مذہبی خبریں

واقعہ معراج النبیؐ ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس پر اجلاس، علماء کرام کا خطاب
حیدرآباد ۔6 ۔مئی (راست) معراج مصطفیٰ معجزاتِ نبویؐ سے ایک عظیم الشان معجزہ ہے ۔ اللہ رب العالمین نے انسانوں کی ہدایت کیلئے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء اکرام کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو اس دور کے لحاظ سے معجزات عطا فرمائے لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کو سراپا معجزہ بناکر مبعوث فرمایا ۔ دیگر نبیوں کو بھی معراج عطا فرمائی مگر جس شان کی معراج آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو عطا کی گئی، کسی اور نبی کوعطا نہیں ہوئی ۔ یعنی اللہ رب العزت نے اپنا دیدار کروایا ۔ یہ روحانی معراج کی بات نہیں بلکہ جسمانی معراج کی بات ہے جس کا ثبوت قرآن مجید اور احادیث میں بھی ہے ۔ جسمانی معراج کا منکر گمراہ و بد دین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے قادریہ اسلامک سنٹر، دبیر پورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام 16 مئی کو بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈ پر منعقد شدنی سالانہ عظیم الشان انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ ایک اجلاس سے کیا۔ اجلاس کا آ غاز حافظ و قاری شیخ حسین قادری ملتانی کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں محمد عبدالکریم نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ مولانا نے مزید کہا کہ واقعہ معراج النبیؐ صبح قیامت تک کیلئے ساری نبی نوع انسانی کیلئے قابل فخر معجزہ ہے اور عبدیت کی معراج کی فقید المثال کرامات ہے جس کے ذریعہ ساری انسانیت کیلئے اصلاحی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے اس عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد کو دورِ حاضر کی اہم ضرورت قرار دیا ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری (فاضل جامعہ نظامیہ ) نائب صدر کمیٹی نے معراج النبیؐ کانفرنس کے ذریعہ ملنے والے آفاقی پیغام پر روشنی ڈالی اور اس سے ملنے والی درس و نصیحت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ واقعہ معراج النبیؐ سے مکمل طور پر ملت اسلامیہ کا ہر فرد آگاہ رہے ۔ معراج النبیؐ کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ اپنے عقائد و اصلاح کیلئے صحیح سمت متعین کرسکے۔ جناب محمد شاہد اقبال قادری (صدر حمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی اپنی 20 سالہ تاسیس کے موقع پر اس شب معراج النبیؐ کو انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس منعقد کر رہی ہے جس میں بالخصوص فلسطین ، سری لنکا اور پاکستان کی مشہور و معروف اکابر علماء کرام کی آمد متوقع ہے جبکہ مقامی علماء کرام کی بھی شرکت ہوگی۔ عنقریب بیرونی علماء کرام کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی کانفرنس کی شاندار تاریخ کے بعد پھر ایک بار چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈ پر لاکھوں کے مجموعہ کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ کمیٹی نے لاکھوں مسلمانوں کی اصلاح و تربیت کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی عظیم ترین علمائے کرام کے بصیرت افروز خطابات کے ذریعہ نوجوان نسل کو دور حاضر کے گمراہ فرقوں اور مغربی تہذیب کے اثرات سے بچا کرایک حقیقی مسلمان اور ایک صالح معاشرہ کی تشکیل کمیٹی کا اہم مقصد ہے ۔ اس اجلاس میں سید لئیق قادری، سید عثمان قادری ، سید طاہر حسین قادری ، سید طاہر علی ، محمد عبید اللہ سعدی قادری ، محمد امجد ، محمد عبدالکریم رضوی ، سید یونس برکاتی نے شرکت کی ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

ہفتہ واری اصلاحی خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد النور مدرسہ فیض العلوم سعید آباد میں 7 مئی بعد نماز مغرب مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری (ناظم مدرسہ سبیل الفلاح ) کا ہفتہ واری اصلاحی خطاب ہوگا ۔ نیز خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

