مذہبی خبریں

صالح معاشرہ کیلئے عورت کا دیندار ہونا ضروری
مسجد حسینی اسبسطاس ہلز کالونی میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خطاب

حیدرآباد ۔ /13 جولائی (پریس نوٹ) اللہ رب العزت نے ہر انسان کو صلاحیت اور مزاج کے اعتبار سے بعض معاملات میں الگ الگ بنایا لیکن ایک معاملہ میں سب برابر ہیں وہ ہے اللہ کی بندگی نماز پڑھنا روزہ رکھنا حج کرنا وغیرہ اللہ کے حکم کی اطاعت میں سب برابر ہیں ۔ قرآن کریم میں اللہ رب العزت نے دس صفات ایسی بیان فرمائی ہیں جس کو پورا کرنے پر اجر عظیم اور بخشش کا وعدہ کیا ہے ۔ خواہ مرد ہو یا عورت ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری صدر جمعیتہ علماء قطب اللہ پور نے مسجد حسینی اسبسطاس ہلز کالونی بالا نگر حیدرآباد میں منعقدہ مسلمانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا حق و صداقت اور ایمان و ایثار کی تاریخ کا اگر گہرائی نظر سے مطالعہ کیا جائے تو یہ کہنا بجا ہوگا کہ ایمان و یقین کی تاریخ میں مردوں کی قربانیوں اور ان کی تاریخ کے پیچھے کسی نہ کسی عورت کے تعاون و تربیت اور ایثار و قربانی کا عمل دخل نظر آتا ہے ۔ مولانا راہی نے کہا آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی اولاد کی صحیح تربیت کریں ۔ اسلامی تعلیمات سے ان کو واقف کروائیں یہ ماں باپ کی اہم ذمہ داری ہے اس لئے علماء نے صالح معاشرہ کیلئے عورت کی دینداری کو ترجیح دی ہے ۔ آج اسلامی تعلیمات نہ ہونے کی بناء پر اولاد نافرمان ہورہی ہے ۔ ماں باپ پر اولاد کے ظلم و ستم کا بازار گرم ہے اور ہماری لڑکیاں مخلوط تعلیم کی بناء پر مرتد ہورہی ہیں ۔ اپنی اور اپنے اولاد کے ایمان کی بقاء نہایت ضروری ہے ۔ مسلمان عورتیں اور ازواج مطہرات کی پاکیزہ سیرت کا مطالعہ کریں اور انہیں اپنا آئیڈیل بنائیں ۔

 

جلسہ حرمت ارض مقدس مدینہ طیبہ زاد اللہ عظمتھاو فاتحہ جانشین حضرت محدث دکن قدس سرۂ
حیدرآباد ۔ /13 جولائی (راست) کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیراہتمام جلسہ حرمت ارض مقدس مدینہ طیبہ زاد اللہ عظمتھا و ماہانہ فاتحہ جانشین حضرت محدث دکن ابوالبرکات حضرت پیر مولانا سید خلیل اللہ شاہ قبلہ مجددی نقشبندی القادری علیہ الرحمۃ و الرضوان اور محفل نقشبندیہ مجددیہ زیرصدارت مولانا پیر مفتی غلام احمد قریشی مجددی نقشبندی القادری امیر انٹرنیشنل مسلم تحریک تحفظ سنت /8 شوال المکرم بروز جمعرات بعد نماز عشاء قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔ طلبائے مدرسہ برکات الحسنات و دیگر حضرات کی حمد باری تعالیٰ ، نعت شریف و منقبت خوانی کے علاوہ حافظ و قاری مولانا محمد امجد خاں نقشبندی ، حافظ و قاری مولانا محمد بدرجمال قادری ، مولانا محمد زبیر نقشبندی قادری و دیگر حضرات مخاطب کریں گے ۔ مولانا ڈاکٹر جواد حسن مہمان خصوصی ہوں گے ۔

 

