مذہبی خبریں

شرک عقل و فطرت کے مغائر۔ شرک کبھی ذہن و دل کو مطمئن نہیں کرسکتا
مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے جاری تعارف اسلام کورس میں محترمہ سمیرا بیگم کا خطاب

حیدرآباد۔/21اپریل ، ( راست ) ظلم کا مطلب ہے کسی پر زیادتی کرنا، کسی کا حق مارنا، شرک کرنے والا اپنے رب ، خالق و مالک اور پروردگار کا حق بندگی مارتا ہے اور ایسے لوگوں و ایسی چیزوں کو اللہ کے برابر کردیتا ہے جو کہ خود اللہ کے پیدا کردہ ہیں اور اللہ کے محتاج ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ سمیرا بیگم نے حکیم پیٹ میں مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے جاری تعارف اسلام کلاس میں طالبات و خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرک کرکے انسان اپنی حیثیت اور شرافت کو کم کرلیتا ہے۔ وہ اس طرح کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نے ساری مخلوقات میں افضل و اشرف بنایا ہے۔ جب انسان ہی دوسری مخلوق کو اپنا معبود و حاجت روا بنالیتا ہے تو پھر اس کی اپنی عزت و شرافت بھی گھٹ جاتی ہے۔ انہوں نے شرکت کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی صفات حمیدہ کو اللہ کے علاوہ کسی اور سے منسوب کرنا جیسے موت و حیات کا مالک اللہ کے علاوہ بھی کوئی ہوسکتا ہے، پانی کوئی اور برساتا ہے، روزی کوئی اور دے سکتا ہے۔ غیر اللہ کے نام پر کھایا جاسکتا یا قربانی دی جاسکتی، یہ سارے شرک کی بدترین قسمیں ہیں۔ ایسے گناہ کی اللہ کے پاس کوئی معافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرک انسانی ذہن و دل کو مطمئن نہیں کرسکتا۔ وہ عقل و فطرت کے خلاف ایک گھٹیا عقیدہ ہے جس کی کوئی نہ دلیل ہے اور نہ ثبوت ہے۔ جو لوگ شرکت کرتے ہیں اللہ کی ناراضگی ہمیشہ کیلئے مول لیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ’’ جن لوگوں نے اپنے رب سے کفر و شرک کیا ہے ان کے اعمال کی مثال اس راکھ کی سی ہے جسے ایک طوفانی دن کی آندھی نے اُڑا دیا ہو، وہ اپنے کام کا کچھ بھی پھل نہ پاسکیں گے، یہی پرلے درجہ کی گمراہی ہے۔‘‘ انہوں نے قرآن و حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ اللہ اس شخص کو ہرگز معاف نہیں کرے گا جو اس کے ساتھ شرک کرے اور اس سے کمتر جسے چاہے معاف کرسکتا ہے۔

جس نے اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرایا وہ گمراہی میں بہت دورجاپڑا۔‘‘ حضرت عبداللہ ابن مسعودؓ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ اے اللہ کے رسولؐ کونسا گناہ سب سے بڑا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک کرو جبکہ اللہ ہی نے تم کو پیدا کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کئی لوگ بظاہر تو توحید پرست ہوتے ہیں مگر اپنے ایمان کے ساتھ مشرکانہ اعمال بھی ملادیتے ہیں جبکہ شرک کی ذرا سی آمیزش ایمان کو متاثر کردیتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ذکیہ سلطانہ، محترمہ تنویر فاطمہ، محترمہ رقیہ فرزانہ، محترمہ روحی خاں، محترمہ شمیم فاطمہ، محترمہ طلعت، محترمہ جمیلہ بیگم، محترمہ اسریٰ بیگم، محترمہ ماریہ احمدی اور دیگر کارکنات ٹولی چوکی، محمود گوڑہ، بھولک پور، شانتی نگر، بہادر پورہ ، یوسف گوڑہ، کاروان، ٹولی چوکی، ٹومبس روڈ، حکیم پیٹ اور عنبر پیٹ کی کلاسیس میں مخاطب کررہی ہیں۔

