مذہبی خبریں

جامع مسجد دارالشفاء میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا تیسرا تربیتی اجتماع اتوار 7 جون کو 10-30 بجے دن تا 4-30 بجے شام جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ علمائے کرام و ماہرین امور حج ، فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبویؐ مدینہ منورہ بیان کریں گے ۔ قرات کلام پاک اور نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ احرام باندھنے کا طریقہ سکھایا جائے گا ۔ سفر حج سے متعلق مختلف اہم امور کی تفصیلی وضاحت کی جائے گی ۔ تمام منتخب عازمین حج سے بپابندی وقت شرکت کرنے اوراپنے ساتھ نوٹ بک اور قلم لانے کی گزارش کی گئی ہے ۔ خانگی ٹور آپریٹرز کے توسط سے جانے والے عازمین بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔ خواتین کے لیے پردہ کا معقول انتظام کیا گیا ہے ۔۔

حضوراکرم ﷺ کی محبت و تعظیم ہی عین ایمان اور نجات کا مژدہ
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب برات ،مولانا شیخ غلام رسول حامی ، مفتی لیاقت حسین علی خاں قادری کے خطابات
حیدرآباد۔3 /جون ( راست ) دنیا میں اللہ تعالیٰ نے یوں تو کئی انبیاء کو لوگوں کی ہدایت کیلئے مبعوث فرمایا لیکن کسی نبی کو وہ فضیلت عطا نہیں فرمائی جو ہمارے پیارے آقا نبی مکرم محمد مصطفی ﷺ کو عطا کی گئی ۔ نبی کریم ﷺ کو جس طرح کی معراج کرائی گئی اُس طرح کسی نبی کو اللہ تعالیٰ نے ایسی معراج عطا نہیں کی ‘ کسی نبی اور اُمت کو شب برات اور شب قدر اور قرآن پاک جیسی عظیم ترین کتاب عطا نہیں کئی گئی جو اُمت محمدیہ کو عطا کی گئی ۔ شب برات کی عظیم رات اُمت محمدیہ کیلئے ایک عظیم نعمت کا درجہ رکھتی ہے جس میں سال بھر کے حالات بارگاہِ خداوندی میں پیش ہوتے ہیں اور اسی رات انسانوں کا نئے دفتر کا آغاز کیا جاتا ہے اور اسی رات رب ذوالجلال اپنی رحمت بیکراں سے اپنے گناہ گار بندوں کو اپنے حبیب پاک ﷺ کے صدقہ میں مغفرت فرمادیتا ہے اور اُمت محمدیہ کیلئے خیر و بھلائی کے دروازے کھول دیتا ہے ‘یہ نبی پاک ﷺ کا ہی صدقہ ہے کہ اُنہیں کے طفیل ہمیں یہ عظیم ترین راتیں اور ان کی قیمتی رحمتیں و نعمتیں نصیب ہوئی ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے 14ویں سالانہ مرکزی جلسہ شب برات بعد نماز عشاء ، چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ سے مہمان عالم دین ‘ مفکر اسلام مولانا شیخ غلام رسول حامی مدظلہ ‘ (پروفیسر چانسلر شیخ العالم ریسرچ یونیورسٹی ْ کشمیر و امیر کاروانِ اسلامی اہل سنت وجماعت کشمیر )نے اپنے خطاب میں کیا ۔محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی) نے مہمان مقررین کرام و مشائخین عظام کا پرجوش استقبال کیا ۔ مولانا نے اپناخطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم بڑے خوش نصیب ہیں کہ ہم اُمت محمدیہ میں پیدا کئے گئے ہیں اور ہم سوادِ اعظم کی اتباع کرتے ہیں ‘ اور خوش نصیبوں کو ہی یہ نعمتیں نصیب ہوتی ہیں ۔ آج دنیا میں ہر طرف مسلمان مصائب و آلام کا شکار ہیں میں اُن سے گذارش کرونگا کہ وہ عشق رسول ﷺ کا دامن مضبوطی سے تھامے رہیں جو زندگی کے ہر موڑ پر کامیابی و کامرانی کا ضامن ہے۔ جلسہ کی سرپرستی مولانا سید شاہ محمد قادری ملتانی ‘ نگرانی مولانا سید خلیل علی شاہ بابا قدرتی محبوبی ، قیادت جناب محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق شرفی ، جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ایڈوکیٹ نے شرکت کی ۔ جلسہ کا آغاز حافظ شیخ حسین قادری ملتانی کی قراء ت سے ہوا ۔ حافظ و قاری ملک اسمٰعیل علی خاں ، محمد عمران رضا ہدیہ نعت پیش کیے ۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی انجام دئیے ۔ سرزمین نیپال کے نامور عالم دین ‘ مفکر اسلام مولانا مفتی لیاقت حسین علی خان قادری (صدر تحریک تحفظ ِ سنیت نیپال ) نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ دورِ حاضر میں گمراہی پھیلانے والی جماعتوں کی کثرت ہوچکی ہے یہ جماعتیں سنت اور احادیث کا انکار کرتی ہیں ۔زیارتِ قبور جو سنت رسول ﷺ ہے اور احادیث سے ثابت ہے یہ جماعتیں اس کا انکار کرتی ہیں ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سنت نبوی ﷺ کوہی اپنی زندگی کامقصد بنالیں ‘نمازوں کی پابندی اور شریعت کے ہر حکم پر چلتے ہوئے اپنی دنیا و آخرت کو سنوارلیں ۔ انہوں نے ڈاکٹر آر ۔کے ۔تھامن نامی شخص کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر آر کے تھامن نے تقریبا تیس سال تمام عالم کے مذاہب پر ریسرچ کی اور جب اُنکی تیس سالہ ریسرچ پایہ تکمیل کو پہونچی تو انہوں نے لکھا کہ میں نے اپنی 30سالہ ریسرچ کا نچوڑ صرف اور صرف ایک سطر میں پایااور وہ سطر’’ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ‘‘ ہے ڈاکٹر تھامن نے کہا کہ یہ دیکھنے میں ایک سطر ہے لیکن اس کی اہمیت اور اس کا وزن اہل علم اور اہل نظر ہی سمجھ سکتا ہے ۔ مقامی علمائے کرام میں مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ آج کی رات برات یعنی چھٹکارے کی رات ہے اس عظیم رات میں بندوں کے اعمال اللہ کے حضور پیش کئے جاتے ہیں اور آج کی رات تمام انسانوں کا رزق ‘ بیماری تندرستی ‘ فراخی ‘ تکلیف و راحت یہاں تک کہ ہر وہ شخص جو اس سال پیدا ہونے والا ہے اور مرنے والا ہے اس کا مقرر ہ وقت بھی آج کی رات لکھ دیا جاتاہے ۔ اس مہینہ کو یہ بھی فضیلت حاصل ہے کہ اس مہینہ میں آیت صلواۃ نازل ہوئی ۔ جس میں اللہ پاک اور اسکے فرشتے اپنے حبیب ﷺ پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور اہل ایمان کو بھی نبی پاک ﷺ پر کثرت سے درود و سلام پڑھنے کی تاکید فرمائی گئی۔ مولانا نوجوانوں سے عہد لیا کہ وہ دورِ حاضر کی بیہودہ مغربی تہذیب کے اثرات سے بچتے ہوئے والدین کے فرمانبردار بنیں ‘ نماز کا پابند بنیں ‘ شادیوں میں بیجا اصراف سے بچیں‘ گھوڑے جوڑے کی لعنت سے بچیں‘ اپنے آپ کو سنت نبوی ﷺ میں ڈھال کر زندگی گذاریںتاکہ اُنکی دنیا و آخرت دونوں کامیاب ہوجائیں ۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری چشتی نظامی (نائب صدر کمیٹی ) نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام کے بعد مہمان مقرر مولانا غلامی رسول حامی کی عالم اسلام کے مسلمانوں بالخصوص فلسطین ‘ عراق ‘مصر ‘شام‘ کشمیر ‘ برما ‘میانمار کے مسلمانوں کیلئے رقت انگیز دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔

جامعۃ المومنات کا تربیتی اجتماع برائے خواتین
فارغات کو اسناد و خلعتیں ، جائزہ اجلاس ، مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ /3 جون (راست) جامعۃ المؤمنات کا سالانہ ریاستی تربیتی اجتماع برائے خواتین کا جائزہ اجلاس جامعۃ المومنات مغلپورہ میں ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز مؤمناتی معتمد استقبالیہ نے اجلاس کو بتایا کہ تیاریاں مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ جامعہ کے 255 فارغ التحصیل طالبات کو خلعتیں اور ایوارڈس ، سلور میڈلس ، اسناد اور دیگر امور کا تمام آخری مرحلہ میں ہیں ، انجمن اصلاح البنات کے کارکن /3 جون سے دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں تعارفی اجتماعات کو مخاطب کریں گے ۔ اضلاع سے آنے والے مندوبین کے قیام و طعام کا نظم جامعۃ المؤمنات کی جانب سے رہے گا ۔ ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین صدر استقبالیہ نے بتایا کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ الحاجہ شمس زاہد علی خاں ، الحاجہ حنیفہ پروین ، الحاجہ فریدہ بانو ، الحاجہ عطیہ نور الحق ، الحاجہ این شہناز اور دیگر شرکت کریں گے ۔ جامعۃ المومنات کے سالانہ امتحانات میں جماعت واری سطح سے اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والی طالبات کو انجمن کی جانب سے ایوارڈس دیئے جائیں گے ۔ تہمینہ تحسین نے اجلاس کو بتایا کہ اس اجتماع میں حضورؐ کی سنتوں کو عملی طور پر معلمات جامعۃ المؤمنات پیش کریں گے ۔ نیز تمثیلی شرعی عدالت ، فقہی مذاکرہ ، علمی مباحثہ کے علاوہ میت کو غسل و کفن دینے کا عملی مظاہرہ پیش کیا جائے گا ۔

جامعۃ المؤمنات میں جلسہ شب برأت برائے خواتین کا انعقاد
حیدرآباد ۔ /3 جون (راست) ڈاکٹر مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے مرکزی جلسہ شب برأت برائے خواتین کا اجتماع منعقدہ جامعۃ المؤمنات مغلپورہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان رمضان المبارک کا باب الداخلہ ہے ۔ اس مہینہ میں شب برأت کے نام سے ایک فضیلت والی رات پائی جاتی ہے اس میں بندوں کے لئے خاص مغفرت ہے اور یہ دعاؤں کی قبولیت کی رات ہے اس رات کے مختلف نام ہیں اس کو لیلۃ المبارکہ بھی کہا جاتا ہے ۔ محترمہ رضوانہ زرین زید نے کہا کہ مسلم خواتین کو چاہئیے تمام گناہوں سے اجتناب کریں ہمیشہ اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل کریں ۔ جلسہ کا آغاز مفتیہ سمیرہ خاتون کی قرأت ، قاریہ ناز محمدی کی نعت شریف سے ہوا ، نظامت کے فرائض مفتیہ رقیہ شکیل خاں مؤمناتی انجام دیئے ۔

