مذہبی خبریں

ماہ رمضان اُمت محمدیہ ﷺ کیلئے نجات و مغفرت کا عظیم تحفہ
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی لیلۃ القدر کانفرنس، مشاورتی اجلاس سے مولانا ڈاکٹر نادرالمسدوسی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (راست) ہم رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے اللہ سبحانہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہم گنہگاروں کو ایک بار پھر یہ موقع عطا فرمایا کہ ہم اعمال صالحہ کثرت سے کریں اور اس کا قرب حاصل کریں۔ رمضان شریف نزول قرآن، صوم و صلوٰۃ اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینہ میں ہم ایسا لائحہ عمل بنالیں تاکہ ہمارا ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو۔ معلوم نہیں کہ آئندہ رمضان تک ہم زندہ رہیں گے یا پھر اس دنیائے فانی سے کوچ کرجائیں گے۔ قیامت کے دن روزے دار کو بے حد ثواب ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی 14 ویں لیلۃ القدر کانفرنس منعقد شدنی 14 جولائی بروز منگل بعد نماز تراویح چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ کے ضمن میں مشاورتی اجلاس قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ سے ڈاکٹر نادر المسدوسی نے کیا۔ مولانا نے موجودہ حالات کی سنگینی پر نہایت افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ موجودہ نسل روزے کا مقصد ہی بھول چکی ہے۔ روزے کا مقصد بتاتے ہوئے اللہ سبحانہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ لعلکم تتقون اس واسطے سے کہ تم پرہیز ہوجاؤ۔ لیکن دور حاضر میں نوجوانوں کی کثیر تعداد ماہ رمضان کی فضیلت اور عظمت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے رات بھر آوارگی، ہوٹلنگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کئی نوجوان راتوں میں چیختے چلاتے ہوئے بازاروں سے گزرتے نظر آتے ہیں۔ یا تو والدین و سرپرست اپنے بچوں کے ان حالات سے واقف ہوکر نظرانداز کررہے ہیں یا پھر اُنھیں اپنے بچوں کی ان حرکتوں کا پتہ ہی نہیں۔ روز حشر والدین بھی اپنے بچوں کے اعمال کے جوابدہ رہیں گے۔ مولانا نے قوم مسلم کو دعوت فکر دیتے ہوئے کہاکہ اب ہر انسان اپنے اعمال کا محاسبہ کرتے ہوئے دیکھ لے اور سوچ لے کہ رمضان المبارک میں پہلے سے کتنا زیادہ پرہیزگار ہوگیا۔ اجلاس میں محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ رمضان المبارک کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ اسی ماہ میں خالق کائنات نے انسانوں کو رشد و ہدایت کے لئے قرآن کریم نازل فرمایا اور اللہ تعالیٰ نے جس رات قرآن شریف کو نازل فرمایا۔ خود قرآن شریف میں اس کی بڑی فضیلت بیان فرمائی۔ اس لئے ہر مومن کو چاہئے کہ رمضان المبارک کا ایک ایک لمحہ ضائع کئے بغیر عبادتوں کے ذریعہ اس کو قیمتی بنائے اور اپنے رب کو راضی کریں۔ جناب محمد شاہد اقبال قادری نے کہاکہ رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام لیلۃ القدر کانفرنس چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر 14 جولائی بروز منگل بعد نماز تراویح منعقد ہوگی جس میں ملک کے دو عالم گیر مقررین کرام کی شرکت کو یقینی بنانے کی کمیٹی انتھک کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ انٹرنیشنل اصلاح اُمت کانفرنس، انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس اور مرکزی جلسہ شب برأت میں کثیر لوگوں کی تعداد کے پیش نظر کمیٹی بہتر اور وسیع انتظامات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ کمیٹی چاہتی ہے کہ لیلۃ القدر جیسی مقدس رات کو کانفرنس میں شرکت کرنے والے سامعین کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ سامعین علماء کرام کے خطابات سے مستفید ہوں اور بارگاہ رب العزت میں اس رات کی عظمت و برکت سے سرخروئی حاصل کریں۔ دونوں شہروں میں تشہیری کام جاری ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نائب صدر رحمت عالم کمیٹی کے علاوہ ڈاکٹر عظمت رسول، ملک ابراہیم علی خاں خالد، سید لئیق قادری، عبیداللہ سعدی قادری شرفی، سید طاہر حسین، حافظ شیخ حسین قادری ملتانی، محمد مقبول احمد ، سید طاہر علی اور اراکین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام و دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

