مذہبی خبریں

خواہشات نفس سے پرہیز کرنے کا نام روزہ ہے
ایم جی آئی کے افطار پروگرامس میں محترمہ روحی خان اور محترمہ تبسم طلعت کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : روزہ اہم عبادت ہے ، اللہ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ اور مسلمانوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کا وسیلہ ہے ۔ نفس کی بری خواہشات پر قابو پانے اور منکرات سے بچانے کا اہم ذریعہ روزہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ روحی خان نے عنبر پیٹ کے افطار پروگرام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ ہر شریعت میں فرض تھا اور ہر امت کو روزہ رکھنے کا اللہ تعالیٰ نے حکم دیا تھا ۔ اللہ تعالیٰ نے 2 ہجری میں مسلمانوں پر روزے فرض کیے ۔ روزہ شرعی طور پر صبح صادق سے لے کر غروب آفتاب تک کھانے پینے اور خواہشات نفس سے پرہیز کرنے کا نام ہے ۔ انسان خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت اور ذکر سے اپنے قلب کو پاک کرے اور غیر اخلاقی کاموں اور باتوں سے بچے ۔ لڑائی جھگڑے ، فتنہ فساد ، گالی گلوچ ، چیخنے چلانے سے بچے ۔ اور دوسروں کی برائی نہ کرے ۔ بلکہ ہر برے قول اور عمل کو ترک کردے ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ گناہوں سے ڈھال ہے ۔ روزہ دار کو چاہئے کہ وہ گناہ کا کام نہ کرے ، نہ جہالت کی بات کرے ۔ اگر کوئی شخص اس سے جھگڑا کرے یا گالی گلوچ کرے تو وہ اس سے دو مرتبہ کہہ دے کہ میں روزہ دار ہوں ۔ محترمہ تبسم طلعت نے ابراہیم پٹنم کی خواتین کو افطار پروگرام میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی فضیلت کے دو بڑے اسباب ہیں ۔ ایک تو یہ کہ اس ماہ صیام میں روزہ رکھنا اور دوسرے یہ کہ یہ نزول قرآن کا مہینہ ہے ۔ قرآن کریم اسی ماہ مبارک میں نازل ہوا ۔ یعنی انسانی زندگی کے لیے الٰہی دستور اور انسانی عمل کے لیے ربانی منشور اسی مہینہ میں عطا کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی کتاب کے یاد کرنے والے اتنی بڑی تعداد میں نہیں پائے جاتے جتنی بڑی تعداد میں قرآن پاک کے حفاظ پائے جاتے ہیں ۔ اور یہ حفاظ صحت کے ساتھ زیر ، زبر ، پیش تک کی حفاظت کے ساتھ قرآن کریم کو سناتے ہیں ۔ اللہ تعالی نے قرآن کریم کو ھدی للناس کہا ہے ۔ یعنی ہدایت نامہ ہے ۔ انسان اگر فکری اور عملی گمراہی سے نجات حاصل کرنا چاہتا ہے تو قرآن کی تعلیمات پر مکمل طور پر عمل پیرا ہوجائے ۔ اس کے علاوہ ایم جی اے کارکنات نے مختلف مقامات پر رمضان پروگرامس کو محترمہ رقیہ فرزانہ ، محترمہ بشری ندیم ، محترمہ رفیقہ بیگم ، محترمہ حبیبہ بیگم ، محترمہ شمیم فاطمہ ، محترمہ زارا خاں ، محترمہ خیر النساء اور محترمہ صابرہ اعجاز نے مخاطب کیا ۔ خواتین وطالبات کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی ۔۔

کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب قدر
مقامی و بیرونی علماء کی شرکت، انتظامات کو قطعیت
حیدرآباد۔22 جون (راست ) ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ (معتمد کمیٹی) نے بتایا کہ کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب قدر ہفتہ 2 جولائی بعد نماز عشاء میلاد میدان روبرو خلوت پیالس بعد نماز تراویح صدر کمیٹی جناب خواجہ معین الدین اقبال قادری ملتانی کی زیر نگرانی منعقد ہوگا جلسہ کا آغاز قرأت و نعت سے ہوگا۔ مقامی اور بیرونی علماء شرکت کریں گے۔ اس سلسلہ میں کمیٹی نے انتظامات کو قطعیت دیدیا ہے۔ شمالی و جنوبی ہند کے علماء اپنی آمد کی توثیق ہوتے ہی ناموں کا اعلان کیا جائیگا۔ شہ نشین کی تیاری اقبال بھائی ڈیکوریٹر کریں گے۔ اعلی ساونڈ سسٹم نصب کیا جارہا ہے۔ پروگرام مقامی ٹی وی چینل سی سی این ڈی جی باکس 173 پر براہ راست (لائیو) نشر کیا جائے گا۔ جلسہ کے اختتام پر خصوصی رقت انگیز دعا ہوگی ارکان کمیٹی نے عامۃ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی ہے۔

 

 

رمضان میں کلمہ طیبہ اور استغفار کی کثرت کی تلقین
ماہ مبارک کی قدر کرنے پر زور، مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خطاب

حیدرآباد۔22 جون (راست) رمضان کا مہینہ نیکیوں کو لوٹنے کا مہینہ ہے بڑا عظمت و برکت والا مہینہ ہے اس ماہ میں قرآن پاک نازل ہوا جو ساری انسانیت کی ہدایت کے لئے بھیجا گیا ہے۔ اس ماہ میں کسی فرض کو ادا کیا وہ ایسا ہے جیسا کہ غیر رمضان میں ستر فرض ادا کرے اور اس ماہ میں کوئی نفل پڑھے اللہ اسے فرض پڑھنے کے برابر ثواب عطا فرماتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری ناظم مجلس اشاعت السنہ تلنگانہ و آندھرا نے کل بعد نماز تراویح چھ شبی شبینہ کے اختتام پر ایس کے فنکشن ہال نیو حفیظ پیٹ میں فضائل رمضان کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا راہی نے کہا یہ ایسا مہینہ ہے اس کا اول حصہ رحمت درمیانی حصہ مغفرت ہے اور آخری حصہ آگ سے آزادی ہے۔ مولانا حسامی نے کہا کہ اس ماہ میں چار چیزوں کی کثرت کا حکم ہے۔ پہلی دو چیزیں جن سے تم اپنے رب کو راضی کرو وہ کلمہ طیبہ اور استغفار کی کثرت ہے۔ دوسری دو چیزیں یہ ہیں جنت کی طلب کرو اور آگ سے پناہ مانگو، جو شخص کسی روزہ دار کا روزہ افطار کرائے اس کے لئے گناہوں کے معاف ہونے اور آگ سے خلاصی کا سبب ہوگا اور روزہ دار کے ثواب کے مانند اس کو ثواب ملے گا مگر اس روزہ دار کے ثواب سے کچھ کم نہیں ہوگا۔ مولانا راہی حسامی نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ اس مبارک ماہ کی قدر کریں اور نیکیوں کے ذریعہ اس کو رخصت کریں۔ خریدوفروخت بازاروں میں گھومنا و دیگر مصروفیتوں کو ترک کرکے عبادت میں گزاریں۔ حافظ خواجہ معین الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ دعاء پر اختتام ہوا۔

