مذہبی خبریں

رسول اپنی امت کے لیے رہبر ، رہنما ، آئیڈیل و ماڈل
مسلم گرلز اسوسی ایشن کا تعارف اسلام کورس ، محترمہ شمیم فاطمہ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : اللہ پر ایمان لانے کا لازمی حصہ ہے کہ رسولوں پر ایمان لایا جائے ۔ کیوں کہ رسول ہی کے ذریعہ اللہ کی معرفت ، اس کے احکام سے واقفیت اور اسکی رضا پانے کا طریقہ معلوم ہوتا ہے ۔ رسولوں کا انکار اللہ کا انکار ہے ۔ رسولوں پر ایمان لانے کا مطلب یہ ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر محمد ﷺ تک جتنے انبیاء اللہ کا پیغام اور دین کی دعوت دینے کے لیے تشریف لائے ان سب پر ایمان لایا جائے ۔ بعض انبیاء کو ماننا اور بعض کو نہ ماننا اللہ کے نزدیک کفر ہے اور سارے انبیاء کا انکار کرنے کے برابر ہے ۔ یہودی حضرت عیسیٰ اور نبی کریم ؐ کی نبوت کا انکار کرتے ہیں اور عیسائی حضرت محمد ﷺ کی نبوت کا انکار کرتے ہیں ۔ ان کے انکار کو اللہ نے کفر قرار دیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار محترمہ شمیم فاطمہ نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے حکیم شاہ کالونی ٹولی چوکی میں جاری تعارف اسلامی کلاس میں طالبات و خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے انبیاء و رسول کی صفات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ کا پیغام اس کے بندوں تک پہنچانے والے حاملین نبوت ، مکارم اخلاق کے جامع اور بلند ترین اوصاف کے حامل ہوتے ہیں ۔ نبی و رسول کے قول و عمل ، ان کے فیصلے ، وحی کی نقل کرنے ، بیان کرنے ، دعوت دینے غرض ظاہری و باطنی ، پوشیدہ و علانیہ ان کے ہر ہر کام میں امانت اور دیانت پنہاں ہوتی ہے ۔

نبی کی نیت ، انکا ارادہ ، عمل اور قول غرض ان سے صادر ہونے والی ہر چیز صداقت پر مبنی اور پاکیزہ ہوتی ہے ۔ ان سے کسی قسم کا کذب ، نفاق ، سستی ، لاپرواہی اور خیانت سرزد نہیں ہوتی ۔ نبی و رسول ؐ اللہ کا پیغام بلا کسی کمی و بیشی کے بندوں تک پہنچاتے ہیں ، اس میں کسی قسم کی تبدیلی و ترمیم نہیں کرتے ۔ انبیاء حد درجہ ذہین ، فطین ، فریس اور اعلیٰ درجہ کی ذہنی صفائی ، صدق احساس ، بے مثال قوت اقدام اور برجستگی اور شعور کی پختگی سے آراستہ ہوتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رسول وہ معصوم اورپاک انسان ہیں جنہیں خود اللہ تعالیٰ نے اپنا پیغام بندوں تک پہنچانے کے لیے منتخب فرما کر علم و حکمت اور بصیرت سے نوازا ہے ۔ اللہ کی ذات و صفات ، اس کے احکام و مرضی اور زندگی بعد الموت کی یقینی حقیقتوں کو جاننے اور آخرت کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کا ایک ہی واحد ذریعہ ہے کہ اللہ کے رسولوں پر مکمل اعتماد کیا جائے اور ان کی ہدایت و رہنمائی پر ایمان لاکر ان کے بتائے ہوئے طریقے پر زندگی گزار دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے رسولوں کو انسانوں کی ہدایت کے لیے بھیجا ہے ۔ رسول کی حیثیت رہنما کی ہوتی ہے ۔ وہ اللہ کی طرف سے شارع و فرمانروا ہوتا ہے ۔ اس کا ہر حکم ماننا اللہ کے حکم کو ماننے کے برابر ہے ۔ اس لیے کہ رسول اپنی طرف سے کوئی حکم نہیں دیتے بلکہ ان کا ہر حکم اللہ کی طرف سے ہوتا ہے ۔ اللہ کی ہدایت رسولوں کے ذریعہ ہی آتی ہے ۔ انسانوں کے پاس اس ہدایت کو پانے کا اس کے سوا کوئی اور ذریعہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رسول رہبر ہوتا ہے اور اپنی امت کے لیے نمونہ اور ماڈل و آئیڈیل ہوتا ہے ۔ رسولوں نے انسانی ضرورتوں کے مطابق انفرادی و اجتماعی زندگی کے تمام معمولات کو انجام دئیے ۔ وہ اپنی عائلی و معاشرتی زندگی کے اصول بھی اللہ کے بتائے ہوئے طریقے پر مرتب کئے اور لوگوں کو بتلایا کہ اللہ کے نزدیک دنیا و آخرت میں ایک کامیاب زندگی کیسی ہوتی ہے وہ نکاح بھی کیے ۔

