مذہبی خبریں

مجلس ذکر و سلوک
حیدرآباد /10 ڈسمبر ( راست ) خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ میں 11 ڈسمبر بعد نماز مغرب اصلاحی و تربیتی مجلس ، مجلس ذکر و سلوک منعقد ہوگی ۔ مجلس کا آغاز قرات کلام مجید سے ہوگا اور نعت خواں ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری اور حافظ قاری عبدالواسع دربار رسالت مآب ﷺ میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کریں گے ۔ ذکر جہری سے قبل نگران مجلس محمد عبدالمقتدر قریشی چشتی صابری سکریٹری مرکز خدمت خلق کا اصلاحی و تربیتی خطاب ہوگا ۔

عرس شریف
حیدرآباد /10 ڈسمبر ( راست ) حضرت میراں سید شاہ ظاہر الدین محمد قدری کا عرس شریف درگاہ واقع موسیٰ باؤلی حسینی علم روڈ 11 ڈسمبر بروز جمعرات بعد عصر تا مغرب اورسالانہ فاتحہ حضرت سید شاہ معین الدین قادری المعروف اعجاز پاشاہ مقرر ہے ۔ سجادہ نشین کی زیر نگرانی مراسم عرس انجام پائیں گے بعد ختم قرآن اور رسم صندل مالی و فاتحہ ہوگی۔ مہمانان خصوصی مولانا سید حسن ابراہیم حسین اور مولانا سید شاہ محمد الدین قادری شرفی شرکت کریں گے ۔ مقررین مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی ، مولانا سید محمد اولیاء حسینی ، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری ، مولانا احمد باوزیر ، مولانا سید علی حسینی اور مولانا محمد خان قادری شرکت کریں گے ۔

مفت عربی کلاسیس
حیدرآباد /10 ڈسمبر ( راست ) القرآن ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی حیدرآباد دکن کے زیر اہتمام ہر جمعہ اور اتوار کو دینی مدارس کے طلباء و طالبات اور عصری اسکولس اور کالج کے اصحاب کیلئے عربی و دینی کلاسیس کا آغاز 12 ڈسمبر بروز جمعہ اور 14 ڈسمبر کو 2.30 بجے تا 4 بجے عربی زبان اور قرآن و حدیث کی تعلیم بزبان عربی ، عربی کے ماہر اساتذہ و علماء کے ذریعہ براہ راست عربی زبان میں آسان اور عام فہم انداز میں ہوگی ۔ خواہشمند حضرات فون نمبرات 9885899872/ 9032777844 پر ربط کریں ۔

عرس شریف
حیدرآباد /10 ڈسمبر ( راست ) حضرت سید شاہ ابونصر عمادالدین نبیرہ القادری المعروف بمرشد القادریؒ کا سالانہ عرس شریف 12 ڈسمبر کو مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر قرآن خوانی بہ درگاہ حضرت ممدوح واقع کمیونٹی قبرستان شادنگر ( فرخ نگر ) منعقد ہوگا اور بعد نماز مغرب صندل مالی و فاتحہ خوانی کی رسم سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ حلقہ ذکر و سلام بحضور خیرالانام پر محفل اختتام کو پہونچے گی ۔

ادبِ صادق کا
آج جلسہ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد /10 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) ادارہ ادب صادق ادبِ صادق کا جلسہ و مشاعرہ 11 ڈسمبر کو 6.30 بجے شام سہیل منشن روبرو محبوب فنکشن ہال مہدی پٹنم سنتوش نگر کالونی میں منعقد ہوگا ۔ صدارت قاضی سراج الدین کریں گے اور مشاعرے کی نگرانی ڈاکٹر فاروق شکیل کریں گے ۔ جلسہ و مشاعرے کی نظامت بانی و صدر ادارہ ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادق کریں گے ۔ مہمانان خصوصی مسرز ضیاء عرفان حسامی، نادر المسدوسی اور یوسف روش ہوں گے ۔ادبی اجلاس کے دوسرے دور میں ڈاکٹر فاروق شکیل کو تہنیت پیش کی جائے گی ۔ بعد ازاں غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔

کل ہند سنی علماء بورڈ کا تقریری اور قرأت کا مقابلہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : سنی علماء بورڈ کے زیراہتمام بضمن عظمت مصطفی کانفرنس کا ریاستی دینی تعلیمی مقابلہ تقریری /13 ڈسمبر کو 4 بجے شام گروپ (A) عمر 20 تا 30 سال عنوان ’’ صلح حدیبیہ کا پس منظر‘‘ ۔ گروپ (B) عمر 10 تا 19 سال عنوان ’’جشن عیدمیلادالنبیؐ قرآن و حدیث کی روشنی میں ‘‘ ۔ گروپ (C) عمر 6 تا 9 سال عنوان ’’معجزات نبیؐ ‘‘ ۔ مقابلہ قرأت /14 ڈسمبر کو 4 بجے شام گروپ (A) 20 ؍ تا 30 سال ۔ گروپ (B) 11 ؍ تا 19 سال گروپ (C) عمر 6 ؍ تا 10 سال مذکورہ مقابلہ جات کلیۃ النبین روبرو کاسمک اسکول مغلپورہ میں منعقد ہوں گے ۔ یہ مقابلہ جات مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ کی نگرانی میں ہوں گے ۔ ان مقابلہ جات میں کامیاب طلبہ و طالبات کو 20 دسمبر کو اردو گھر مغل پورہ میں 2 بجے دن انعامات و توصیف نامے دئیے جائیں گے ۔ شرکت مقابلہ کے خواہش مند طلبہ و طالبات سے اپنے فارم ایک دن قبل تک حسب ذیل مراکز پر جمع کرواسکتے ہیں ۔ مرکزی دفتر شطاریہ مسکن روبرو مسجد یسین جنگ دبیر پورہ ، کلیتہ البنین مغل پورہ ، کیمریج ٹکنو اسکول مصری گنج ، عرش موبائیل سنٹر مصطفی نگر تیگل کنٹہ ۔ مزید معلومات کیلئے فون 9912374820 پر ربط پیدا کریں ۔

ماہانہ فاتحہ حضرات بغدادی صاحبانؒ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن رفاعی القادری المعروف بڑے بغدادی صاحبؒ و حضرت سید محمد بغدادی صاحبؒ و حضرت سید محمد عبدالکریم حسینی قادری الرفاعی المعروف پیر بغدادیؒ کی ماہانہ فاتحہ 11 دسمبر آستانہ عالیہ روضہ رحمانیہ خطہ صالحین نامپلی دارالسلام روڈ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ قرات کلام پاک حافظ غلام محمد خاں نقشبندی صدر شعبہ حفظ مدرسہ باب العلوم انوار محمدی سنائیں گے ۔ نعت شریف و منقبت مسرس امان علی ثاقب صابری ، افضل بیابانی ، سمیع الدین فاروق کی ہوگی ۔ بعدہ مجلس پند و نصیحت کا اہتمام عمل میں آئے گا ۔ جس میں مولانا سید سادات پیر بغدادی ، مولانا مبشر احمد رضوی ، مولانا شرف الدین قادری ، مولانا محمد افتخار الدین سبحانی قادری خطاب کریں گے ۔ بعد ازاں مجلس قادریہ ہوگی ۔ حلقہ ذکر و فکر کے بعد شجرہ پڑھا جائے گا ۔ چادر گل پیش کی جائے گی ۔ حضرت پیر بغدادی سید محمد حسینی قادری الرفاعی کی دعا ہوگی ۔۔

مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا کے
ارکان شوریٰ کا آج اجلاس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا محمد عبدالقوی نائب ناظم مجلس علمیہ کے بموجب 11 دسمبر کو صبح 7 بجے تا عصر مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان شوریٰ کا اجلاس مسجد اکبری اکبر باغ میں بصدارت مولانا سید اکبر مفتاحی منعقد ہورہا ہے ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 11 دسمبر کو 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگا ۔ نگرانی تحریک مولانا محمد فاروق قادری کا فضائل ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ پر خطاب ہوگا ۔۔

جمعیتہ علماء ضلع رنگاریڈی کے
اراکین منتظمہ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : جمعیتہ علماء ضلع رنگاریڈی کے اراکین منتظمہ کا مشاورتی اجلاس دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس کالونی بالا نگر منڈل قطب اللہ پور میں 11 دسمبر بعد نماز مغرب منعقد ہے ۔ صدارت مولانا مقصود احمد طاہر صدر جمعیتہ علماء ضلع رنگاریڈی کریں گے ۔ مولانا حافظ ذکی الدین راہی بانی و ناظم دارالعلوم ابراہیمیہ و صدر جمعیتہ علماء قطب اللہ پور منڈل نے تمام اراکین منتظمہ و مدعو خصوصی سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