قرآن مجید سے تعلق رکھنے والے بندے کو دین و دنیا میں سرفرازی
دبستان جلیل شعبہ خواتین کا جلسہ رمضان المبارک، سرکردہ خواتین کا خطاب
حیدرآباد۔22 جون (راست ) دبستان جلیلؔ شعبہ خواتین کا جلسہ رمضان المبارک 19 جون جلیلؔ منزل نورخاں بازار محترمہ حامدی بیگم کی صدارت اور محترمہ رابعہ نیاز جلیلی کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ محترمہ عزیزہ محبوب اس جلسہ کی مہمان اعزازی جبکہ محترمہ فخرالنساء فہیم جلیلی کنوینر اور محترمہ نکہت آرأ شاہین ناظم تھیں۔ محترمہ بشری سلطانہ کی قرأت کلام پاک کے بعد محترمہ خیرالنساء علیم نے سورۂ بقرہ آیت نمبر 1 کا ترجمہ پیش کیا۔ محترمہ ثریا خیرالدین نے حمد باری تعالی، محترمہ سلمی جلیل اور محترمہ ممتاز جہاں عشرت نے حضرت جلیلؔ اور ڈاکٹر اشرف رفیع کا نعتیہ کلام سنایا۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نے اپنے خطاب میں کہا ’’متقی بندہ ہی قرآن پاک سے اپنے آپ کو جوڑے رکھتا ہے اور جب تک وہ قرآن حکیم سے اپنا تعلق قائم رکھتا ہے دین و دنیا میں سرفراز  رہتا ہے۔‘‘ محترمہ اصغر صدیقہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نفس انسان کو اللہ تعالی کی جانب رجوع ہونے سے روکتا ہے۔ اسی لئے نفس کو زیر کرنے کے لئے ہی اللہ تعالی نے روزوں کو فرض قرار دیا ہے۔ محترمہ شبینہ فرشوری نے سامعین میں موجود بچوں کے لئے سبق آموز کہانی ’’کھجور اور رمضان‘‘ سنائی۔ محترمہ تسنیم جوہر ڈاکٹر ریاض فاطمہ تشہیر، محترمہ مشرف کاظمی، محترمہ اسری منظور، محترمہ ممتاز النساء اقرا فاطمہ اور مسرت فاطمہ نے نعت شریف پیش کی۔ مترمہ عزیزہ محبوب نے ہر دو مقرر خواتین کے خطابات کو سراہا اور کم سن نعت خواں لڑکیوں کی ہمت افزائی کی۔ محترمہ سیدہ غوثیہ بیگم کی دعا کے بعد ڈاکٹر حمیرا جلیل نے شکریہ ادا کیا۔

جلسہ یوم الفرقان (غزوۂ بدر و فتح مکہ)
حیدرآباد۔22 جون (راست) جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام 23 جون بروز جمعرات رحیم پلازا فنکشن ہال روبرو (مسجد ہبہ الجبار) نئی روڈ مادنا پیٹ پر 11 بجے شب جلسہ یوم الفرقان (غزوہ بدر۔ و فتح مکہ) منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر محمد عبدالقدیر سلیم کے درس قرآن سے جلسہ کا آغاز ہوگا۔ محمد عبدالحفیظ اسلامی افتتاحی کلمات پیش کریں گے۔ ڈاکٹر نعمان الحسن رضوی بعنوان، غزوہ بدر، مخاطب کریں گے ۔ ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد بعنوان، فتح مکہ مخاطب کریںگے۔ جناب محمد مرزا عظم بیگ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ جلسہ کی صدارت و نگرانی کریں گے۔

 

مکہ مسجد میں ایم بی ٹی کا جلسہ یوم القرآن
حیدرآباد۔22 جون ( پریس نوٹ) مجلس بچائو تحریک کے زیر اہتمام 24 جون بروز جمعہ کو تاریخی مکہ مسجد چارمینار عظیم الشان جلسہ یوم القرآن منعقد ہوگا اس جلسہ کی نگرانی حضرت مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری (ترجمان آل انڈیا سنی علماء بورڈ) کریں گے ۔ صدر مجلس بچائو تحریک جناب مجید اللہ خان المعروف فرحت خان انجینئر کا خصوصی خطاب ہوگا اس کے علاوہ حضرت مولانا سید طارق قادری ایڈوکیٹ (سابق رکن اقلیتی کمیشن) اور دیگر مجلس بچائو تحریک کے قائدین مخاطب کریں گے۔

 

