مذہبی خبریں

خواتین کو دینی تعلیم کی فراہمی کیلئے مکتب کا قیام
بیدر۔10؍جولائی۔(سیاست ڈسٹرکٹ  نیوز) ۔ جناب شیخ امتیاز پرنسپل میریڈین ہائی اسکول بیدر کے ایک پریس نوٹ کے بموجب میریڈین ہائی اسکول کے زیرِ اہتمام بیدر شہر میں دینی تعلیم سے نابلد خواتین و طالبات کو اسلام کی بنیادی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے باضابطہ ایک منصوبہ بند طریقے سے اسلامی تعلیمی بیداری برائے بالغان(خصوصی طورپر دیہی خواتین ) کیلئے ایک مکتب قائم کیا جارہا ہے ۔اس کیلئے ایک ایک حافظہ کا تقرر کرکے وہاں تعلیم کا نظم کیا گیا ہے ۔بیدر ضلع کے مُختلف دیہاتوں میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔میریڈین ہائی اسکول بیدر کے پرنسپل نے بتایا کہ بیدر کے علاوہ ہماری تحریک حیدرآباد میں بھی شروع کی جائے گی۔حیدرآباد میں مراکز اور حافظہ کے تقرر کیلئے منصوبہ بنایا گیا ہے۔ خواہش مند  خواتین حفاظ کی ضرورت ہے جنھیں ان کی خدمات پر مناسب ہدیہ دیا جائے گا۔مزید تفصیلات کیلئے اس موبائیل نمبر 098662181,9731443865پر رابطہ کیاجاسکتا ہے۔

 

ختم دلائل الخیرات برائے خواتین
حیدرآباد 10 جولائی (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام ہفتہ واری ختم دلائل الخیرات و ختم خواجگانِ نقشبند و قصیدہ بردہ برائے خواتین بروز پیر 11 جولائی دوپہر ایک تا تین بجے دن بیت البرکات قریب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی بندہ نوازیؒ شکر گنج زیرنگرانی محترمہ نسیم بغدادی مقرر ہے۔

 

جامعۃ المؤمنات کے جدید داخلوں کا آغاز
حیدرآباد 10 جولائی (راست) ڈاکٹر رضوانہ زرین پرنسپل جامعۃ المؤمنات نے بتایا کہ جامعۃ المؤمنات و کلیۃ البنین کے جدید داخلے 2015-16 ء کے فارم کی اجراء عمل میں لائی جائے گی۔ خواہشمند اولیاء طلباء و طالبات داخلہ فارم منتظم جامعہ مولانا عبدالرحیم قادری سے روزانہ صبح 10 تا قبل مغرب حاصل کرسکتے ہیں۔ جماعت اول تا مفتی کورس مع حفظ القرآن میں داخلے جاری ہیں۔ اضلاع کی طالبات کے لئے جامعہ میں ہاسٹل قائم ہے۔ داخلہ بذریعہ انٹرنس ٹسٹ ہوگا۔ داخلہ کے وقت شناختی کارڈ، راشن کارڈ اور چار عدد پاسپورٹ سائز فوٹو ساتھ لائیں۔ بوقت داخلہ خاتون سرپرست کا ہونا ضروری ہے۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں تا جامعہ بس سرویس کا نظم ہے۔ درس و تدریس خاتون معلمات ہی دیں گی۔ جامعہ کے نصاب میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی شامل ہے۔ مزید معلومات کے لئے فون نمبر 9346936596 پر ربط کریں۔

اعراس شریف
حیدرآباد 10 جولائی (راست) عرس شریف حضرت خواجہ میر اسد علی شاہ عرفانیؒ بمقام متصل مسجد حضرت سید صاحب قبلہؒ بیرون دبیرپورہ میں 5 شوال بروز پیر 11 جولائی بعد نماز مغرب صندل مالی و چادرگل ، فاتحہ خوانی مراسم عرس حضرت میر مصطفی علی شاہ عرفانی سجادہ نشین انجام دیں گے۔ 10 بجے شب محفل چشت، سماع، عرفانی گلشن متصل مسجد پیر پاشاہ بیرون دبیرپورہ مقرر ہے۔ آخر میں تقسیم تبرک سلام و دعا ہوگی۔
٭ عرس شریف حضرت شاہ جمال الدین کنج نشین الجنیدیؒ المعروف حضرت چندہ شاہؒ واقع ظفر گڑھ پھسل بنڈہ میں 9 شوال بروز جمعہ کو مقرر ہے۔ پروگرام کے مطابق بعد نماز مغرب جلوس صندل مبارک درگاہ حضرت خواجہ حسنؒ برہنہ شاہ قبلہ سے برآمد ہوکر درگاہ شریف پھسل بنڈہ جائے گا جہاں پر مراسم صندل مالی و سلام پیش کیا جائے گا۔