جلسہ فیضان
سیدنا بابا شرف الدین سہروردیؒ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام حضرت سیدنا بابا شرف الدین سہردوریؒ کے عرس پاک کے موقع پر 4 جون کو احاطہ درگاہ حضرت مسکین شاہ باباؒ پہاڑی شریف ضلع رنگاریڈی بعد نماز عشاء زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہلسنت و جماعت جلسہ فیضان حضرت سیدنا بابا شرف الدین سہروردیؒ منعقد ہوگا ۔ جناب ابوبکر بن محمد جناب سید مطاہر ملتانی ، جناب شیخ ریاض ، جناب سید حسین قادری ، جناب معز قریشی ، جناب حافظ شیخ یسین قادری نعت شریف و منقبت پاک پیش کریں گے ۔ مولانا سید عبدالواسع نقشبندی و چشتی ، مولانا محمد امجد نقشبندی ، جناب نوید بیابانی ، جناب مرزا شاہنواز بیگ قادری ، جناب محمد بن علی چشتی پاشاہ بھائی کے خطابات ہوں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 4 جون بروز جمعرات کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد زکریا فہد قاسمی ، جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ جلسہ کی کارروائی مفتی یوسف خاں چلائیں گے ۔ مفتی الیاس قاسمی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

مدرسہ دینیہ رحمت العلوم کا جلسہ تقسیم اسناد
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : مدرسہ دینیہ رحمت العلوم کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد 6 جون کو 10 بجے دن زیر نگرانی مفتی محمد محبوب شریف نظامی منعقد ہوگا ۔ مولانا حامد محمد خاں امیر جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ اور مولانا حسام الدین مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ مختلف شعبہ میں کامیاب طلباء وطالبات میں تقسیم اسناد اور حافظ طلباء کی دستار بندی اور حافظ طالبات کی ردا پوشی ہوگی ۔۔

نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : عرس حضرت بابا شرف الدین سہروردیؒ کے موقع پر غیر طرحی سالانہ نعتیہ مشاعرہ 7 جون کو 9 بجے کاشانہ حسینی احاطہ درگاہ شریف میں منعقد ہوگا۔ مولانا سید شاہ قبول بادشاہ قادری شطاری ادیب نگرانی کریں گے ۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری معتمد مشاعرہ ہوں گے ۔ شہر کے شعراء کرام کلام سنائیں گے ۔ مشاعرہ سے قبل جلسہ سیرت اولیاء مقرر ہے ۔ نگرانی حافظ پیرزادہ سید ابرار احمد الحسینی سہروردی کریں گے ۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری خطاب کریں گے ۔۔

محفل ذکر
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : ماہانہ محفل خانقاہ کرم دستگیر پر 4 جون کو بعد نماز مغرب فرسٹ لانسر میں مقرر ہے ۔ نگرانی محمد مقبول شاہ قادری چشتی کریں گے ۔۔

جلسہ فیضان و اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 16 شعبان کو بعد نماز مغرب اجتماع اور بعد نماز عشاء جلسہ فیضان سلطان العارفین قطب العاشقین حضرت خواجہ بایزید بسطامیؒ زیر صدارت حافظ مولانا غلام احمد قریشی مجددی ، قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) ، ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 4 جون بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : حضرت سید شاہ محمد حسین ہاشمی المعروف دیوانے سیاںؒ ، شمس آباد ( عیدگاہ قدیم ) 4 جون مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب جامع مسجد شمس آباد سے صندل برآمد ہو کر درگاہ شریف حضرت ممدوح پہنچے گا۔۔