تحریک اسلامی کے اجتماعات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 23 جون جمعرات بعد نماز عصر تا مغرب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اس اجتماع کا مبلغین کی تلاوت قرآن پاک و نعت رسول ﷺ سے آغاز ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا ’ فضائل فیضان اعتکاف ‘ پر خطاب ہوگا ۔ بعد ازاں ذکر جہری و دعا ہوگی ۔۔

جلسہ فضائل شہداء و اصحاب بدر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ فضائل و مناقب اصحاب غزوہ بدر و ام المومنین سیدتنا سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ زیر صدارت مولانا غلام احمد قریشی مجددی 17 رمضان بعد نماز عصر قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔۔

 

عالمی جلسہ مظاہرہ قرات قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : حافظ و قاری محمد یونس کے بموجب دارالقرات الباسطیہ قدیم ملک پیٹ کے زیر اہتمام عالمی جلسہ قرات قرآن کریم 23 جون بعد نماز تراویح ( رات 10 بجے ) جامع مسجد باسطیہ قدیم ملک پیٹ پانی کی ٹانکی منعقد ہوگا ۔ صدارت مولانا قاری محمد علی خاں بانی و صدر دارالقرات الباسطیہ کریں گے اور قیادت مولانا پیرزادہ سید شبیر نقشبندی کریں گے ۔ بحیثیت مہمان خصوصی جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ شرکت کریں گے ۔ مہمان قراء کرام الشیخ یوسف عقیل ، الشیخ مساء زیند ، الشیخ مصطفی ، الشیخ عبدالباسط فوضی ، الشیخ محمود السعید و دیگر مسحور کن آوازوں میں تلاوت کلام اللہ پیش کریں گے ۔۔

 

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 23 جون بعد نمام عصر مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

جلسہ قرات کلام پاک و تقسیم انعامات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : اقراء قرات سوسائٹی کا سالانہ جلسہ قرات کلام پاک و تقسیم انعامات 26 جون کو 3 بجے دن سے محبوب فنکشن پیالیس شاہ علی بنڈہ میں منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی محمد عظیم الدین نگرانی کریں گے ۔ جب کہ مولانا محمد حسام الدین ثانی فرزند مولانا عاقل مہمان خصوصی ہوں گے ۔ گذشتہ دنوں مکہ مسجد میں منعقدہ قرات و اذان کے کامیاب امیدواروں میں سیدنا عثمان غنی ؓ و سیدنا بلالؓ ایوارڈس اور اسنادات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ دکن کے نامور قراء کرام کے علاوہ سوسائٹی کے طلباء تلاوت کلام مجید کا شرف حاصل کریں گے ۔۔

 

جلسہ فضائل ماہ رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : جلسہ فضائل ماہ رمضان المبارک 23 جون بعد نماز ظہر مسجد قلعہ دار دیوڑھی بڑا بازار قلعہ گولکنڈہ مقرر ہے ۔ قرات کلام پاک حافظ سید رضوان سبیلی سے ہوگا جب کہ نعت شریف حافظ سید زبیر علی اشرفی پیش کریں گے جب کہ مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی کا خصوصی خطاب و دعا ہوگی ۔۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 23 جون جمعرات 9 بجے صبح حافظ خواجہ ظہیر الدین کے زیر اہتمام ایک یومی سماعت قرآن مقرر ہے ۔ جس میں حافظہ حفصہ فرحت ، حافظہ شاہین بیگم ، حافظہ ثمینہ بیگم قرآن سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔۔

جلسہ فضائل و مناقب
حضرت عائشہ صدیقہؓ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام 23 جون 2 بجے دن تالاب کٹہ بھوانی نگر روڈ نمبر 3 مدرستہ العطیہ للبنات میں سالانہ جلسہ فضائل و مناقب ام المومنین طاہرہ و طیبہ سیدتنا بی بی عائشہ صدیقہؓ منعقد ہوگا ۔ ام الخیر سیدہ فاطمہ فرحاں نقشبندیہ قادریہ صدارت و نگرانی کریں گی ، قرات و نعت شریف کے بعد مبلغات دعوت کے خطابات ہوں گے ۔ صلوۃ و سلام و خصوصی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچے گا ۔۔
٭٭    جلسہ حضرت بی بی عائشہ صدیقہؓ برائے خواتین 17 رمضان کو 8 بجے دن رائل فنکشن ہال کوٹلہ عالیجاہ چارمینار روڈ زیر اہتمام مدرسہ زہرا الہیہ نسواں مقرر ہے ۔ الحاجہ حافظہ زہرا بلقیس بیان کریں گے ۔۔