بسم اللہ ٹورس اینڈ ٹراویلس کے
شب معراج گروپس کی روانگی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : شب معراج کے گروپس مکمل ہوچکے ہیں جو 9 اور 11 مئی کو روانہ ہونے والے ہیں اور ویزا میں صرف 2000 روپئے کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔ تمام پاسپورٹس ویزا کے ساتھ دفتر میں آچکے ہیں جو پاسپورٹس جمع کئے تھے خواہش کی جاتی ہے کہ دفتر سے پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں ۔شب برات کے گروپ میں چند نشستیں باقی ہے جو 20 ، 23 اور 30 مئی کو روانہ ہونے والے ہیں ۔ اس گروپ کے تمام عازمین شب برات مدینہ میں منا سکتے ہیں ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 7 مئی کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا سید ومیض احمد ندوی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

مجلس قادری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : مجلس قادری 7 مئی بروز جمعرات مرقد عشاق عیدی بازار نزد بندناکہ بارگاہ حضرت فضلؒ میں منعقد ہے عصر تا مغرب نعت و منقبت کی محفل ہوگی ۔۔

دینی تعلیمی و صنعتی تنظیم میں ٹیلرنگ و
ایمبرائیڈری کے امتحان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : دینی تعلیمی و صنعتی تنظیم کے شعبہ ٹیلرنگ و ایمبرائیڈری کی طالبات کا سالانہ امتحان 8 مئی بروز جمعہ 10 بجے دن سے ہوگا ۔ اسی طرح صدر انجمن اسلامیہ کے ٹیلرنگ کی طالبات کا بھی امتحان 8 مارچ کو ہی ہوگا ۔ شرکاء امتحان سے خواہش ہے کہ وہ اپنے ہال ٹکٹس 7 مئی کو دفتر سے حاصل کرلیں ۔ بروز امتحان اپنے ہال ٹکٹس اگزامنیشن میٹریل اور ریکارڈز وغیرہ کے ساتھ قبل از وقت حاضر رہیں ۔۔

قرات ، فقہ ، تفسیر کے امتحانات
ادخال فارم کی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : صدر شعبہ امتحانات ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز نے بتایا کہ جامعتہ المومنات کے امتحانات قرات امام عاصم کوفی ، فقہی دینی مسائل ، سیرت تفسیر و حدیث ، جونیر و سینئیر ڈپلوما ان عربک ، خطابت ، ملا ، موذن ، قضات کے فارم اور فیس ادخال کی آخری تاریخ 7 مئی مقرر ہے ۔ یہ امتحانات ڈاکٹر رضوانہ زرین کی نگرانی میں دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں منعقد ہیں ، 9 مئی کو فقہ تفسیر ، ملا ، موذن ، قضات کے امتحانات ہوں گے ۔ 10 مئی کو قرات ، امامت جونیر و سینئیر ڈپلوما ان عربک منعقد ہوں گے ۔ ان مذکورہ تمام امتحانات کے دوپرچہ ہوں گے ۔ پرچہ اول صبح 9 تا 12 بجے دن ، پرچہ دوم دوپہر 1 تا 4 بجے دن رہے گا ۔ ان امتحانات میں اول ، دوم ، سوم ، کامیاب طلبہ وطالبات کو 7 جون اتوار مبین فنکشن ہال قاضی پورہ جامعتہ المومنات کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں اسناد تقسیم کئے جائیں گے ۔ خواہش مند طلبہ وطالبات دفتر جامعتہ المومنات سے صبح 9 تا قبل مغرب رجوع ہو کر فارم داخل کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9346936596 پر ربط کریں ۔۔