یادگار انعامی تحریری مقابلہ
حیدرآباد ۔ /13 جولائی (راست) مولانا مفتی محمد عبدالحمید صدیقی احمد اللہ سابق شیخ الجامعہ کی سالانہ فاتحہ کے موقع پر یادگار انعامی تحریری مقابلہ بعنوان ’’کنزالعلوم علامہ مفتی محمد عبدالحمیدؒ بحیثیت سنت کے علمبردار‘‘ دینی و عصری کالجس کے طلبہ و طالبات حصہ لے سکتے ہیں ۔ A4 سائز کے 5 صفحات پر 18 تا 20 سطر پر مشتمل مقالہ راست یا پوسٹ کے ذریعہ روانہ کرنا ہوگا ۔ جس کی آخری تاریخ /26 جولائی 20 شوال المکرم ہوگی ۔ انعام اول ، دوم ، سوم کے علاوہ ترغیبی انعامات بھی پیش کئے جائیں گے ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9247393156 یا 9550109009 پر ربط کریں ۔

 

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 14 جولائی بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

حلقہ ذکر جہری
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( راست ) : شاخ خانقاہ نوریہ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں بروز جمعرات بعد نماز عشاء حلقہ ذکر جہری مقرر ہے۔ مولانا محمد ابرار اللہ شاہ نوری اور مولانا محمد سلطان علی شاہ نوری کا خطاب ہوگا ۔۔

 

آج خانقاہ قبول مصطفوی میں
نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( راست ) : حضرت سید محمد مرتضی بادشاہ قبلہ قادری چشتی حبیب زرین کلاہ ؒ کے عرس مبارک کے سلسلہ میں 14 جولائی جمعرات کو 9 بجے شب خانقاہ قبول مصطفوی نور خاں بازار میں بزم حبیب زرین کلاہ کے زیر اہتمام غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ زیر نگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک کے بعد حضرت حبیب زرین کلاہ کی نعت شریف سنائی جائے گی ۔ مولانا سید احمد بادشاہ قادری زرین کلاہ کے خیر مقدمی کلمات ہوں گے ۔ شعراء کرام مولانا سید عبدالرحمن طاہر القادری ، حضرت جلال عارف ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، یوسف روش ، اسلم فرشوری ، شاہد عدیلی ، سردار سلیم ، ڈاکٹر طبیب پاشاہ قادری ، فرید سحر ، اسد ثنائی ، نور الدین امیر قادری ، اکبر خاں اکبر ، قاری انیس احمد ، سید علی عادل ، ناقد رزاقی ، میر عظمت علی ، محمد شبیر علی خاں ، مظہر الحق مظہر ، عظمت اللہ جعفری ، تشکیل رزاقی ، محمد ثنا اللہ انصاری وسطی ، سید سمیع اللہ حسینی کے علاوہ نگران مشاعرہ اور مولانا سید محمود بادشاہ قادری چشتی زرین کلاہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت حبیب زرین کلاہ بہ حضور رسالت مآبؐ منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ قاضی فاروق عارفی معتمد مشاعرہ شکریہ ادا کریں گے ۔ آخر میں نگران مشاعرہ کی دعا ہوگی ۔۔

 

جلسہ فیضان غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( راست ) : الگیلانی عالمی سوسائٹی کے زیر اہتمام ماہانہ جلسہ فیضان حضرت سیدنا غوث اعظم ؒ 14 جولائی بعد نماز مغرب اردو گھر مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ نگرانی واصف احمد علوی صدر سوسائٹی کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا سید شاہ محمد ملتانی خطاب کریں گے ۔۔

 