ماہانہ فاتحہ حضرت بغدادی صاحبانؒ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن رفاعی القادری المعروف بڑے بغدادی صاحبؒ و حضرت سید محمد بغدادی صاحبؒ و حضرت سید محمد عبدالکریم حسینی قادری الرفاعی المعروف پیر بغدادی ؒ کی ماہانہ فاتحہ زیر نگرانی حضرت پیر بعدادی سید محمد حسینی قادری الرفاعی قبلہ نقیب روضہ رحمانیہ 23 جون آستانہ عالیہ روضہ رحمانیہ خطہ صالحین نامپلی دارالسلام روڈ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ قرات کلام پاک حافظ غلام محمد خاں نقشبندی سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ حضرت سید سادات پیر بغدادی ، مولانا مبشر احمد رضوی ، مولانا حافظ شرف الدین قادری ، مولانا محمد افتخار الدین سبحانی خطاب کریں گے ۔ حلقہ ذکر و فکر کے بعد شجرہ پڑھا جائے گا ۔ چادر گل پیش کی جائے گی ۔۔

محفل سماع
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : محمد عبدالغفور شاہ قادری شفیع المہتابی ( خلیفہ اکبر ) کے بموجب بضمن صندل شریف حضرت محمد شفیع شاہ قادری المہتابی ؒ خانقاہ غفوریہ صابر نگر نزد مسجد والا جاہی میں 23 جون محفل سماع مقرر ہے ۔ بعد نماز تراویح 11 بجے شب محفل سماع کا آغاز ہوگا ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون بیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات کے سلسلہ میں 17 رمضان بعد نماز ظہر مسجد معراج بورہ بنڈہ اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

تنظیم بنت حرم کا اجتماع
عظمت قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کی جانب سے اجتماع بعنوان عظمت قرآن برائے خواتین و طالبات 23 جون کو 9 بجے تا 2 بجے مدرسہ بنات الحرم اندرون مکہ مسجد زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ممبر میاریج کونسلنگ سنٹر فارمینارٹیز گورنمنٹ تلنگانہ اسٹیٹ مقرر ہے ۔ محترمہ حامدی بیگم صدر تنظیم نسواں ، محترمہ انیس عائشہ تعمیر ملت شعبہ نسواں ، محترمہ حمیرا جلیلی مہمان خصوصی رہیں گی ۔ جلسہ کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محترمہ فضل النساء حمد باری تعالی پیش کریں گی ۔ اور محترمہ ساجد النساء محترمہ سید میمونہ نعت شریف پیش کریں گی ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، و محترمہ عزیزہ محبوب معتمد عمومی تنظیم بنت حرم ، محترمہ سیدہ زینت سلطانہ شریک معتمد تنظیم بنت حرم ، محترمہ یاسمین سلطانہ ، محترمہ سیدہ میمونہ ، محترمہ شاکرہ کوثر خواتین وطالبات کو مخاطب کریں گی ۔

 

