مذہبی خبریں

اسلام ہی سے دنیا کو جہالت و گمراہی سے نجات
سوریہ نمسکار ، یوگا ، وندے ماترم کے خلاف فتویٰ حق بجانب : عوامی مجلس عمل
حیدرآباد /10 جون ( پریس نوٹ ) محمد امان اللہ خان مجاہد ہاشمی صدر و معتمد عوامی مجلس عمل نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ اندھیرا اور اجالا برابر نہیں ہوسکتے ۔ اللہ نے اولاد آدم کو خلیفہ فی الارض بنایا اور اپنے بندوں کی ہدایت و رہنمائی کیلئے پیغمبر بھیجے تاکہ وہ علم حقیقی سے آگاہ ہو اور اپنی دنیا و آخرت کو سنوارسکے ۔ اللہ کی دی ہوئی عقل کا وہ ا ستعمال کرتے ہوئے چاند اور ستاروں تک پہونچ سکتا ہے ۔ مسلمان یوگا ، سوریہ نمسکار ، وندے ماترم کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ اس میں مخلوق کی عبادت شامل ہے ۔ یوگا میں شامل اوم کے ورد اور سازشوں سے مسلم ممالک ناواقف ہیں اس لئے یہ ہمارے لئے جواز نہیں بن سکتا ۔

خصوصی حلقہ قرآنیہ
حیدرآباد /10 جون ( راست ) کل ہند انجمن حفاظ کے پریس نوٹ کے مطابق تراویح میں قرآن شریف سنانے والے حفاظ کرام کیلئے مسجد پرنس شہامت جاہ بہادر لال ٹیکری میں 11 جون سے نماز عصر تا 10 بجے شب حلقہ قرآنیہ مقرر ہے ۔ جس میں حفاظ کرام قرآن شریف کی تلاوت کریں گے ۔

انجمن عزاء داران کے جشن
حیدرآباد /10 جون ( راست ) انجمن عزاء داران پنجشنبہ کے جشنوں کا سلسلہ جمعرات 11 جون شام 7 بجے سے صدر انجمن محمد اسحاق علی کے مکان یونائیٹیڈ رسیڈنسی فلیٹ نمبر 504 سے آغاز ہوگا ۔ طیب علی عاشورخانہ الحسینی جام باغ ، میر حسین علی خان زوار قیصر منزل ، حاجی علی حسین باقری حسین نگر کالونی عابد علی خان والا جاہی و جعفر علی الاوہ سرطوق ، سید رضا حسین نقوی کوچہ خطیب ، آقاعلی آفندی و چھوٹی بارگاہ چھتہ بازار ، عاشورخانہ موسی ابن جعفر پرانی حویلی ، میر کوثر علی خان صفدر و عباس علی فرید احاطہ کمال یار جنگ بارگاہ شبیر زہرا نگر پنجہ شاہ ولایت ، عاشور خانہ قدمِ رسول میں نائب صدر سید عسکری حسنین کے جشن کے بعد جشنوں کے سلسلہ کا اختتام ہوگا ۔

جلسہ استقبال رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 11 جون بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ استقبال رمضان المبارک منعقد ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد اکرام الدین کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

فضائل و مسائل رمضان
پر کتاب منظر عام پر
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : تجوید القرآن ایجوکیشنل اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے مفتی شیخ اسد اللہ یاسر نے ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر روزہ ، تراویح ، زکواۃ ، اعتکاف ، شب قدر ، صلواۃ التسبیح ، صدقۃ الفطر اور عید الفطر سے متعلق جدید و قدیم مسائل پر مشتمل مختصر مستند رسالہ بنام فضائل و مسائل رمضان اردو اور رومن انگریزی میں شائع کیا ہے ۔ خواہش مند حضرات فون نمبرات 9550080331 ۔ 9700629573 پر ربط کر کے کتاب حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

