مذہبی خبریں

مسجد منورہ کوکہ پیٹ کے مینار میں گھڑیال ، مقامی آبادی کو سہولت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( نمائندہ خصوصی ) : انسانی فلاح و بہبود کے لیے کئے جانے والے اقدامات مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے سے قریب کرتے ہیں نیکی اور اچھائی ایک بڑی تعداد کو بھی چھوٹی تعداد کے قریب ہونے پر مجبور کردیتی ہے ۔ ایسا ہی کچھ نارسنگی میں واقع کوکہ پیٹ میں ہورہا ہے ۔ جہاں اکثریتی فرقہ کی کثیر آبادی کے درمیان مسلمانوں کے صرف 4 مکانات ہیں ۔ لیکن کوکہ پیٹ چوراہے پر موجود مسجد کسی نہ کسی طرح ابنائے وطن کے کام آرہی ہے ۔ واقعہ دراصل یہ ہے کہ لنگر حوض سے تقریبا 6 کیلو میٹر کے فاصلے پر کوکہ پیٹ چوراہے کے قریب ایک قدیم ترین مسجد ہے جسے اللہ کے ایک بندے نے تعمیر نو کرایا ہے ۔ اس قدیم مسجد کا نام مسجد منورہ ہے اور یہاں صرف 4 مسلم مکانات ہیں ۔ تاہم اس مسجد کی خاص بات مسجد کا مینار ہے جس میں ایک بڑی سی گھڑی کو نصب کیا گیا ہے چونکہ یہ مسجد گاؤں کے مین روڈ پر ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد کے علاوہ یہاں سے گذرنے والے مسافرین اور دیگر افراد کے لیے بھی یہ مینار مرکز توجہ بنا ہوا رہتا ہے ۔ جو یہاں آنے جانے پر افراد کو وقت بتاتے رہتا ہے ۔ اور چوراہے پر ہونے سے بلالحاظ مذہب و ملت ہر آدمی اس سے استفادہ کررہا ہے ۔ کوکہ پیٹ کی مسجد منورہ کی یہ گھڑی قدیم زمانے کے اس دور کی یاد تازہ کررہی ہے جہاں بڑی بڑی تاریخی عمارتوں ، چوراہوں جیسے قدیم چوک کے گھڑیال ، چارمینار ، معظم جاہی مارکٹ چوراہا ، شاہ علی بنڈہ گھڑیال ، چومحلہ پیالیس گھڑیال ، سلطان بازار ٹاور ، سکندرآباد کلاک ٹاور اور شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر موجود تاریخی عمارتوں پر بڑے بڑے گھڑیال نصب کئے جاتے تھے جس سے لوگ استفادہ کرتے تھے ۔ آج بھی شہر کے مختلف چرچس پر جو گھڑیال نصب ہے اس میں اکثریت حضور نظام کے دور میں نصب کئے گئے تھے جس سے دنیا آج بھی مستفید ہورہی ہے ۔۔

سنی مرکز میں تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام مرکزی اجتماع 30 اپریل کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا حسن اخلاق پر خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( راست ) : حضرت ابوالخیر شاہ سید حبیب اللہ حسینی القادری الملتانی ہوش کا عرس شریف یکم مئی جمعہ کو درگاہ پیر قطب المشائخ حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی محقق امام پورہ شریف مقرر ہے ۔ تقاریب عرس شریف کا آغاز قیام گاہ سجادہ نشین محلہ سمتا کالونی بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و ختم سے ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف برمزار معزؒ گل افشانی و فاتحہ ہوگی مراسم عرس شریف جانشین انجام دیں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 30 اپریل کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ مقرر ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

حمیدیہ میں آج چوتھی محفل حضرت سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ کے زیر اہتمام ’’ حمیدیہ ‘‘ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں 7 تا 13 رجب المرجب جاری سالانہ محافل حضرت امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کے سلسلے کی چوتھی محفل 10 رجب المرجب صبح 8 بجے زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین قادری شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ تاج العرفاءؒ منعقد ہوگی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جوائنٹ ڈائرکٹر آئی ہرک ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے ۔ نعت خواں حضرات نعت و منقبت پیش کریں گے ۔

ادبی اجلاس و مشاعرہ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد شعبہ خواتین کے زیر اہتمام سالانہ ادبی اجلاس و مشاعرہ برائے خواتین و طالبات 30 اپریل کو 10 بجے دن اسلامک سنٹر لکڑکوٹ چھتہ بازار پر منعقد ہوگا ۔ صدارت محترمہ ناصرہ خانم ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ کریں گی ۔۔