مذہبی خبریں

جماعت اسلامی ہند حیدرآباد کے کارکن کنونشن کا انعقاد
مولانا حامد محمد خان ، محمد اظہر الدین ، حافظ محمد رشاد الدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /3 ڈسمبر (پریس نوٹ) اللہ کا دین دنیا میں اسی لیے بھیجا گیا ہے کہ وہ تمام ادیان پر غالب ہو ۔ ہر نبی و رسول کی یہی کوشش رہی کہ اللہ کا دین غالب ہو ۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ رب العالمین کے پاس پسندیدہ طریقہ زندگی صرف اور صرف اسلام ہے ۔ غلبہ اسلام اور دین اسلام کو جاری و نافذ کرنے کی جدوجہد کا نام ’’اقامت دین ‘‘ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد اظہر الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی آندھراپردیش و اڈیشہ نے جامعہ دارالہدی حیدرآباد میں منعقدہ کارکن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس کارکن کنونشن میں جماعت اسلامی عظیم تر حیدرآباد سے تقریباً 2 ہزار سے زائد مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی ۔ حافظ محمد رشاد الدین سٹی سکریٹری نے کہا کہ اللہ کے ہاں کسی بھی عمل کی کامیابی کلمہ طیبہ کے بغیر ناممکن ہے اور ہمارا یہ ایمان ہونا چاہئیے کہ اللہ ہی ہدایت کا دینے والا ہے ۔ مولانا حامد محمد خان صدر ایم پی جے نے کہا کہ دین سے ہماری وابستگی عشق و جنون کے درجہ تک ہو ۔ اسلام کا داعی اور تحریک اسلامی کا کارکن اللہ اور اس کے رسولؐ حضرت محمد ﷺ سے بے پناہ محبت کرنے والا ہو اور اللہ اور اس کے رسولؐ کے ایک حکم پر اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہو ۔ مولانا احمد محی الدین نظامی (جامعہ ریاض الصالحات) نے کہا کہ ہم قرآن مجید سے قریب ہوجائیں ۔ قرآن سے وابستگی کے بغیر تحریک اسلامی کا کارکن نامکمل ہے ۔ قرآن سے ہمارا لگاؤ بے حد ضروری ہے ۔ ہم اس کی تلاوت کو اپنا معمول بنائیں ۔ اگر ہماری زندگیوں میں قرآن مجید آجائے تو پھر ضرور ہم دنیا میں انقلاب کے معمار بن سکتے ہیں ۔ حافظ محمد فائز الدین نے کہا کہ اسلام کا مزاج ہی اجتماعیت چاہتا ہے اور جماعت پر اللہ کا ہاتھ ہوتا ہے ، انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ ان کی جماعت سے وابستگی صرف کاغذی یا رسمی طور پر نہ ہو بلکہ جس مقصد کو وہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور جس کا مقصد جس گروہ کا وہ حصہ ہیں اس تحریک کے کام کو پوری ایمانداری کے ساتھ لیکر آگے بڑھیں ۔ اس ایک روزہ کارکن کنونشن کو عبدالرحمان داؤدی ، (نظام آباد) ڈاکٹر خالد مبشر الظفر ، مولانا مفتی محبوب شریف نظامی اور ساتھ ہی خواتین کے متوازی سیشن کو محترمہ ناصرہ خانم نے بھی مخاطب کیا ۔ تجمل حسین نے ترانہ پیش کیا ۔ جناب عبدالہادی پٹیل ، (سیری لنگم پلی) نے کارروائی چلائی ۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 4 ڈسمبر بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم، آزاد نگر، عنبر پیٹ میں زیرصدارت مولانا حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے۔ آغاز مولانا حافظ محمد یوسف الدین کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ اس جلسہ کو مولانا عبدالملک مظاہری مفتاحی مخاطب کریں گے۔ نماز ظہر ٹھیک 1.30 بجے ہوگی۔

تلنگانہ جمعیت القریش کے حفظ و قرأت کے مقابلے
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) تلنگانہ جمعیت القریش کے زیراہتمام بروز اتوار 7 ڈسمبر مبین فنکشن ہال ہمت پورہ شاہ علی بنڈہ میں صبح 9 بجے حفظ و قرأت کلام پاک کے مقابلے مقرر ہیں۔ صرف قریش برادری کے طلباء ہی شرکت کے اہل ہوں گے۔ نام درج کروانے کی آخری تاریخ 6 ڈسمبر رہے گی۔