غلامانِ محمد دنیا کی باطل طاقتوں سے خوف زدہ نہیں ہوتے
میلاد کمیٹی کے مرکزی جلسہ شب برات سے مہمان مقرر نورانی میاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : جو سچے اور پکے غلامان مصطفیؐ ہیں وہ کبھی بھی اور کسی بھی دنیا کی باطل طاقتوں سے خوف زدہ نہیں ہوتے ۔ آج ملک کے مختلف گوشوں سے مسلمانوں کے خلاف نت نئی سازشیں رچائی جارہی ہیں ۔ کبھی گھر واپسی کے طعنے دئیے جارہے ہیں تو کبھی تبدیلی مذہب کے نام پر ہمارا استحصال کیا جارہا ہے ۔ مسلمانوں کو ان سازشوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ صرف ہمارا مقصد حیات یہ ہونا چاہئے کہ ہم اللہ اور اس کے رسولؐ کو کسی طرح راضی کرلیں ۔ اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم سنتوں پر سختی سے عمل پیرا ہوجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید محمد نورانی میاں اشرفی الجیلانی ( کچھوچھوی شریف ) نے کل شام کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام میلاد میدان روبرو خلوت پیالیس میں 44 ویں مرکزی جلسہ شب برات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ جس کی نگرانی الحاج خواجہ معین الدین قادری الملتانی ( صدر مرکزی میلاد کمیٹی ) نے کی ۔ مولانا سید محمد نورانی میاں نے مزید کہا کہ ہمارا دنیا میں آنے کا مقصد اللہ کی عبادت ہے ہم اپنے مقصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں ۔ ہر وہ کام جس سے اللہ راضی ہو وہ عبادت ہے ۔ مولانا نے مختلف مثالوں کے ذریعہ نماز پڑھنے اور نماز کو قائم کرنے کا فرق بھی بتایا ۔ مولانا نے کہا کہ زکواۃ اپنے مال اور خیال دونوں کو پاک کرتا ہے ۔ اپنی زکواۃ کے ذریعہ یتیموں ، بیوگان اور معذورین کی زیادہ سے زیادہ مدد کرو ۔ مولانا ضیا الدین نقشبندی نے کہا کہ آج کی رات اللہ تبارک و تعالیٰ زانی ، سود خور اور قتل و غارت گری کرنے والے کو معاف نہیں کرے گا ۔ آج کی اس مقدس رات میں سچے دل سے اپنے گناہوں کو قبول کرتے ہوئے بارگاہ خداوندی سے توبہ طلب کریں ۔ مولانا محمد آصف عرفان قادری نے کہا کہ آج کی رات اپنے کئے گئے چھوٹے بڑے گناہوں کو یاد کرو اور سچے دل اور عقیدت کے ساتھ اپنے گناہوں سے توبہ کرلو ۔ آج کی اس مقدس رات سے استفادہ کرلو نجانے پھر یہ رات میسر ہوگی کہ نہیں ۔ مولانا نے مزید کہا کہ نبی ؐ کے اوصاف ، نبیؐ کے کردار اور نبیؐ کے اخلاق کو اپنانے کی کوشش کریں تو خود بخود ہماری زندگیوں میں حیرت انگیز تبدیلی آئے گی ۔ جلسہ کا آغاز قاری اسد اللہ شریف کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب شیخ فاروق ایمانی ، جناب مخدوم جمالی ، جناب معلم سعد قادری ، جناب شیخ حذیفہ العمودی ، جناب شیخ رافع العمودی نے نعت شریف پیش کیا ۔ جناب سید محمد شجاعت حسین ، جناب محمدشاکر احمد ، جناب شیخ عبید بن عثمان العمودی ، جناب محمد مشتاق علی ، جناب نذیر احمد خاں ایڈوکیٹ ، جناب خضر محمد خاں ایڈوکیٹ ، جناب آدم اشرفی ایڈوکیٹ نے جلسہ کے انتظامات کی نگرانی کی ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ نے خطبہ استقبالیہ پڑھا ۔ نظامت جناب شعیب احمد شعیب نے کی اور شکریہ ادا کیا ۔۔

