مذہبی خبریں

مسجد حسینی وجئے نگر کالونی میں ہفتہ کو عازمین حج کے اہم تربیتی اجتماعات
حیدرآباد ۔ /10 اگست (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام منتخب عازمین حج کیلئے دسواں تربیتی اجتماع ہفتہ /13 اگست کو صبح 10 بجے تا 4 بجے دن جامع مسجد حسینی وجئے نگر کالونی نزد آئی ٹی آئی گلڈ منعقد ہوگا ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور صدارت کریں گے اور سفر حج سے متعلق اہم امور ، مرکزی حج کمیٹی اور حکومت ہند و حکومت سعودی عربیہ کی نئی ہدایات سے واقف کروائیں گے ۔ مولانا مفتی تجمل حسین اور مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبویؐ بیان کریں گے ۔ احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا جائے گا اور اس کی شرائط بیان کی جائیں گی ۔ خاتون عازمین کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ جبکہ اتوار /14 اگست صبح 10.30 بجے تا 4 بجے دن محبوب فنکشن ہال نزد درگاہ شریف حضرت شاہ راجو قتال حسینی مصری گنج میں بھی اجتماع منعقد ہوگا ۔

 

مدرسہ بنات الحرم میں داخلے
حیدرآباد ۔ /10 اگست (راست) تنظیم بنت حرم کے زیراہتمام مدرسہ بنات الحرم (اندرون مکہ مسجد) میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ جس میں حفظ القرآن ، ناظرہ قرآن مع تجوید کے ابتدائی عالم کورس شامل ہیں ۔ جس کے سالانہ امتحان جامعہ نظامیہ سے دلائے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ علوم عصری ، ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائننگ ، پینٹنگ ، ہینڈ ایمبرائیڈری ، فلاور میکنگ کی بھی مفت تعلیم دی جاتی ہے ۔ اوقات تعلیم صبح 10 تا 4 بجے شام ہوتے ہیں ۔ مدرسہ ہذا میں کوئی فیس نہیں ہے اور مستحق طالبات میں کتابوں کے ساتھ ساتھ یونیفارم بھی دیئے جاتے ہیں ۔ کلاسیس شروع ہوچکے ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9247240425 ، 9618254762 پر ربط کریں ۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ /10 اگست (راست) اعراس شریف حضرت سیدنا اجالے شاہ چشتی قادری بندہ نوازیؒ اور حضرت سیدنا جلال شاہ چشتی سلسلہ اجمیریؒ کا احاطہ درگاہ شریف سعیدآباد میں مقرر ہے ۔11 اگست بروز جمعرات بعد نماز عشاء جلوس صندل مالی درگاہ شریف سے روانہ ہوگا ۔ مراسم عرس سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔ /12 اگست بعد عشاء محفل سماع و چراغاں ، /13 اگست بعد عشاء جلسہ عظمت اولیاء منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد مجیب علی رضوی القادری اور دیگر علمائے کرام مخاطب کریں گے ۔

 

مدرسہ العربیہ ملے پلی میں داخلے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( راست ) : مدرسہ العربیہ واقع جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی پچاس سالہ قدیم دینی تعلیم کا ادارہ ہے جہاں پر حفظ کا باضابطہ نظم ہے ۔ اسکول و کالجس کے طلبہ حفظ قرآن مجید سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ مدرسہ ہذا کی سالانہ تعطیلات کے بعد کشادگی عمل میں آئی ۔ جس میں داخلے جاری ہیں ۔ مدرسہ کے اوقات کار بعد نماز فجر دو گھنٹے اور مغرب تا عشاء ایک گھنٹہ مقرر ہے ۔ حفظ قرآن کے خواہش مند فوری داخلہ حاصل کر کے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے مدرسہ کے اوقات کار پر ربط کریں ۔۔