محفل نعت شہہ کونینﷺ
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) کاروان حسانؓ کے زیراہتمام ماہانہ محفل نعت شہہ کونین صلی اللہ علیہ و سلم 5 ڈسمبر کو بمکان شیخ عبید بن عثمان العمودی واقع ہمت پورہ میں منعقد ہے۔ بعد نماز عشاء قصیدہ بردہ شریف ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی محفل کا آغاز ہوگا۔ جس میں حیدرآباد کے نعت خواں شرکت کریں گے۔

اخلاص اور جہد مسلسل ہی دینی کاموں کی بنیاد
سٹی جمعیۃ علماء کے اراکین سے مولانا عبدالقوی کا خطاب
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) آج اُمت کو صحیح علم سے روشناس کرانے کی سخت ضرورت ہے اور یہ کام مسلسل جدوجہد اور اخلاص سے کرنے پر ہوگا۔ سٹی جمعیۃ نے صحابہ کی عظمت اور ان کے بارے میں اہل سنت والجماعۃ کے صحیح عقیدہ کو عام کرنے کی جس طرح کوشش اور جدوجہد کی ہے اسی طرح نبی کی سیرت کا صحیح اور مؤثر پیغام پھیلانے کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالقوی نائب صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے کیا جو اراکین جمعیۃ کے اجلاس سے مسجد ارم ، ارم منزل خیریت آباد میں مخاطب تھے۔ اس موقع پر یکم ربیع الاول تا 10 ربیع الاول دس روزہ سیرت و سنت منعقد کرنے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سیرت و سنت کا پیغام عام کرنا طے کیا گیا۔ عنبرپیٹ، کاروان، مشیرآباد، پنجہ گٹہ، بی ایس مقطعہ، ملکاجگیری، یاقوت پورہ، حشمت پیٹ، بہادر پورہ، ٹولی چوکی، حفیظ پیٹ، حکیم پیٹ ٹولی چوکی میں جلسہ ہائے سیرت محسن انسانیت منعقد کرنا طے کیا گیا۔ اس موقع پر اراکین عاملہ و منتظمہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری نے صدارت کی۔ اور مولانا مصدق القاسمی جنرل سکریٹری نے رپورٹ پیش کی اور کارروائی چلائی۔ مولانا عبدالرؤف قاسمی، حافظ بشیر احمد، جناب محمد معین نے انتظامات کئے۔ آخر میں مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی نے شرکاء مجلس کا شکریہ ادا کیا۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) پروفیسر محمد مصطفی شریف چیرمین شعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی و ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ جمعرات کو 9 بجے شب درس قرآن مجید انہی کے مکان واقعہ ڈیفنس کالونی عقب K.V.No.1 لنگرحوض قریب مسجد غوثیہ میں دیں گے۔
عرس شریف
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) حضرت خواجہ سید نور اکبر علی شاہ حسینی قرنی غریب عالم چشتی القادریؒ پیر و مرشد حضرت وطنؒ کا عرس شریف جمعہ 5 ڈسمبر کو مقرر ہے۔ جمعہ کو بعد نماز عشاء جلوس صندل مالی مسجد صالحہ بیت المقدس دارالعلوم غوث اعظمؒ کنگس کالونی سے برآمد ہوکر مولانا خواجہ محمد نورالابصار علی شاہ چشتی القادری المعروف شاہ بابا کے مکان پہونچے گا۔ 10 بجے شب ختم خواجگان چشت اور محفل سماع ہوگی۔ بعد نماز فجر مراسم صندل مالی شاہ بابا انجام دیں گے۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام مجلس ختم دلائل الخیرات (درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات نقشبندیہ زیرنگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 4 ڈسمبر بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے۔

غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد 3 ڈسمبر (راست) عرس شریف حضرت سید شاہ راجو محمد محمدالحسینی المعروف راجو قتالؒ کے موقع پر غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ 8 ڈسمبر کو 9.30 بجے شب آستانہ عالیہ واقع بیرون فتح دروازہ مصری گنج میں منعقد ہوگا۔ مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری صدر کل ہند جمعیۃ المشائخ نگرانی کریں گے۔ مدعو شعراء مسرس جلال عارف، سید مسرور عابدی شرفی قادری، فاروق شکیل، کامل حیدرآبادی، حلیم بابر، سید یوسف روش، شاہد عدیلی، سردار سلیم، اکبر خان اکبر، فاروق عارفی، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، قاضی اسد ثنائی، ظفر فاروقی، اسلم فرشوری، نورالدین امیر، وحید پاشاہ قادری، قابل حیدرآبادی، ارشد شرفی، سہیل عظیم اور منور حسین راسخ کلام سنائیں گے۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری معتمد مشاعرہ اور قاضی فاروق عارفی شریک معتمد مشاعرہ نے باذوق حضرات سے شرکت کی خواہش کی ہے۔