مدرسہ عزیزیہ ، جیانگر ، سعیدآباد کالونی میں دینی کلاسیس
حیدرآباد /21 اپریل ( راست ) الحمدللہ سال گذشتہ کی طرح امسال بھی گرمائی تعطیلات میں مدرسہ عزیزیہ ، جیانگر ، سعیدآباد کالونی ، حیدرآباد میں صبح 7 بجے تا 11 بجے دن دینی کلاسیس کا آغاز ہوگیا ہے۔ والدین و سرپرست اپنے بچوں کو ناظرہ قرآن مجید ، احادیث نبوی ﷺ مسنون دعائیں ، دینیات کی تعلیم کیلئے مدرسہ ہذا میں داخلہ دلاکر استفادہ کریں ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9949481933 پر ربط پیدا کریں ۔

سید غوث خاموشی اسلامک ٹرسٹ
کے سیرت طیبہؐ پر خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( فیاکس ) : معتمد نشرو اشاعت و کنوینر تعارف اسلام کلاسیس جناب جلال عارف نے طلباء وطالبات کو اطلاع دی ہے کہ امسال سید غوث خاموشی اسلامک ٹرسٹ کے مجوزہ تعارف اسلام کلاسیس کو ملتوی کیا گیا ہے ۔ البتہ ان کے استفادہ کے لیے سیرت طیبہؐ پر 5 روزہ پروگرام اردو گھر مغل پورہ میں5 تا 9 مئی روزانہ 10-30 بجے دن سے 12-30 بجے دن تک زیر نگرانی مولانا حسین شہید رکھا گیا ہے ۔ مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد حضور اکرمؐ کی بعثت سے لے کر آپؐ کے پردہ فرمانے تک کی تفصیلات پر مبنی توسیعی لکچر دیں گے ۔ ہائی اسکول ، جونیر و ڈگری کالجس ، دینی درس گاہوں کے طلباء وطالبات کے علاوہ عامتہ المسلمین سے شرکت کی گذارش کی گئی ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9985255785 ۔ 9885886775 ۔ 9290034626 پر ربط کریں ۔۔

علماء و حفاظ کے لیے
مفت کمپیوٹر کورس کا آج سے آغاز
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : علماء و حفاظ کو آئی ٹی فیلڈ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نیٹ زیل ( گلوبل انفوسیس ) مہدی پٹنم کی جانب سے مفت مختصر مدتی کمپیوٹر کورس کا آغاز کیا گیا ۔ جس میں علماء و حفاظ کو کمپیوٹر سے متعلق بنیادی معلومات کے ساتھ ہارڈویر ، سافٹ ویر ، نیٹ ورکنگ اور انٹرنیٹ کی ضروریات سے واقف کروایا جارہا ہے اور ساتھ ہی ایم ایس آفس اور ان پیج کی تربیت بھی دی جارہی ہے ۔ پہلے بیاچ کے کامیاب انعقاد کے بعد دوسرے بیاچ کا 22 اپریل سے آغاز عمل میں آئے گا ۔ کسی قسم کی کوئی فیس نہیں ہے ۔ بیاچ کے اوقات روزانہ 9 تا 10 بجے شام ہوں گے ۔ نیٹ زیل پر علماء و حفاظ کے علاوہ عمومی طور پر کسی بھی کورس میں داخلہ لینے پر ایم ایس آفس یا اسپوکن انگلش فری اور ہارڈ ویر نیٹ ورکنگ پیاکیج پر 50 فیصد ڈسکاونٹ دیا جارہا ہے ۔ فون 66612678 ۔ 9291335706 پر براہ راست ، 12-2-831/3 سکنڈ فلور روبرو بس ڈپو مہدی پٹنم پر ربط کرسکتے ہیں ۔۔

مدرسہ دارالحدیث محمدیہ مسائیہ کی
جانب سے سمر اسلامک کورس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : گرمائی تعطیلات میں عصری تعلیم حاصل کرنے والے لڑکے اور لڑکیوں کے لیے مدرسہ دارالحدیث محمدیہ مسائیہ ، فتح دروازہ کی جانب سے سمر اسلامک کورس کا انتظام کیا جارہاہے تاکہ اس کورس کے ذریعہ ان کے اندر اسلام کی حقیقی روح پھونکی جائے اور انہیں دین کی بنیادی معلومات سے واقف کرایا جائے ۔ آغاز 27 اپریل سے ہوگا اور 30 مئی تک رہے گا ۔ اوقات تعلیم صبح 9-30 تا 12 بجے بمقام جامع مسجد اہلحدیث فتح دروازہ ۔ 31 مئی اتوار بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم انعامات و اسناد منعقد ہوگا ۔ مزید تفصیلات کے لیے 8801560563 ۔ 9393554608 پر ربط کریں ۔۔

