مذہبی خبریں

اللہ تعالیٰ کے احکام پر عمل آوری سے دوری ۔ ذلت کی وجہ
شعبہ خواتین بزم علم و ادب کے اجلاس سے محترمہ عقیلہ خاموشی ، عابدہ کریم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( راست ) : اللہ تعالیٰ کے احکام قرآن مجید کی صورت میں تمام عالم انسانیت کی رہبری کے لیے موجود ہے ۔ جس نے بھی ان احکام پر عمل کیا ۔ اس نے ہدایت حاصل کی ۔ بالخصوص مسلمانوں نے جب تک اس پر عمل آوری کی سرخروئی ان کا مقدر بنارہا اور بہت ہی کم عرصے میں تین براعظموں پر اسلامی پرچم لہرادیا ۔ ان خیالات کا اظہار صدر شعبہ خواتین بزم علم و ادب نے بزم کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس 23 جولائی کو اکبر باغ ملک پیٹ میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود ہندوستان پر مسلمان نے ایک ہزار سال تک حکومت کی لیکن اس دور میں انہوں نے تبلیغ کے کام اور احکام خداوندی پر عمل آوری کے لیے کوششیں نہیں کی جس کی بناء پر آخرکار حکومت ان کے ہاتھوں سے نکل گئی ۔ لہذا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ تاحیات اللہ تعالی کے احکام پر عمل آوری پرکار بند رہیں ۔ محترمہ عقیلہ خاموشی ( رکن مسلم پرسنل لا بورڈ ) نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی کے احکام پر جس طرح ہم نے ماہ رمضان میں پوری طرح سے ادا کر کے یہ ثابت کردیا کہ مسلمان پابند شریعت ہے ۔ حکم خداوندی پر ہر تکلیف برداشت کرسکتا ہے اپنی نفسانی خواہشات کو ترک کرسکتا ہے اور اپنے آپ کو مکمل تابع کرتے ہوئے اللہ کی کبریائی اور اپنی بندگی کا اظہار کرتا ہے اور یہی عمل اللہ تعالی کو بے حد پسند ہے جس بنا پر اسے دنیا میں سرخروئی اور آخرت میں کامیابی عطا کرتی ہیں ۔ محترمہ خیر النساء علیم اور محترمہ رضیہ چاند نے بھی مخاطب کیا ۔ پروگرام کا آغاز محترمہ غوثیہ سلطانہ کی قرات کلام پاک اور طالبات حفصہ اور سمرانہ کی نعت شریف سے ہوا ۔ عید ملاپ تقریب میں کثیر تعداد میں خواتین اور طالبات نے شرکت کی ۔ جن کی شیرخورمہ سے ضیافت کی گئی ۔۔

 

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

 

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ /27 جولائی (راست) تحریک اسلامی کا اجتماع /28 جولائی بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔

آج محفل نعت شہہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 27 جولائی ۔ ( راست ) حبیب یوسف بن علی رفیع کی اطلاع کے بموجب بزم ریاض مدینہ کے زیراہتمام زیرسرپرستی الحاج حبیب حسن بن یوسف رفیع المرغنی 28 جولائی ، بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 تا 12 بجے شب حبیب حسن بن یوسف رفیع کی رہائش گاہ واقع چندرائن گٹہ (بالاپور روڈ ) ماہانہ محفل نعت و منقبت منعقد ہوگی۔ جس میں شعراء کرام و نعت خواں حضرات نعت شریف و منقبت سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے حبیب عبدالرحمن بن حامد الحامد شرکت فرمائیں گے۔