مذہبی خبریں

دینی اجتماعات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک سے اجتماع کا آغاز ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری ’ شہادت حضرت عثمان غنی ؓ ‘ پر خطاب کرینگے ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند نامپلی کا اجتماع عام 18 اکٹوبر بعد نماز مغرب کانفرنس ہال مسجد عزیزیہ ( مہدی پٹنم ) میں منعقد ہوگا ۔ مولانا الشیخ عماد الدین محسن عمری و مدنی درس قرآن دیں گے ۔ امیر مقامی سید سلطان محی الدین افتتاحی کلمات ادا کریں گے ۔۔

اجتماعات برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام 16 اکٹوبر بعد نماز عصر حسب ذیل مقامات پر دینی و تربیتی اجتماعات برائے خواتین منعقد ہوں گے ۔ تالاب کٹہ بھوانی نگر مدرستہ العطیہ للبنات میں مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری سرپرستی جب کہ حافظہ فوزیہ طہ حافظہ تحسین صدف کے خطابات ہوںگے ۔ محمد نگر نزد ریلوے بریج عیدی بازار معہد برکات العلوم عربیہ میں قاریہ ام الخیر سیدہ فاطمہ فرحاں نقشبندیہ قادریہ صدارت و حافظہ و قاریہ آفرین نورہ کا خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 16 اکٹوبر بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس جلسہ کے مہمان مقرر مولانا محمد شاہ جمال الرحمن مفتاحی ہوں گے ۔ صدارت حافظ محمد غوث رشیدی کریں گے ۔ جلسہ کی کارروائی مفتی عرفان قاسمی چلائیں گے ۔۔

تاسیس دارالعلوم سیف الاسلام کا
آج اختتامی جلسہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مرکزی انجمن سیف الاسلام کے پچاس ویں سال تاسیس کا اختتامی جلسہ بروز پنجشنبہ بعد نماز عشاء دارالعلوم سیف الاسلام مسجد تیغ جنگ خلوت گھڑیال روڈ زیر سرپرستی مولانا مفتی محمد عظیم الدین منعقد ہوگی ۔ نگرانی مولانا عرفان اللہ شاہ نوری کریں گے ۔ علماء کرام اور مشائخ عظام شرکت کریں گے ۔ جلسہ 8 بجے تا 10 بجے شب تک جاری رہے گا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : چار روزہ عرس حضرت سید شاہ اسعد حسین ہارونی المعروف بہ حضرت دولھے پاشاہ قبلہ واقع اندرون درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ آغا پورہ میں 9 تا 12 نومبر مقرر ہے ۔ عرس کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ پروگرام کے مطابق 15 محرم کو بعد عصر غسل شریف ، 16 محرم کو 11 بجے شب صندل مالی ، 17 محرم کو چراغاں محفل سماع ، 18 محرم کو تلاوت کلام پاک محفل سماع فاتحہ توشہ شریف اور محفل رنگ چادر گل پیش کی جائے گی ۔۔

فضائل محرم ، فیضان اہل بیت پر مذاکرہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : فضائل محرم ، فیضان اہل بیت پر بزم انوار سخن کا مذاکرہ اور غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ 18 اکٹوبر کو 3 بجے دن خانقاہ سنجریہ ، چشتیہ ، افتخاریہ موقوعہ منگل ہاٹ روبرو جامع مسجد حضرت وطن چشتی چمن منعقد ہوگا۔ پیر افتخاری سید قادر محی الدین حسین سنجری سخن چشتی صدارت کریں گے ۔ جب کہ مولانا ضیا عرفان حسامی ، مولانا نادر المسدوسی اور مولانا عبدالرشید خاں ، ڈاکٹر بشیر احمد ، جناب صادق نوید ، قاضی مقصود احمد صفدر مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ ڈاکٹر منیر الزماں منیر کی صدارت میں مشاعرہ ہوگا ۔ مسرس غیاث عارف ، علی بابا درپن ، زعیم زمرہ مہمانان خصوصی ہوں گے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 16 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محمد محبوب سلسلہ وار درس میں سورہ طہ کے چھٹے رکوع کا درس دیں گے ۔ جناب فراز محمد خاں بہ زبان انگریزی آداب زندگی کا حاصل مطالبہ پیش کریں گے ۔۔

سالانہ محفل منقبت حضرت عثمان غنی ؓ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مرکزی بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام سالانہ محفل منقبت حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کا 16 اکٹوبر بعد نماز عشاء 8-30 بجے شب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں منعقد ہوگی ۔ جس کی نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے ۔ سید انوار علی سلمان کی قرات کلام پاک کے بعد شعراء و نعت خواں حضرات منقبت پیش کریں گے ۔ بعد ازاں نگران محفل فضائل حضرت سیدنا عثمان غنیؓ بیان کریں گے ۔ 17 اکٹوبر بعد عشاء مسجد افضل خاں گھانسی بازار ، 18 اکٹوبر بعد عشاء مسجد سردار بیگ صاحب ؒ موسی باولی ، 19 اکٹوبر اتوار بعد عشاء مسجد روضتہ الحدیث رین بازار 21 اکٹوبر بہ قیام گاہ جناب خواجہ وحید الدین صدیقی شاہ گنج محافل نعت ومنقبت منعقد ہوگی ۔۔

قرات ، اذان ، نعت ، شریف کی مفت تربیت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام بہ مسرت و استقبال صد سالہ عرس شریف شیخ الاسلام عارف باللہ حافظ شاہ محمد انوار اللہ فاروقی قادری بانی جامعہ نظامیہ ؒ ، محمد نگر جاوید نگر نزد ریلوے برج عیدی بازار معہد برکات العلوم عربیہ پر طلباء وطالبات کو علحدہ علحدہ اوقات میں قرات کلام پاک ، اذان ، حمد باری تعالی ، نعت شریف ، منقبت ، صلوۃ و سلام کی مفت ٹریننگ دی جائے گی ۔ ہر جمعہ 9 بجے تا 11 بجے دن طلباء کو تربیت دیں گے ۔ مردانہ کلاسیس کا آغاز 17 اکٹوبر بروز جمعہ سے ہوگا ۔ حافظہ و قاریہ آفرین نورہ طالبات کو ہر جمعرات بعد نماز مغرب ، ہر اتوار 3 بجے دن تربیت دیں گی ۔ زنانہ کلاسیس کا آغاز 16 اکٹوبر سے ہوگا ۔ تفصیلات کے لیے 8332861292 پر ربط کریں ۔۔

جامعتہ المومنات میں
آج سے دوبارہ تعلیم کا آغاز
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل جامعتہ المومنات نے اپنے پریس نوٹ میں بتایا کہ جامعتہ المومنات ، کلیتہ البنین اور جامعہ کی تمام شاخوں میں عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد 16 اکٹوبر جمعرات سے دوبارہ باضابطہ تعلیم کا آغاز ہوگا ۔ تمام معلمات و طالبات فی الفورجامعہ رجوع ہو کر اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھیں ۔۔

عرس شریف
٭٭ بضمن ماہانہ فاتحہ حضرت پیر شاہ محمد قاسم المعروف شیخ جی حالی قبلہ ابوالعلائی ؒ و عرس مبارک حضرت صوفی سید شاہ عثمان علی قادری ابوالعلائی المعروف حاجی پاشاہؒ آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی ؒ چارمینار پنچ محلہ مقرر ہے ۔ 21 اکٹوبر کو بعد عشاء نعتیہ و طرحی منقبتی مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جس میں ممتاز مدعو شعراء نعتیہ و منقبتی کلام پیش کریں گے ۔ 22 اکٹوبر کو صبح 11 تا سہ پہر 3 بجے دن مفت میڈیکل کیمپ منعقد ہوگا ۔ 23 اکٹوبر بعد مغرب غسل شریف و فاتحہ خوانی ۔ 24 اکٹوبر صندل مبارک بعد عصر ختم قرآن ، بعد عشاء جلوس صندل خانقاہ ابوالعلائیہ تا درگاہ شریف بہ ہمراہ ضربات رفاعیہ برآمد ہوگا ۔ بعد صندل مالی پیشکشی چادر گل و فاتحہ خوانی و حلقہ ذکر ہوگا ۔ 25 اکٹوبر بعد عشاء فاتحہ خوانی و محفل چراغاں کے موقع پر مجلس سماع ہوگی ۔ تمام مراسم عرس سجادہ نشین کریں گے ۔۔

حوادثِ زمانہ کے باوجود جامعہ نظامیہ پوری آب و تاب کے ساتھ مصروف عمل
جشن تاسیس کے موقع پر مولانا مفتی خلیل احمد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم و قدیم دینی یونیورسٹی جامعہ نظامیہ کا 144 واں جشن تاسیس آج عظیم الشان پیمانہ پر منعقد ہوا ۔ اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہا کہ بانی جامعہ شیخ الاسلام حضرت مولانا محمد انواراللہ فاروقی علیہ الرحمہ نے اس جامعہ کو تقوی و توکل کی اساس پر قائم فرمایا ۔ یہی وجہ ہے کہ 143 سال کے دوران زمانہ میں کئی انقلابات آئے ‘کئی اداروں کا نام و نشان مٹ گیا ‘ خود سلطنت آصفیہ کا زوال ہوا ۔ سقوط حیدرآباد کا سانحہ پیش آیا ‘ اس کے باوجود جامعہ نظامیہ پوری آب تاب کے ساتھ نہ صرف قائم ہے بلکہ عالم اسلام میں اپنی امتیازی شان رکھتا ہے اور ملت اسلامیہ اور علوم اسلامیہ کی خدمت میں ہمہ تن مصروف ہے ۔ حضرت شیخ الجامعہ نے فرمایا کہ بانی جامعہ نے زمانہ کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے دینی تعلیم کے فروغ اور علوم اسلامیہ کی اشاعت کے لئے بحکم نبویﷺ اس ادارہ کو قائم کیا اور اس کا انحصار مکمل طور پر حکومتی امداد پر رکھنے کے بجائے عوامی تعاون اور اپنے رفقاء کی امداد پر رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ سقوط حیدرآباد کے باوجود جامعہ نظامیہ نہ صرف قائم رہا بلکہ پہلے سے زیادہ تندہی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے اور پورے عزم و استقلال کے ساتھ مستقبل کی طرف گامزن ہے ۔ حضرت مفکر اسلام نے کہا کہ فارغین جامعہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں اور ملت کی اسی انداز میں خدمات انجام دیں جیسے حضرت شیخ الاسلام نے انجام دی ہے۔ بانی جامعہ ؒ نے علماء کو درس و تدریس کے ساتھ صنعت و حرفت سے وابستہ ہونے کا مشورہ دیا تاکہ علماء عزت نفس کے ساتھ اپنی معاشی ضروریات کی تکمیل کریں ۔ حضرت مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جامعہ نظامیہ پورے عالم میں اپنی منفرد شان رکھتا ہے ۔ عرب علماء اس جامعہ سے اکتساب فیض کر رہے ہیں اور ہندوستان بھر میں جامعہ کا کام آگے بڑھ رہا ہے یہ سب بانی جامعہ کے اخلاص کا ثمرہ اور فیضان ہے ۔ انہوں نے علماء جامعہ کو مشورہ دیا کہ اپنے آپ کو جامعہ کے لئے اور جامعہ کے کاز کے لئے وقف کر دیں‘ تب ہی وہ اپنے مقصد تعلیم کو پورا کرسکیں گے اور مادر علمی کی خدمت کا حق ادا ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز قرات و نعت سے ہوا ۔ بعدازاں طلبا جامعہ نے مولانا افسر الحق دہلوی ؒ کا لکھا مشہور ترانہ ’’ قائم رہے الہی یہ جامعہ ہمارا‘‘ پڑھا ۔ اس موقع پر شیوخ جامعہ ‘ اساتذہ کرام ‘ طلبہ قدیم ‘ طلبہ جامعہ نظامیہ اور عوام کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ مولانا محمد فصیح الدین نظامی نے جلسہ کی کاروائی چلائی ۔ مزار حضرت بانی جامعہ پر فاتحہ و گل افشانی کے بعد حضرت شیخ الجامعہ کے ہاتھوں پرچم کی ایستادگی عمل میں آئی ۔