بارش کا موسم ، نفع کی بارش کے بجائے عذاب کے آثار
اجتماعی یا انفرادی استغفار کے ورد پر زور ، پروفیسر سید محمد تنویر الدین
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : بارش کا موسم شروع ہو کر ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ گذر چکا ہے ۔ موسم کی تبدیلی کے اثرات لوگوں پر مرتب ہورہے ہیں ۔ موسمی بخار وغیرہ کے مریضوں سے دواخانے بھر گئے ہیں ۔ شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کو ہیں نفع دینے والی بارش کی جگہ بیماریوں اور عذاب کے آثار ظاہر ہورہے ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید محمد تنویر الدین خدانمائی سابق صدر شعبہ فارسی جامعہ عثمانیہ و ڈائرکٹر مدرسہ صوفیہ نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ پانی کے ذخائر کا زمین میں دھنس جانا اور آسمان سے بارش کا نازل نہ ہونا ۔ دونوں صورتیں عذاب الہیٰ کی نشانیاں شمار کی جاتی ہیں ۔ کجا ہلکی بوندا باندی کے سوا کچھ نہیں ۔ اطلاعات اور سرکاری محکموں کے اعداد و شمار کے لحاظ سے کنٹوں ، تالابوں ، جھیلوں ، باولیوں اور ندیوں میں پانی کا بہاؤ تو دور کی بات ہے زیر زمین پانی کے ذخائر میں قطعاً کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ علاقہ تلنگانہ ہنوز آئندہ خشک سالی ، قحط اور پانی کی قلت کا نقشہ پیش کررہا ہے ۔ پروفیسر تنویر الدین خدانمائی نے مزید کہا کہ خدائے تعالیٰ نے مسلمانوں کو خیر امت بنایا ہے ۔ انہیں کی دعاؤں اور استغفار کی برکت سے بلائیں ، وبائیں ، اور قحط سالی دور ہوتی ہے ۔ اور بیمار شفا پاتے ہیں ۔ انہیں کی انفاس قدسیہ کے طفیل دیگر اقوام بھی خوشحال زندگی گذارتی ہیں ۔ انہوں نے عامتہ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ موجودہ موسم برسات میں نفع بخش بارش اور زیر زمین ذخائر آب میں اضافہ ، تالابوں وغیرہ میں اگلے موسم تک پانی کا ذخیرہ جمع ہونے کے لیے اجتماعی سطح پر یا انفرادی طور پر ہر نماز کے بعد کم از کم ایک سو 100 بار استغفار کو ( ہر نماز کے بعد ) اختیار کریں ۔ اگر ائمہ کرام مسجدوں میں کم از کم بعد نماز فجر اور بعد نماز عشاء اجتماعی طور پر چند بار بآواز بلند استغفار کا ورد کروائیں تاکہ رحمت خداوندی کا نزول ہو ۔۔

 

الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے
تعلیم القرآن کورسیس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد کے زیر اہتمام 18 جولائی سے پیر تا جمعہ روزانہ 10 بجے دن تا دوپہر 1-30 بجے تعلیم القرآن کے سرٹیفیکٹ کورسیس شروع کیے جارہے ہیں ۔ انگریزی اور اردو زبان کے ان کورسیس میں تجوید ( بنیادی و اعلیٰ سطحی ) ، لفظ بہ لفظ ترجمہ ، تفسیر ، اتباع سنت ، سیرت النبیؐ ، قواعد ، فقہ الصوم ، روزمرہ کے نوافل ، فقہ زکواۃ ، نماز نبویؐ ، فقہ طہارت ، فقہ حج و عمرہ ، فقہ حیات و موت ، حسن اخلاق ، دعوۃ تربیتی پروگرام اور ٹیچرس ٹریننگ شامل ہیں ۔ بعض کورسیس کی مدت تقریبا دو سال رہے گی ۔ تفصیلات کے لیے الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ فلیٹ نمبر 104 سلور کیسل ، یوسف ٹیکری ، ٹولی چوکی ، موبائل 9885204229 ۔ 9701236367 واٹس اپ 9494361718 یا ای میل alhudahyd@gmail.com پر ربط کریں ۔۔