حفظ و ناظرہ اور عالم کورس میں داخلے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی ناظم مدرسہ کے بموجب مدرسہ اسلامیہ ازہر العلوم للبنات موقوعہ صالحین کالونی نواب صاحب کنٹہ تاڑبن 6 سال کی کمسن طالبات کے لیے شعبہ حفظ و ناظرہ کے علاوہ ساتویں دسویں اور انٹر کامیاب ہوں یا ناکام شعبہ عالمیت میں اعدادیہ تا دورہ حدیث داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ داخلوں کے خواہش مند فون نمبر 9440528876 پر ربط کریں ۔۔

جامعتہ البنات سعید آباد میں تعلیم کا آغاز
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : جامعتہ البنات سعید آباد میں نئے تعلیمی سال کا آغاز 8 جون سے ہوچکا ہے ۔ جامعہ میں ابتدائیہ تا عالمیت و فضیلت تک تعلیم کا انتظام ہے ۔ ابتدائیہ میں داخلہ کے لیے کم از کم عمر 10 سال لازمی ہے ۔ عربی زبان ، قرآن ، حدیث ، سیرت ، فقہ ، تاریخ اسلام ، اردو اور انگریزی مضمون نصاب کے اہم اجزاء ہیں ۔ شادی کی منتظر لڑکیوں کے لیے ایک سالہ ( اسلامک ڈپلوما کورس ) کا آغاز کیا گیا ہے ۔ کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔ صاف ستھرا ہاسٹل جس میں 100 طالبات قیام کرسکتی ہیں ۔ اسلامی طرز زندگی کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ اس سال جس میں کسی بھی جامعہ سے فضیلت کامیاب طالبات کو داخلہ دیا جائے گا اور انہیں ماہانہ وظائف بھی دئیے جائیں گے ۔ شہر کے اہم روٹس سے جامعہ تک بسوں کی سہولت موجود ہے ۔ یتیم اور نادار طالبات کو مفت تعلیم دی جاتی ہے ۔ مزید معلومات کے لیے 9848431304 ۔ 24553534 پر ربط کریں ۔۔

رمضان المبارک میں تراویح کی خدمات
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : رمضان المبارک میں نماز تراویح کی خدمت انجام دینے کے لیے مکتبہ تعلیم بالغان کی طرف سے جید حافظ قرآن فی سبیل اللہ دستیاب ہے۔ ملے پلی و اطراف کے علاقہ کے مسجد کے ذمہ داران راست یا فون نمبر 7097329600 پر ربط کریں ۔۔

جشن ولادت غوث الاعظم دستگیرؒ و
استقبال ماہ رمضان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : بزم انوار سخن کے زیر اہتمام جشن ولادت غوث الاعظم دستگیرؒ و استقبال ماہ رمضان کا جلسہ و منقبتی مشاعرہ 20 جون کو 2 بجے دن خانقاہ سنجریہ چشتیہ افتخاریہ روبرو جامع مسجد حضرت وطنؒ چشتی چمن منعقد ہوگا ۔ پیر افتخاری حضرت سید شاہ قادر محی الدین حسین سنجری المعروف سخن چشتی سجادہ نشین و جانشین چشتی چمن صدارت کریں گے ۔۔

جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند محلہ ملے پلی کے زیر اہتمام بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 11 جون کو بعد نماز مغرب جلسہ استقبال رمضان منعقد ہوگا ۔ حافظ فرید الدین کی تلاوت قرآن مجید و اردو ترجمانی سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ جناب اقبال احمد خاں نگرانی کریں گے ۔ ڈاکٹر محمد محبوب فرید بعنوان ’ ماہ رمضان کی اہمیت اور روزوں کی فضیلت ‘ پر خطاب کرینگے ۔ جناب نظام الدین بدر فاروقی بعنوان ’ رمضان المبارک نزول قرآن کامہینہ ‘ مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام زیر صدارت حافظ و قاری مولانا پیر غلام احمد قریشی مجددی 23 شعبان بروز جمعرات بعد نماز مغرب اجتماع اور بعد نماز عشاء جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم میں مقرر ہے ۔۔

