مذہبی خبریں

دوسری مجلس ذکر
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ نزد سات گنبد میں 27 نومبر بعد نماز مغرب خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ کے زیر اہتمام اس ماہ کی دوسری اصلاحی و تربیتی مجلس ’ مجلس ذکر و سلوک ‘ منعقد ہوگی ۔ حافظ و قاری محمد یونس کی قرات کلام مجید اور حافظ عبدالواسع نعت شریف سنائیں گے ۔ ذکر جہری سے قبل نگران مجلس حافظ و قاری محمد عبدالمقتدر قریشی چشتی کا اصلاحی و تربیتی خطاب ہوگا ۔ خواتین کے لیے پردے کا نظم رہے گا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : قطب الاقطاب حضور سیدنا یحییٰ پاشاہ قبلہؒ کے عرس کا آغاز 27 نومبر کو ریاض مدینہ مصری گنج میں ہوگا ۔ 27 نومبر صندل شریف بعد نماز عصر بارگاہ خواجہ دکن حضور سیدنا خواجہ محبوب اللہؒ قاضی پورہ سے برآمد ہو کر ریاض مدینہ مصری گنج پہونچے گا ۔ بعدہ ختم قرآن مجید ہوگا ۔ بعد نماز مغرب مزار مبارک پر گل افشانی ہوگی اور محفل سماع منعقد ہوگی ۔ بعد سماع مولانا سید شاہ محمد صدیق حسینی عارف سجادہ نشین کا وعظ ہوگا ۔ بعد نماز عشاء جلسہ قرات زیر نگرانی مولانا سید شاہ محمد صدیق حسینی عارف منعقد ہوگا ۔ 28 نومبر کو محفل چراغاں منعقد ہوں گے بعد عصر تا مغرب بعد مغرب تا 10 بجے شب محفل سماع ہوگی ۔ رات ایک بجے محفل چادر ہوگی ۔ 29 نومبر بعد فجر تا 11 بجے دن ختم قرآن مجید 11 تا 2 بجے دن محفل قل ہوگی بعدظہر خواتین کو زیارت کا موقع دیا جائیگا ۔۔

مجلس حلقہ ذکر
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر بروز جمعرات بعد نماز عشاء قیامگاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری تاڑبن میں مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات ، بزرگ نعت خواں الحاج خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا اور خصوصی دعا ہوگی ۔۔
٭٭ حلقہ ذکر الہی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ جہاں نما میں بروز جمعرات کو بعد عشاء مقرر ہے ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 27 نومبر بروز جمعرات 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگا ۔ نگران تحریک مولانامحمد فاروق قادری کا ’ماہ صفر المظفر کی شرعی حیثیت ‘ پر خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

سٹی جمعیتہ علماء گریٹرحیدرآباد کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : محمد مصدق القاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کے بموجب جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کے اراکین عاملہ و منتظمہ و مدعوئین خصوصی اجلاس 27 نومبر کو بعد عشاء مسجد ارم ، ارم منزل خیریت آباد میں منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری صدارت کرینگے ۔۔

جلسہ فیضان اولیاء
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے بضمن عرس شریف 27 نومبر کو درگاہ حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں بعد نماز مغرب جلسہ فیضان اولیاء مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ اعظم علی صوفی حسنی و الحسینی صدر کل ہند جمعیتہ المشائخ مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 27 نومبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ جلسہ کی کارروائی مولانا مقصود احمد ندوی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز مولانا محمد عثمان نظامی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ اس جلسہ کو مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر ٹھیک 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