 

جامعۃ الحرمین الشریفین العربیہ الاسلامیہ میں داخلوں کا آغاز
حیدرآباد ۔ /10 جولائی (راست) جامعۃ الحرمین الشریفین ( حرمین شریفین عربی اسلامی ماڈل یونیورسٹی) جو عربی زبان و اسلامی علوم کی تعلیم کے میدان میں مختصر مدت ، نصاب تعلیم اور طریقہ تعلیم کے ذریعہ نئی جہتیں عطا کررہی ہے ۔ جس نے تاحال ‘ حفظ قرآن مجید 11 ماہ میں ‘ عربی زبان میں مہارت برائے طلبہ و طالبات 11 ماہ ‘ حفظ صحیحین شریفین 11 ماہ ‘ انگریزی بذریعہ عربی 6 ماہ ‘ علوم بلاغت میں مہارت 5 ماہ علوم قرآن میں مہارت برائے طلبہ شامل ہیں۔ سال حال تعلیمی سال میں فقہ اسلامی ائمہ اربعہ بذریعہ عربی اور علوم قرآن کریم برائے طالبات کا آغاز کرنا طئے کی ہے ۔ داخلوں کا آغاز سات شوال مطابق /13 جولائی سے ہوگا ۔ داخلہ کے وقت طالب علم کے ساتھ سرپرست کا ہونا ضروری ہے ۔داخلے محدود نشستوں کے لئے ہوں گے ۔ سرپرست جلد سے جلد رجوع ہو کر نشستیں محفوظ کرلیں ۔ دیگر تفصیلات 9246545814 سے حاصل کرسکتے ہیں ۔

 

حضرت سلطان الواعظین کی
تصنیف کا رسم اجراء اور سمینار
حیدرآباد۔/10جولائی، ( پریس نوٹ ) سلطان الواعظین حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی راز واعظ دکن سرکار عالی جامع مسجد چوک کے عرس شریف کی چار روزہ تقاریب 14تا17جولائی درگاہ شریف صوفی منزل مصری گنج مقرر ہے۔ 14جولائی بروز جمعرات بعد نماز عشاء مراسم غسل شریف، سلام و فاتحہ و دعا ہوگی۔ 15جولائی بروز جمعہ بعد نماز عشاء برآمدی جلوس صندل مع ضربات رفاعیہ روبرو جامع مسجد پیارو میاں مصری گنج تا صوفی منزل، بعد مراسم صندل ٹھیک 9:30 بجے شب سمینار بعنوان ’ تصوف کیا ہے؟ ‘ زیر صدارت مولانا سید شاہ محمد قبول پاشاہ حسنی حسینی قادری شطاری مقرر ہے۔ مولانا سید شاہ علی حسینی قادری علی پاشاہ ، پروفیسر مجید بیدار، مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری، مولانا محمد انوار احمد نظامی مختلف عنوانات پر مقالات پیش کریں گے۔ سمینار کا آغاز حافظ و قاری ابرار احمد خان قادری کی قرأت سے ہوگا۔ 16جولائی بروز ہفتہ بعد نماز مغرب مجلس چراغاں اور بعد نماز عشاء تقریب رسم اجراء کتاب ’’ رسالہ الحقیقۃ ‘‘ تصنیف حضرت ممدوح  اور محفل سماع مقرر ہے۔ 17جولائی بروز اتوار صبح 9:30 بجے مجلس ختم قرآن مجید، سلام، فاتحہ و دعا پر چار روزہ تقاریب عرس شریف کا اختتام عمل میں آئے گا۔ تمام مراسم عرس سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت ممدوح انجام دیں گے۔

 

عالمگیر امن صلح امام حسن کا
مرہون منت،علماء کا خطاب
حیدرآباد۔/10جولائی، (پریس نوٹ ) دنیا بھر میں 14صدیوں سے جو امن عالم قائم ہے وہ نبی کریمؐ کے نبسہ اکبر حضرت امام حسن  کے پیغام اور تعلیمات کا مرہون منت ہے۔ امام حسن سے منسوب سبز رنگ آج بھی امن کی شناخت تسلیم کیا جاتا ہے مولانا سید دلدار حسین عابدی، صدر ادارہ ، مرکز روحانی نے عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر بی میں منعقدہ جشن ظہور امام حسن سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا نے پرامن زندگی بسر کرنے کیلئے اسوہ امام حسن کو اپنا نصب العین بنانے کی ترغیب دی۔ بعد ازاں ممتاز مدعو شعراء حضرت ابراہیم علی حامی، حضرت ممتاز دانش، مولانا غلام عسکری رشید، جناب کوثر رضوی، جناب رضا علی رضا، جناب تراب علی تراب، جناب علی جواد شہپر، جناب معز صدیقی، جناب سید مصطفی علی، جناب رضا موسوی، جناب عباس علی سلیم بہ طرح ’ حسن کی مدح ضروری ہے زندگی کیلئے ‘ بارگاہ امام حسن میں حراج عقیدت پیش کیا۔ جناب مجاہد خاں اور جناب عباس علی سلیم نے قصائد نذر کئے۔

