مذہبی خبریں

مجلس غوثیہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : درگاہ شریف حضرت جہانگیر پیراںؒ خانقاہ نورانی قادری باغ میں ماہانہ مجلس غوثیہ 4 اگست بروز جمعرات کو مقرر ہے ۔ نگرانی حضرت سید شاہ اکرام حسین قادری نقشبندی کریں گے ۔ بعد نماز ظہر ختم القرآن مجید محفل درود شریف و ختم قادریہ مقرر ہے ۔ وعظ کے بعد محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 4 بجے جلوس غلاف مبارک و چادر گل درگاہ شریف پر پیش کی جائیگی ۔ بعد نماز عصر خصوصی دعا ہوگی ۔۔

نیاز پیران پیرؒ و ماہانہ فاتحہ قبول پاشاہ زرین کلاہؒ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : نیاز شریف حضور پیران پیرؒ و ماہانہ فاتحہ جگر گوشہ غوث الثقلین حضرت سید شاہ محمد قبول پاشاہ قادری چشتی زرین کلاہ گوشہ نشین خانقاہ قبول مصطفوی نور خاں بازار میں 4 اگست بعد مغرب زیر نگرانی مولانا سید ابراہیم قادری فاروق پاشاہ زرین کلاہ سجادہ نشین مقرر ہے ۔ بعد مغرب محفل نعت و میلاد خوانی بعد نماز عشاء پیشکشی چادر گل ختم قادریہ و سلام و دعا پر اختتام عمل میں آئیگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کی اطلاع کے بموجب 4 اگست بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا سید احمد ومیض ندوی قادری مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

 

حضرت سید سعد اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادری کا سانحۂ ارتحال
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : یہ خبر انتہائی رنج وملال کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ حضرت سید سعد اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادریؒ نبیرہ ٔ حضرت محدث دکنؒخلیفہ وفرزند ِ اصغر حضرت ابو الخیر سید رحمت اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادری کا طویل علالت کے بعد بروز چہارشنبہ، 3؍اگسٹ کوسانحۂ ارتحال ہوگیا ۔ آپ کی عمر (54) سال تھی ۔ نماز جنازہ بروز جمعرات بعد نماز ظہر مکہ مسجد میں ادا کی جائے گی اور تدفین نقشبندی چمن،مصری گنج حیدرآباد میں عمل میں آئے گی۔نماز ظہرایک بجے ہوگی۔آپ مولانا ڈاکٹر سید صبغت اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادری خلیفہ حضرت ابو الخیر وجانشین ِ محدث دکنؒ کے برادر اصغر تھے۔ تفصیلات فون نمبر 9949361879پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔

عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کے لیے تربیتی اجتماع اتوار 7 اگست کو صبح 10 تا 2 بجے دن جامع مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور صدارت کریں گے اور سفر حج سے متعلق اہم امور ، مرکزی حج کمیٹی اور حکومت ہند و حکومت سعودی عربیہ کی نئی ہدایات سے واقف کروائیں گے ۔ مولانا سید قبول پاشاہ شطاری ، مفتی خلیل احمد ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی ، مولانا احسن الحمومی جواد اور سید منیر الدین مختار فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کریں گے ۔ احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا جائے گا اور اس کی شرائط بیان کی جائیں گی ۔ اس موقعہ پر غلاف خانہ کعبہ کی زیارت کروائی جائے گی ۔۔

 