ماہانہ مجلس فیضان حضرت سید سلطان علی شاہؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت سید سلطان علی شاہؒ واقع درگاہ شریف آغا پورہ میں 2 رجب کو بعد مغرب مقرر ہے ۔ جس میں مغرب تا عشاء مجلس سماع ہوگی ۔ مولانا سید نظام الدین ہارونی سجادہ نشین و متولی نگرانی کریں گے ۔۔

درس قرآن
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : قرآن و سیرت سوسائٹی مغل پورہ کے زیر اہتمام محفل درس قرآن بروز چہارشنبہ بعد نماز مغرب خواجہ کا چھلہ مغل پورہ منعقد ہوگی ۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم سورہ العاراف کا درس دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا انتظام رہے گا ۔۔

درس تفسیر القرآن ( برائے خواتین )
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : بمکان سید سمیع اللہ روبرو عربوں کی مسجد قاضی پورہ میں روزانہ دوپہر 12 بجے تا 3 بجے دن بیان رہے گا ۔ جس میں قرآن مجید کی تفسیر مفتیہ سعیدہ فاطمہ شیخ المعقولات جامعتہ المومنات کا بیان رہے گا ۔ خواتین و طالبات سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔

ماہانہ نعتیہ زنانی محفل
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : 2 رجب المرجب بروز چہارشنبہ رہائش گاہ سید ابوالحسن ہاشمی بیابانی تمنا وٹے پلی فاطمہ نگر قریب جامع مسجد محمدیہ بعد نماز عشاء محترمہ سیدہ اسماء النساء کی قرات کلام پاک سے بزم کا آغاز ہوگا ۔ نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کریں گی سیدہ شیما النساء ، زیر نگرانی محترمہ منی بیگم ، نظامت کے فرائض سیدہ سلمیٰ النساء انجام دیں گی ۔ محترمہ سیدہ سلطانہ ڈاکٹر سیدہ فاطمہ النساء مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔

مرکزی جلوس سہرہ مبارک
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : مرکزی جلوس سہرہ مبارک بضمن جشن ولادت مولائے کائنات حضرت علی3 مئی کو ایک بجے دن بعد جشن مبارک الاوہ بی بی دبیر پورہ سے برآمد ہوگا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا کوہ مولا علی پہونچے گا ۔ بانی جلوس و جشن جناب مرزا ریاض الحسن افندی نگرانی کریں گے ۔۔

مرکزی جشن معراج النبیؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام مرکزی سالانہ جشن معراج النبیؐ 26 رجب کو میلاد میدان خلوت مبارک میں پورے جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا ۔ اس مقدس جلسہ کی نگرانی مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر انجمن قادریہ کریں گے ۔ اس جلسہ کو علمائے کرام خطاب کریں گے ۔ جلسہ کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔۔

تبدیلی غلاف مبارک
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : پہاڑی شریف درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین قبلہؒ کی مجلس ماہانہ تبدیلی غلاف مبارک 2 رجب کو بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ نماز عشاء 8-45 بجے ہوگی ۔ بعد نماز عشاء تبدیلی غلاف مبارک کی رسم انجام دی جائے گی ۔ بعد تبدیلی غلاف مبارک ختم قرآن ، قصیدہ بردہ شریف و سلام بحضور خیر الانامؐ گذرانا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام پیرزادہ سید فرید الدین سہروردی قادری گدی نشین آستانہ عالیہ امام و خطیب مسجد بارگاہ کی دعا پر ہوگا ۔ سالانہ عرس حضرت غریب نواز اجمیریؒ نیاز شریف تناول طعام کا اہتمام رکھا گیا ہے ۔۔