ماہ رمضان میں عمل قلیل پر بھی جزاے کثیر عطا ہوتی ہے
مسجد حاجی کمال اور حمیدیہ میں ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : رمضان المبارک برکت والا مہینہ ہے اس میں محسوس اور غیبی دونوں طرح کی برکتیں ہیں۔ رمضان شریف میں عمل قلیل پر بھی جزائے کثیر عطا ہوتی ہے۔ نیکیوں کے ثواب میں دس گنا سے سات سو گنا تک زیادتی ہو جاتی ہے اللہ تعالیٰ اس سے کہیں زیادہ عطا فرماے تو اس کا کرم خاص ہے۔ رمضان مبارک غرباء کی غم خواری، مواسات اور سخاوت کا مہینہ ہے۔ اس میں ہر عمل صالح اور کار خیر مقبول بارگاہ حق تعالیٰ ہوتا ہے۔ مومنوں کے رزق میں وسعت ہوتی ہے اور روزہ داروںکو افطار کروانے کا بڑا اجر و ثواب ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کی خاطر اسی کی عطا کردہ نعمتوں اور مال و دولت میں سے اللہ تعالیٰ کی راہ میں صرف کرنا متقیوں کا وصف خاص ہے اور اس عمل کی جزا بھی بہت زیادہ ہے۔ خیرات سے مال میں کمی نہیں بلکہ زیادتی اور برکت ہوتی ہے۔ ہجرت کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب مدینہ منورہ رونق افروز ہوے تو حضرت عبد اللہ بن سلامؓ حاضر ہوے اور انھوں نے حضور اکرم ؐ سے جو پہلا ارشاد سنا وہ یہ تھا کہ اے لوگو ! سلام کو پھیلاو، کھانا کھلاو، صلہ رحمی کرو اور راتوں میں جب لوگ سوتے ہوں تو نماز پڑھو سلامتی سے جنت میں چلے جاوگے۔ یہ بھی فرمان نبویؐ ملتا ہے کہ جو مسلمان کسی برہنہ تن مسلمان کو پہناے اللہ تعالیٰ اسے جنت کے سبز جوڑے پہناے گا اور جو مسلمان کسی بھوکے مسلمان کو کھلاے تو اللہ تعالیٰ اسے جنت کے پھل کھلاے گا۔ جس ضرورت مند کو کپڑا پہنایا گیا اس کے جسم پر اس کپڑے کی ایک چیز بھی باقی رہے اس وقت تک اللہ تعالیٰ پہنانے والے کو آفات دنیوی سے محفوظ رکھتا ہے۔ جو رضاے حق تعالیٰ کے حصول کی خاطر اپنی خیرات کو چھپاکر دیتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کی عنایات خاص کا مستحق بن جاتا ہے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 15 رمضان المبارک کوبعد نماز ظہرمسجد حاجی کمال دارالشفاء اور بعد نمازعصر ’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن، سبزی منڈی قدیم میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماعات سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’ حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے بیسویں سال کے 15 ویں روز کے اجلاسوں سے خطاب کر رہے تھے جو قراء ت کلام پاک سے شروع ہوے۔ بارگاہ رسالت پناہی ؐمیں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ اس ماہ مبارک کے سلسلہ میں جو ہدایات احادیث شریفہ میں آئی ہیں ان میں روزہ داروں کے افطار کرانے کے ضمن میں ایثار سے کام لینے کا پہلو نمایاں ہے۔ اس ماہ مبارک میں اگر کوئی کسی روزہ دار کو افطار کراے تو افطار کروانے والے کے گناہوں کی بخشش ہوتی ہے اور اسے دوزخ کی آگ سے رہائی اور روزہ دار کا سا ثواب ملتا ہے اور جسے افطار کروایا ہے اس کے روزہ کے اجر و ثواب میں بھی کمی نہیں ہوتی۔انھوں نے ارشاد نبوی ؐکے مفاہیم کے حوالے سے بتایا کہ جب لوگوں نے رسول اللہؐ سے عرض کیا کہ اگر ہم میں کسی کو افطار کروانے کی سکت نہ ہو؟ تو حضور اکرمؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ یہ ثواب اسے عطا فرماے گا جو روزہ دار کو ایک گھونٹ دودھ یا کھجور یا گھونٹ بھر پانی پلادے اور افطار کرانے کی مسرت پاے تاہم جو روزہ دار کو شکم سیر کر دے یعنی پیٹ بھر کھلاے اللہ تعالیٰ اسے میرے حوض سے پانی پلاے گا جس کے باعث وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا یہاں تک کہ وہ جنت میں داخل ہو جاے۔