 

حضورؐ کے اخلاق کریمانہ کی شان سب سے منفرد۔صابر پاشاہ
حیدرآباد۔/10جولائی، ( راست ) لوگوں نے حضرت ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ سے پوچھا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق کیسا تھا؟ انہوں نے فرمایا کہ تم قرآن نہیں پڑھتے، جو کچھ قرآن میں ہے وہی حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق تھے یعنی آپ کی ساری زندگی قرآن پاک کی عملی تفسیر تھی اور آپ ؐ کا اخلاق ہمہ تن قرآن تھا۔ ان خیالات کا اظہارحافظ صابر پاشاہ قادری نے ایک عید ملاپ تقریب سے کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایفائے عہد اور وعدے کا پاس آپ کی ایسی خصوصیت تھی کہ دشمن بھی اس کا اعترا ف کرنے پر مجبور تھے۔ بیماروں کی عیادت میں دوست ، دشمن، مومن، کافر، مسلم، غیر مسلم کسی کی تخصیص نہیں تھی۔ بیمار کی مزاج پرسی کا اچھی طرح خیال رکھتے تھے۔ بچوں پر نہایت شفقت فرماتے تھے۔ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رہتا تھا اور اس کا بہت اہتمام فرماتے تھے۔ پڑوسیوں کا خیال رکھنے پر آپؐ بہت زیادہ زور دیتے ، اللہ کی فرمانبرداری کے بعد آپ ماں باپ کی خدمت کی تاکید فرماتے۔ ہر مسلمان کو اپنا بھائی اور برابرکا انسان سمجھتے۔ آپ کی زندگی سادگی کا نمونہ تھی۔

 

دینی مدارس کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( راست ) ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری، ڈاکٹر مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے ان تمام اصحاب خیر و معاونین جامعہ کا شکریہ ادا کئے ہیں۔ جو ماہ صیام کے موقع پر جامعتہ المومنات کے مالیہ کو مستحکم بنانے کیلئے زکوٰۃ ، صدقات، فطرات، عطیات کے ذریعہ اعانت کئے ہیں خاص طور پر ارردو اخبارات کے ایڈیٹرس کا شکریہ ادا کئے ہیں جو اپنے روز نامہ کے ذریعہ عامتہ المسلمین تک جامعتہ المومنات کے پیغام کو پہنچانے میں معاون رہے اور آئندہ بھی اسی طرح اعانت کی توقع رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سب کو صحت کی لازوال دولت عطا فرمائے اور تمام کی عمر و اقبال میں ترقی عطا فرمائے۔
٭٭ جامعہ میراث الانبیاء، ہاسٹل ، پاپی ریڈی نگر منڈل قطب اللہ پور کیلئے جو حضرات زکوٰۃ، فطرات، عطیات، صدقات کے ذریعہ تعاون کئے ہیں ان اہل خیر حضرات کیلئے دل کی گہرائیوں سے قاضی قطب اللہ پور قاضی محمد عبدالرشید مدنی ناظم اعلیٰ و بانی جامعہ خطیب درگاہ چنتل اور مولانا مفتی عمیر احمد، حافظ محمد آصف صدر مدرس جامعہ ہذا، محمد عبدالغنی، محمد سلیم الدین مالک ثاقب کلکشن امیر پیٹ، محمد شجاع الحق چودھری، محمد امین الدین تاجر، محمد سمیع الدین تاجر، قاضی محمد عبداللہ اطہر، قاضی محمد عبدالنور، محمد افسر، ریاض عادل ان تمام حضرات نے اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔

 

