مذہبی خبریں

عازمین حج و عمرہ کی تربیت و رہنمائی ایک فریضہ کی تربیت
حج و عمرہ تربیتی کورس کا افتتاحی جلسہ ، مفتی سید آصف الدین ندوی کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 مئی (پریس نوٹ) موجودہ دور کو اپنی ترقیات و سائنسی ایجادات و انکشافات کے لحاظ سے ترقی یافتہ زمانہ سمجھا جارہا ہے اور اس ترقی نے جہاں بہت سارے فوائد پہنچائے ہیں، وہیں ان کا نقصان یہ ہے کہ دین اور دینی اعمال کی روح ان سے متاثر ہورہی ہے۔ دینی تعلیم، اسلامی تربیت کے لئے اس کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ان ایجادات و انکشافات سے دینی تربیت کا کام لیا جائے، اسی مقصد کے پیش نظر مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سیکریٹری لبیک سوسائٹی نے آڈیو سی ڈی ترتیب دی ہے جس میں حج و عمرہ کے مسائل، حج و عمرہ کی خصوصی دعائیں مع ترجمہ و ترجمانی، مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کی جدید و مفید معلومات کو سلیقہ سے بیان کیا گیا ہے جس کا رسم اجراء جناب سید شرف الدین صدر سوسائٹی نے انسٹیٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ مہدی پٹنم میں انجام دیا۔ قبل ازیں حج و عمرہ تربیتی کورس کے افتتاحی جلسہ میں مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی نے کہا کہ حج اسلام کے بنیادوں میں سے ہے اور اس کی تربیت و تعلیم دین کے ایک اہم شعبہ کی تعلیم و تربیت ہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج سعادت حج سے بہرہ ور ہوتے ہیں۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد۔ 13 مئی (راست) مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 14 مئی بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم، آزاد نگر، عنبرپیٹ میں زیرصدارت حافظ محمد ذکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ مقرر ہے۔ اس جلسہ کی کارروائی مفتی شیخ اسد اللہ یاسر حسامی چلائیں گے۔ جلسہ کا آغاز حافظ عبدالرحمن کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے۔ نماز ظہر 1:30 بجے ہوگی۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا۔

جفاکشی و دین کی قدر کرنے کا مشورہ
مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر ندوی کا خطاب
حیدرآباد /13 مئی ( دکن نیوز ) حضور اکرم ﷺ نے دنیا کے سامنے اسلام کا ایک ایسا جامع تصور پیش کیا جو گھر سے لیکر اقتدار تک اس دین ہدایات پر مبنی ہے اس دین سے ازل سے لیکر آج تک انسانیت فیوض و برکات سے مستفید ہوتے ہوئے آرہی ہے تاکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضا و خودشنودی حاصل کرسکے ۔ اسلام کی تعلیمات پر جو کوئی عمل پیرا ہوتا ہے تو ایسے افراد کو روز قیامت اللہ تعالی انعام و کرام سے نوازے گا ۔ نبی ﷺ نے دعوت دین جب صحابہ کرام کو پیش کیا تو انہوں نے من و عن آپ کی دعوت کو نہ صرف قبول کیا بلکہ آپ کی اطاعت و فرمانبرداری میں کوئی کسر باقی نہ رکھا ۔ صحابہ کرامؓ کی کہکشاں میں دس صحابی جنہیں عشرہ مبشرہ سے یاد کیا جاتا ہے ۔ نبی ﷺ نے دنیا میں ہی انہیں جنت کی بشارت سنائی ۔ یہ وہ صحابہؓ ہیں جن کے آپ نے راست تربیت کی ۔ جس کے نتیجہ میں وہ ظالموں کے ظلم کو سہے ، تکالیف کو برداشت کیا ۔ دین کو غالب کرنے کیلئے شب و روز جدوجہد بھی کی ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آج دنیا نئی کروٹ لے رہی ہے ۔ مغربی تہذیب کے افکار و خیالات کو ٹی وی اور دیگر ذرائع سے دیکھ کر وہ اسی کو اختیار بھی کر رہے ہیں ۔ آج ان نئی تہذیب کے افکار و افعال دوسروں کیلئے فائدہ مند ثابت ہونے کے بجائے جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں ۔ اس کے برخلاف نوجوان اگر اسلامی شعار و اخلاق کا اپنے آپ کو پابند بنائیں اور اپنے میں جفاکشی و دین کی قدر کرنے کی عادت پیدا کریں تو اس سے اللہ بھی راضی ہوگا اور ان کی آخرت بھی سنور جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر ندوی نے مسجد آمینہ پیراماونٹ کالونی ٹولی چوکی میں اجتماع سے کیا ۔