نماز اللہ سے ملاقات ہے ، نماز مکمل بندگی
ایم جی اے کی تعارف اسلام کلاسیس ، محترمہ حفصہ فردوس کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اگر انسان اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق زندگی گذارے تو اس کی پوری زندگی عبادت ہے ، یہاں تک کہ اس کا کھانا پینا ، سونا جاگنا اور انفرادی و اجتماعی کام کرنا سب عبادت ہے ، مگر عبادت کی کچھ خاص شکلیں بھی ہیں جن میں نماز ، روزہ ، زکواۃ ، حج اور جہاد وغیرہ ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ حفصہ فردوس نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے مراد نگر کے پیس اینجلس ہائی اسکول میں جاری تعارف اسلام کلاس میں طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں سب سے اہم اور اول درجہ کی عبادت نماز ہے ۔ نماز برائیوں اور بے حیائی کے کاموں سے بچاتی ہے ۔ نماز اللہ سے ملاقات ہے ، نماز مکمل بندگی ہے ۔ مسلمان جب نماز کی حالت میں ہوتاہے تو اللہ تعالی اس کو محبت سے دیکھتا ہے ، وہ فرشتوں کو گواہ بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بندہ جب نماز پڑھتا ہے تو اللہ کے ذکر میں مشغول ہوتا ہے اور ایسا ذکر جس میں صرف زبان ہی نہیں بلکہ جسم کے تمام اعضاء مشغول ہوجاتے ہیں ۔ اسی لیے نبی کریم ﷺ نے نماز کو مومن کی معراج کہا ہے ۔ آپﷺ پر پچاس نمازیں معراج میں فرض ہوئی تھی ، مگر اللہ تعالی نے اپنے بندوں کی سہولت کی خاطر اس میں تخفیف کر کے پانچ نمازوں کو فرض کیا ۔ جب بندہ نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو گویا وہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کررہا ہے اور جب نماز میں قرات اور تسبیح و اذکار پڑھتا ہے تو گویا اپنے رب سے بات کرنے کا اعزاز پارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نماز کی روح خشوع و خضوع ہے ۔ دل کی بیقراری ہے ، کامیاب نماز وہی ہے جس میں خوف خدا ہو اور تمام ارکان ادا ہوں ۔ اگر ان ارکان میں سے کسی ایک کو بھی چھوڑدیں تونماز نہیں ہوگی ۔ واجبات میں سے اگر کوئی چھوٹ گیا تو سجدہ سہو کرنا ہوگا ۔ نماز کے آداب و ارکان کا بھر پور خیال رکھنا ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات کے سنٹرس میں محترمہ حفصہ فردوس ، محترمہ ماریہ احمدی ، محترمہ روحی خاں ، محترمہ فاطمہ بیگم ، محترمہ عائشہ بیگم ، محترمہ خیر النساء ، محترمہ تنویر فاطمہ ، ڈاکٹر ذکیہ سلطانہ ، محترمہ عرشیہ مجدہ ، محترمہ سمیرا بیگم ، محترمہ فرحانہ بیگم ، محترمہ شمیم فاطمہ ، محترمہ زارا خاں ، محترمہ مفیضہ بیگم ، محترمہ جمیلہ بیگم ، محترمہ کبری محمدی ، محترمہ تنویر فاطمہ ، محترمہ طلعت ، محترمہ غفور النساء اور دیگر کارکنات نے مخاطب کیا ۔۔

تکمیل حفظ قرآن مجید و
اختتامی درس بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا ابرار الحسن رحمانی قاسمی کی اطلاع کے مطابق جنوبی ہند کی دینی درس گاہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم رحمانیہ ، یاقوت پورہ میں تکمیل حفظ قرآن مجید و اختتامی درس بخاری شریف 9 مئی کو بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ صدارت مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی ( مہتمم دارالعلوم رحمانیہ و صدر جمعیت العلماء تلنگانہ اے پی ) کریں گے ۔ جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیتہ علماء ہند و استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند و رکن عالمی رابطہ اسلامی مکہ مکرمہ شرکت کریں گے اور بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے اور اصلاحی خطاب کریں گے ۔ جب کہ مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ( صدر دینی مدارس بورڈ آندھرا پردیش و استاذ حدیث جامعہ ہذا ) طلبہ کے حفظ قرآن مجید کی تکمیل کریں گے ۔ نیز مفتی سبیل کا اصلاحی خطاب ہوگا ۔ اس اجلاسمیں ریاست کے علماء کرام بشمول مولانا سید اکبر ( ناظم مجلس علمیہ آندھرا پردیش ) ، مولانا محمد امیر اللہ خاں قاسمی ( ناظم مدرسہ سراج العلوم محبوب نگر ) شرکت کریں گے ۔۔

