزيد تفصیلات 7675992699 پر ربط کریں۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ /7 ڈسمبر (راست) مولانا سید عباد بن ذکی کی اطلاع کے بموجب /8 ڈسمبر بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیرصدارت محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مفتی محمد مکرم محی الدین و مفتی محمد مجیب الدین مخاطب کریں گے ۔

 

شرفیہ قرات اکیڈیمی کا ریاستی مسابقت حسن قرات قرآن کریم
حیدرآباد /7 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) سکریٹری شرفیہ قرآن اکیڈیمی قاری محمد ظہیر الدین کی اطلاع کے بموجب سید الکونین سیدنا محمد مصطفی ﷺ کے ولادت باسعادت کی مناسبت سے اکیڈیمی کے زیر اہتمام پانچواں سالانہ دو روزہ ریاستی مسابقہ حسن قرآت قرآن کریم کا ۔ مسابقے 10 اور 11 ڈسمبر کو آفیسرس میس ، نیو ملک پیٹ پر منعقد ہوں گے ۔ 10 ڈسمبر کو طالبات و خواتین کے لئے جبکہ 11 ڈسمبر کو طلباء مرد حضرات کے مسابقے ہوں گے ۔ اس جملہ چار گروپ رکھے گئے ہیں۔ مرد قرائے کرام کیلئے دو گروپ جونئیر اور سینئیر اور خواتین کیلئے بھی دو گروپ جونئیر اور سینئیر رہیں گے جونئیر گروپ لڑکوں کیلئے 7 تا 15 سال تک کے قرائے کرام کو مشقیہ رکوع تلاوت کرنے کی اجازت ہوگی ۔ سینئیر گرپو مردوں کیلئے 16 تا 35 سال تک کے قرائے کرام ، اس گروپ کے قرائے کرام کو قرعہ اندازی کا رکوع تلاوت کرنا ہوگا ۔ جونئیر گروپ لڑکیوں کیلئے 7 تا 13 سال تک کی قاریاتجبکہ سینئیر گروپ خواتین کیلئے 14 سے 40 سال تک کی قاریات حصہ لے سکتی ہیں ۔ ان دونوں گروپوں کی قاریات کو اپنا مشقیہ رکوع تلاوت کرنے کی اجازت ہوگی ۔ ہر گروپ میں انعام اول ، دوم اور سوم آنے والے قاری / قاریہ کو بالتریب گولڈ سلور اور براؤنز میڈل معہ کیسہ زر دئے جائیں گے ۔ مسابقہ کے فارم دونوں دن آفیسرس میس ، گرورنمنٹ پرنٹنگ پریس روڈ نیو ملک پیٹ پر بعد نماز فجر سے دستیاب رہیں گے صبح 8 تا 11 بجے تک تمام قرائے کرام کو فارم داخل کرنا ضروری ہوگا ۔ اس کے بعد فارم نہیں لئے جائیںگے ۔ ہر شرکتی قاری / قاریہ کو فارم کے ساتھ عمر کا صداقت نامہ داخل کرنا ضروری ہوگا ۔ ہر قاری اور طالبہ کو فارم پر فوٹو لگانا ضروری ہوگا لیکن بالغ لڑکیوں اور خواتین کیلئے فوٹو کا لزوم نہیں ہے۔ تمام قرائے کرام کیلئے داخلہ مفت رہے گا ۔ ریاست تلنگانہ کے تمام دینی مدارس اور جامعات بالخصوص عصری اسکول و کالج کے ذمہ داروں سے گذارش ہے کہ وہ اپنے طلبہ و طالبات کو اس مقدس مسابقہ حسن قرات قرآن کریم میں شرکت کی ترغیب دیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے اکیڈیمی کے صدر قاری محمد نصیرالدین المنشاوی اور سکریٹری قاری محمد ظہیرالدین سے فون نمبرات 9393072196/ 9849024785 پر ربط کریں ۔

جلسہ میلادالنبی ﷺ
٭٭     کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ میلادالنبی ﷺ 8 ڈسمبر بروز جمعرات بعد نماز عشاء بڑا بازار موسی رام باغ ٹی وی ٹاور زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری منعقد ہوگا ۔ حافظ شیخ یسین قادری کی قرات کلام پاک ہوگی ۔ جناب سید مجاہد ملتانی ، جناب سید حسین قادری ، جناب علی بن محمد جناب سالم بن محمد جناب عبداللہ بن عمر نعت پاک سنانے کی سعادت حاصل کرینگے ۔ مولانا سید عبدالواسع نقشبندی و چشتی ، مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ قادری ، مولانا محمد باقر علی صدیقی و قاری ، جناب محمد بن علی چشتی جناب محمد نوید بیابانی الرفاعی میلادالنبی ﷺ سے خطابات کریں گے ۔