ان کی اولاد بھی ہوئی ، اولاد کی تربیت کن بنیادوں پر ہو ، رشتوں کو کیسے نبھایا جائے ہر وہ طریقہ اور ضابطہ بتلایا جس سے انسان کی زندگی بہتر ہوسکتی ہے ۔ زندگی کے دیگر معاملات و امور اور معیشت میں حلال و طیب چیزوں کو ترجیح دینے کا طریقہ بتلایا ۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں آپﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا گویا سارے رسولوں کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے ۔ ہر مسلمان آپﷺ کے نقش قدم پر چل کر اپنی زندگی گذارے ، معاملات درست کرے اوراپنی سیرت و کردار کو سنوارے ۔ اللہ تعالی نے ہر قوم میں الگ الگ رسولوں کو بھیجا لیکن آپ ﷺ کو سارے انسانوں کی ہدایت کے لیے رسول بنا کر بھیجا ۔ لہذا ہم سب کو یہ بات ذہن میں بٹھا لینی ہے کہ آپ ؐ کے اسوہ میں ہمارے لیے بہترین طریقہ زندگی ہے تو اپنے ایمان و اخلاق کو مضبوط کرتے ہوئے عملی نمونہ بننے کی کوشش کریں ۔ ان کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات کے سنٹرس میں محترمہ سمیرا بیگم ، محترمہ رفیقہ بیگم ، محترمہ سارہ تبسم ، محترمہ کبریٰ احمدی ، محترمہ تنویر فاطمہ ، ڈاکٹر ذکیہ سلطانہ ، محترمہ روحی خاں ، محترمہ عائشہ بیگم ، محترمہ زارا خاں اور دیگر کارکنات نے مخاطب کیا ۔۔

احمد نگر بنڈلہ گوڑہ پر سیاست
جامعہ نظامیہ کی کوچنگ کلاسیس
حیدرآباد /22 اپریل ( پریس نوٹ ) جناب محمد رفیع چیرمین کنیز ایجوکیشنل اینڈ یوتھ ویلفیر سوسائٹی نے بتایا کہ سوسائٹی ہذا کے زیر اہتمام وینلا کاسپٹ ہائی اسکول ، احمد نگر بنڈلہ گوڑہ پر سیاست جامعہ نظامیہ گرمائی دینی تعلیمی کلاسیس کا آغاز 24 اپریل سے کیا جارہا ہے ۔ اولیاء سرپرست طلبہ و طالبات اس زرین موقع سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ ماہر تعلیم محترمہ شیخ کنیز فاطمہ تعلیم دیں گے ۔ نیز اسپوکن انگلش ، کراٹے ، حساب ، سائنس ، سماجی علم ، کمپیوٹر ، آرٹس اورکرافٹس وغیرہ بھی شامل ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے سیل نمبر 9700117738 پر ربط کریں ۔