نعتیہ مجموعہ ’ انوار عقیدت ‘ کی
رسم اجراء و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : بزم علم و ادب کے زیر اہتمام شاعر و ادیب سید سمیع اللہ حسینی سمیع کے نعتیہ مجموعہ انوار عقیدت کی رسم اجراء و نعتیہ مشاعرہ 29 نومبر کو بعد مغرب اردو گھر مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ مولانا نادر المسدوسی خیر مقدمی تقریر کریں گے۔ ادبی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر فاروق شکیل اور مجموعہ کلام کی رسم اجراء ڈاکٹر مجید بیدار انجام دیں گے ۔ رؤف خلش ، مولانا ضیا عرفان حسامی ، اسلم فرشوری ، مقصود علی خاں سحر ، سردار سلیم اور ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق مہمان مقررین ہوں گے ۔ نور الدین امیر ، یوسف روش ، انجم شافعی ، سید علی عادل اور سہیل عظیم منظوم تہنیت پیش کریں گے ۔ مشاعرہ کی نگرانی سید سمیع اللہ حسینی سمیع کریں گے ۔ مسرس اثر غوری ، سید مسرور عابدی شرفی ، حلیم بابر ، تاج مضطر ، کامل حیدرآبادی ، فاروق عارفی اور ظفر فاروقی مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ اسلم فرشوری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔

کل ہند سنی علماء بورڈ کا
آج تحریری مقابلہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام تحریری مقابلہ 27 نومبر کو 11 تا 12 بجے دن مقرر ہے ۔ جن میں تین گروپ ہوں گے ۔ یہ مقابلہ کلیتہ البنین جامعتہ المومنات مغل پورہ ، اسلامیہ ہائی اسکول سکندرآباد ، کیمریج ٹکنو اسکول روبرو کے ایم فنکشن ہال چونے کی بھٹی مصری گنج ، مدرسہ مدینتہ البنات معین باغ میں منعقد ہوگا ۔ مقابلہ میں ایک گھنٹے کا وقت دیا جائے گا ۔ مزید معلومات کے لیے 9912374820 پر ربط کریں ۔۔

سنی علماء بورڈ کا اجلاس ، رائے ، مشورے اور پروگرامس پر لائحہ عمل
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : حضورﷺ سے محبت کرنا اصل ایمان ہے کائنات میں سب سے عظیم المرتبت شخصیت اللہ کے رسول ﷺ کی ہے آپ کی تعلیمات ساری قوم کے لیے ایک بہترین نمونہ ہے ۔ عظمت و عشق مصطفی کے بغیر کوئی عمل قبول نہیں ہوگا ۔ حضور ﷺ کی تعظیم و تکریم کرنا اور آپ کے میلاد پاک کی خوشی منانا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار علماء و مشائخین نے کل ہند سنی علماء بورڈ کی عظمت مصطفی کانفرنس کے بضمن دینی مدارس و تنظیموں کے ذمہ داروں کے مشاورتی اجلاس میں کیا یہ اجلاس جامعتہ المومنات مغل پورہ میں مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ نظامت کے فرائض مفتی عبدالواسع صوفی صدر بورڈ نے انجام دیا ۔ سید شاہ نور الحق قادری نے کہا کہ بورڈ ہمیشہ ہی مسلمانوں کے ملی و سیاسی مذہبی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی ہے ۔ یہ مستحسن فعل ہے ۔ مفتی محمد حسن الدین تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے مقابلے مختلف زبانوں میں ہونا چاہئے ۔ جناب محمد فاروق علی خاں ایڈوکیٹ نے کہا کہ مسلمانوں میں جو برائیاں عام ہورہی ہیں اس کے تدارک کے لیے جدوجہد کرنا چاہئے ۔ حکومت سے مطالبہ کریں کہ مسلم فیملی کورٹ علحدہ قائم کیا جائے ۔ رحیم اللہ خاں نیازی نے کہا کہ عظمت مصطفی کانفرنس میں تعاون کریں گے ۔ مولانا سید یوسف الدین بغدادی نے کہا کہ حضور ﷺ کی سیرت و میلاد کے محافل اردو کے علاوہ تلگو زبان میں بھی ہونا چاہئے ۔ جناب افضل علی نے کہا کہ سکندرآباد میں بھی عظمت مصطفی کانفرنس کی ضرورت ہے ۔ معز چودھری صدر نے کہا نوجوانوں علماء و مدارس اس میں حصہ لیں ۔ اس اجلاس میں مفتی محمد مستان علی قادری ، محمد فرید قریشی ، مولانا محمد نظام الدین ، مولانا محمد حیدر محی الدین ، قاضی خواجہ مقیم الدین چشتی ، حافظ سید محمود پاشاہ ، خواجہ حمید الدین چشتی ، مولانا محمد زاہد قادری ، جناب اعظم خاں ، جناب سید سمیع اللہ ، حافظ خواجہ ظہیر الدین ، حافظ محمد غوث عادل ، محمد صادق ، محمد شمس الدین فاروقی ، مولانا عبدالرحیم قادری ، مولانا محمد امیر الدین ، جناب شاہ نواز خاں ، جناب حکیم خاں ، جناب کلیم اللہ قادری اور دیگر شرکت کیے ۔ مفتی کاظم حسین نقشبندی نے کلمات تشکر ادا کیا ۔۔