دینی تعلیمی مقابلے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : چار روزہ دینی تعلیمی مقابلے جات بضمن جشن میلاد النبیؐ زیر اہتمام بیت المال و جامع مسجد دیوڑھی نواب دولہے خاں چنچل گوڑہ مدرسہ دینیات جامع مسجد دیوڑھی نواب دولہے چنچل گوڑہ 22 تا 25 دسمبر بعد نماز مغرب منعقد ہوں گے ۔ جس میں دینی مدارس کے طلباء و طالبات حصہ لے سکتے ہیں ۔ نام داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 دسمبر ہے ۔ تفصیلات کے لیے 9030022512 پر ربط کریں ۔۔

سنی مرکز میں اجتماع
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ زیر اہتمام قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم میں مرکزی اجتماع زیر صدارت مولانا پیر غلام احمد قریشی نقشبندی ہفتہ واری محفل نقشبندیہ مجددیہ 16 صفر بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔۔

سیرت کوئیز و تحریری و تقریری مقابلہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : بزم خواتین کے زیر اہتمام 14 دسمبر اتوار ، مدینہ پبلک اسکول حیدرگوڑہ پر سیرت کوئیز و تقریری مقابلہ بعنوان ’ کسی قوم کے گرتے ہوئے وقار کو قرآن مجید اور حدیث نبویؐ کے احکامات کے تحت کس طرح روکا / قابو پایا جاسکتا ہے ‘ ۔ منعقد ہوں گے ۔ سیرت کوئز ( 10 تا 2 بجے ) میں اسکولس ، کالجس کی طالبات و خواتین اور 13 سال سے کم عمر والے طلباء بھی شریک مقابلہ ہوسکتے ہیں ۔ اسکول گروپ کے لیے مکی دور ، جب کہ دوسرے گروپس کے لیے مکی و مدنی دور رہے گا ۔ مضمون نویسی کا عنوان ’’ شہد اور کلونجی کی افادیت قرآن مجید کی روشنی میں ‘‘ شریک مقابلہ اپنا مضمون 14 دسمبر تک دفتر بزم 10-1-1190/1 صراط الحمید اے سی گارڈ پر روانہ کریں ۔ اپنے نام ان نمبرس 9885225381 ۔ 8790144078 ۔ 9246195066 پر درج کروانے کی خواہش کی گئی ہے ۔۔

لجنتہ العلماء کے مجلس شوری کا
آج اجلاس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : لجنتہ العلماء آندھرا پردیش کی مجلس شوری کا سہ ماہی اجلاس 11 دسمبر جمعرات بعد نماز ظہر بمقام مدرسہ عزیز العلوم عقب مسجد عبدالرزاق روبرو کے جی این ہوٹل ضیا گوڑہ بصدارت مولانا محمد عبدالملک مظاہری صدر لجنتہ العلماء منعقد ہوگا ۔ مولانا شاہ محمد نوال الرحمن کا خطاب ہوگا ۔۔

مجلس قادری
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : مجلس قادری 11 دسمبر عصر تا مغرب مرقد عشاق عیدی بازار نزد بند ناکہ بارگاہ حضرت فضلؒ میں نعت و منقبت کی محفل منعقد ہے ۔۔