جلسہ سالانہ تکمیل حفظ قرآن الکریم
حیدرآباد /13 مئی ( راست ) حافظ محمد رفیق احمد حسامی ناظم مدرسہ عزیز العلوم ضیاء گوڑہ کے بموجب بروز جمعرات 14 مئی کو بعد نماز مغرب مدرسہ ہذا میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن مقرر ہے ۔ اس جلسہ کو عالم دین مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد مخاطب کریں گے ۔

جلوس عماری
حیدرآباد /13 مئی ( راست ) خادم سبیل وزیر علی کی جانب سے 27 رجب المرجب کو 9 بجے شب گول قبر دارالشفاء سالانہ استقبال جلوس عماری ہوگا ۔ اس موقع پر جناب میر فتح علی افسر مرثیہ خوانی کریں گے ۔ جبکہ مولانا سید لقمان حسین موسوی بیان کریں گے ۔
٭٭ جلوس عماری 27 رجب مطابق کو بعد مغرب حسینی محلہ نور خان بازار سے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا الاوہ سرطوق مبارک پہونچے گا ۔ جناب میر صابر علی زوار بانی و معتمد انجمن معصومین کی پرسوز نوحہ خوانی ہوگی ۔ جناب میر مختار علی زوار صدر انجمن نگرانی کریں گے ۔

آج مجلس حلقہ ذکر و فکر
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر بروز جمعرات بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع نزد خواجہ ہوٹل تاڑبن میں مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات ، بزرگ نعت خواں الحاج خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا اور خصوصی دعا ہوگی ۔۔

حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی واقع آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما میں بروز جمعرات کو بعد عشاء مقرر ہے ۔۔

درس تفسیر القرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : درس تفسیر القرآن برائے خواتین روزانہ 12 تا 3 بجے دن قیام گاہ جناب سید سمیع اللہ واقع روبرو مسجد قوت اسلام قاضی پورہ میں مقرر ہے۔ خواتین و طالبات سے شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ۔۔

اقراء قرات سوسائٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : قاری محمد عبدالقیوم شاکر کی اطلاع کے بموجب 14 مئی جمعرات کو بعد نماز مغرب قاضی پورہ اسٹور شاہ علی بنڈہ میں بصدارت قاری محمد عبدالقیوم شاکر اقراء قرات سوسائٹی کا ایک اجلاس مقرر ہے ۔ جس میں سالانہ سیدنا عثمان غنیؓ و سیدنا بلالؓ ایوارڈس قرات کلام پاک و اذان کے مقابلوں کے ضمن میں گفتگو کی جائے گی ۔ اور سوسائٹی کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا عبدالملک المظاہری صدر لجنتہ العلماء بروز جمعرات بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں جب کہ مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دیں گے ۔۔
٭٭ ڈاکٹر پروفیسر محمد مصطفی شریف چیرمین شعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی و ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ کا درس قرآن مجید انہی کے مکان واقعہ ڈیفنس کالونی عقب کے وی نمبر ایک لنگر حوض قریب مسجد غوثیہ میں جمعرات کو 9 بجے شب مقرر ہے ۔۔

عرس شریف
٭٭ سالانہ عرس شریف 25 مئی حضرت سید شاہ محفوظ قادری مغرب کے بعد میلاد خوانی اور غلاف چادر گل حاجی سید رضا علی پٹیل مارکٹ اردو گلی پتھر گٹی میں مقرر ہے ۔ سجادہ نشین متولی رسم انجام دیں گے ۔۔

