مذہبی خبریں

پیام حق کو تمام انسانوں تک پہنچانا مسلمانوں کی ذمہ داری
شہر کی مختلف مساجد میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کہا کہ قرآن مجید کے احکام کی تعمیل اور اتباع رسالت ؐ کے ذریعہ مسلمان اپنے دینی تشخص ،عبادات وفرائض، اعلیٰ اخلاق و کردار اور عظمت فکر و نظر کا تحفظ کر سکتے ہیں۔ بحیثیت خیر الامم ان پر جو ذمہ داریاں ہیں انہیں دین حق اسلام کے پیام توحید و رسالت،اخلاق عظیمہ اور حق و صداقت کو ساری انسانیت بالخصوص اس ملک میں رہنے بسنے والے دیگر برادران وطن تک پہنچا کر، پورا کر سکتے ہیں۔ فرائض و واجبات کی ادائیگی اور رسول اللہ ؐ کی سنتوں پر عمل پیرائی ہر کام پر فوقیت رکھتی ہے اس کا حقیقی احساس ہو جائے تو پھر پورا معاشرہ انوار صالحیت سے تابناک ہو کر انسانی افکار و اعمال میں بسی ظلمتوں کا قلع قمع کر دے گا دعوت و تبلیغ کا یہ عملی ذریعہ سب سے زیادہ موثر ہے ۔ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے سہ شنبہ2؍جون کو جلسہ ہاے فضائل شب براء ت کے عظیم اجتماعات سے جو ایوان تاج العرفاء، حمیدآباد، سبزی منڈی، جامع مسجد محبوب شاہی ،مالاکنٹہ روڈ، روبرومعظم جاہی مارکٹ مسجد شاہ عبد الرزاق ،جیا گوڑہ، مسجدرضیہ حسین، شرفی چمن، مسجد سیدہ فاطمہ زہرا ؑ جھرہ آصف نگر روڈ ،مسجد ممتاز منشن لکڑی کا پل سیف آباد، مسجد قادریہ احمد نگر فرسٹ لانسر، مسجد خورشیدجاہی نام پلی اسٹیشن روڈ، مسجد عثمانیہ ملک پیٹھ اور مسجد کلاں قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہوے تھے ،خطاب کرتے ہوے کہا کہ خالق کائنات معبود بر حق اللہ تعالیٰ کی عبادات نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کے ذریعہ کیا جانا تمام اچھائیوں، نیکیوں ،خوبیوں اور بھلائیوں سے کہیں زیادہ اہم اور فضیلت رکھتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے شب قدر کو پوشیدہ رکھا ہے اور شب براء ت کو ظاہر فرمادیا ہے۔ رات کو دن پر ایک گونا فضیلت ہے۔ البتہ دنوں میں جمعہ کو افضل الایام بنایا گیا ہے جمعہ میں ایک ساعت قبولیت رکھی گئی ہے مگر وہ بھی پوشیدہ ہے تاہم یہ اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں پر کرم خاص ہے کہ شب براء ت کی تمام ساعتوں ، تمام لمحات قبولیت دعا کے ساتھ مخصوص اور عیاں کر دئیے گئے ہیں اول شب سے طلوع فجر تک رات بھر عبادات و دعائیں مقبول بارگاہ الٰہی ہو جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں ہر شب پچھلے پہر خالق کائنات اپنے بندوں کے قریب ہو کر ان کی دعائوں کو قبول فرماتا ہے۔یہ موقع توبہ و دعا کا ہے اس رات کا فیضان آنے والے دنوں میں بہر حال نظر آنا چاہئیے۔ انھوں نے کہا کہ مسجدوں میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی ستائیس درجہ زیادہ اجر و ثواب کی موجب ہے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس ماہ مبارک کی آمد پر اظہار مسرت ایمان کی علامت ہے۔ شب براء ت مرحومین کے لئے دعاے مغفرت سے خاص ہے۔ تمام جلسوں میں سامعین کی کثیر تعداد نے رات دیر گئے تک نہایت ذوق و اطمینان کے ساتھ خطابات سماعت کئے۔ ہر خطاب کے بعدبارگاہ رسالت مآبؐ میں صلوۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔

مجلس قادری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : مجلس قادری 17 شعبان المعظم بروز جمعہ مرقد عشاق عیدی بازار نزد بند ناکہ بارگاہ حضرت فضلؒ میں منعقد ہے ۔ عصر تا مغرب نعت و منقبت کی محفل ہوگی ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( فیاکس ) : جماعت اسلامی جوبلی ہلز کا مرکزی درس قرآن مجید پنجہ گٹہ 5 جون بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔ حافظ عبدالعزیز تذکیر بالقرآن پیش کریں گے ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی محلہ گلشن کالونی سات گنبد مسجد نور درس قرآن بروز جمعہ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔ خواجہ عارف الدین صدیقی تذکیر بالقرآن پیش کریں گے ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی محلہ بورہ بنڈہ میں درس قرآن بمکان سید اشتیاق احمد پلاٹ نمبر k/37 سائٹ نمبر 1 منعقد ہوگا ۔ درس قرآن بعد نماز عشاء مولانا رکن الدین ندوی تذکیر بالقرآن پیش کریں گے ۔۔

جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : ڈاکٹر میر وجاہت علی معتمد مجلس انتظامی کی اطلاع کے بموجب مدرسہ باب العلم انوار محمدی کا سالانہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم اتوار 7 جون 11 ساعت صبح احاطہ مدرسہ پولیس کالونی بہادر پورہ میں مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی ( سرپرست اعلیٰ ) کی زیر نگرانی مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری محمد رضوان قریشی ( امام مکہ مسجد ) کی قرات کلام مجید سے ہوگا ۔ جناب مرزا عارف بیگ قادری ، قاری محمد سعد قریشی ہدیہ نعت سنائیں گے ۔ اس خصوصی موقع پر ادارہ ہذا میں حفظ قرآن کریم کی تکمیل کی سعادت پانے والے 20 طلبہ کو پروفیسر ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری ( چیرمین بورڈ آف عربک اسٹیڈیز عثمانیہ یونیورسٹی ) تکمیل کرائیں گے ۔ مولانا قاضی محمد عبدالقوی ، مولانا حافظ محمد شرف الدین قادری ( مصحح دائرۃ المعارف العثمانیہ ) مخاطب کریں گے ۔ مولانا قاضی محمد ناصر الدین صدیقی تعلیمی رپورٹ پیش کریں گے اور مولانا سید اسحق محی الدین قادری ( بانی و ناظم ) خیر مقدم کریں گے ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ( رکن مجلس انتظامی ) خطبہ استقبالیہ پڑھیں گے ۔ آخر میں مولانا حافظ غلام محمد خاں نقشبندی کی دعا ہوگی ۔۔

انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ کی جانب
سے تراویح کے لیے حفاظ کا نظم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی نظامی معتمد انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ کے اعلامیہ کے بموجب ہر سال کی طرح اس سال بھی شہر و اضلاع ریاست و بیرون ریاست تراویح کے لیے تصحیح شدہ جید حفاظ کرام کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ مساجد کمیٹی اسکولس و فنکشن ہالس انتظامیہ سے گذارش ہے کہ وہ جلد سے جلد حفاظ کرام کے نظم کے لیے مولانا حافظ محمد عبدالقدیر نقشبندی صدر انجمن یا مولانا محمد محی الدین قادری سے بالمشافہ یا فون 9393268012 ۔ 9247130620 ۔ 9440332294 پر ربط کریں ۔۔

قبل نماز جمعہ ڈاکٹر شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک بروز جمعہ ، قبل نماز جمعہ ٹھیک سوا بارہ بجے دن بمقام مسجد مالا کنٹہ ، معظم جاہی مارکٹ اور ٹھیک سوا بجے دن مسجد حسینی روڈ نمبر 3، بنجارہ ہلز میں عامتہ المسلمین سے شرف تخاطب حاصل کریں گے ۔۔

ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد جعفری صنعت نگر میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن نقشبندی کا خطاب ’ ہمارے اخلاق ‘ پر ہوگا ۔ بعد جمعہ مولانا غلام نبی شاہ نقشبندی کا مدلل لٹریچر دستیاب رہے گا ۔۔

ہفتہ واری دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : خانقاہ رفاعیہ رنمست پورہ میں ہفتہ واری دینی اجتماع و مجلس حلقہ ذکر اللہ بروز جمعہ بعد نماز عصر زیر صدارت مولانا صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری ثانی نبیرہ و سجادہ نشین حضرت سلطان الواعظینؒ مقرر ہے ۔ مولوی سید محمد صمد حسینی نگرانی کریں گے ۔۔

سالانہ جلسہ تقسیم اسناد
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : مدرسہ دینیہ رحمتہ العلوم کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد 6 جون 10 بجے صبح رائل انڈین اسکول کشن باغ میں زیر نگرانی مولانا مفتی محبوب شریف نظامی ہوگا ۔ مہمانان خصوصی مولانا حامد محمد خاں امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ ، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ہوں گے ۔ اس موقع پر قضات ، قرات ، حفظ ، مولوی ، عالم کامیاب طلبائو طالبات میں اسناد کی تقسیم ، حافظ طلباء کی دستار بندی حافظ طالبات کی رادا پوشی ہوگی ۔ خواتین کیلئے پردہ کا انتظام ہوگا ۔۔

جشن سالانہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : سید حسن نقی موسوی متولی بارگاہ شہزادہ علی اکبر و معتمد گروہ اکبری کی اطلاع کے بموجب 18 شعبان کو 8-30 بجے شب 98 سالہ قدیم سالانہ بسلسلہ ولادت باسعادت شہزادہ حضرت علی اکبر بمقام عاشور خانہ بارگاہ شہزادہ علی اکبر میں مقرر ہے جس میں شعرائے کرام منظومات پیش کریں گے اور قصیدہ خوانی ہوگی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : عرس شریف حضرت الحاج محمد نصر اللہ شاہ چشتی مرزائی واقع آغا پورہ احاطہ درگاہ حضرت خواجہ مرزا محمد بیگ میں 27 شعبان کو بعد مغرب مقرر ہے جس میں محفل سماع کا اہتمام شامل ہے ۔ مراسم عرس مولانا محمد نور اللہ شاہ چشتی مرزائی سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔

محفل درس قرآن مجید و تفسیر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مولانا ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی جنرل سکریٹری مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ بروز ہفتہ بعد نماز مغرب بمقام جامع مسجد ابراہیمی عقب کڈنی ہاسپٹل محلہ قادر باغ رنگ روڈ اور بروز اتوار بعد نماز مغرب بمقام جامع مسجد حبیبہ قلی قطب شاہ نگر کالونی سات گنبد روڈ ٹولی چوکی میں حضرت ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری الملتانی سجادہ نشین درگاہ پیر قطب المشائخ حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی محقق امام پورہ شریف کی زیر نگرانی منعقد شدنی محفل درس قرآن مجید و تفسیر سے خطاب کریں گے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : حضرت سید شاہ علی احمد پاشاہ قادریؒ کا عرس شریف 5 جون بروز جمعہ بمقام بارگاہ احمد گلشن کاماٹی پورہ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر قرآن خوانی ، بعد نماز مغرب گل افشانی اور بعد نماز عشاء محفل نعت و سماع ہوگی ۔۔

جامعتہ الحرمین الشریفین العربیہ
الاسلامیہ النموذجیۃ کا تیسرا سالانہ جلسہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : جامعتہ الحرمین الشریفین تارناکہ حیدرآباد کا تیسرا سالانہ جلسہ 7 جون کو اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم باغ عامہ میں صبح 10 بجے مقرر ہے ۔ اس جشن میں نائب وزیر اعلی جناب میر محمود علی و حیدرآباد کے سرکردہ علماء کرام و ذمہ داران جامعات و یونیورسٹی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے ۔ صدارت مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ کریں گے ۔۔

جامعہ نظامیہ اور سیاست کے زیر
اہتمام تحریری و تقریری امتحان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : جامعہ نظامیہ و سیاست کے زیر اہتمام دینی تعلیمی گرمائی کورس کا امتحان تحریر و تقریری منعقد ہوا۔ جس میں تحریری امتحانات 67طلباء و طالبات اور زبانی 59طلبہ نے مرکز محبوبیہ اسلامی اسکول نزد بنگلہ بینی بیرون دبیر پورہ نے دیا۔ اس موقع پر جناب فتح محمد نے معائنہ کیا اور مفکر اسلامی حضرت مولانا مفتی خلیل احمد ( شیخ الجامعہ ) جامعہ نظامیہ اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کی ستائش کی اور کہا کہ گرمائی تعطیلات کے موقع پر دینی تعلیمی کورس اور آداب زندگی سکھانے کا زرین موقعہ سے استفادہ کیا اور ایک ایسا نصاب مرتب کیا جو بچوں اور بڑوں اور سبھی کیلئے ضروری ہے۔ مولانا قاری محمد دستگیر خاں قادری ناظم محبوبیہ اسلامی اسکول دبیرپورہ نے رہنمائی کی۔ ممتحن کے فرائض جناب محمد غوث الدین، محترمہ عظیم النساء ، جناب سید غیاث پاشاہ قادری ، محترمہ بشریٰ سلطانہ ، محترمہ سمرین فاطمہ، محترمہ ثناء بیگم نے انجام دیئے۔ تمام طلباء و طالبات کے نتائج 6جون کو مقرر ہیں۔ 6جون کو مرکز پر صداقت نامہ جات اور انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔

محفل نعت پاک
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون : ( راست ) : محفل نعت پاک ﷺ بسلسلہ سالانہ فاتحہ مولانا غلام محمد قریشی قادری قبلہ 17 شعبان بعد نماز عصر بمقام قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد۔/4جون، ( راست ) 430 واں عرس شریف حضرت محمد جلال الدین قادری امعروف اجالے شاہ صاحب ؒ کا 17شعبان 5جون بروز جمعہ بمقام احاطہ درگاہ شریف موتی تالاب موضع رائے درگ اولڈ ممبئی روڈ مقرر ہے۔ پروگرام کے مطابق بعد عصر قصیدہ بردہ شریف، بعد مغرب جلوس صندل مالی، بعد عشاء تبدیلی غلاف مبارک، پیشکشی چادر گل دعاء و سلام ہوگا۔ بعد ازاں محفل سماع ہوگی۔18شعبان 6جون ہفتہ کو بعد عشاء محفل سماع ہوگی۔

نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد۔/4جون، ( پریس نوٹ) بزم عاشقان رسول و دبستان عدیل ماہانہ نعتیہ مشاعرہ بضمن استقبال رمضان المبارک 6جون بروز ہفتہ رہائش گاہ بیت النعت چنچلگوڑہ بعد عشاء مقرر ہے۔ نگرانی حکیم مزمل احمد ساجد کریں گے۔ شبیر علی خاں شبیر نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ بانی بزم سید شاہ مسرور عابدی شرفی القادری بہ پابندی وقت شرکت کی خواہش کی ہے۔