مذہبی خبریں

ایران کے ممتاز قاری مسعود کریمی کی قرآنی مہم میں شمولیت
قونصل جنرل حسن کا مولانا پیر نقشبندی کو ای میل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامی جمہوریہ ایران کے صف اول کے عالمی شہرت یافتہ ممتاز قاری قرآن پاک آغا مسعود کریمی 26 ویں عالمی قرآنی و روحانی مہم میں ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں شامل ہوں گے ۔ اس بات سے خادم القرآن مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری محرک قرآنی مہم کو قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آغا حسن نورین نے اپنے ای میل پیام کے ذریعہ واقف کروایا ۔ ایرانی سفارت کار کو قبل ازیں مولانا پیر نقشبندی نے ایک ای میل روانہ کرتے ہوئے ایرانی قاری کو دعوت دی تھی اور اس خصوص میں وزارت خارجہ حکومت ہند کے علاوہ ہندوستانی سفارت خانہ تہران ( ایران ) کو ویزا کی اجرائی کے لیے مکتوب تحریر کیا تھا ۔۔
رمضان المبارک برادران وطن میں پیغمبر اسلامؐ کا تعارف پیش کریں
مختلف زبانوں میں مدلل کتابچے موجود ، ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد۔15 جون (پریس نوٹ) قرآن کریم ساری انسانیت کے لئے راہ ہدایت ہے۔ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ صاحب قرآن پیغمبر اسلامؐ کی ذات اقدس اور تعلیمات اسلام کے خلاف چلائی جانے والی تمام سازشوں کا مدلل جواب محبت کی فضاء میں حکمت اور دانائی کے ساتھ برادران وطن میں پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ ہر کلمہ گو پر دی گئی ناقابل انکار ذمہ داری ہے۔ اس کے لئے رمضان المبارک جہاں سرکش شیاطین قید کردیئے جاتے ہیں اجتماعی خوشگوار ماحول ہوتا ہے زرین موقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی خطیب مسجد پائے گاہ نے جامع مسجد پائے گاہ بشیر باغ میں مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اس اہم منصبی فریضے کی ادائیگی کے لئے آسان طریقہ کتاب کلکی اوتار محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی نے اردو، ہندی، انگلش ، تلگو میں شائع اور عام کرنے کا عزم کیا۔ تاکہ ہندوستان میں پائدار امن قائم ہو، رضائے الٰہی نصیب ہوجائے۔ یہ کتابچہ ڈاکٹر سراج ولا متصل جامع مسجد عزیزیہ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

 

جلسہ فضائل و مناقب ام المومنین سیدتنا خدیجۃ الکبریٰ
حیدرآباد ۔ /15 جون (راست) کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیراہتمام مرکزی جلسہ فضائل و مناقب ام المومنین سیدتنا خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا زیرصدارت ابوالدرجات حافظ محمد قاری مولانا غلام احمد قریشی مجددی نقشبدی القادری امیر انٹرنیشنل مسلم تحریک تحفظ سنت /10 رمضان المبارک بروز پنجشنبہ بعد نماز عصر قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔

 

مکہ مسجد میں مرکزی جلسہ یوم القرآن
حیدرآباد ۔ /15 جون (راست) مرکزی جلسہ یوم القرآن تاریخی مکہ مسجد میں /17 جون بروز جمعہ بعد نماز جمعہ مقرر ہے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر علامہ سید تنویر الدین خدانمائی ، امیر شریعت مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعۃ المؤمنات شرکت کریں گے ۔ مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ، ڈاکٹر مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی ، مولانا محمد رفعت اللہ خاں ، مولانا عبدالغفار نظامی ، مولانا صلاح الدین قادری ، مولانا محمد زاہد قادری مخاطب کریں گے ۔

 

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ /15 جون (راست) جامعۃ المومنات مغلپورہ کے زیراہتمام /16 جون بروز جمعرات 9 بجے صبح بمکان غلام ربانی چارمینار بس اسٹانڈ میں دو یومی سماعت قرآن برائے خواتین مقرر ہے ۔ جس میں حافظہ نیہاں فاطمہ مومناتی ، حافظہ فرحت مومناتی قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( راست ) : مولانا عبدالملک المظاہری بروز جمعرات بعد نماز ظہر جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں درس قرآن دیں گے ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم سے معنون بیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 10 رمضان 16 جون بعد نماز ظہر مسجد خورشید جاہی نامپلی اسٹیشن روڈ اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کرینگے ۔۔

جامع مسجد عالیہ میں
بیرونی قاریوں کا پروگرام
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد عالیہ گن فاونڈری میں بروز جمعہ 11 رمضان المبارک بعدنماز جمعہ حسب سابق بین الاقوامی معیار کے قراء جامعہ ازہر شریف قاہرہ ( مصر ) کے جید نامور الشیخ یوسف ، الشیخ سہاعہ زینہ ، الشیخ مصطفی ، الشیخ عبدالباسط قوفی ، الشیخ محمود السعید صاحبان کا پروگرام مقررہے ۔۔

مکہ مسجد میں نماز تراویح
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( راست ) : تاریخی و مقدس مکہ مسجد چارمینار میں حافظ و قاری محمد لطیف احمد مولوی کامل نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ رمضان المبارک کے دوسرے دہے یعنی 10 سے 19 رمضان تک نماز تراویح میں روزانہ 3 پارے قرآن شریف تلاوت کریں گے ۔ نماز عشاء 9 بجے ہوگی ۔۔

5 پارے
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( راست ) : الحاج محمد نواز کے بموجب تاجرین پالیکا بازار سکندرآباد کی جانب سے مسجد ٹیپو صاحب سکنڈ بازار سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں 10 تا 14 رمضان پانچ شبی شبینہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ حافظ و قاری غلام مجتبیٰ نماز تراویح میں روزانہ چھ پارے قرآن مجید تلاوت کرنے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ نماز عشاء 9 بجے ہوگی ۔۔