 

جلسہ ہائے جشن میلاد النبیﷺ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام 8 دسمبر بعد نماز مغرب مسجد نعمت اللہ خاں عالی میر کا دائرہ گولی پورہ میں جشن عید میلاد النبیﷺ سید شاہ حامد حسین شطاری کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ، مفتی عبدالواسع احمد صوفی ، مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی ، مولانا سید یوسف الدین بغدادی ، حافظ غوث عادل مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭    ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام جشن میلاد النبیؐ 8 دسمبر مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ مولانا حسن محمد نقشبندی خطاب کریں گے ۔۔
٭٭    مرکزی تنظیم اہل سنت و جماعت عنبر پیٹ کے زیر اہتمام جلسہ جشن عید میلاد النبیؐ 8 دسمبر مغرب تا عشاء مسجد ابراہیمیہ پٹیل نگر عنبر پیٹ میں مقرر ہے ۔ نگرانی مولوی سید شاہ محمد فیض الدین قریشی قادری کریں گے ۔ جلسہ سے مولانا محمد خاں بیابانی اور مولانا سید شاہ عبداللہ قادری مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭    جلسہ میلاد النبیؐ زیر صدارت مولانا غلام احمد نقشبندی قادری زیر نگرانی امیر محمد اصغر ، مسجدکوکہ ٹٹی میں 8 دسمبر کو بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ مہمانان خصوصی مولانا محمد بدر جمال رضوی قادری ، مولوی محمد معین خلیلی نظامی ہوں گے ۔۔
٭٭    جشن آمد رسول ﷺ اندرون بارگاہ حضرت سید عبداللہ شاہ قادری 8 دسمبر کو حق چمن شاہ علی بنڈہ میں زیر نگرانی محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ محفل درود شریف و ذکر جہری بعد عشاء جلسہ کا آغاز حافظ محمد ابوالحسن شاہ قادری کی قرات کلام پاک حافظ محمد عزت اللہ شاہ قادری کی نعت و منقبت سے ہوگا ۔ مولانا ابوعمار عرفان اللہ شاہ نوری سیفی ، مصطفی بن حسین قادری ، سید اکبر محی الدین قادری ، محمد عبدالحمید رحمانی چشتی اس جلسہ کو مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭    خانقاہ آمریہ قلعہ گولکنڈہ میں 8 دسمبر کو بعد نماز عشاء جلسہ جشن عید میلاد مصطفیﷺ زیر نگرانی مولانا شیخ عبدالرحیم شاہ آمری قادری مقرر ہے ۔ مولانا الحاج شیخ عبدالکریم شاہ آمری قادری ، مولانا شیخ محبوب شاہ آمری قادری ، مولانا شیخ عبدالقادر آمری قادری کے خطابات ہونگے ۔۔
٭٭    جشن میلاد النبیؐ و ماہانہ فاتحہ حضرت سید محمد جیلانی قادری کلیمی 9 ربیع الاول بعد عشاء آستانہ قطب صاحب نزد لوہے کا چارمینار ہائی ٹیک سٹی میں مقرر ہے ۔ بعد عشاء حلقہ ذکر ، تبدیل غلاف مبارک دعا سلام ہوگا ۔ رات 9 بجے جشن میلاد النبیؐ سے مولانا سید عبدالقادر جیلانی ، مولانا محمد مہتاب چشتی مخاطب کریں گے ۔ مولانا سید محمد غوث قادری کلیمی نگرانی کریں گے ۔۔
٭٭    خانقاہ رفاعیہ درگاہ حضرت سید محمد احمد حسینی قادری الرفاعی میں 8 دسمبر کو مرکزی بزم انوار صوفیہ شاہ وللہی کے زیر اہتمام بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ شریف درگاہ حضرت سید محمد احمد حسینی قادری الرفاعی پر چادر گل و فاتحہ خوانی ہوگی ۔ بعد عشاء زیر صدارت مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری محفل نعت شریف منعقد ہوگی ۔۔
٭٭     بزم میلادالنبیؐ کے زیراہتمام جشن میلادالنبیؐ کا اجلاس 8 ڈسمبر بعد نماز مغرب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہیدؒ روپ لعل بازار میں منعقد ہوگا ۔ جس کی نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے۔ قاری محمد عبداللہ صوفیانی کی قرأت کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوگا مولانا حامد حسین حسان فاروقی کا خطاب ہوگا ۔۔
جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام خواتین و طالبات کے لیے جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ 9 دسمبر بروز جمعہ صبح 10 تا 2 بجے دن اویس فنکشن ہال مغل پورہ نزد والٹا ہوٹل زیر نگرانی محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنطیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی محترمہ انیس عائشہ ( صدر تنظیم نسواں تعمیر ملت ) ، محترمہ سیدہ اصفیہ ( محل مبارک سید محمد حامد قادری ) ، محترمہ حامدی بیگم ( صدر انجمن خواتین ) ، محترمہ سیدہ صفیہ ( محل مبارک سید قبول پاشاہ شطاری ) ، محترمہ سیدہ اقبال النساء ( محل مبارک سید شاہ مظہر الحق قادری ، محترمہ سیدہ ام الاتقیا۔ اس جلسہ کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محترمہ فضل النساء حمد باری تعالی اور محترمہ عفیفہ صوفی ، محترمہ ممتاز بیگم ، سیدہ میمونہ بیگم نعت شریف پیش کریں گے ۔ اور محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر مدرسہ بنات الحرم ، محترمہ پروفیسر اشرف رفیع ( سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی ) محترمہ زینت زبیری رکن عاملہ تنظیم بنت حرم ، ڈاکٹر جوہر جہاں ، محترمہ سیدہ زینت سلطانہ و محترمہ شاکرہ کوثر معلمات مدرسہ بنات الحرم خواتین و طالبات کو مخاطب کریں گی ۔ جمعہ کا دن ہونے کی وجہ سے جلسہ وقت پر شروع ہوگا ۔۔
٭٭    جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 8 دسمبر 5 بجے عصر تا مغرب جشن میلاد النبیؐ کی دوسری محفل مفتیہ رضوانہ زرین کی صدارت میں منعقد ہے ۔ قرات و نعت شریف کے بعد مفتیہ عطیہ خلیل بعنوان ’ نگاہ عشق و مستی میں وہی اول وہی آخر ‘ خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

