مذہبی خبریں

تحفظ شریعت پر کل جماعتی احتجاجی جلسہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( راست ) : الحاج شیخ یونس الدین کے بموجب ، منڈل قطب اللہ پور جمعیتہ علماء کے زیر اہتمام 4 نومبر کو 8 بجے شب عیدگاہ رحمانیہ نہرو نگر متصل رنگاریڈی کمان نزد آئی ڈی پی ایل بالا نگر میں زیر سرپرستی مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا زیر نگرانی مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی صدر جمعیتہ علماء ضلع میدک زیر صدارت حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء صدر تلنگانہ و آندھرا کل جماعتی احتجاجی جلسہ عام بعنوان تحفظ شریعت مقرر ہے ۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل المعروف جعفر پاشاہ ، مولانا سیف اللہ ، مولانا غیاث احمد رشادی ، مولانا مقصود احمد طاہر رحمانی ، مفتی محمد ابوبکر جابر قاسمی ، مولانا ابوبکر بن حقانی ، عمر احمد شفیق ، محمد اظہر الدین ، محمد غوث الدین ، غلام ربانی ، مولانا قاضی عبدالرحمن مخاطب کریں گے ۔۔

 

حجاج کرام کے اعزاز میں اتوار کو تہنیتی تقریب
حیدرآباد، 2نومبر ( یواین آئی ) حج کی ادائیگی اور روضہ نبوی ﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حجاج کرام کی واپسی پر ان کے اعزاز میں تہنیتی تقریب اتوار 6 نومبر کو 9:30بجے تا 1:00بجے دن عابڈز فنکشن ہال ‘ تلک روڈ ‘ حیدرآباد میں منعقد ہوگی جس کی صدارت اسپیشل آفیسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کریں گے ۔ ‘ حج سے واپسی کے بعد حجاج کرام کی ذمہ داری ‘ کے موضوع پر مولانا مفتی ابو بکر ‘مفتی سید امجد اور دیگر علمائے کرام تفصیلی بیان کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا انتظام ہے ۔ جمیع حجاج کرام سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ بعد اجتماع تقریب گاہ میں نماز ظہر کا انتظام رہے گا۔

 

جلسہ یاد حسینؓ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : انجمن ترقی اردو عظیم تر حیدرآباد کا 29 واں ادبی اجلاس بہ عنوان ’ یاد حسینؓ ‘ منعقد کیا گیا جس کی صدارت حضرت صادق نوید نے کی ۔ مہمان مقرر مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری نے کہا کہ سبط رسول اللہ حضرت حسین ابن علیؓ میدان کربلا میں باطل طاقتوں کے آگے سرجھکانے کے بجائے اپنا گھر بار لٹانے اور سرکٹا کر دین اسلام کو قیامت کے لیے سربلندی عطا کرنے کو ترجیح دی ۔ سانحہ کربلا کو وقوع پذیر ہوئے صدیاں گذر گئیں لیکن آج بھی اہل ایمان اپنے دلوں میں شہادت حسینؓ کو بسائے ہوئے ہیں ‘ ۔ صدر شہری انجمن محمد مسعود فضلی نے خیر مقدم کیا ۔ محفل کا آغاز قاری محمد یونس اطہر کی قرات کلام پاک سے ہوا جب کہ ظہیر الدین بابر نے حمد باری تعالی اور عبدالرزاق جنیدی پرواز نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ شاعر تشکیل انور رزاقی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ بعد ازاں مسرس انجم شافعی ، اسلم فرشوری ، حلیم بابر ، سید حامد رضوی ، قاری انیس احمد انیس ، شیخ اسماعیل صابر ، جہانگیر قیاس ، ڈاکٹر ناقد رزاقی ، کوکب ذکی ، شکیل حیدر ، نور الدین امیر ، نجیب بیابانی ، سید پاشاہ ، زبیر شاہ پوری اور رضوان بیابانی نے کلام سنایا ۔۔

 

شریعت میں کسی بھی تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں
بی جے پی اور آر ایس ایس کی ملک میں نفرت: عبدالمقیت چندا
شمس آباد /2 نومبر ( سیاست نیوز ) عبدالمقیت چندا ٹی آر ایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یکساں سیول کوڈ اور طلاق ثلاثہ مسئلہ کو بی جے پی اور آر ایس ایس اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرتے ہوئے پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں ناکامی کے ڈر سے ہندو ووٹس کو اپنی جانب کرنے کیلئے مسئلہ کو اٹھایا ہے ۔ جبکہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ۔ جس میں حکومت کو کسی بھی مذہب کے معاملہ میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ اس کے باوجود بی جے پی ووٹ بنک بڑھانے کیلئے شر کو پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شریعت میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر تمام مسلمان اتحاد کے ساتھ ملکر حکومت کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں ۔ تمام مسلمانوں کو متحدہ طور پر مل کر حکومت کے اس اقدام کو روکنا چاہئے ۔ جس کیلئے دستخطی مہم کے ساتھ ساتھ احتجاجی جلسہ کرتے ہوئے اپنی آواز کو بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔ یکساں سیول کوڈ اور طلاق ثلاثہ کا مسئلہ سپریم کورٹ میں مقدمہ چل رہا ہے اور حکومت اپنے ذاتی مفاد کیلئے مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے ۔ جس کا نتیجہ انہیں پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں عوام ہی جواب دے گی اور 2019 انتخابات میں بھی اس کا اثر حکومت کو دکھائی دے گا ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ساتھ ملکر تمام مسلمانوں کو آگے بڑھ کر ان کا ساتھ دینا چاہئے ۔ عبدالمقیت چندا نے عوام سے اپیل کی کہ دستخطی مہم میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیتے ہوئے اپنے اتحاد کا مظاہرہ پیش کرنے عوام سے اپیل کی اور کہا کہ دستخطی مہم میں ملک بھر سے فارمس حاصل ہو رہے ہیں اور ریاست تلنگانہ سے سب سے زیادہ دستخطی یادداشت پیش کی جائے جس کیلئے تمام کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ مرکزی حکومت اور آر ایس ایس ملک میں نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جس کو ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ارادوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی سیاسی شعبدہ بازی کرنے کے بجائے ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا عبدالمقیت چندا نے مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت کو سب سے پہلے ملک کی فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسلمانوں کے مسائل کو شریعت کے لحاظ سے حل کیا جاسکتا ہے ۔ لیکن حکومت اس میں بھی مداخلت کرتے ہوئے مسلمانوں کو آپس میں بانٹنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