مقدس جشن مولود کعبہ و جلوس سہرہ مبارک کیلئے استقبالیہ کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : مرکزی سیرت الزہرا کمیٹی کے اجلاس میں جو آج جناب علی رضا کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ ولادت باسعادت مولائے کائنات ، مولود کعبہ حضرت علی ابن ابی طالب ؓ کے سلسلہ میں 3 مئی اتوار 12 بجے دن مقدس جشن مولود کعبہ و جلوس سہرہ مبارک زیر نگرانی الحاج عباس رضوی سعید و زیر قیادت جناب علی رضا صدر کمیٹی نے جلوس سہرا مبارک کی تیاری پر غور کرتے ہوئے نمائندہ اصحاب کی استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ جس میں جناب سید محمد فضل علی ڈائرکٹر زیڈ آر رینیو ایبل انرجی صدر ، نائب صدور مولانا علی مرتضی ، میر ضامن علی رضوی ، مسرس عباس رضوی سعید ، مرزا محمد حسن تبریزی ، سید محمد سجاد ، میر فراست علی باقری ( ایڈیٹر یامس ٹائمس ) ، اکبر مرزا ایڈوکیٹ ، میر حسن علی موسوی ، سکندر علی مرزا ، نوشاد رضا عدنان ، میر ذوالفقار علی ، ناصر نواب ، حسن مرزا ایڈوکیٹ ، حسین علی خاں ، آغا مصطفی علی ، میر رضا علی رضوی ، فراز رضوی ، سید مرتضی ہادی ، حیدر حسن ، نور الحسن ، حیدر رضامتین ۔ جنرل سکریٹریز اظہر علی خاں ، آغا کرار حسین ( چھوٹو آغا ) ، نوشاد حسین یاور ، مرزا یاور حسین ، سید مہدی حسین نقوی ، سید مصطفی حسین رضوی ، شاہنواز موسوی ، سید نقی حسن ( ہنسا ) کا انتخاب اور 12 رکنی عاملہ تشکیل دی گئی ۔ مرکزی حیثیت کے حامل 68 سالہ اس قدیم و مقدس جشن و جلوس سہرا مبارک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے نوجوان کارکنوں میں جوش و خروش کا جذبہ دیکھا گیا ۔ جناب علی رضا صدر کمیٹی نے بتایا کہ اس مقدس جشن و جلوس سہرہ مبارک میں شرکت کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ، مرکزی و ریاستی وزراء ، اراکین پارلیمنٹ ، اسمبلی و کونسل ، علماء و مشائخین ، صدور گروہان و انجمنان و اراکین کے علاوہ اہم سیاسی قائدین ، محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور پرنٹ و الکٹرانک میڈیا کے سربراہان بشمول جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے وکلاء قانون داں ، ڈاکٹرز و صحافی حضرات کو بھی مدعو کیا گیاہے ۔۔

درس تفسیر القرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : درس تفسیر القرآن برائے خواتین روزانہ 12 تا 3 بجے دن قیام گاہ جناب سید سمیع اللہ واقع روبرو مسجد قوت اسلام قاضی پورہ میں مقرر ہے ۔ خواتین و طالبات سے شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ۔ مزید معلومات 9441295334 پر حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

روانگی قافلہ اجمیر شریف
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : تعلیم حافظ استاد میموریل ویلفیر سوسائٹی کے صدر نشین محمد خالد استاد عرس خواجہ غریب النوازؒ کے موقع پر سوسائٹی کی جانب سے صدر سوسائٹی محمد خالد استاد کے زیر سرپرستی تمام اراکین سوسائٹی و عقیدت مندان خواجہ غریب النوازؒ کا قافلہ بروز جمعرات 3 رجب المرجب کو کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے اجمیر شریف کے لیے روانہ ہوگا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ محمد صاحب قبلہؒ و حضرت محمد محبوب پاشاہ قبلہؒ مجذوب واقع سداسیو پیٹ ضلع میدک میں 22 تا 24 اپریل کو مقرر ہے ۔ جس کی سرپرستی حضرت سید شاہ نظام الدین ہارونی سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت سلطان علی شاہ آغا پورہ کرینگے جب کہ رکن اسمبلی سنگاریڈی مسٹر چتاپربھاکر نگرانی کریں گے ۔ پروگرام کے مطابق 22 اپریل کو صندل شریف و محفل سماع ہوگی ۔ 23 اپریل کو چراغاں میں محفل سماع ہوگی اور 24 اپریل کو بعد عشاء محفل سماع ہوگی ۔ عرس کی تیاریاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں ۔۔

سالانہ جشن غریب نوازؒ و
عرس شریف نقیب المشائخ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : سالانہ جشن حضور سیدنا خواجہ غریب نوازؒ و دوسرا عرس حضرت الحاج صوفی شاہ محمد عبدالرزاق قادری چشتی شاہ ولی اللھیؒ نبیرہ حضرت سلطان الواعظین 22 اپریل کو درگاہ شریف احاطہ صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ اس موقع پر بعد مغرب مجلس قصیدہ بردہ ، بعد عشاء مراسم صندل و محفل سماع زیر نگرانی مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی ثانی سجادہ نشین حضرت ممدوح مقرر ہے۔ حافظ و قاری ابرار احمد خاں قادری کی قرات و صوفی محمد عبدالرحمن تبریز پاشاہ قادری چشتی کی نعت ہوگی ۔۔

