مذہبی خبریں

قربانی محبت خداوندی کا عظیم الشان مظہر
جامع مسجد لالہ گوڑہ میں نماز عیدالاضحی سے قبل مفتی محمدمستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد /8 اکٹوبر ( راست ) جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں عیدالاضحی کی نماز سے قبل ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلی جامعتہ المومنات نے خطاب کرتے ہوئے عیدالاضحی کے موقع پر مسلمانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیں ۔ حضور ﷺ نے فرمایا جس شخص کے دل میں رائی کے دانے کے برابر غرور و تکبر ہو وہ جنت میں داخل ہونا دور کی بات جنت کی ہوا بھی نہیں کھائے گا ۔ عید کا دن ایسا مقدس دن ہے جس میں انسان کو خالق و مخلوق دونوں کا خیال رکھنا ضروری ہے جو قربانی کے ذریعہ پورا ہوتا ہے کیونکہ قربانی سے اخلاق اور محبت الہی نصیب ہوتی ہے جو کہ مومنین کا خاصہ ہے قربانی سے ایک عظیم نعمت تقوی حاصل ہوتا ہے جو کہ تمام عبادات کا مقصود اصل ہے قربانی محبت خداوندی کا عظیم الشان مظہر ہے ۔ اللہ تعالی نے قربانی کو معاشرہ کے اتحاد و اتفاق کے عنوان سے پیش کیا ہے تاکہ امتوں اور قوموں کے درمیان ا تحاد قائم ہوجائے ۔ قربانی سنت ابراہیمی ہے اللہ تعالی نے سیدنا ابراہیم خلیل اللہ کو بے پناہ نعمتوں سے سرفراز کیا منصب نبوت سے نوازا ، اپنا خلیل بنایا اور اعزاز بھی بخشا کہ سیدالانبیاء کا آپ کو جد کریم بنایا اور آپ کے صبر کو آزمانے کی خاطر کئی مرتبہ جان ، مال اولاد وطن کے ذریعہ آپ کا امتحان لیا ۔ جیسا کہ اللہ تعالی فرماتا ہے ترجمہ : حضرت ابراہیم کے رب نے ان کو چند باتوں کے ذریعہ آزمایا تو انہوں نے اسے پورا کر دکھلایا ۔ حضرت ابراہیمؑ نے آتش نمرود میں اپنی جان کا امتحان دیا ۔ آپ بڑھاپے کی عمر کو پہونچنے تک آپ کو کوئی اولاد نہ ہوئی جب اللہ تعالی نے اولاد سے سرفراز کیا تو انہیں بے آب گیاہ زین چھوڑنے کا حکم ہوا پھر اس کے بعد اپنے لخت جگر کی قربانی کا امتحان لیا گیا تو آپ پس و پیش کئے بغیر تمام قربانیوں کیلئے تیار ہوئے اور ان تمام امتحانات میں کامیابی حاصل فرمائی ۔ آپ کی یاد قیامت کو تک شریعت محمدی ﷺ میں باقی رکھا ۔

مجلس ذکر و سلوک
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ میں 9 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب اصلاحی و تربیتی مجلس ’ مجلس ذکر وسلوک ‘ منعقد ہوگی ۔ اس اصلاحی و تربیتی مجلس کا آغاز قرات کلام مجید سے ہوگا اور بارگاہ نبویﷺ میں مولوی حافظ عبدالواسع نعت شریف سنائیں گے ۔ ذکر جہری سے قبل نگران مجلس حافظ محمد عبدالمقتدر قریشی چشتی کا اصلاحی و تربیتی خطاب ہوگا ۔۔