تحریک صدائے اسلام کی سنی کانفرنس و جشن میلاد النبیؐ
تحریک کا اجلاس امیر تحریک مولانا محمد احمد نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : تحریک صدائے اسلام کے زیر اہتمام ایک روزہ ریاستی سنی کانفرنس و جشن میلاد النبیؐ 28 دسمبر کو صبح 8 بجے تا عشاء ہاکی گراونڈ عیدگاہ بلالی مانصاحب ٹینک پر منعقد ہوگا اور 40 جلسے بضمن جشن میلاد النبیؐ کے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف عیدگاہ ، گراونڈس و جامع مساجد میں ( مرد حضرات ) 20جلسے بعد نماز مغرب و عشاء اور برائے خواتین 20جلسے بعد نماز ظہر یکم ربیع الاول تا پندرہ ربیع الاول منعقد کئے جائیں گے ۔ بارہ ربیع الاول کو صبح 10 بجے تا ظہر میلاد جلوس بصد عقیدت و احترام نعت شریف و قصیدہ بردہ کی تلاوت کے ساتھ گشت کرے گا ۔ تمام اراکین کمیٹی تحریک صدائے اسلام نے شرکت کرتے ہوئے اپنے آراء و اظہار خیال کے ذریعے مشاورتی اجلاس کو تقویت بخشی ۔ مشاورتی اجلاس بمکان جناب محمد جاوید ٹولی چوکی منعقد ہوا ۔ امیر تحریک مولانا محمد احمد نقشبندی نے اجلاس کی نگرانی ۔ امیر تحریک نے کہا کہ اللہ کی دین کی خدمت ہمارے لیے خوش نصیبی کا باعث ہے ۔ شرکائے اجلاس میں قابل الذکر مسرس محمد جاوید ، محمد عمر ، محمد نظام الدین صدیقی ایڈوکیٹ ، محمد حاجی ، محمد حامد اشرفی ، محمد فاروق ، عبدالغفار ، محمد احمد قادری ، محمد احمد بیگ ، مولانا خالد محی الدین ، محمد اظہر قادری ، محمد نذیر ، محمد عمران ، محمد النور ، محمد عدیل نے شرکت کی ۔ محمد نظام الدین صدیقی نے شرکائے اجلاس کا شکریہ ادا کیا ۔۔

سالانہ کل ہند مرکزی جلوس واپسی اہل حرم
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : بانی کل ہند مرکزی جلوس واپسی اہل حرم مولانا سید دلدار حسین عابدی نے کہا کہ قطب شاہی دور حکومت میں جو عزا داری کا فروغ کی بنیاد ڈالنے کے سبب آج بھی روز عاشورہ بی بی ؐ کا علم ہمراہ ماتمی جلوس برآمد ہوتا ہے جس میں بلالحاظ مذہب و ملت ہزارہا افراد شرکت کرتے ہیں ۔ صفر المظفر کے آخری یکشنبہ کو تاریخی چھلہ مولا علی املی بن سے کل ہند سطح کا ماتمی جلوس برآمد ہو کر عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ صبح 10 بجے چھلہ مولا علی املی بن سے سہرہ مبارک زیر اہتمام انجمن گلشن حسینیہ برآمد ہوگا ۔ جہاں منبر پر صدر نوحہ خواں جناب میر ہادی علی مخصوص وداعی نوحہ پیش کریں گے ۔ اس کے ساتھ بیرون ریاست کے ماتمی انجمنوں میں انجمن گلشن جعفریہ ( ممبئی ) ، مہاراشٹرا ، انجمن فیض الاسلام کرناٹک ، انجمن غلامان عباس ٹاملناڈؤ ، گروہ میراں شاہ مچھلی پٹنم ، گروہ حضرت حجت ( کرشنا ) ، انجمن ماتم داران حسینی درکشاورم ، انجمن حسینی علی نقی پالم ، انجمن ماتم داران امام مظلوم بیگن پلی کے علاوہ شہر حیدرآباد سے انجمن پروانہ شبیر ، انجمن حیدریہ الہند ، انجمن العباس ، گروہ کاظمی ، گروہ جعفری ۸۸ ، گروہ کاظمی پٹھان صاحب ، گروہ جعفری آغا عباسی ، انجمن عون و محمد ، انجمن حسینی امام باڑہ ، گروہ ابوالفضل ، گروہ شہدائے ابوالفضل ، گروہ شیدائے شبیر ، انجمن اصغری ، گروہ اصغر بے شیر ، انجمن ماتم داران شاہ کربلا ، انجمن شہدائے علی اصغر ، انجمن پرچم عباس ، انجمن شہیدان کربلا ، انجمن گلشن حسینیہ ، گروہ دستہ شہدا ، انجمن شیدائے کربلا ، انجمن کاروان عزا ، انجمن الحسین ، انجمن وفاداران عباس ، انجمن سقائے حرم ، گروہ امام رضا کے علاوہ رضا آفندی ، وداعی ماتم کریں گے ۔ جلوس سے ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ، مولانا حیدر زیدی ، مولانا سید دلدار حسین عابدی ، ڈاکٹر صادق نقوی اور مولانا عباس علی اختر خطاب کریں گے ۔۔