علوم اسلامیہ کے حصول سے دین و دنیا میں کامیابی
کلیتہ البنات جامعہ نظامیہ کے 19 ویں سالانہ جلسہ سے عالمات کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : مسلم معاشرہ میں آئی ہوئی خرابیوں کا ازالہ اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب لڑکیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کیا جائے اسی فریضہ کی تکمیل کے لیے 1996 میں جامعہ نظامیہ کے تحت لڑکیوں کی علمی دینی تعلیم و تربیت کے لیے شاہ علی بنڈہ میں ایک وسیع عمارت میں کلیتہ البنات کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ اس وقت 400 طالبات علوم اسلامیہ کی تعلیم میں مصروف ہیں طالبات سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی ۔ مفت تعلیم کا دکتورہ ( پی ایچ ڈی ) تک تعلیم کا انتظام ہے ۔ کلیتہ البنات جامعہ نظامیہ کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت 19 اپریل کو احاطہ کلیتہ البنات قاضی پورہ شاہ علی بنڈہ میں منعقد ہوا ۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز طالبہ رضوانہ کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ قاریہ مریم نے بزبان عربی اور قاریہ فاضل سلطانہ نے بزبان اردو نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ عائشہ بیگم نے بزبان عربی تقریر کی اور سمیرہ فاطمہ نے بزبان اردو بعنوان ’ اولاد کی کردار سازی میں والدین کا حصہ ‘ پر تقریر کی ۔

انہوں نے کہا کہ اولاد کو مثالی کردار کا حامل بنانے کے لیے والدین کا مثالی کردار کے حامل ہونا ضروری ہے اور دینی تعلیم و تربیت کا اہتمام ضروری ہے ۔ ڈاکٹر ممتاز بیگم صدر معلمہ کلیتہ البنات نے خطبہ استقبالیہ اور محترمہ عابدہ النساء معلمہ کلیتہ البنات نے تعلیمی رپورٹ پیش کی ۔ مہمان خصوصی محل مبارک صدیق حسینی نے علم دین کی اہمیت و افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طالبات محنت و جستجو سے زیور علم سے اپنے آپ کو آراستہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ علوم اسلامیہ کے حصول سے دین و دنیا میں کامیابی حاصل ہوگی ۔ اس موقع پر کلیتہ البنات کے فاضلات کو خلعت اور 77مولوی ، 12 کامل ، 64 ڈپلومہ ان عربک 20 اہل خدمات شرعیہ اور قرات امام عاصم کوفی 110 کامیاب طالبات کو اسناد عطا کئے گئے ۔ محل مبارک حضرت صدر الشیوخ نے طالبات کلیتہ البنات کو نصیحت فرمائی اور انہیں حیاء ، تقویٰ و پرہیزگاری کی زندگی گذارنے کی تلقین کی اور کہا کہ جس طرح مادی ضرورتیں پوری کرنے کی فکر کی جاتی ہے روحانی تقاضوں کی طرف بھی توجہ کریں اور اپنے اہل و عیال کو دینی مسائل سے آگاہ کریں ۔ محترمہ شکیلہ بیگم معلمہ نے کلمات تشکر پیش کئے اور طالبات کے قصیدہ اور سلام پر محفل کا اختتام ہوا ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 23 اپریل کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔۔

مسجد اجالے شاہ صاحبؒ سعید آباد میں طلباء کے لیے سمر اسلامی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : جماعت اسلامی ملک پیٹ کے زیر اہتمام اسکول اور کالج کے طلباء کے لیے ایک ماہی سمر اسلامی کلاسیس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ یہ کلاسیس چہارم جماعت تک کے بچوں کے لیے علاقہ ملک پیٹ کے مختلف محلہ جات میں اور پنجم جماعت سے کالج سطح کے طلباء کے لیے مسجد اجالے شاہ سعید آباد میں 25 اپریل تا 26 مئی تک بہ اوقات صبح 9-30 تا 12-30 بجے منعقد ہوں گی ۔ قاضی عزیز الدین صابر کنوینر کلاسیس نے ان کلاسیس کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر طلباء سے خواہش کی ہے کہ داخلے کے لیے جلد از جلد دفتر جماعت اسلامی ملک پیٹ متصل مسجد اجالے شاہ صاحبؒ پر شام 4 تا رات 9 بجے ربط کر کے رجسٹریشن کروالیں اور اولیائے طلباء و سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اس طرف خصوصی توجہ فرما کر طلباء کا داخلہ کروائیں ۔ ان کلاسیس میں ایک جامع کورس کے تحت اسلامی نظریہ ، ایمانیات ، اخلاقیات ، آسان ، فقہ ، منتخب قصص انبیاء ، سیرت النبیؐ ، سیرت صحابہؓ ، اذکار نماز و دعائیں منتخب قرآنی سورتوں کو حفظ کروانے کے ساتھ ساتھ ہلکے پھلکے کھیل اور تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور مشقوں کے پروگرام کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ جناب قاضی عزیز الدین صابر نے بتایا کہ اسکول اور کالج کی طالبات کے لیے کلاسیس کا نظم علحدہ طور پر کیا گیا ہے ۔ کلاسیس کے اختتام پر طلباء کا امتحان لیا جائے گا اور میرٹ طلباء میں پرکشش انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ نیز پابندی سے شرکت کرنے والے تمام کامیاب طلباء میں اسناد تقسیم کئے جائیں گے ۔ دیگر تفصیلات اور رجسٹریشن کے لیے قاضی عزیز الدین صابر 7799410808 سے اور دفتر جماعت 040-24553188 پر دوپہر 2 تا 10 بجے رات تک ربط کریں ۔۔

اجتماعی زیارت قائد ملت نواب بہادر یار جنگ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : حضرت قائد ملت نواب محمد بہادر یار جنگ کی برسی کے موقع پر مرکزی انجمن مہدویہ کی جانب سے قائد مرحوم کی مزار حظیرہ سیدنا حضرت بندگی میاں شاہ قاسم مجتہد گروہ پر اجتماعی زیارت 24 اپریل کو 5-30 بجے شام زیر قیادت جناب عادل محمد خاں مہدوی صدر مرکزی انجمن مہدویہ مقرر ہے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 23 اپریل کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا مفتی تجمل قاسمی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔
جامعتہ المومنات کے
سالانہ امتحانات کے فارم کا اجراء
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : صدر شعبہ امتحانات ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز کی اطلاع کے بموجب جامعتہ المومنات کے سالانہ امتحانات جماعت اول تا پنجم اعدادیہ ، ابتدائی عربی ، انشاء عربی ، مولویہ ، عالمہ ، فاضلہ ، مفتی کورس ، الدکتورہ مع حفظ القرآن کے علاوہ قرات امام عاصم کوفی ، ملا ، موذن ، امامت ، خطابت ، قضات ، فقہی دینی مسائل ، جونیر ڈپلوما ان عربک ، سینئیر ڈپلوما ان عربک ، سیرت ، تفسیر ، حدیث ، شعبہ مسائیہ کے فارم کی اجراء 22 اپریل کو دفتر جامعتہ المومنات مغل پورہ میں عمل میں آئی ۔ خواہش مند امیدوار دفتر جامعتہ المومنات سے روزانہ صبح 10 تا قبل مغرب فارم حاصل کرسکتے ہیں ۔ جماعت مولویہ میں وہ امیدوار شریک ہوسکتے ہیں جو انٹرنس عربک عثمانیہ یونیورسٹی کامیاب ہے یا کسی دینی جامعہ و مدارس سے ابتدائی کامیاب ہے ۔ جماعت عالمہ میں پی ڈی سی عربک عثمانیہ یونیورسٹی یا کسی دینی جامعہ و مدارس کے مولوی کامیاب حصہ لے سکتے ہیں ۔ جماعت فاضلہ میں وہ ہی امیدوار شریک ہوسکتے ہیں جو بی اے عربک یا کسی دینی جامعہ کے عالم کامیاب ہو ، جماعت تخصص فی الفقہ میں ہو امیدوار شریک ہوسکتے ہیں ۔ عنقریب امتحانات کی تاریخ اور نظام العمل کا باضابطہ اعلان کیاجائے گا ۔۔