مسلمان نمازپڑھتے ہیں ،یوگا کی ضرورت نہیں
صدر آل انڈیا مسلم کانفرنس مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے مسلم اداروں میں ُسوریہ نمسکاؔر کو لازمی قرار نہیں دیا یہ ایک اچھی بات ہے لیکن “یوگا” کو مسلم اداروں میں لاگو کرنا یہ صحیح نہیںہے واضح باد کہ یہودیوں ،عیسائیوںاور مسلمانوں کے عقیدہ کے مطابق تمام کا ئنات اللہ کی بندی ہے اور آسمان وزمین چاند و سورج و ستارے سب اللہ کے بنائے ہوئے اور اُسی کی مخلوق اور اس کے بندے ہیںلہذا مسلمان صرف اللہ ہی کو پوجتے ہیں ۔ چاند و سورج و ستارے ایسے ہی ہیں جیسے لائٹ،پنکھا ،کمپیوٹروغیرہ اُن تمام آلات میں کرنٹ ہی اصل مُحرّک طاقت و قوّت کا منبع ہے اِسی طرح صرف اللہ ہی ایک اکیلا سب کا اِلٰہْ و حاجت رواہے صرف اللہ ہی عبادت لینے کا حق دار ہے اُسی اللہ کی پوجا اور عبادت ہونی چاہئے نہ کہ اُسکی بنائی ہوئی مخلوق کی۔رہی بات یوگا کثرت و اِکسرسائیز کی تو مسلمان کے لئے نماز ہی جامع اِکسرسائیز ہے اُسکو یوگا کی ضرورت نہیں ، پیغمبر اسلام ﷺنے فرمایا مَنْ تَشَبّہ بِقَومٍ فَھُوَ مِنْھُمْ جو جس قوم کی شباھت اختیارکریگاوہ ان ہی میں شمار ہوگا لِہذا ہم مسلما ن یوگاکی کھل کر مخالفت کرتے ہیں۔

سنی مرکز میں آج صاحب قرآن کانفرنس اور تکمیل حفظ قرآن و دستار بندی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : سید سمیع الدین ہاشمی قادری کے بموجب تحریک اسلامی کے سنی مرکز میں واقع دارالعلوم برکات الحرمین کی ’ صاحب قرآن کانفرنس ‘ و تکمیل حفظ قرآن و دستار بندی 11 جون کو بعد نماز عشاء 9 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو ، نامپلی میں زیر صدارت مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ اور سرپرستی مولانا سید شاہ حافظ سید روف علی قادری اور مولانا مفتی میر لطافت علی کریں گے ۔ اس کے علاوہ کانفرنس و حفظ قرآن دستار بندی کی نگرانی مولانا مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی اور دیگر علماء کے خصوصی خطابات ہوں گے ۔ جب کہ مہمانان خصوصی مولانا مفتی محمد مجاہد علی نقشبندی و امیر تحریک اسلامی مولانا محمد آصف بلال قادری اور نگران تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری ہوں گے ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ محمد جہانگیر کی قرات کلام پاک سے ہوگا اور ناظم اعلیٰ دارالعلوم برکات الحرمین حافظ خالد عبدالمنان قادری تعلیمی رپورٹ پیش کریں گے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : ڈاکٹر پروفیسر محمد مصطفی شریف چیرمین شعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی و ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ کا درس قرآن مجید انہی کے مکان واقع ڈیفنس کالونی عقب کے وی نمبر ایک ، لنگر حوض قریب مسجد غوثیہ میں جمعرات کو 3 بجے شب منعقد ہے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 11 جون کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

جلسہ عظمت امام اعظم ابوحنیفہؓ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ عظمت حضرت سیدنا نعمان بن ثابتؓ امام اعظم ابوحنیفہؓ 11 جون کو بعد نماز عشاء مسجد خیر الانام کملاپوری کالونی زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت منعقد ہوگا ۔۔