روزہ بندہ مومن میں تقویٰ و پرہیزگاری کی صفت پیدا کرنے والی عبادت
ایم جی اے کا رمضان پر خصوصی پروگرام ، محترمہ کبریٰ محمدی و محترمہ تسنیم فاطمہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : اگر انسان روزہ بھی رکھے ، غلط کام بھی کرے ، بری باتیں بھی کرے تو روزہ کا مقصد پورا نہیں ہوسکتا ۔ بظاہر وہ شخص روزہ تو رکھتا ہے مگر اسے روزہ کا اجر نہیں ملتا ۔ کیوں کہ وہ روزہ کا مقصد پورا نہیں کرتا ، ایسے روزہ دار بہت سے ہیں جن کے بارے میں رسول پاک ﷺ نے فرمایا ’’ بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جن کو روزہ کے نام پر صرف بھوک پیاس ملتی ہے اور بہت سے رات کو نماز پڑھنے والے ایسے ہیں جن کو قیام اللیل کے نام پر رات کا جاگنا ہی ملتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ کبریٰ محمدی کارکن ایم جی اے نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے اسکولس کی طالبات کے لیے منعقد کئے گئے رمضان پروگرامس میں پرنسس ہائی اسکول ، پرانی حویلی کی طالبات سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہے ۔ ہر عبادت کی اپنی شان اور لذت ہے روزہ کی شان سب سے الگ اور منفرد ہے ہر عبادت ظاہری عمل پر مبنی ہے مگر روزہ داخلی عبادت ہے ۔ اگر کوئی چھپ کر پانی پی لے یا کوئی دانہ بھی اپنے منہ میں ڈال لے تو اسے اللہ کے سوا کوئی نہیں دیکھ سکتا ۔ اسی لیے اللہ پاک کا ارشاد ہے : ’’ بنی آدم کا ہر عمل اسی کے لیے ہے سوائے روزہ کے ، کیوں کہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ شرعی طور پر صبح صادق سے لے کر غروب آفتاب تک کھانے پینے ، لڑائی جھگڑے ، گالی گلوچ ، چیخنے چلانے اور تمام غیر اخلاقی کاموں سے بچنے کا نام ہے ۔ بلکہ روزہ کا مطلب کسی چیز سے رک جانا ، چھوڑ دینا اور ترک کردینا ہے ۔ اسی لیے نبی کریم ﷺ نے فرمایا ’’روزہ گناہوں سے ڈھال ہے ، روزہ دار کو چاہئے کہ وہ گناہ کا کام نہ کرے ، نہ جہالت کی بات کرے ، اگر کوئی شخص اس سے جھگڑا کرے یا گالی گلوچ کرے تو وہ اس سے دو مرتبہ کہہ دے کہ میں روزہ دار ہوں ، قسم اس ذات کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے روزہ دار کے منہ کی بو اللہ تعالی کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے کیوں کہ روزہ دار نے اللہ کی خاطر کھانے پینے اور بری چیزوں کو ترک کردیا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ کا مقصد قرآن کریم میں تقویٰ و پرہیزگاری ہے ۔ تقویٰ بری باتوں ، برے کاموں سے بچنے ، اللہ کی مرضی کے مطابق زندگی گذارنے اور اللہ کا ڈر اپنے اندر پیدا کرنے کو کہتے ہیں ۔ یہی چیز ہمیں قرآن کریم کی تلاوت کرنے اس پر غور کرنے سے سمجھ میں آتی ہے ۔ محترمہ تسنیم فاطمہ نے دبیر پورہ میں کوہ نور ہائی اسکول کی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان صرف نزول قرآن کا مہینہ نہیں ہے بلکہ اس کی حفاظت و اشاعت کا مہینہ ہے ۔لیلتہ القدر کی فضیلت ایک تو اس بنا پر ہے کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید کو اس رات میں نازل کیا اور قوموں کی تقدیر قرآن کریم سے وابستہ کردی اور ان کے عروج و زوال کا پیمانہ قرآن کریم کو بتلایا ۔ اس کے علاوہ محترمہ زارا خاں رکن مسلم گرلز اسوسی ایشن محترمہ کبری محمدی ، محترمہ عائشہ مستور ، محترمہ روبینہ ملک کارکن ایم جی اے ، محترمہ فرح حنا کارکن اے جی اے ، محترمہ عرشیہ مجدہ کارکن ایم جی اے ، محترمہ نمیرہ ، محترمہ حفصہ فردوس ، محترمہ آمنہ بیگم نے آغا پورہ میں جوبلی کانونٹ اسکول ، سورارم میں آر وی ماڈل اسکول میدھا کانسپٹ اسکول ، گیتانجلی اسکول ، مراد نگر میں سن رائز ہائی اسکول ، اے سی گارڈز میں مجیدیہ ہائی اسکول ، رحمانیہ آئیڈیل ہائی اسکول اور بلومینگ برڈ ہائی اسکول میں رمضان پروگرامس کو مخاطب کیا ۔۔

