مذہبی خبریں

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 10 نومبر بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

حلقہ ذکر جہری
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : شاخ خانقاہ نوریہ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں جمعرات کو بعد نماز عشاء حلقہ ذکر جہری مقرر ہے ۔ مولانا محمد ابرار اللہ شاہ نوری اور مولانا محمد سلطان علی شاہ نوری کا خطاب ہوگا ۔۔

سالانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : نبیرہ قطب زمن شاہ شرفی و جانشین حضرت غوث شرفیؒ و تاج شرفیؒ حضرت سید شاہ حامد الدین حسینی رضوی قادری شرفیؒ کی سالانہ فاتحہ شریف 9 صفر جمعرات شرفی چمن سبزی منڈی قدیم مقرر ہے ۔ بعد عصر ختم قرآن بعد مغرب صندل مالی ، محفل نعت و قصیدہ بردہ شریف ہوگی ۔ بعد عشاء طرحی مشاعرہ منقبتی ڈاکٹر سید حمید الدین شرفی جانشین تاج العرفاءؒ کی سرپرستی میں ہوگا۔ حضرت سید شاہ عبدالحفیظ شرفی مدنی صدارت کریں گے اور حضرت سید شاہ رفیع الدین شرفی جانشین حضرت علیم شرفی نگرانی کریں گے ۔ خلف و جانشین حضرت سید شاہ کاظم الدین حسینی رضوی قادری شرفی مراسم عرس انجام دیں گے ۔۔

تربیتی اجتماع برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام بروز جمعرات بعد نماز عصر تالاب کٹہ بھوانی نگر مدرستہ العطیہ للبنات میں دینی و تربیتی اجتماع برائے خواتین منعقد ہوگا ۔ مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری سرپرستی کریں گے ۔ قرات کلام پاک و نعت شریف کے بعد حافظہ غوثیہ حفصہ ، حافظہ ثنا جویریہ ، حافظہ ثریہ فاطمہ کے خطابات ہوں گے ۔۔

آج محفل نعت شہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 9 نومبر ۔ ( راست ) مرزا عثمان بیگ کی اطلاع کے بموجب بزم ریاض مدینہ کے زیراہتمام زیرسرپرستی حبیب عمر بن عبداللہ العطاس المعروف حبیب فاروق العطاس 10 نومبر بروز جمعرات بعد نماز عشاء مرزا کریم بیگ کی رہائش گاہ (آمنہ گلشن) واقع وجودی نگر ، فاروق نگر( نزد پیلی درگاہ) بارکس ماہانہ محفل نعت و منقبت منعقد ہوگی ۔ شعراء کرام و نعت خواں حضرات نعت شریف و منقبت سنائیں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے حبیب عبدالرحمن بن حامد الحامد ، محسن بن عبداللہ قرموشی اور حبیب محمد بن عیدروس العطاس صدر ادارہ تعاون برائے بنی ہاشم بارکس و دیگر شرکت کریں گے ۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : حضرت مولائی مرشدی و سیدی حضرت خواجہ ابوالحامد شاہ محمد میر واحد علی شاہ خالدی چشتی القادری العیدروسیؒ کا عرس شریف 10 نومبر کو مقرر ہے ۔ صندل شریف حضرت کے مکان محبوب گلشن حسینی علم سے بعد نماز عصر برآمد ہوکر آستانہ خانقاہ واحدی چمن کشن باغ پہونچے گا ۔ محفل سماع کے بعد صندل کی رسم ادا کی جائے گی ۔ تمام رسم سجادہ انجام دینگے ۔۔

تقریری مسابقہ و جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : لجنتہ العلماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر اہتمام بین المدارس الاسلامیہ انعامی تقریری مسابقہ 10 نومبر کو صبح 9 تا 5 بجے آفیسرس میس فنکشن ہال ، ملک پیٹ میں منعقد ہوگا ۔ مسابقہ میں حصہ لینے کے خواہش مند طلبہ اپنے مدرسہ کے تعلیمی صداقت نامہ کے ساتھ صبح 8 بجے تک مقام مسابقہ پر تشریف لائیں اور اسی مقام پر بعد نماز عشاء عمومی جلسہ منعقد ہوگا اور طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ جلسہ کی صدارت مولانا شاہ جمال الرحمن مظاہری کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا امیر اللہ خاں اور مولانا محمد بن عبدالرحیم بانعیم المظاہری خطاب کرینگے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی کے بموجب 10 نومبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا سید احمد ومیض ندوی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

 

قرات مقابلے
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر میلاد قرات کلا پاک مقابلہ 13 نومبر صبح 10 بجے لڑکوں کے لیے جامع مسجد افضل گنج 2 بجے دن لڑکیوں کے لیے زین فنکشن ہال تالاب کٹہ میر جملہ منعقد ہوں گے ۔ میلاد حسن نعت پاک مقابلہ 20 نومبر اتوار صبح دس بجے لڑکوں کے لیے جامع مسجد افضل گنج اور 2 بجے دن زین فنکشن ہال تالاب کٹہ میں منعقد ہوگا ۔ 12 سال تا 18 سال کی عمر والے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے سکتے ہیں ۔۔