جناب حامد محمد خاں کا جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اڈیشہ کی امارت کا حصول جائزہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : جناب حامد محمد خاں امیر حلقہ تلنگانہ و اڈیشہ نے 6 مئی کو جناب محمد خواجہ عارف الدین امیر حلقہ آندھرا پردیش و اڈیشہ سے امارت کا جائزہ حاصل کرلیا ہے۔ اس موقع پر جناب سید سعادت اللہ حسینی نائب امیر جماعت اسلامی ہند ، مولاناسید عبدالباسط انور ، جناب ملک معتصم خاں ، جناب عبدالعزیز ، جناب سید شکیل احمد انور ، جناب محمد اظہر الدین ، جناب عبدالرب لطیفی مجاہد ، جناب صادق احمد ، جناب قمر الحسن رضوی ، محترمہ ناصرہ خانم ، محترمہ خورشید فرزانہ ، محترمہ تسنیم سلطانہ ، اور ذمہ داران جی آئی او کے علاوہ دیگر ذمہ داران جماعت موجود تھے ۔ جناب حامد محمد خاں امیر حلقہ تلنگانہ و اڈیشہ نے جناب محمد خواجہ عارف الدین کی خدمات کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ ان کے چار سالہ دور امارت میں دین کے لیے کی جانے والی ان کی کوششوں کو اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور اس کا بہترین اجر انہیں عطا فرمائے ۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالسلام دستگیر نو تقرر شدہ امیر حلقہ آندھرا پردیش نے جناب محمد خواجہ عارف الدین امیر حلقہ مشترکہ آندھرا پردیش و اڈیشہ سے حلقہ آندھرا پردیش کی امارت کا رسمی جائزہ حاصل کرلیا ۔ حلقہ آندھرا پردیش کے جملہ امور کا جائزہ 10 مئی کو دفتر حلقہ وجئے واڑہ میں حاصل کیا جائے گا ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 7 مئی بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اجتماع کا قرات کلام پاک سے آغاز ہوگا ۔ مبلغین تحریک اسلامی نعت شریف پیش کریں گے ۔ مولانا محمد فاروق قادری کا ’ فضائل حضرت امیر معاویہ ؓ ‘ پر خصوصی خطاب ہوگا۔۔

صدقہ خیرات غضب الہیٰ کو ٹھنڈا کرنے کا بہترین ذریعہ
دارالعلوم ابراہیمیہ کا سالانہ جلسہ مولانا احمد علی فلاحی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مدرسہ دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی بالا نگر کا جلسہ سالانہ و دستار بندی حفاظ کرام زیر سرپرستی مولانا محمد سمیع الدین قاسمی نرساپوری ، زیر صدارت مولانا محمد حسام الدین ثانی عامل جعفر پاشاہ منعقد ہوا ۔ مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی نے تعلیمی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا اس گیارہ سال کے عرصہ میں 24 طلباء اور ایک طالبہ نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ۔ اس ادارہ کو ریاست آندھرا پردیش کے بزرگ عالم دین مولانا قاضی محمد سمیع الدین قاسمی نرساپوری کی سرپرستی حاصل ہے ۔ مہمان مقرر مولانا احمد علی فلاحی مہتمم جامعہ فیض سلیمانی گجرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا انسان کو جیسے غصہ آتا ہے اللہ کو بھی غصہ آتا ہے ۔ جب اللہ کو غصہ آتا ہے تو اللہ عذاب نازل فرماتا ہے اس کی زندہ مثال نیپال کا زلزلہ ہے ۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ فرماتے ہیں ’’اگر زمین میں زلزلہ آئے یا دنیا کے کسی کونے میں آئے بندے تو ہوش میں آجا ، اس لیے کہ جو خدا وہاں بھیج سکتا ہے وہ خدا یہاں بھی بھیج سکتا ہے ۔ ‘‘مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اتنی رات تک جاگنا اور سکون سے علمائے کرام کے بیانات سننا یقیناً یہ مولانا راہی کے جذبہ خلوص و للہیت کا ثمرہ ہے ۔ مدارس کی قدر کرو یہ ایمان کی حفاظت کے قلعے ہیں علماء سے اپنا تعلق مضبوط کرو ۔ انہوں نے حفاظ طلباء کے سرپرستوں کو مبارکباد دی ، حافظ محمد تقی الدین حسامی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ شرکت کرنے والوں میں مولانا حافظ عبدالمجید حسامی مولانا ولی اللہ قاسمی ، مفتی عمران قاسمی ، مولانا شاکر انوار قاسمی ، مولانا محمد امتیاز الدین قاسمی ، مفتی خواجہ شریف قاسمی ، حافظ سید رضوان ، مولانا محمد فیاض اسلم حسامی ، حافظ غلام کبریا فیضی ، مولانا عبدالمنان حسامی ، مولانا حنیف خاں قاسمی ، مفتی عبدالشکور القاسمی ، جناب پی راجو سرپنچ سیوا نگر ، حافظ غلام یحییٰ خاں ، مولوی محمد امتیاز ، حافظ غلام ربانی فیضی ، مولانا محمد سالم قاسمی ، حافظ عمر فاروق ، مولانا اسلم رحمانی اور مولانا شمشاد عالم قاسمی قابل ذکر ہیں ۔۔