عازمین حج کو ہر طرح کی معلومات حاصل کرنے کا مشورہ
دفتر ’سیاست‘ میں ہفتہ واری حج تربیتی کلاس، مفتی سید آصف الدین ندوی کا خطاب
حیدرآباد۔/10جولائی، ( راست ) حج اسلام کے فرائض و بنیادوں میں سے ہے اور ہر سال حج ہوتا ہے اور قیامت تک ہوتا رہے گا لیکن مالدار صاحب استطاعت مسلمان پر صرف ایک مرتبہ پوری زندگی میں فرض ہے۔ حج کے فرائض میں احرام ہے یعنی مرد حاجی سِلا ہوا کپڑا نہ پہنے، زیب و زینت اختیار نہ کرے، خوشبو نہ لگائے ، یہ سفر بڑا مبارک سفر ہے ۔یسے عازمین جو پہلی مرتبہ حج کررہے ہیں تو ہر چیز سیکھنی اور جاننی چاہیئے، غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں اور اچھی معلومات حاصل کریں۔ مسائل کے ساتھ وہاں کے قوانین و معاملات کو بھی جان لیں۔ ہماری چھوٹی سی غفلت و لاعلمی ہمارے لئے مسائل کی وجہ بن سکتی ہے اس لئے گائیڈ لائنس ( رہنمایانہ ہدایات ) کا علم ہر عازم کیلئے از بس ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سکریٹری لبیک سوسائٹی حیدرآباد نے روز نامہ ’سیاست‘ کے اشتراک سے جاری ہفتہ واری حج و عمرہ تربیتی کلاسیس منعقدہ محبوب حسین جگر ہال احاطہ روز نامہ سیاست ، عابڈس میں کیا ۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حج کے تین فرض احرام، نیت، تلبیہہ، وقوف عرفہ، طواف زیارت ہیں۔ حج کے چھ واجبات مزدلفہ میں قیام کرنا، کنکریاں مارنا، حلق یا قصر کرنا، قربانی کرنا، صفا و مروہ کی سعی کرنا اور وداعی طواف کرنا ہے۔ یہ معلومات ہر عازم کو ہونا ضروری ہے۔ قبل ازیں جناب محمد نواب نے عازمین حج کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ ایک مشن اور تحریک ہے جس کا مقصد عازمین کو واقف کرانا اور سیکھنا سکھانا ہے اور الحمد للہ روز نامہ ’سیاست‘ کے اشتراک سے اس کے اثرات دور دور تک محسوس کئے جارہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود سیکھیں اور دوسروں کو سکھائیں۔ مولانا کی دعاء پر کلاس اختتام پذیر ہوئی۔

 

اللہ کی نعمتوں پر شکر بجالانے کا مشورہ
جماعت اسلامی نامپلی کا اجتماع، ڈاکٹر سید امیر کا خطاب
حیدرآباد۔/10جولائی، ( دکن نیوز) اسلام کے حیات آفرین پیغام کو مکہ کی سرزمین سے ختم کرنے شرپسندی کی کوششیں کی گئیں اس کے لئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے، اُس وقت جو لوگ اسلام میں داخل ہورہے تھے انہیں بتایا گیا کہ والدین کے حقوق کیا ہیں اور وہ تمہیں اسلام قبول کرنے سے روکیں ، تم ان کی بات کو ہرگز نہ ماننا۔ سورۃ لقمان کی یہ سورتیں بتاتی ہیں کہ مسلمان جہاں والدین کی فرمانبرداری میں اپنا حصہ ادا کریں وہیں اللہ کی دی ہوئی نعمتوں پر نہ صرف زبانی شکر بجالائیں بلکہ اس کا عملی مظاہرہ بھی ہو۔ اللہ کا شکر ہر وقت زبان سے بھی ادا ہو اور جو نعمتیں دی ہیں اس کو اللہ کی راہ میں خرچ کرکے بھی کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید امیر رکن جماعت اسلامی ہند نامپلی نے جماعت اسلامی ہند نامپلی کے زیر اہتمام ہفتہ واری اجتماع عام سے کیا جو مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم میں منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت لقمان نے اپنے بیٹے کو یہ بھی نصیحت کی کہ بیٹا نماز قائم کرو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کو اس کے اپنے وقت پر پڑھا جائے اور یہ نماز جو اثر تمہاری زندگی پر قائم کرنا چاہتی ہے اس اثر کو بھی قائم و دائم رکھے۔ اور جس طرح یہ نماز بے حیائی کوروکتی ہے ایسے ہی اللہ کے سامنے اقرار بھی کرے کہ خدایا تو مجھے بے حیائی اور بری عادتوں سے روکے رکھ۔ انہوں نے حضرت مصعب بن عمیر کی مثال دی جن کی زندگی بڑی عیش و آرام کے ساتھ گذرتی تھی لیکن وہ جب دربار رسالتؐ میں حاضر ہوئے تو ان کی زندگی کی کایا پلٹ گئی۔ اس طرح ایمان و یقین پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