یتیم و غریب لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( راست ) : حافظ محمد عبدالغفار مجاہد القاسمی جنرل سکریٹری سویرا کے بموجب میلاد النبیؐ کے مبارک و مسعود موقع پر یتیم و غریب اور نادار لڑکیوں کی اجتماعی شادی انجام دی جارہی ہیں ۔ اب تک 13 غریب و مستحق لڑکیوں کی اجتماعی شادی انجام دی جاچکی ہیں ۔ اس سال بھی توکلاعلی اللہ حسب سہولت و گنجائش 12 ربیع الاول کو چند لڑکیوں کا شادی کا ارادہ کرلیا گیا ہے ۔ یتیم و غریب اور مستحق امداد حضرات سے ذریعہ ہذا گزارش ہے کہ سوسائٹی کی خدمات سے استفادہ کریں مزید تفصیلات 18-7-423/7 روبرو صدیق ٹریڈرس ، نزد بھوانی نگر پولیس اسٹیشن کٹہ تالاب میر جملہ یاقوت پورہ ، حیدرآباد ۔ سے راست یا فون نمبرات 9440569250 ۔ 9700766235 پر ربط کریں ۔۔

 

’مسلم پرسنل لاء و دستورہنداورینٹیشن‘ پروگرام کا آج سے آغاز
خواتین کے لئے بھی علحدہ انتظام۔ رجسٹریشن جاری ۔مولانا احسن الحمومی
حیدرآباد۔/9 نومبر (پریس نوٹ) ’ مسلم پرسنل لاء و دستور ہند اورینٹیشن پروگرام کا کل سے آغاز ہوگا ۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں جمعرات سے شروع ہونے والے 20 روزہ پروگرام کے ضمن میں رجسٹریشن کا کام جاری ہے۔مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی خطیب شاہی مسجد باغ عامہ نے بتایا کہ ا س پروگرام میں دستور و قانون کے ماہرین اور دیگر شعبہ ہا ئے حیات سے تعلق رکھنے والوں کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ یہ پروگرام /10 تا /30 نومبر شاہی مسجد باغ عامہ میںشام 6 بجے تا8 بجے شب تک چلایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوص میں افتتاحی اجلاس /10 نومبر کو بعد نماز مغرب شاہی مسجد باغ عامہ سے متصل مولانا آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوگا ۔ مولانا حافظ شاہ محمد بن عبدالرحمن الحمومی نگرانی کریں گے جبکہ مولانا محسن بن محمد الحمومی صدر تنظیم فوکس و چیرمین گرین میڈوز گروپ اسکولس کا خصوصی خطاب ہوگا۔ مولانا مفتی سید شاہ صادق محی الدین فہیمؔصدر دارالقضاۃ و الافتاء للہند مہمان خصوصی ہوں گے۔ مولانا احسن الحمومی نے کہا کہ یہ محسوس کیا گیا ہے کہ بیشتر ہندستانی مسلمان دین اور دستور سے کماحقہ واقف نہیں ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر ہر مسلمان کو اپنے دین اور ملک کے دستور کے بنیادی پہلوؤں سے واقف ہونا ضروری ہے۔ ملت پر اثر انداز ہونے والی شخصیات کو اگر دینی معلومات کے ساتھ ساتھ دستور ہند اور مروجہ قوانین کے بارے میں جانکاری ہو تو وہ بہتر انداز میں مسائل کاحل پیش کرسکتے ہیں ۔ اس پروگرام کو مولانا مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر نائب مفتی جامعہ نظامیہ نے ڈیزائین کیا ہے۔اورینٹیشن پروگرام کے کورس کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ اس میں حصہ لینے والوں کوعائلی مسائل میں شریعت کے احکام اور قوانین ہند کا صحیح ادراک ہوجائے اور ملک کے معاشی حالات کے بارے میں بھی انہیں مناسب جانکاری حاصل ہوجائے ۔ پروگرام میں شرکت کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ جہاں ہمیں عائلی مسائل میں اسلام کے احکام اور ملکی قوانین سے واقفیت حاصل ہوگی وہیں ہمیں کامیاب ازدواجی زندگی گذارنے کا سلیقہ بھی آجائے گا۔ مولانا احسن بن محمد الحمومی نے بتایا کہ اس پروگرام میں دستور و قانون کے ماہرین اور دیگر شعبہ ہا ئے حیات سے تعلق رکھنے والوں بشمول جناب خواجہ طہور الدین اسسٹنٹ ڈائرکٹرمائنارٹیز اسٹڈی سرکل کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ خواتین کے لئے علحدہ انتظام رہے گا۔ ناموں کے اندراج اور دیگر تفصیلات کے لئے شاہی مسجد باغ عامہ سے رجوع ہوں یا ٹیلی فون نمبرات 9989579472 یا 9948835280 پربھی ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