علوم قرآن اور علوم حدیث سے نسبت ہر مومن کے لیے ناگزیر
جامعہ فیض الاسلام میں جلسہ افتتاح درس بخاری شریف سے مولانا عبدالحمید قاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : انسان کے اعمال میں جب تک خلوص و للہیت اور رضائے الہی مقصود نہ ہو اس وقت تک وہ بیکار ہے ۔ اللہ تبارک کثرت اعمال کو نہیں دیکھتا ہے بلکہ اخلاص کو دیکھتا ہے اور اسی اعتبار سے اعمال کا صلہ مرتب کرتا ہے ۔ اس بات کا اظہار مولانا محمد عبدالحمید قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم الرحمانیہ نے جامعہ فیض الاسلام سلامی اسٹریٹ وٹے پلی فلک نما میں منعقدہ جلسہ افتتاح درس بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ کی صدارت بانی و مہتمم جامعہ مولانا محمد عبدالغفار خاں سلامی و حسامی نے کی اور نگرانی قاری محمد عبدالرحمن خاں ندیم سلامی نے کی ۔ مولانا نے کہا کہ حدیث سے نسبت اور لگاؤ ہر مسلمان کا ہونا ضروری ہے کیوں کہ علوم قرآن کے بعد علوم حدیث ہی سرچشمہ ہدایت ہے ۔ حدیث سے دوری گمراہی ہے اس موقع پر مفتی کوثر قاسمی ، مفتی معین الدین بانکوی حسامی اور مولانا تعظیم الدین قاسمی نے بھی خطاب کیے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ صغیر احمد کی قرات اور متعلم جامعہ محمد ابراہیم سلامی کی نعت خیر الانامؐ سے ہوا اور مولانا عبدالحمید کی دعا پر اختتام عمل میں آیا ۔۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : تحریک اسلامی کا اجتماع 4 اگست کو بعد نماز عشاء 9 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اجتماع کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مبلغین تحریک نعتؐ پیش کریں گے ۔ اور مولانا محمد فاروق قادری کا خطاب ہوگا ۔۔

مجلس ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : مجلس ماہانہ فاتحہ حضور سیدنا غوث الثقلین ؓ و حضرت پیر شاہ محمد قاسم المعروف شیخ جی حالی قبلہ ابوالعلائیؒ حضرت پیر صوفی سید شاہ عثمان علی قادری ابوالعلائی المعروف بہ حضرت حاجی پاشاہ قبلہؒ 4 اگست کو آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی پنچ محلہ بعد نماز عشاء فاتحہ خوانی و محفل سماع 9 بجے تا 10 بجے شب زیرنگرانی صوفی سید شاہ افتخار محی الدین قادری ابوالعلائی منعقد ہوگی ۔۔

خاتون عازمین حج کا آج تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام خواتین عازمین حج کے لیے تربیتی کلاس 4 اگست بروز جمعرات کو صبح 10 تا 2 بجے دن مدینہ ایجوکیشن سنٹر ، خواجہ معین الدین ہال روبرو باغ عامہ نامپلی زیر نگرانی محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مقرر ہے ۔ آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ خواتین عازمین حج کو عمرہ ، حج اور آداب زیارت مدینہ منورہ کے علاوہ وضو ، غسل اور پاکی کے مسائل بھی عملی طور پر چارٹس اور ماڈلس کے ذریعے بتائیے جائیں گے اور محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی ، محترمہ رحمت النساء فاروقی ، محترمہ عزیزہ محبوب و دیگر خواتین کو مخاطب کریں گی ۔ عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ حد تک چھوٹے بچوں کو ساتھ نہ لائیں اور پن کاپی ضرور ساتھ رکھیں تاکہ اہم نکات نوٹ کیے جاسکیں ۔ حج کمیٹی و پرائیوٹ سے جانے والے دونوں شرکت کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9618254762 ۔ 9247240425 پر ربط کریں ۔۔

جشن وارث
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( راست ) : جشن وارث نعتیہ مشاعرہ 4 اگست کو 9 بجے شب وارث گلشن کاماٹی پورہ بنڈل گوڑہ عثمان باغ زیر نگرانی جناب یزدانی حافظ وارثی مقرر ہے ۔ محمد برہان وارثی ، افضل عارفی ، سید مصطفی علی سید ، میر فاروق علی ظہیر ، مومن وارثی ، ظفر قادری ، مہمانان خصوصی شرکت کرینگے ۔ سید شاہ مسرور عابدی شرفی القادری ناظم مشاعرہ ہوں گے ۔ مدعو شعراء بارگاہ رسالت مآبؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔۔