مذہبی خبریں

جلسہ فضائل رمضان المبارک و

درگاہ حضرت برہنہ شاہ صاحب ؒ کے انتظامی امور وقف بورڈ کے سپرد
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : چیف ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ نے انتظامی کمیٹی درگاہ حضرت برہنہ شاہ صاحبؒ کو فوری اثر کے ساتھ منسوخ کردیا اور تمام انتظامات راست وقف بورڈ کے تحت کردئیے ہیں ۔ اس ضمن میں جاری کردہ حکمنامہ کے بموجب انتظامی کمیٹی کی میعاد میں دو سال کی توسیع کے بعد یہ 14 مئی 2017 کو ختم ہونے والی تھی ۔ کمیٹی کے خلاف سنگین بے قاعدگیوں کی شکایات موصول ہوئی اور وقف بورڈ کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی نے بھی اپنی رپورٹ میں ان الزامات کی توثیق کی ۔ لہذا کمیٹی کو نوٹس وجہ نمائی جاری کی گئی جس نے وقف بورڈ کو اطمینان بخش جواب نہیں دیا ۔ کمیٹی یہ ثابت نہیں کرسکی کہ عمارتوں کی تعمیر وقف قبرستان پر نہیں کی گئیں ۔ تحقیقات کے دوران یہ پتہ چلا کہ موجودہ قبروں کو مسمار کر کے مکان تعمیر کیا گیا ۔ چنانچہ تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد وقف ادارہ درگاہ حضرت برہنہ شاہ صاحبؒ واقع عیدی بازار سنتوش نگر اور اس سے ملحقہ جائیدادوں کے انتظامات کو وقف بورڈ نے راست اپنی نگرانی میں لے لیا ہے ۔ انسپکٹر آڈیٹر وقف سرکل نمبر 1 کو منسوخ کی گئی انتظامی کمیٹی کی ذمہ داری فوری سنبھال لینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔۔

 

جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون بیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں آج بروز پنجشنبہ 3 رمضان المبارک بعد نماز ظہر مسجد نورانی فتح دروازہ ، قلعہ گولکنڈہ اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

روزہ کی طبی افادیت پر لکچر
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ باغ عامہ نامپلی کی جانب سے ایک لکچر ’ روزہ کی طبی افادیت ‘ 12 جون کو بعد نماز ظہر انسٹی ٹیوٹ کے آڈیٹوریم میں مقرر ہے ۔ ڈاکٹر مصطفی لکچر دیں گے ۔۔

جلسہ استقبال رمضان اور
فضائل رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے جمعرات 9 جون کو 3 بجے دن پارس محل مصری گنج میں جلسہ استقبال رمضان اور فضائل رمضان المبارک منعقد ہوگا ۔ صدر اسوسی ایشن جناب محمد تمیز احمد خطاب کریں گے ۔۔

 

یک شبی شبینہ و سماعت قرآن
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : رائل فنکشن ہال کوٹلہ عالیجاہ چارمینار روڈ میں 3 رمضان کو یک شبی شبینہ و سماعت قرآن مقرر ہے ۔ جس میں حفاظ کرام حافظ عبدالواحد ، حافظ محمد شفیق ، حافظ منیر احمد مکمل کلام مجید سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ بزرگ اور عمر رسیدہ اصحاب کا خیال کرتے ہوئے جزوی قرآن مجید نماز تراویح میں جزوی سماعت قرآن کی طرح قرات کی جائے گی ۔ خواتین کے لیے پہلی منزل پر علحدہ انتظام اور سحر کا بھی معقول اہتمام رہے گا ۔ نماز عشاء ساڑھے آٹھ بجے ہوگی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان و ذکر و مراقبہ 9 جون بعد نماز عصر زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری خلیفہ حضرت ابوالفداء مقرر ہے ۔۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ کے زیر اہتمام 9 جون جمعرات 9 بجے صبح حسب ذیل مقامات پر دو یومی سماعت قرآن برائے خواتین مقرر ہے ۔ بمکان عائشہ بیگم فائر اسٹیشن میں حافظہ فریعہ نورین ، حافظہ رمصیاء افشین قرآن مجید سنائیں گے ۔ بمکان سید مقصود قادری بہادر پورہ پرنس کالونی متصل فضاء ہوٹل میں حافظہ صبا بیگم ، حافظہ کنیز فاطمہ ، بمکان کے ایم خاں غازی بنڈہ متصل ڈیزی اسکول میں حافظہ رقیہ کلثوم ، حافظہ رضوانہ زرین ، بمکان خواجہ نعیم الدین متصل درگاہ حسین شاہ ولیؒ میں مفتیہ حافظہ عائشہ سمیہ قرآن مجید کی تلاوت مع ترجمہ سنانے کی سعادت حاصل کریں گی ۔۔