 

جلسہ میلاد
٭٭    جلسہ میلاد النبیؐ زیر نگرانی مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ 8 دسمبر کو 9-30 بجے شب ایوان فاضل و عاقل بمکان مولانا عاقل حسامیہ منزل پنجہ شاہ میں مقرر ہے۔ مولانا شیخ طاہر حسامی کا بیان ہوگا اور نگران جلسہ کا بھی خطاب ہوگا ۔۔
٭٭    جلسہ میلاد النبیؐ 8 دسمبر بعد نماز مغرب جامعہ حنفیہ جلال بابا نگر 9 نمبر راجندر نگر میں بصدارت مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی منعقد ہے ۔ مولانا محمد عبدالقدیر کا خطاب ہوگا ۔۔

تلنگانہ نالج ٹسٹ برائے اسکولی طلبہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : اسکول میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کے لیے تلنگانہ نالج ٹسٹ پہلی جماعت تا دسویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے رکھا گیا ہے ۔ اس کے لیے ریاست تلنگانہ کی معلومات کی کتاب بھی تیار کی گئی ہے اور ہر کلاس کا پرچہ الگ الگ رہے گا اور ہر شریک طالب علم کو سرٹیفیکٹ اور میڈل دیا جائے گا ۔ اس کے لیے اسکولس کو تفصیلات روانہ کی گئی ۔ اس کی مزید معلومات کے لیے دفتر حمایت نگر آئی سی آئی سی بینک بالائی منزل روبرو تلگو اکیڈیمی فون 8801577284 پر ربط کرسکتے ہیں ۔۔

دینی مدارس میں اردو امتحانات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( راست ) : عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کی سرپرستی میں اردو دانی ، زبان دانی ، اردو انشاء کے امتحانات جنوری 2017 کے آخری اتوار کو حسب ذیل دینی مراکز میں منعقد ہورہے ہیں ۔ مدرسہ مدینتہ الرسول وٹے پلی فاطمہ نگر ، مدرسہ فرزانہ اعجاز وٹے پلی اکبر کالونی ، مدرسہ تعلیم القرآن نسواں فاطمہ نگر ، مدرسہ تعلیم القرآن نسواں حمال واڑی علی آباد ، مدرسہ تعلیم القرآن بیرون علی آباد ، مدرسہ عربیہ لتحفیظ القرآن الکریم مسجد دعوت الاسلام ہمت پورہ ، مدرسہ تعلیم القرآن نسواں ہمت پورہ ، اردو تعلیم سے ناواقف طلباء وطالبات و خواتین ، ہوٹلوں اور دکانات میں کام کرنے والے ورکرس کے لیے مفت اردو تعلیم اور کتابوں کی مفت تقسیم کا انتظام ہے ۔ سکریٹری تعلیم القرآن ایجوکیشنل سوسائٹی مولوی سید احمد حسین سے مکان نمبر 18-5-600 بیرون علی آباد فون 9248876827 پر ربط کریں ۔۔