اللہ کی حمد و ثناء کرنے والوں کی دعا قبولیت کا شرف
مسجد آمنہ پیراماونٹ کالونی میں مولانا شاہ محمد جمال الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( دکن نیوز ) : اللہ بزرگ و برتر نے دنیا میں انسانوں کو پیدا کیا اور اس بات کا حکم دیا کہ بندگی رب بجالائے ایک عبادت وہ ہے کہ جو نماز ذریعہ اس کی حمد و ثنا بیان کی جاتی ہے اور ایک ایسی عبادت ہوتی ہے جہاں ایک مومن راتوں میں اُٹھ کر تنہا اس کی حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے گڑگڑاتا ہے اور دعائیں کرتا ہے کہ مالک تو میرے گناہوں کو معاف کردے ۔ رحمن کے بعض بندے ایسے بھی ہیں جو تنگی اور فراخی دونوں میں اپنے رب کو پکارتے و یاد کرتے ہیں ۔ اللہ تعالی ان دونوں مرحلوں میں ان کی آواز کو سنتا ہے اور مدد بھی کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے مسجد آمنہ پیرا ماونٹ کالونی ٹولی چوکی میں اجتماع سے کیا ۔ روایتوں میں آتا ہے حضورؐ ، صبح اور شام عبادات میں مشغول رہا کرتے وہیں لوگوں کی خدمت بھی کرتے ۔ آپؐ نے خدمت خلق کو اولین ترجیح دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے ساتھ اگر بندگی شامل ہوجاتی ہے وہ زندگی روشن و تابناک ہوتی ہے ۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اجتماع کا اختتام مولانا کی دعا پر ہوا ۔۔

ماہانہ فاتحہ حضرات بغدادیؒ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن رفاعی القادری المعروف بڑے بغدادیؒ ، حضرت سید محمد بغدادیؒ ، حضرت سید محمد عبدالکریم حسینی قادری الرفاعی المعروف پیر بغدادیؒ کی ماہانہ فاتحہ ، زیر نگرانی حضرت پیر بغدادی سید محمد حسینی قادری الرفاعی نقیب روضہ رحمانیہ 7 مئی بروز جمعرات آستانہ عالیہ ’ روضہ رحمانیہ ‘ خطہ صالحین نامپلی دارالسلام روڈ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ قرات کلام پاک حافظ غلام محمد خاں نقشبندی سنائیں گے ۔ نعت شریف و منقبت مسرس امان علی ثاقب صابری ، افضل بیابانی ، حسن زبیدی قادری کی ہوگی ۔ بعدہ مجلس پند و نصیحت کا اہتمام عمل میں آئے گا ۔ جس میں حضرت سید سادات پیر بغدادی ، مولانا مبشر احمد رضوی ، مولانا شرف الدین قادری ، مولانا محمد افتخار الدین سبحانی قادری عوام سے خطاب کرینگے ۔ بعد ازاں مجلس قادریہ ہوگی ۔ حلقہ ذکر و فکر کے بعد شجرہ پڑھا جائے گا ۔ چادر گل پیش کی جائے گی ۔۔

زیارت آثار شریف
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا سید شاہ اعظم الحسینی قادری متولی و سجادہ مسجد و درگاہ حضرت سیدن صاحبؒ 10 مئی اتوار کو ظہر تا مغرب مسجد حضرت سیدن روبرو مٹی کا شیر قریب گلزار حوض میں حضور نبی کریمؐ ، خاک قبور انبیا علیہم السلام ، حضرتہ سیدتنا فاطمہؓ ، حضرت ابوبکرؓ ، حضرت عمرؓ ، حضرت علیؓ ، حضرات ائمہ اہلبیت امام حسنؓ ، امام حسینؓ ، امام زین العابدینؓ ، امام محمد باقرؓ ، امام جعفر صادق ؓ ، امام موسیٰ کاظمؓ ، امام علی موسیٰ رضا ؓ ، امام محمد تقیؓ ، امام علی نقیؓ ، امام حسن عسکریؓ اور حضرت غوث اعظمؓ ، حضرت احمد کبیر رفاعیؓ ، حضرت خواجہ اجمیریؓ اور حضرت فقیر علی چشتی آرکاٹیؒ کے مقدس آثار شریف کی زیارت کروائیں گے ۔۔