مسجد اجالے شاہ صاحبؒ میں
گرمائی اسلامی کلاسیس کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : جماعت اسلامی ملک پیٹ کے زیر اہتمام اس سال بھی اسکول اور کالج کے طلباء کے لیے ایک ماہی گرمائی اسلامی کلاسیس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ یہ کلاسیس چہارم جماعت تک کے بچوں کے لیے علاقہ ملک پیٹ کے مختلف محلہ جات میں اور پنجم جماعت سے کالج سطح کے طلباء کے لیے مسجد اجالے شاہ سعید آباد میں 25 اپریل تا 26 مئی بہ اوقات صبح 9-30 تا 12-30 بجے منعقد ہوں گی ۔ جناب قاضی عزیز الدین صابر کنوینر کلاسیس نے ان کلاسیس کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر طلباء سے خواہش کی ہے کہ داخلے کے لیے دفتر جماعت اسلامی ملک پیٹ متصل مسجد اجالے شاہ صاحبؒ پر شام 4 تا رات 9 بجے ربط پیدا کر کے رجسٹریشن کروالیں ۔ کلاسیس کے اختتام پر طلباء کا امتحان لیا جائے گا اور میرٹ طلباء میں پرکشش انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ پابندی سے شرکت کرنے والے تمام کامیاب طلباء میں اسناد تقسیم کیے جائیں گے ۔ دیگر تفصیلات اور رجسٹریشن کے لیے جناب قاضی عزیز الدین صابر 7799410808 سے اور دفتر جماعت 24553188 پر دوپہر 2 تا رات 10 بجے تک ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔

جلسہ تقسیم اسنادات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : حافظ سید مظفر الحسن نقوی بانی و ناظم جامعہ حرا نے اطلاع دی ہے کہ جامعہ حرا کا جلسہ تقسیم اسناد 26 اپریل اتوار کو دس بجے دن ھبہ فنکشن ہال جہاں نما روڈ میں مقرر ہے ۔ مولانااحمد محی الدین نظامی نگرانی کریں گے ۔ مولانا جعفر پاشاہ حسامی صدارت کریں گے ۔ اس جلسہ میں 18 طلباء و 2 طالبات کو عطائے خلعت دی جائے گی ۔ مولانا حافظ محبوب شریف نظامی اس رسم کی تکمیل کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سیف اللہ ، جناب عمر علی خاں ، مولانا عبدالغنی ، جناب ضیا الدین ، مولانا محمد فہیم الدین ، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد ، قاضی سید عزیز الدین صابر شرکت کریں گے ۔۔

اجتماع عام جماعت اسلامی جوبلی ہلز
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند جوبلی ہلز کا مرکزی ہفتہ واری اجتماع بروز چہارشنبہ بعد نماز مغرب دفتر جماعت اسلامی ہند جانکی نگر ٹولی چوکی روبرو مسجد شجاعت منعقد ہوگا ۔ تلاوت و ترجمانی قرآن مجید عبدالحفیظ پیش کریں گے ۔ تقریر بعنوان ’ قرآن مجید کا تعارف ‘ علی احمد صابر مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ فیضان خواجہ غریب نوازؒ
حیدرآباد۔/21اپریل، ( راست ) کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام فیضان سیدنا خواجہ غریب نواز ؒ کے چھ روزہ جلسوں کا دوسرا جلسہ 22اپریل بروز چہارشنبہ بوقت بعد نماز عشاء بمقام مسجد نذر محمد خاں اندرون گولی پورہ زیرصدارت حضرت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت وجماعت، دوسرا جلسہ فیضان خواجہ غریب نواز ؒ منعقد ہوگا۔ میں جناب سید حسین قادری کی قرأت کلام پاک کے بعد جناب فائق قادری نعت شریف و منقبت خواجہ ؒ پیش کریں گے۔ مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ قادری و چشتی، جناب نوید بیابانی، جناب محمد بن علی چشتی اور صدر جلسہ کے حضور خواجہ غریب نواز ؒ کی تبلیغ اور فیضان کے زیر عنوان خطابات ہوں گے۔