 

کل ہند مجلس تعمیر ملت کا جلسہ یوم رحمۃ للعالمینﷺ
12  دسمبر کو نظام کالج گراونڈ پر مقرر ، علماء و دانشوروں کی شرکت و مخاطبت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : کل ہند مجلس تعمیرملت کے زیر اہتمام حسب سالہائے گذشتہ سال حال67 ویں یوم رحمتہ للعٰلمینؐ کاانعقاد 12 ربیع الاول 12 دسمبر بروز جمعرات نظام کالج گراونڈ پر صبح 9بجے سے عمل میں آئے گا اور یوم صحابہ ؓ 13 دسمبر بروز منگل شب آٹھ بجے چنچل گوڑہ جونیئر کالج پر منعقد ہوگا۔ تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے معتمد عمومی تعمیرملت عمر احمد شفیق نے کہا کہ مجلس استقبالیہ نے ان تاریخی پروگرامس کو قطعیت دے دی ہے ۔ان عظیم الشان جلسوں کی نگرانی جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کارگذارصدر کل ہند مجلس تعمیرملت کریں گے اور ملت اسلامیہ کے علماء کرام دانشور اصحاب ومقررین شرف تخاطب حاصل کریں گے وسیع وعریض نظام کالج گراونڈ اور چنچل گوڑہ جونیئر کالج پرہزارہا اصحاب وخواتین کے بیٹھنے کیلئے انتظات کئے جارہے ہیں۔ معتمد تنظیم نے مزید بتایا کہ کل ہند مجلس تعمیرملت کی جانب سے منائے جانے والے جلسہ یوم رحمتہ للعٰلمینؐ ویوم صحابہ ؓ صرف ہمارے ملک ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ برصغیر میںشہرت کے حامل ہیں۔ ان جلسوں کا نظم وضبط تقدس اور احترام بھی اپنی مثال آپ ہے۔ اس پلیٹ فارم سے دانشوراصحاب قرآن وسیرت کی روشنی میں حالات حاضرہ کے پیش نظر پیام دیتے ہیں۔ ختم الرسل مولائے کل ؐسے محبت اور وابستگی کو گہرے سے گہرا کرنے کی ہر ممکن کا میاب کوشیش کی جاتی ہے۔ صحابہؓ او رصحابیاتؓ کی مبارک اور مہتم بالشان زندگیوں اور اسلام کیلئے بے مثل خدمات اور رحمتہ للعٰلمینؐ سے محبت آپ پر ایثار وقربانی پر مشتمل سیرت کو پیش کیاجاتا ہے۔ مجلس استقبالیہ کے صدر نواب احمد عالم خاں ہیں جبکہ نائب صدور میں ڈاکٹر محمد مشتاق علی ‘ یم ڈی‘جناب محمد خلیق الرحمن ‘جناب مرزانثار احمد بیگ‘ جناب واجد علی کامل‘ہیں اور جناب خواجہ فرید شرفی ‘جناب رضی الدین راشد نائب معتمد استقبالیہ ہیں سال حال ایک دیدہ زیب سوونیرکی اشاعت عمل میں لائی جارہی ہے ۔ گرانقدر عطیات کیلئے کوپن بکس بھی جاری کئے گئے ہیں تعمیرملت کے دفتر واقع مدینہ منشن میں گیارہ بجے دن سے 4 بجے شام تک جمع کراسکتے ہیں یا پھر فون نمبرس24755230′ 9700228879 پراطلاع دیں تو کارکن آپ کے دیئے ہوئے پتہ پر بہ اخذ رسید عطیہ وصول کرینگے ۔