حضرت ابراہیم ؑ کا عمل قربانی رہتی دنیا تک جاری رہے گا
مولانا سید مصطفی علی صوفی کا عیدگاہ شمس آباد میں خطاب
شمس آباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : عیدگاہ شمس آباد میں ہزاروں مسلمانوں نے نماز عید الاضحی خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی ۔ خطیب عیدگاہ مولانا سید مصطفی علی صوفی سعید پاشاہ نے امامت و خطابت کی ۔ مولانا نے عید سعید کے پر مسرت موقع پر اپنی خطابت میں کہا کہ حضرت ابراہیم ؑ اللہ تعالی کے آزمائشی سخت امتحان میں اپنے بیٹے حضرت اسمعیل ؑ کو اللہ تعالیٰ کے حکم پر قربان کرنے کے عزم کے واقعہ کو تفصیل سے بیان کیا اور کہا کہ یہ قربانی کا عمل رہتی دنیا تک جاری رہے گا ۔ مولانا نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کو حضرت ابراہیم ؑ ، بی بی ہاجرہ ؑ ، حضرت اسمعیل ؑ کا عمل اس قدر پسند آیا کہ مناسک حج میں اس کو شامل کردیا ۔ مولانا نے کہا کہ زم زم کا چشمہ چار ہزار برس سے مسلسل جاری ہے اور آب زم زم میں انسانی صحت کے لیے فائدہ بخش معدنیات موجود ہیں جسے پینے سے بیمار کو شفا کامل ہوتی ہے ۔ مولانا نے جانوروں کی قربانی کی اہمیت بھی بتائی ۔ مولانا نے کہا کہ آج ملت میں اتحاد و اتفاق کی شدید ضرورت ہے ۔ کلمہ کی بنیاد پر سب ایک ہوجائیں مسلکی اختلافات کو مٹادیں ۔ مولانا نے دنیا کے تمام مظلوم مسلمانوں کے لیے اور جموں و کشمیر کے تباہ حال مسلمانوں کی راحت کے لیے اللہ تعالی سے دعا کی ۔ جناب محمد یوسف علی خاں صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد و عیدگاہ شمس آباد نے مولانا سعید پاشاہ کو شال پیش کی ۔ محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ ، محمد عبدالقادر معتمد کمیٹی اور محمد غوث نے عیدگاہ کے تمام انتظامات کیے ۔ شمس آباد آر جی آئی انسپکٹر ٹی سدھاکر کی نگرانی میں بہترین بندوبست کیا گیا ۔۔

ماہانہ فاتحہ و محفل سماع
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( تبارک نیوز ) : حضرت شاہ محمد صدیقی قبلہ سوداگر کی ماہانہ فاتحہ و محفل سماع 10 اکٹوبر جمعہ بعد نماز عشاء خواجہ پہاڑی تاڑبن میں مقرر ہے ۔ مولانا شاہ ساجد صدیقی چشتی قادری المرزائی نگرانی کریں گے ۔۔

سنی مرکز میں تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 9 اکٹوبر بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک و نعت شریف کے بعد مولانا محمد فاروق قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

جامع مسجد بلالؓ میں نعتیہ محفل پاک ؐ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی فلک نما کے زیر اہتمام جامع مسجد بلالؓ ہاشم نگر عقب فلک نما پیالیس میں ماہانہ نعتیہ محفل پاک ﷺ 12 اکٹوبر کو 1-30 بجے دن بعد نماز ظہر منعقد ہوگی ۔ نگرانی ڈاکٹر ناقد رزاقی کریں گے جب کہ نظامت کے فرائض رضوان بیابانی انجام دیں گے ۔ بانی سوسائٹی صاحبزادہ میر وقار الدین علی خاں انعقاد محفل کے عنوان پر مخاطب کریں گے ۔ مسرز تشکیل انور رزاقی ، ظہیر احمد ظہیر ، سہیل عظیم ، خلش حیدرآبادی ، ابوالحسن ہاشمی بیابانی تمنا ، محمد شبیر مراد ، محمد رضوان بیابانی رضوان ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔۔

امیرجامعہ نظامیہ ‘ شیخ الجامعہ ‘ شیخ الحدیث اور معتمد جامعہ نظامیہ کااظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ‘ امیر جامعہ نظامیہ مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ‘ مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ اور مولوی سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ نے اپنے صحافتی بیان میں عامۃالمسلمین ‘ کارکنان وصولی چرم قربانی اور ذمہ داران ذیلی مراکز سے اظہار تشکرکیا کہ انہوں نے جامعہ نظامیہ کے لئے مالیہ کے استحکام اور اس کے پروگراموں پر عمل آوری کے لئے چرم قربانی عنایت فرمایا اور کارکنوں نے مسلسل شب و روز محنت سے وصولی چرم قربانی کی مہم میں حصہ لیا ۔ اللہ تعالی آپ تمام کو جزائے خیر عطافرمائے اور آپ کی سعی کو قبول فرمائے ۔ بالخصوص روزنامہ ’’سیاست‘‘ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جامعہ نظامیہ کے کازکو عامۃ المسلمین تک اپنے موقر روزنامہ کے ذریعہ پہونچایا ۔ اللہ تعالی انہیں جزائے خیر عطا فرمائے ‘ کاروبار میں ترقی عطافرمائے اور باصحت و باکرامت رکھے ۔ نیز تمام حضرات سے امید ہے کہ آئندہ بھی جامعہ نظامیہ کے لئے آپ کا تعاون حاصل رہے گا ۔

حضرت ابراہیم ؑکی ساری زندگی ایثار و قربانی سے معمور
عیدگاہ رحمانیہ میں مولانا محمد ذکی الدین حسامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : حضرت ابراہیم ؑ کو مختلف طریقوں سے آزمایا گیا ۔ حضرت ابراہیم ؑ تمام آزمائشوں میں کامیاب ہوئے ۔ حضرت ابراہیم ؑ بت پرست گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ پہلا امتحان یہ ہوا کہ حضرت ابراہیم ؑ کو اپنی قوم کے سامنے اسلام پیش کرنے اور توحید کی دعوت دینے کا حکم ہوا ۔ آپ نے دعوت دی ساری قوم مخالف ہوگئی اور آپ کی دشمن بن گئی یہاں تک کہ آپ کو آگ میں ڈالا گیا ۔ آپ نے اس کو بھی برداشت کیا ۔ اللہ تعالیٰ نے آگ کو حضرت ابراہیم ؑکے حق میں ٹھنڈی اور سلامتی والی بناڈالا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری نے عیدگاہ رحمانیہ نہرو نگر متصل رنگاریڈی کمان بالا نگر میں نماز عید سے قبل مسلمانوں کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا حسامی نے کہا کہ حضرت ابراہیم ؑ نے اللہ تعالی سے نیک صالح اولاد کی دعا مانگی ، اللہ نے اس دعا کو قبول کیا اور 86 سال کی عمر میں ان کو فرمانبردار اور بردبار لڑکا عطا کیا ۔ مولانا نے سلسلہ خطاب کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑی اور سخت آزمائش یہ ہوئی کہ حضرت ابراہیم ؑ نے 7 ذی الحجہ کو خواب دیکھا اشارہ ہوا کہ میرے خلیل میری راہ میں اپنی عزیز چیز یعنی لخت جگر حضرت اسماعیل کو قربان کرو ۔ حضرت ابراہیمؑ نے فورا حکم کی تعمیل کی اور اپنے بیٹے سے کہا اے میرے بیٹے میں خواب میں دیکھ رہا ہوں کہ تجھے ذبح کررہا ہوں تو ہی بتا کہ تیری کیا رضا ہے ۔ حضرت اسماعیل ؑ نے فورا جواب دیا اے ابا جان آپ اس کام کو کر گزرئیے جس کا اللہ نے حکم دیا آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے ۔ پھر غیب سے آواز آئی ابراہیم نے تو نے خواب کو سچ کر کے دکھلایا ہم اسی طرح نیکوکاروں کو بدلہ دیا کرتے ہیں ۔ حضرت اسماعیل ؑ کے بدلہ میں عظیم دنبہ دیا ۔ اللہ کو حضرت ابراہیم ؑ کا یہ عمل اتنا پسند آیا کہ اس سلسلہ کو قیامت تک جاری رکھا ہے ۔ اور ہر مالدار پر جانور کی قربانی واجب کردیا اس لیے امت محمدیہ پر قربانی کرنا واجب ہے ۔ مولانا نے امت مسلمہ کو تلقین کی وہ اسوہ ابراہیمی کو اپنائیں ۔۔

ہفتہ واری اجتماع
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مسجد محبوب شاہی مالا کنٹہ معظم جاہی مارکٹ میں جمعرات بعد مغرب تا عشاء مولانا احمد نقشبندی کا بیان ہوگا ۔۔