مذہبی خبریں

قرآن مجید کی معانی و مطالب کے ساتھ تلاوت کا اہتمام ضروری
نئی نسل کو دینی ماحول سے ہم آہنگ کیا جائے ، ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( راست ) : قرآن مجید رہتی دنیا تک پوری انسانیت کو ایمان و یقین، توحید و رسالت،حق و صداقت، خیر و بھلائی،توکل و استقامت، نیکی اور راستی کی ہدایت بخشتا رہے گا قرآن مجید صحائف آسمانی میں آخری اور حضور اکرم خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو عطا فرمایا گیا معجزہ عظمیٰ ہے۔ قرآن حکیم بطور خاص اہل ایمان و تقویٰ کا ہادی و رہبر، رحمت پروردگار، وسیلہ نجات اور مکمل دستور حیات ہے جو درحقیقت علوم و حکمت کا گنجینہ اور اسرار الٰہی کا مخزن ہے۔ قرآنی تعلیمات کسی خاص قوم و ملک، تہذیب و تمدن یا زمان و مکان کی حد تک محدود نہیں بلکہ یہ کلام حق تعالیٰ تا ابد نوع انسان کو نور ایمان ،صالحیت، اعلی اخلاق اور با کردار زندگی گذارنے کی ہدایت فرماتا رہے گا۔ نزول قرآن شریف کے لئے ماہ رمضان المبارک کا انتخاب اس ماہ کی فضیلت اور عظمت کا واضح نشان ہے جس رات میں قرآن پاک لوح محفوظ سے یکبارگی آسمان دنیا پر نازل ہوا اس کی قدر و قیمت، رفعت و وقعت کا خود قرآن پاک سے ثبوت ملتا ہے۔ان برکتوں سے معمور مہینہ میں حق تعالیٰ نے اپنے مومن بندوں پر روزے فرض کر کے انہیں اپنی عنایتوں اور الطاف کریمانہ سے نواز دیا ہے۔ قرآن مجید، صاحب قرآن ؐ اور ماہ رمضان سے مسلمانوں کا انس و تعلق علامت ایمان ہے۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورافزاء ماحول میں 29 ؍ رمضان المبارک کو بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے بیسویں سال کے 29 ویں روز منعقدہ اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس کا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ شہنشاہ کونینؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت نعمت عظیم، سماعت موجب سعادت، قرآن مجید کے ارشادات کا سمجھنا کمال فہم اور اسے پڑھانا اور معانی و مطالب کو سمجھ کر دوسروں کو سمجھانا سند تقرب کے حصول کا باعث اور تعلیمات و احکام پر صدق دل سے عمل پیرا ہو جانا دنیا و آخرت کی فوز و فلاح اور سرخروئی کا سبب ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ معانی و مطالب کے ساتھ تلاوت قرآن کا سلسلہ ایک اعلیٰ اسلامی معاشرہ اور منشاء حق تعالیٰ کے مطابق زندگی گذارنے کی سعادتوں سے بہرہ مند کرے گا۔انھوں نے کہا کہ نو نہالان امت کو قرآن پاک سے فیضیاب کر وانے کے لئے مدارس دینیہ کے ساتھ ساتھ گھروں میں والدین، بزرگ اور سرپرست خود پڑھیں اور انہیں پڑھانے کا التزام کریں تو سارے گھر والے، افراد خاندان، مرد و مستورات، لڑکے لڑکیاں اور متعلقین حقیقی برکتوں اور فیوض قرآنی سے پوری طرح مالا مال ہو سکتے ہیں۔ نئی نسلوں کو توحید و رسالت، دین و شریعت اور اپنے اسلامی مزاج و صاف ستھرے معاشرہ سے جوڑے رکھنے کے لئے قرآنی ہدایات پر سختی سے عمل پیرائی لازمی ہے۔ ملی تشخص کی برقراری کے لئے فکر و عمل میں ہم آہنگی اور دین پسند ماحول کا استحکام پہلے کی طرح آج بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

تعمیر ملت کی تقریب عید ملاپ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( راست ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کے پریس نوٹ کے بموجب تنظیم کی جانب سے منائی جانے والی تقریب عید ملاپ جو 8 جولائی کو منعقد ہونے والی تھی جمعہ کو چونکہ عالم اسلام میں مدینہ منورہ کے قریب دہشت گردانہ کارروائی پر احتجاج منظم کیا جارہا ہے اس لیے اس تقریب کا انعقاد 9 جولائی بروز ہفتہ بعد نماز مغرب صدر دفتر مدینہ منشن نارائن گوڑہ پر منعقد ہوگا ۔ جس کی صدارت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیرملت کریں گے ۔۔

سالانہ فاتحہ و عرس شریف
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( راست ) : جناب محمد عبدالرحیم خاں قادری صدر استقبالیہ نے اطلاع دی ہے کہ سالانہ فاتحہ حضرت ملتانی پاشاہؒ و حضرت مخدوم جی ؒ ( بیدر شریف ) و عرس شریف حضرت شاہ محمد قادر پاشاہ ثانی ملتانی القادریؒ شمس آباد یکم شوال کو مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق بعد نماز فجر تلاوت کلام پاک صندل مالی و سلام بحضور خیر الانام پیش کیا جائے گا ۔ بعد نماز عشاء خانقاہ ملتانیہ واقع کندیکل گیٹ چھاونی غلام مرتضی میں محفل نعت پاک و محفل سماع و مجلس قل ہوگی ۔۔