بزرگان دین کے جذبہ خدمت خلق میں انسانی اقدار کی پاسداری نمایاں۔ میٹ کا بیان
حیدرآباد۔/21اپریل، ( پریس نوٹ ) موومنٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک تلنگانہ نے امریکی عوام کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے امریکی صدر بارک اوباما نے جس انداز میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز ؒ کے لئے بصد عقیدت و احترام جو چادر گل پیش کرتے ہوئے تبلیغ اسلام کے لئے سب سے بڑے داعی کے ساتھ جو محبت کا اظہار کیا ہے ، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مشرق ہو کہ مغرب ، شمال ہو کہ جنوب ہر جانب اسلامی اقدار اور اس کے پیام انسانیت کو قبول کرنے پر آج دنیا مجبور و بے بس ہے۔ میٹ (MEET) کے عہدیداران سید امیر ،محمد امجد، سید علی الدین ، محمد اسد ، سید حمید الدین احمد محمود نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ روحانیت کی تلاش میں بھٹکی ہوئی انسانیت صوفیوں ، بزرگان دین کے جذبہ تبلیغ اسلام خدمت خلق کے لئے آج بھی اسی طرح تڑپ رہی ہے جس طرح ماضی میں تڑپتی تھی ۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کی خدمات کا دائرہ اس قدر وسعت اختیار کرگیا کہ آج امریکہ جیسے ملک کے عوام ان کے منتخبہ صدر، غڑیب نواز ؒ کے دامن میں آتے ہوئے روحانی اقدار کی تلاش میں ہیں۔ ایسے میں یہ بات واضح ہورہی ہے کہ ایک بار پھر اہل کتاب قرآنی تعلیمات اور اسلام کے داعیان کے فلسفہ انسانیت کو ہی معراج انسانیت محسوس کررہے ہیں۔ ان حالات میں ہندوستانی مسلمان اس یقین کے ساتھ زندگی گذار سکتا ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کے تعمیری رول کو دیر ہی سے سہی لیکن درست انداز میں تسلیم کیا جائے گا۔

درس فصوص الحکم کا خانقاہ قادریہ میں اختتام
حیدرآباد ۔ 21 اپریل ۔ ( راست ) جناب شیخ رفیق کی اطلاع کے بموجب اللہ اور اس کے حبیب کے صدقہ میں درس تصوف میں ’’فصوص الحکم ‘‘کا خانقاہ قادریہ قریب نشاء اسلامک اسٹوڈیو ، جمال بنڈہ ، بارکس میں حضرت صوفی عبدالقادر باشاہ قادری شاذلی ادونی قبلہ نے 25 فبروری کو شجرہ و فاتحہ خوانی کے ساتھ آغاز عمل میں لایا تھا اُس کا گزشتہ ہفتے ’فص محمدیہ‘کے درس کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پر حضرت صوفی عبدالقادر باشاہ قادری نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ بہ فیض روحانی حضرت سید خواجہ رحمت اﷲ نائب رسول (رحمت آباد ) و بہ فیض نگاہ حضرت محمد عبدالقدیر صدیقی حسرتؔ ؒفقیر درس فصوص الحکم مختصر صحیح لیکن عام فہم انداز میں مکمل کیا اور کہا کہ الشیخ محی الدین ابن العربی ؓکا نام تصوف و فلاسفہ سے آگاہی رکھنے والوں کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ فصوص الحکم میںحکمت کے موتی و جواہر پارے موجود ہیں ۔ فصوص الحکم 27 فص(عنوانات) پر مشتمل ہے۔اس کا آغاز فص آدمیہ ، سے ہوتا ہے اور برگزیدہ پیغمبر ان کی زندگی کا احاطہ کرتے ہوئے ہمارے آقا حضرت محمد مصطفی ؐ(فص محمدیہ) پر اس کا اختتام ہوتا ہے ۔ جس کا آج درس دیا گیا ۔درس کے اختتام کے بعد شجرہ خوانی و فاتحہ خوانی کے بعد مختصر محفل نعت منعقد ہوئی جس میں شاعر خانقاہ قادریہ جناب عارف نعیمؔ قادری ، حبیب علی رفیع ، مرزا کریم بیگ ، حبیب محمد رفیع و قاضی حبیب صالح جنیدی نے نعت شریف پیش فرمائی ۔