مسلمانوں کو قرآن اور سیرت نبویؐ کے مطابق زندگی گذارنے کا مشورہ
بزم رحمت عالم کا جلسہ شب برأت ، مفتی محمد شہروز عالم و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 3 جون (دکن نیوز) مولانا مفتی محمد شہروز عالم اکرمیؔ نے کہا کہ اُمت مسلمہ کو اس بات کا فخر حاصل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری نبی محمد عربیؐ کی اُمت میں ہمیں شامل کیا تاکہ روز قیامت آپؐ کی اتباع و اطاعت کرتے ہوئے جنت کے حق دار بن سکیں۔ وہ محفلیں بڑی ہی اہمیت کی حامل ہوا کرتی ہیں جس میں اللہ کے بندے اس کے حبیب پاک کی پاکیزہ زندگی، قرآن کی آیات اور انبیاء علیہ السلام کے واقعات کو سنتے اور سمجھتے ہیں اور اس بات کا تہیہ کرتے ہیں کہ آئندہ بسر ہونے والی زندگی ان کے نقش قدم پر چل کر گذاریں گے۔ اس لئے نورانی محفلوں کو اللہ کے فرشتے گھیر لیتے ہیں اور ان کے لئے پروانہ نجات سنایا جاتا ہے کہ ائے فرشتو! گواہ رہو کہ میں نے ان کے تمام گناہوں کو معاف کردیا۔ سال میں ایک بار یہ گناہوں سے معافی دلوانے کیلئے آیا کرتی ہے۔ اس رات مسلمان فیصلہ کرلیں کہ آئندہ جو بھی زندگی گذرے گی، پاکیزہ زندگی ہوگی۔ ان راتوں کو غنیمت جانتے ہوئے تہیہ کرلو کہ اپنی زندگی قرآن اور سیرت نبویؐ کے مطابق گذاریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمد شہروز عالم کل رات مرکزی جلسہ شب برأت سے کیا جو کل ہند بزم رحمت عالم کے زیراہتمام قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوا۔ ایم اے مجیب ایڈوکیٹ صدر کل ہند بزم رحمت عالم نے صدارت کی۔ حافظ و قاری سید ناظم الدین قادری ملتانی کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ محمد اکرم، حافظ محمد خان نقشبندی اور کمسن نعت خوان شیخ توحید نوری (بیدر) نے نعتیش پیش کیں۔ بیرونی عالم دین مولانا مفتی شہروز عالم نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ ہر وقت رب کے حضور دعائیں مانگا کریں۔انہوں نے کہا کہ قرآن سے اپنے تعلق کو مضبوط کرلیں جس میں انسانی زندگی گذارنے کے تمام تر طریقے موجود ہیں، لیکن مسلمانوں نے اس کتاب کے ساتھ غفلت برتی۔ اس کتاب کی عظمت و جلال کا عالم یہ ہے کہ خود اللہ فرماتا ہے کہ اگر ہم اس کتاب کو کسی پہاڑ پر نازل کرتے تو وہ اس کی ہیبت سے لرز جاتا لیکن انسان ہے جو اسے سنبھالے رکھا ہے۔ مولانا خواجہ رضی الدین قادری نے کہا کہ مسلمان ان دنوں نفس و شیطان کی شرارتوں میں پھنستے جارہے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے گناہ تو نیکیوں کے ذریعہ معاف ہوجاتے ہیں لیکن بڑے گناہ توبہ اور اللہ کے کرم سے ہی معاف ہوتے ہیں۔ مولانا واحد علی استاد جامعہ نظامیہ نے کہا کہ اگر ہم اللہ کی نشانیوں پر غور کریں تو خود اپنے جسم میں اس کی بہت ساری نشانیاں واضح طور پر نظر آنے لگتی ہیں اور انہیں دے کر وہ پکار اُٹھے گا کہ مالک جو نعمتیں مجھے دی ہیں، اس پر جتنا شکر بجالائیں کم ہے۔ مولانا بدر جمال صدیقی نے کہا کہ اس رات کی فضیلت یہ ہے کہ اہل ایمان اگر صدق دل کے ساتھ رب کے حضور توبہ و گناہوں پر نادم ہوتے ہیں تو وہ ضرور ان کی توبہ کو قبول کرتا ہے۔ آج کی رات اللہ سے گریہ زاری کرنے اور اسے منانے کی رات ہے۔ ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کل ہند بزم رحمت عالم کے زیراہتمام کئے جانے والی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ سید قیام الدین جنیدی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