سعودی عرب میں امن و امان کے لیے عید الفطر کے دن خصوصی دعاؤں کی اپیل
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : آل انڈیا تحفظ مساجد بورڈ نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کی پارکنگ میں کئے گئے بم دھماکہ کو قیامت کے آثار قرار دیا ہے ۔ نواز غالب معتمد عمومی آل انڈیا تحفظ مساجد بورڈ نے کہا کہ اس واقعہ کی خبر نے عالم اسلام میں بے چینی پیدا کردی ہے ۔ ساری دنیا میں نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر اقوام نے بھی مدینہ منورہ بم دھماکہ کی شدت سے مذمت کی ہے ۔ نواز غالب نے عید الفطر کے دن تمام ائمہ کرام و خطیب صاحبان سے گزارش کی کہ وہ سعودی عرب میں امن و امان کی یقینی کے لیے متحدہ طور پر قرار داد منظور کریں اور دعا کریں ۔۔

 

قادیانی عبادت گاہوں میں
مسلمان عید کی نماز نہ پڑھیں
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : مولانا محمد انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا محمد عبدالقوی ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی ، مولانا خواجہ نذیر الدین سبیلی ، مولانا محمد امجد علی قاسمی ، مولانا مصلح الدین قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا خود کو ’احمدیہ مسلم جماعت ‘ کہنے والا قادیانی فرقہ عقیدہ ختم نبوت کے انکار اور اپنے دوسرے کفریہ عقائد و ملحدانہ نظریات کی وجہ سے دائرہ اسلام سے خارج ، کافر اور مرتد ہے ۔ اس پر عالم اسلام کی تمام معتبر تنظیموں اور دینی جماعتوں کا اتفاق ہے ۔ اس حقیقت کے باوجود جھوٹی نبوت کا پیروکار اور علمبردار یہ گمراہ فرقہ خود کو مسلمان باور کراتا ہے اور عیدین کے موقع سے اپنی نام نہاد عبادت گاہوں میں عید کی نماز کا اعلان کرتا ہے جب یہ لوگ مسلمان ہی نہیں تو کہاں کی نماز اور کیسی نماز !! اس لیے ہم تمام برادران اسلام کو آگاہ کرتے ہیں کہ وہ قادیانی عبادت گاہوں میں عید کی نماز نہ پڑھیں ۔ یہ بھی واضح رہے کہ اگر ناواقفیت ، عجلت اور نماز چھوٹ جانے کے اندیشہ سے قادیانی عبادت گاہ میں عید کی نماز پڑھ لی گئی تو نماز ہی ادا نہیں ہوگی ۔ فلک نما نزد ریلوے اسٹیشن ، سعید آباد روبرو مادنا پیٹ منڈی ، افضل گنج نزد بس اسٹانڈ اور مولا علی کمان سکندرآباد بشارت نگر کالا پتھر میں قادیانی فرقہ کی نام نہاد عبادت گاہیں موجود ہیں ۔ اللہ تعالی تمام اہل اسلام کے ایمان کی حفاظت فرمائے ۔۔

جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام نماز عید الفطر
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( راست ) : جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام نماز عید الفطر کا انتظام کیا گیا ہے ۔ تمام مقامات پر خواتین کے لیے علحدہ نماز کا نظم رہے گا ۔۔
٭٭    قلی قطب شاہ اسٹیڈیم روبرو سٹی کالج میں نماز عید 7-15 بجے ہوگی ۔ امامت و خطابت مولانا عبدالہادی عمری مدنی کرینگے ۔
٭٭    این ٹی آر اسٹیڈیم لور ٹینک بینڈ میں نماز 7-15 بجے امامت و خطابت مولانا شفیق عالم خاں جامعی ناظم جمعیت کرینگے ۔۔
٭٭    ہاکی گراونڈ اعزہ ہائی اسکول ملک پیٹ میں نماز 7-00 بجے ، مولانا صفی احمد مدنی ( صدر مجلس علماء اہلحدیث تلنگانہ ) امامت کریں گے ۔۔
٭٭    کتہ پیٹ صلالہ بارکس میں نماز عید 7-30 بجے ہوگی ۔ مولانا عبدالرحیم مکی امیر جمعیت اہلحدیث تلنگانہ امامت و خطابت کریں گے ۔۔
٭٭    عیدگاہ اہل حدیث قطب شاہی میڑچل یلم پیٹ میں 8 بجے ۔ مولانا سید آصف عمری نائب امیر جمعیت حیدرآباد و سکندرآباد امامت کریں گے ۔۔
٭٭    عیدگاہ اہلحدیث وادی حدیث میں نماز 7-30 بجے ہوگی ۔ مولانا ارشد بشیر مدنی امامت و خطابت کریں گے ۔۔
٭٭    عیدگاہ اہل حدیث چلکل گوڑہ میں نماز 10 بجے ہوگی ۔ مولانا عبید اللہ فیضی نماز و خطبہ دیں گے ۔۔

نماز عید الفطر برائے شیعہ اثناء عشری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( راست ) : شیعہ اثنا عشری مومنین کو اطلا ع دی جاتی ہے کہ 7 جولائی کو بمقام قوسین کھیت بالسٹی میں نماز عید الفطر 9-30 بجے دن ادا کی جائے گی ۔ سائل باب الیقین مولانا سید وحید الدین حیدر جعفری اخباری نماز پڑھائیں گے ۔۔