محمدی لائن میں کل مرکزی جلسہ جشن رحمتہ للعالمینﷺ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( راست ) : محمد غوث قادری ایم جے پی صدر مرکزی سیرت کمیٹی سکنڈ لانسر ، محمدی لائن کی اطلاع کے بموجب مرکزی سیرت کمیٹی سکنڈ لانسر ، محمدی لائن کے زیراہتمام سالانہ جلسہ رحمۃ للعالمین ﷺ /9 ڈسمبر /9 ربیع الاول بروز جمعہ بعد نماز عشاء سکنڈ لانسر محمدی لائن میں مقرر ہے ۔ سرپرستی مولانا سید محمد حمیدالدین حسینی قادری شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک ، مولانا سید درویش محی الدین مرتضی پاشاہ قادری ، مولانا سید اولیاء حسینی المعروف مرتضی پاشاہ قاری کریں گے ۔ اس جلسہ میں بیرون عالم دین مولانا محمد عبیداللہ خاں اعظمی (یو پی) ، مولانا عرفان قادری کے علاوہ مقامی علماء کرام مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز شرفی قادری ، مولانا حسان فاروقی ، مولانا مفتی ذاکر حسین نوری قادری ، مولانا محمد مستان علی قادری ، مولانا سید متین علی شاہ قادری ، مولانا مفتی عبدالواسع احمد صوفی کے خطابات ہوں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا شیخ شاہ محمد تاج الدین جنیدی گلبرگہ ، ڈاکٹر شیخ شاہ محمد افضل الدین جنیدی گلبرگہ ، حافظ و قاری سید محمد عبدالقادر جیلانی ، مولانا رضوان پاشاہ قادری شرکت کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد محبوب قادری کی قرات اور جناب راشد عبدالرزاق میمن کے علاوہ یوسف خاں اعجاز ، محمد آصف رضا ، محمد سلمان قادری کی نعت شریف سے ہوگا ۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالعزیز قادری انجام دیں گے ۔۔

 

سیرت النبیؐ و قرآنی کوئیز مقابلے
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( راست ) : بزم خواتین کے زیر نگرانی بسلسلہ جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ سیرت النبیؐ و قرآنی کوئیز مقابلے زیر نگرانی محترمہ محمودہ علی بن صلاح و محترمہ فیض النساء طاہر رضوی 10 دسمبر کو دس بجے سے مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی پر منعقد ہوں گے ۔ جس میں اسکول گروپ طلباء وطالبات کے لیے ( سیرت النبیؐ کوئیز ) ، جونیر کالج گروپ طالبات کے لیے ( سیرت النبیؐ کوئیز ) ، ڈگری کالج و پوسٹ ڈگری کالجس کے لیے ( قرآنی معلومات پر کوئیز ) ، خواتین گروپ ( قرآنی معلومات پر کوئیز ) حصہ لے سکتے ہیں ۔ ہر اسکول / کالج سے صرف ایک ٹیم ( دو طلبہ ) اپنے کالج / اسکولس سرٹیفیکٹس کے ساتھ اپنے نام حسب ذیل نمبرس پر درج کروائیں ۔ اول / دوم آنے والی ٹیم انعامات کی مستحق ہوگی ۔ اول آنے والی ٹیم کے اسکول / کالج کے لیے ٹرافی دی جائے گی ۔ تمام شریک مقابلہ کو سرٹیفیکٹ دئیے جائیں گے ۔ انعامات کی تقسیم 26 دسمبر کو جلسہ رحمتہ للعالمینؐ کے موقعہ پر انوارالعلوم کالج میں دئیے جائیں گے ۔ پروفیسر اشرف رفیع و محترمہ عقیلہ خاموشی رکن پرسنل لا بورڈ مبصر رہیں گے ۔ انچارج محترمہ جہاندار ڈاکٹر جمال الدین سے فون 040-23316422 ۔ 23235226 پر ربط کریں ۔۔

 
جلسہ سیرت النبیؐ
٭٭    مسجد قطب شاہی ایک خانہ بہادر پورہ بعد نماز عشاء بروز جمعرات 8 دسمبر جلسہ سیرت النبیؐ و تحفظ شریعت پر جلسہ منعقد ہوگا ۔ صدارتی سید احمد پاشاہ قادری کریں گے ۔ علماء کرام ، مشائخ عظام مخاطب کریں گے ۔ جس میں قابل ذکر جناب حامد محمد خاں ، جناب حسام الدین جعفر پاشاہ ، جناب عبدالقادر قادری المعروف وحید پاشاہ مخاطب کریں گے ۔ اس جلسہ کے نگرانی جناب غلام صمدانی علی قادری صدر سیرت اکیڈیمی ہوں گے ۔۔