جامعہ دارالفرقان للبنات میں
تحریری مسابقہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : محمد عبدالرافع صدیقی سکریٹری جامعہ دارالفرقان سعید آباد کے بموجب جامعہ کی یوم تاسیس کے 25 سال کی تکمیل پر 7 دسمبر صبح 10 تا 1 بجے اسکول و مدارس کے طلبہ وطالبات کے لیے جامعہ میں تحریری مسابقہ از کتاب ’ اسلام کے اہم اصول ‘ رکھا گیا ہے ۔ لڑکے اور لڑکیوں کے لیے علحدہ انعامات ہوں گے ۔ د اخلہ فارم جامعہ دارالفرقان للبنات سعید آباد کی آفس سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 دسمبر شام 5 بجے تک مقرر ہے ۔ فون نمبرات 9885598706 ۔ 9866658052 پر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں ۔۔

بضمن شہادت بابری مسجد
مجلس بچاؤ تحریک کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : بابری مسجد شہادت کی برسی کے موقع پر مجلس بچاؤ تحریک کا ایک اہم اجلاس 29 نومبر کو بعد نماز مغرب مہدی فنکشن ہال دبیر پورہ فلائی اوور برج بصدارت صدر ایم بی ٹی ڈاکٹر قائم خاں منعقد ہوگا ۔ جس میں شہادت بابری مسجد کے متعلق غور و خوض کیا جائے گا ۔ 30 نومبر کو منعقد ہونے والے مرکزی جلسہ شہادت بابری مسجد کے انتظامات کا جائزہ لیا جائیگا ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ذکر و مراقبہ و تعلیمات نقشبندیہ 27 نومبر کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ، شکر گنج زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری مقرر ہے ۔۔

مجلس سماع
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ شہزادی کونین سیدہ فاطمۃ الزہرا کے ضمن میں 3 صفر کو بعد عشاء محفل نعت و مجلس سماع خانقاہ فاطمی قاضی پورہ اسٹور میں مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید عبدالغفور فاطمی صدر نشین کریں گے ۔۔

تربیتی اجتماع
حیدرآباد 26 نومبر (راست) شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند چارمینار کا تربیتی اجتماع 27 نومبر کو 2.30 بجے دن چھتہ بازار اسلامک سنٹر آفس زیرنگرانی محترمہ وحیدہ فاضل مقرر ہے۔

دارالشفاء میں جلسہ عام
حیدرآباد 26 نومبر (راست) نوجوان محلہ کالی قبر دارالشفاء کے زیراہتمام بعنوان ’’اسلام زندہ ہوتا ہے کربلا کے بعد‘‘ نزد عابد علی خان آئی ہاسپٹل دارالشفاء 29 نومبر کو 8 بجے شب زیرصدارت جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان جلسہ عام منعقد ہوگا۔ حافظ محمد عثمان نقشبندی، جناب میر عنایت علی باقری، محمد اعظم علی، محمد بابر پاشاہ، سید عارف قادری مخاطب کریں گے۔