جلسہ قرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : بضمن جشن معراج النبیؐ و عرس شریف حضرت سید شاہ اعظم علی صوفی قادری حسنی حسینی درویش صوفی اعظم قطب دکنؒ 14 مئی کو بعد نماز عشاء تصوف کدہ ، کبوتر خانہ قدیم ، حسینی علم ، جلسہ قرات زیر سرپرستی مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری مقرر ہے ۔ اس جلسہ قرات کی نگرانی مولانا محمد عبداللہ قریشی الازہری خطیب مکہ مسجد کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا شمس الدین زماں ، مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری ہوں گے ۔ اس جلسہ قرات میں قراء کرام اپنے مخصوص انداز میں تلاوت قرآن مجید سنائیں گے ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
مولانا محمد آصف بلال قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 14 مئی جمعرات کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک سے مرکزی اجتماع کا آغاز ہوگا ۔ مبلغین تحریک اسلامی نعت رسول پیش کریں گے ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا واقعہ معراج پر خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس کے بعد ذکرجہری و دعا ہوگی اور سلام بارگاہ سرکار مدینہ ﷺ پر اجتماع کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ اس کے علاوہ حلقے لگائے جائیں گے ۔ بعد ازاں قیام اللیل ہوگا شرکائے اجتماع رات سنی مرکز میں قیام کریں گے اور اذان فجر سے قبل تہجد کی نماز ہوگی ۔ اذان کے بعد علاقے میں صدائیں لگائی جائیں گی ۔ نماز کے بعد مختصر بیان ہوگا ۔۔

محفل نعت شہہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : جناب سید شاہ محمود حسین قادری نقشبندی کی نگرانی محفل نعت شہہ کونینﷺ 14 مئی بروز جمعرات بعد نماز عشاء عباسیہ سپلائنگ کمپنی ، موسیٰ باولی ، نزد اسٹیٹ بنک میں مقررہے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ محمد حسینی بندہ نوازی المعروف حسینی پاشاہ روبرو درگاہ حضرت سید خواجہ حسین شاہ ولیؒ شیخ پیٹ ٹولی چوکی کے پہلے دن کا پروگرام حسب نظام العمل ہوگا ۔ برآمد صندل مبارک 24 رجب 14 مئی بروز جمعرات بمقام کاشانہ حسینی کونچہ سلطان علی شاہ ملک پیٹ قدیم سے تین بجے زیر نگرانی سجادہ نشین سید قدرت اللہ حسینی بندہ نوازی قدیر پاشاہ ہوگا ۔ رسم صندل مالی پانچ بجے بدست سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ بعد نماز عشاء تناول تبرک و محفل سماع کا بمقام کاشانہ حسینی ملک پیٹ قدیم اہتمام رہے گا ۔۔

ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( راست ) : محمد رضوان اللہ یزدانی نقشبندی قادری کے بموجب حضرت پیر سید شاہ قدرت اللہ قادریؒ کی ماہانہ فاتحہ 14 مئی کو زیر نگرانی حضرت پیر سید شاہ دستگیر علی قادری کاشانہ دستگیر مصری گنج میں مقرر ہے ۔ بعدنماز عصر تلاوت قرآن مجید و قصیدہ بردہ شریف بعد نماز مغرب تا قبل از عشاء مجلس ختم قادریہ و ختم خواجگان اور حلقہ ذکر اللہ منعقد ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف احاطہ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ راجو قبلہؒ میں محفل نعت شریف و قصیدہ بردہ شریف بعد ازاں تبدیلی غلاف مبارک برمزار حضرت پیر سید شاہ قدرت اللہ قادری پیش کی جائے گی ۔۔

جشن مولود کعبہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : جناب اقبال عابدی کے بموجب 27 رجب کو 11 ساعت دن مناقب علی خلوت مبارک میں مقرر ہے ۔ جناب میر عنایت علی خاں عابدی مقیم نذری باغ نے اطلاع دی ہے کہ صبح 9 ساعت تا مغرب 27 رجب المرجب خلوت مبارک کھلا رہے گا ۔۔