سخاوت قرب حق تعالیٰ کا وسیلہ، حقوق العباد کی تکمیل کا باعث
حمیدیہ، سبزی منڈی قدیم میں ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : سخاوت و فیاضی بلاشبہ اسلام کی اساسی تعلیمات و ہدایات میں نمایاں طور پر شامل ہیں ماہ رمضان المبارک سے ان کا خاص تعلق ہے۔ نزول قرآن حکیم کے اس ماہ مقدس میں سخاوت و فیاضی کے روح پرور مناظر پوری دنیاے اسلام میں عام ہوا کرتے ہیں۔ سخاوت ایسا وصف خاص ہے جو بندہ کو معبود حقیقی خالق کونین سے قریب کرتا ہے اور مخلوق خدا میں سخی کو محبوبیت عامہ اور عزت سے ہمکنار کردیتا ہے سخاوت کے ذریعہ اگرچہ کہ ایک بندہ دوسرے بندوں کے کام آتا ہے لیکن مولیٰ تعالیٰ اپنے فیاض بندہ سے خوش ہوتا ہے اور اسے اپنے الطاف و اکرام سے خوب سرفراز اور مالا مال فرماتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اسوہ حسنہ، اخلاق عظیمہ ، سیرت پاک اور ارشادات عالیہ میں سخاوت کا خاص موقف ہے بخشش و خیرات اور اپنی مرضی و خوشی سے اپنی کسی شے یا مرغوب چیز کو ضرورت مند کے حوالے کر دینا، دوسروں کی حاجت اور ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے اپنی طلب، خواہش یا حاجت سے دستبردار ہونا، بندگان خدا کے کام آنا، مصیبت میں مبتلا لوگوں کی راحت کی خاطر خود زحمت گوارا کرنا، اپنے مال و متاع کی اچھی خاصی مقدار اور اپنی صلاحیتوں کو مخلوق خدا کی بھلائی اور خیرخواہی کی خاطر صرف کر دینا وغیرہ سخاوت کے مختلف پہلو ہیں ضرورت مند رشتہ داروں کی مالی اعانت اور دلجوئی تمام متمول اور اہل خیر حضرات کی انفرادی ذمہ داری ہے ہر ایک اگر اپنے لواحقین کی خدمت کرے تو پورے معاشرہ کے معاشی مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 12 رمضان المبارک کو بعد نمازعصر حمیدیہ شرفی چمن میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’ حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے انیسویں سال کے بارھویں روز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جو قراء ت کلام پاک سے شروع ہوا۔ بارگاہ رسالت پناہی ؐمیں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سخاوت و فیاضی اور احسان کرکے جتانے سے روکا گیا ہے کیوں کہ یہ مومن سخی کے شایان شان نہیں۔ انھوں نے مسائل زکوٰۃ بالخصوص وجوب کی تفصیلات، شرائط اور مصارف زکوٰۃ سے متعلق بہت سلیس انداز سے مختلف اہم نکات پیش کئے۔ انھوں نے کہا کہ زکوٰۃ کے علاوہ دیگر مال سے بھی مستحقین کی مزید مدد کرنا احسن ہے۔

نماز تہجد
حیدرآباد یکم / جولائی ( راست ) مسجد خواجہ گلشن مہدی پٹنم میں 14 رمضان المبارک سے نماز تہجد میں جناب نجیب احمد صدیقی روزانہ دو پارے سنائیں گے ۔ نماز تہجد ٹھیک 2.30 بجے ہوگی ۔

پنچ شبی شبینہ
حیدرآباد یکم / جولائی ( راست ) مسجد قباء گڈس شیڈ نامپلی قریب کرمنل کورٹ و قریب مسجد ٹین پوش کی بالائی منزل میں 15 رمضان المبارک جمعہ سے نماز تراویح میں حافظ ارشد حسین روزانہ 6 پارے سنائیں گے ۔نماز عشاء ٹھیک 9.30 بجے اور نماز تراویح 9.45 بجے ہوگی ۔

عرس شریف
حیدرآباد یکم / جولائی ( راست ) حضرت سید شاہ محمد عبدالمحی الدین قادری الموسوی المعروف حضرت چنو پاشاہ صاحبزادہ و جانشین حضرت علامہ سید شاہ وحید القادری الموسوی عارفؒ کا 25 واں عرس شریف درگاہ شریف حضرت سید شاہ موسیٰ قادریؒ واقع پراناپل حسب نظام العمل مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر تلاوت کلام مجید ، قبل مغرب صندل مالی و چادرگل و سلام بحضور خیرالاسلام بعد مغرب نعت و منقبت خوانی و میلاد خوانی ہوگی ۔

یکشبی شبینہ
حیدرآباد یکم / جولائی ( راست ) کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام مسجد تراب شاہ بہروپیہ گلی قریب درگاہ شریف حضرت سید شاہ موسی قادریؒ کوکہ کی ٹٹی روڈ میں 14 رمضان المبارک بروز جمعرات کو یکشبی شبینہ مقرر ہے ۔ حافظ و قاری غلام احمد قریشی مجددی نقشبندی القادری 20 رکعت نماز تراویح میں مکمل قرآن مجید تلاوت کریںگے ۔ نماز عشاء 8.30 بجے ہوگی ۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد لجنتہ العلماء اے پی کے بموجب 2 جولائی بروز جمعرات مولانا عبدالملک المظاہری صدر لجنتہ العلماء بعدنماز ظہر جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں درس قرآن دیں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 2 جولائی کو بعدنماز عصر بمقام مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 2 جولائی بعد نماز عصر منعقد ہوگا ۔ اجتماع کا قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوگا ۔ مولانا محمد فاروق قادری کا خطاب ہوگا ۔ ذکر جہری اور دعا ہوگی ۔۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : جامعتہ المومنات کے زیر اہتمام 2 جولائی 9 بجے صبح سماعت قرآن برائے خواتین بمکان سید عبدالقیصر فرسٹ لانسر روبرو مدرسہ محمدیہ میں حافظہ سیدہ انجم فاطمہ ، حافظہ سعدیہ ، حافظہ نہاں فاطمہ ، حیاسمین بیگم قرآن مجید سنائیں گے ۔۔

نماز تراویح برائے خواتین
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : دارالعلوم رحیمیہ چنچل گوڑہ میں دوسرے دہے 11 تا 20 رمضان نماز تراویح برائے خواتین میں مفتیہ بصیرت النساء روزانہ تین پارے سنائیں گی ۔ نماز تراویح 8-30 بجے شب ہوگی ۔۔

جلسہ فضائل رمضان و جشن نزول
قرآن مجید،تاج العرفاء یادگار خطابات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان مبارک وجشن نزول قرآن مجید ‘ سے معنون 19 ویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 2 جولائی کو مسجد حاجی کمال ، دارالشفاء میں بعد نماز ظہر اور بعد نماز عصر حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

ماہانہ مجلس فاتحہ مولانا سید محمد امام
الدین شاہ قادری و شاذلیؒ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : ماہانہ مجلس فاتحہ حضرت مولانا سید محمد امام الدین شاہ قادری و شاذلیؒ و حضرت مولانا سید محمد بادشاہ محی الدین قادری شاذلی نقشبندی المعروف محی الحق قادری گوشہ نشینؒ 3 جولائی کو بیت المحی دودھ باولی زیر نگرانی مولانا حکیم سید محمد قادر محی الدین قادری خلف و جانشین حضرت ممدوح منعقد ہوگی ۔ بعد نماز عصر قرآن خوانی ، بعد نماز مغرب ختم قادریہ حلقہ ذکر کلمہ طیبہ جہری بعد دعا و درود و سلام بحضور خیر الانام ہوگا ۔۔

باران رحمت کے لیے اپیل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( راست ) : سید علی حسین طباطبائی سرگروہ جعفری ۸۸ نے برادران ملت و عامتہ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ بلا امتیاز مرد و خواتین باران رحمت کے لیے مساجد اور عاشور خانوں میں شہدائے کربلائے معلی کے وسیلے سے بادیدہ نم بارگاہ خداوندی میں دعا کریں تو انشاء اللہ ضرور رحمت نازل ہوگی ۔۔