دارالافتاء جامعہ المومنات کے اوقات
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات کے بموجب ماہ رمضان المبارک میں دارالافتاء کے اوقات صبح 10 تا 1 بجے دن رہیں گے ۔ مفتیہ ناظمہ عزیز صدر مفتیہ جامعہ المومنات قرآن و حدیث ، فقہ کی روشنی میں مفت مسلمانوں کے شرعی سوالات کے جوابات دیں گے ۔۔

جلسہ حضرت بی بی فاطمہ زہراؓ
برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : رائل فنکشن ہال کوٹلہ عالیجاہ چارمینار روڈ میں مدرسہ زہرا الہیہ نسواں کے زیر اہتمام 9 جون بروز جمعرات کو 8 بجے دن زیر نگرانی الحاجہ زہرہ بلقیس بیان کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام پاک امرین فاطمہ نعت سمیرہ فاطمہ ، سمرین فاطمہ ، مریم بیگم کے بعد جلسہ بی بی فاطمہ زہراؓ الحاجہ حافظہ واعظہ زہرا بلقیس بیان کریں گے ۔۔

 

الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام خواتین کے لیے
رمضان میں دورِ قرآن و تجوید
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( راست ) : الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے موقع پر 6 جون تا 30 جون پیر تا ہفتہ روزانہ 10 بجے دن تا دوپہر 1-30 بجے خواتین کے لیے مختصر تجوید کورسیس کے ساتھ دورِ قرآن ہوگا ۔ یہ کلاسیس انسٹی ٹیوٹ کے اصل برانچ واقع یوسف ٹیکری ٹولی چوکی ، الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ چونے کی بھٹی مصری گنج اور میسکو گریڈ اسکول ملک پیٹ میں منعقد ہونگے ۔ تفصیلات کیلئے 9701236367 ۔ 9885204229 پر ربط کریں ۔۔

 

رمضان مبارک رضائے حق کا پیام سنانے نوید رحمت و مغفرت
ایوان تاج العرفاء حمیدآباد میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ماہ رمضان ایمان کی تقویت و تازگی، عبادات کا فیضان پانے، اعمال صالحہ کا روح پرور جذبہ ، اخلاق و کردار کی تربیت، افکار کی پاکیزگی اور جادئہ حق پر عزم نو کے ساتھ گامزن ہو جانے اور ما بعد ماہ رمضان دائماً صراط مستقیم پر استقامت کا خداداد موقع ہے۔ اس ماہ مبارک کی شان و عظمت کے لئے یہی کافی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نزول کلام پاک کے لئے اسی مقدس مہینے کی ایک رات کو منتخب فرما یا اور اسے ہزار مہینوں سے زیادہ قدر و منزلت سے نواز دیا ۔ رمضان مبارک کا عشرہ اول رحمت سے سرفرازی کا پیام لاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی توبہ قبول فرما کر انہیں اپنے عفو و کرم سے معاف فرما دیتا ہے کیوں کہ وہی غفور اور بہت رحم فرمانے والا ہے مسلمان خوش مقدر ہیں کہ انہیں خالق کائنات نے با ر بار عفو و مغفرت طلبی کے مواقع عنایت فرماے ہیں۔ ماہ رمضان اور قرآن پاک روزہ داروں اور تلاوت قرآن مجید اور سماعت کلام اللہ کرنے والوں کی بارگاہ الٰہی میں شفاعت کریں گے اور مولیٰ تعالیٰ ان کی سفارش کو قبول فرماے گا۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ نے سہ شنبہ، یکم ؍رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر ایوان تاج العرفاءؒ، سبزی منڈی قدیم اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں میںبیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے پہلے دن ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ روزہ کا مقصود حصول تقویٰ ہے۔ نظر کو برے مناظر سے بچانا، سماعت کو بری باتیں سننے سے، زبان کو ہر قسم کی بری بات، کذب، فحش، چغلی سے، ہاتھوں کو ظلم اور برے اعمال سے اور پیروں کو بری اور ممنوعہ جگہوں پر جانے سے روکنا، ظاہری و باطنی گناہوں سے اجتناب کرکے صحیح معنوں میں روزہ کو مقبول بارگاہ حق بنایا جاسکتا ہے جس کا اجر و بدل دست قدرت سے عطا ہو گا۔ سحری کھانا باعث برکت اور امت محمدؐیہ کے لئے خاص عطائے ربانی ہے۔ روزہ دار کی دعائیں رد نہیں ہو تیں بالخصوص بوقت افطار اللہ تعالیٰ روزہ دار کو اپنے فضل و کرم سے خوب نوازتا ہے اس کی دعا کو رد نہیں فرما تا۔