تاجدار ہند کانفرنس کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام تاجدار ہند کانفرنس 25 اپریل بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری اور زیر صدارت مولانا محمد مجاہد علی نقشبندی انعقاد عمل میں آئے گی ۔ اس کے علاوہ دیگر علمائے کرام کے خطابات ہوں گے ۔ قرات کلام پاک سے کانفرنس کا آغاز ہوگا ۔ مبلغین تحریک اسلامی نعت شریف و منقبت غریب نواز پیش کریں گے ۔۔

علمِ غیب اور آنحضورؐ :بیت النور میں مولاناغوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( راست ) : بیت النور فورٹ ویوکالونی میں 21 اپریل بروز منگل کو مولاناغوثوی شاہ نے اپنے ہفتہ واری حلقہء ذکروفکرسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورؐ کے اثباتِ علم غیب کا عقیدہ بھی اہل سُنّت والجماعت کا ایک اہم عقیدہ ہے جس پربڑے بڑے مفسرین و محدثین اور نامور علماء و بزرگانِ دین کا ایمان ہے قرآنِ مجید میں حق تعالیٰ کا ارشاد ہے فَلایظہرعَلیٰ غیبہ اَحَدً اِلاَّ من ارتضیٰ مِن رسول(۱۲/۲۹) اللہ اپنا غیب کسی پرظاہر نہیں کرتا مگر جس رسولؐ کو وہ (اِس کام کے لئے) منتخب کرے ۔ اِس آیت کی تفسیر میں کئی نامور مفسرین بشمول مفسر روح البیان نے حضور ؐ کے علمِ غیب پر گواہی دی ، مفسرین کی گواہی کیا چیز ہے جبکہ خود عَالم ُ الغیب حقتعالیٰ نے حضور ؐ کے علمِ غیب پر یہ گواہی دی ہے وَمَاھُوَ عَلَی الْغیب بِضَنِینْیعنی حضور ؐ لوگوں کو علم غیب سے مطلع کرنے پر بخیل نہیں ہیں گویا آپؐ کو کھُلے طور پر پُوچھنے والوں کو غیب کی اطلاع کرتے رہنے پر بالکل یہ اجازت دے دی گئی ہے بحوالہ حدیث ِ صحیح بخاری کتاب العلم چنانچہ کسی شخص نے آپؐ کہ علمِ غیب کو چیالنج کیا اور کہا کہ یارسول اللہ ! میرا باپ کون ہے؟ آپ ؐنے فرمایا’’حذافہؔ‘‘ دو سرے نے اُٹھ کرکہا میرے باپ کا نام کیا ہے آپؐ نے فرمایا ’’سالم غلام شیبہ‘‘ پھر آپ ؐنے باربار فرمایا سَلونی عما شیتُم! پوچھو مجھ سے علم غیب کے متعلق ۔حتّٰی کہ حضرت عمرؓ نے آگے بڑھکر عرض کیا یارسول اللہ ہم راضی ہیں ۔یہ تو ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ انبیاء ؑ علمِ حق کا آئینہ ہوتے ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ و سلم تو کمالِ علمِ حق کا محلِ خاص اور سراپا ئے تمام ہیں وہ تو وہی کرینگے جس سے منشائے حق کا ظہور ہو اور علمِ حق کو مَنصہء شہودپر لاتے رہنے کا کام توحضورؐ کی رحمت ِ عامّہ کا خاصّہ ہے ۔

حمیدیہ میں آج تیسری محفل
حضرت خواجہ غریب نوازؒ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ کے زیر اہتمام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں یکم تا 6 رجب چھ روزہ محافل حضرت سلطان الہند خواجہ خواجگان سید معین الدین حسن سنجری چشتیؒ کے سلسلے کی تیسری محفل 3 رجب صبح 8 بجے زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ تاج العرفاءؒ منعقد ہوگی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائرکٹر آئی ہرک ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے ۔ نعت خواں حضرات نعت و منقبت پیش کریں گے ۔۔