مسلمانوں کی ترقی کا مدار قرآن اور علوم قرآن کی اشاعت پر منحصر ہے
مدرسہ انوار محمدی کا سالانہ جلسہ ، پروفیسر بدیع الدین صابری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : پروفیسر ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری چیرمین بورڈ آف عربک اسٹیڈیز عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ مسلمانوں کی بقاء و ترقی کا مدار قرآن اور علوم قرآن کی حفاظت و ترقی پر ہے اسی بناء کی بدولت اللہ کی توفیق سے مسلمان کبھی بھی اشاعت علوم قرآن سے غافل نہ رہے ۔ مسلم نونہالوں کا حفظ قرآن کریم کی سعادت سے مشرف ہونا اسی سلسلہ کی کڑی ہے ۔ وہ یہاں کل مدرسہ باب العلم انواری محمدی پولیس کالونی بہادر پورہ میں منعقدہ سالانہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص پر اللہ و رسول مہربان ہوتا ہے اسی کو حفظ قرآن کی سعادت نصیب ہوتی ہے ۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کوسکھائے ۔ قرآن کا پڑھنا اور پڑھانا یقینا نصیب کی بات ہے کیوں کہ یہ اللہ رب العالمین کا کلام ہے جس کو پہاڑ پر اتارا جاتا تو پہاڑ ریزہ ریزہ ہوجاتا ۔ مگر نبیؐ کے صدقے نبیؐ کے امتی اسی کلام الہیٰ کو اپنے قلوب میں موجزن کرتے ہیں تو ایک سعادت عظمیٰ ہے انہوں نے حفاظ کرام کو تلقین کی کہ جب یہ قرآن ہم کو مل گیا تو یہ سمجھ لو کہ دوجہاں کی ذیست کا سامان مل گیا مگر اس کے بعد اگر دنیاوی مصروفیات یا لاپرواہی کی بناء اگر قرآن کریم کو بھول جائیں تو پھر اللہ کی سخت ناراضگی کا سبب ہے ۔ اسی لیے قرآن کی کثرت سے تلاوت کرتے رہنا اللہ کے دئیے ہوئے انعام کی قدر کرنے کے برابر ہے ۔ مولانا محمد شرف الدین قادری ( مصحح دائرۃ المعارف العثمانیہ ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن ایک نور ہے جس سے ہمارے دل روشن ہوتے ہیں یہ وہ روشنی ہے جس کی جتنی قدر کروگے اتنی ہی روشنی تیز ہوگی یعنی جتنی تلاوت کی کثرت کرتے رہیں گے ۔ دو جہاں کا نور اس بندے کے ساتھ ہوگا ۔ اس موقع پر ادارہ ہذا کے 20 طلبہ کو پروفیسر بدیع الدین صابری نے حفظ کی تکمیل کروائی ۔ اس موقع پر اساتذہ و طلبہ ، سرپرست طلبہ ، معاونین کے علاوہ مولانا قاضی محمد عبدالقوی ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، مولانا قاضی محمد منیر الدین ، مولانا محمد سمیع الدین اقبال ( ناظم مدرسہ محمدیہ ) ، مولانا سید وصی اللہ حسینی نظام پاشاہ ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ، جناب سید یوسف ہاشمی ، جناب مرزا اسماعیل بیگ قادر بھائی ، جناب محمد شاکر احمد ، مولانا قاضی محمد ناصر الدین صدیقی ، مولانا سید اسحاق محی الدین قادری ( بانی و ناظم ) ، مولانا غلام محمد خاں نقشبندی و دیگر موجود تھے ۔ مولانا محمد آصف عرفان قادری نے اجلاس کی کارروائی چلائی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( راست ) : عرس شریف حضرت الحاج خواجہ محمد سبحان شریف المعروف سبحانی پاشاہؒ کا 22 شعبان کو بعد نماز عشاء غسل شریف سے وادی سبحان شاہین نگر پہاڑی شریف میں آغاز ہوگا ۔ 23 شعبان کو 11 بجے دن قرآن خوانی ، قصیدہ بردہ شریف و میلاد مقرر ہے ۔ محفل سماع بعد ظہر اور بعد عصر جلوس صندل سرور نگر تا شاہین نگر عمل میں آئے گا ۔ 24 شعبان صبح 11 تا ایک بجے دن محفل سماع مقرر ہے ۔۔