جامعہ دارالفرقان للبنات کی انجمن نادی الصالحات کا سالانہ جلسہ
ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور مولانا ثنا ء اللہ مدنی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 22 اپریل (پریس نوٹ) جناب عبدالرافع صدیقی سیکریٹری جامعہ کے بموجب جامعہ کی انجمن نادی الصالحات کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات 19 اپریل کو زیرصدارت فضیلۃ الشیخ عبدالرحیم مکی امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث تلنگانہ ای ایف گارڈن بشیر باغ منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز جامعہ کی طالبہ خدیجہ احسن خلیفہ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ طالبات جامعہ کی طالبات نے اصلاح معاشرہ کے مختلف موضوعات پر خطاب کیا۔ طالبہ مونا السقاف، طالبہ خیرالنسا ماحیہ، طالبہ بشریٰ السقاف، طالبہ زیبا کوثر نے خطاب کیا۔ جناب محمد عبدالرحمن فاروقی امیر جمعیت اہلحدیث حیدرآباد و سکندرآباد، مولانا صفی احمد مدنی صدر مجلس علماء اہلحدیث بورڈ تلنگانہ اور مولانا رفیق احمد مدنی نے طالبات کے بعد جامعہ دارالفرقان للبنات کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے اراکین کے حق میں دعائے خیر کی اور طالبات کو محنت کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ شیخ نورالدین عمری نے طالبات اور ان کے سرپرستوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی تعلیمات کو حاصل کرنے اور اس کے مطابق عمل کرنے سے اللہ کی رضامندی حاصل ہوتی ہے۔ طالبہ رقیہ ارجمند نے عقیدہ توحید کے موضوع پر انگریزی زبان میں تقریر کی۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ ماڈرن ایجوکیشن بھی حاصل کرنا چاہئے اور جامعہ دارالفرقان کے ذمہ داران کی تعریف کی کہ وہ دینی تعلیم کے ساتھ ماڈرن ایجوکیشن پر بھی توجہ دے رہے ہیں اور کہا کہ میں اپنی بہن رقیہ ارجمند کو انگریزی زبان میں تقریر پر مبارکباد دیتا ہوں۔ صدر جامعہ محمد عبدالوحید نے ڈپٹی چیف منسٹر اور راملو نائیک ایم ایل سی کی تکریم کی اور مومنٹو پیش کیا۔ طالبہ رابعہ بیگم نے ’’ہمارے مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کے موضوع پر تلگو زبان میں تقریر کی۔ جناب راملو نائیک ایم ایل سی نے اپنی تقریر میں اُردو زبان کی اہمیت کو بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اُردو کے سیکھنے پر توجہ دیں اور اُردو زبان کے فروغ میں جامعہ دارالفرقان کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے اپنے خاص فنڈ سے جامعہ دارالفرقان للبنات سعیدآباد کیلئے ایک لاکھ روپئے عطیہ کا اعلان کیا۔ مولانا ثناء اللہ مدنی نے ’’دینی تعلیم کی اہمیت عصر حاضر میں کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ آج مسلمان ایسی تعلیم کو اعلیٰ تعلیم سمجھتے ہیں جو مسلمان کو اسلام سے دور کردے حالانکہ اعلیٰ تعلیم قرآن و حدیث کی تعلیم ہے۔ ناظم تعلیمات جامعہ دارالفرقان مولانا طہ سعید خالد مدنی نے فارغات سے کہا کہ آج فارغات کو جو عبایات اور ردائیں پہنائی گئی ہیں وہ تکمیل علوم و تکریم کے ساتھ جوابدہی و مسئوولیت کی ردائیں ہیں۔ معتمد جامعہ جناب محمد عبدالرافع صدیقی نے جامعہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