مذہبی خبریں

صوفیاء کرام کی تعلیمات ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ
ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام کانفرنس سے علماء و مشائخ کا خطاب
حیدرآباد /7 اکٹوبر ( راست ) جو اللہ کا نیک بندہ اللہ کی ذات و صفات میں خود کو فنا کردیتا ہے تو اللہ تعالی اس کے نام اور کام کو تا قیامت باقی رکھ دیتا ہے ۔ اسی سلسلہ الذہب کی ایک کڑی حضرت العلامہ پروفیسر محمد عبدالستار خان نقشبندی کی ذات تھی ۔ مولانا کی زندگی مسلمانوں کیلئے ایک درس نمونہ ہے ۔ اللہ تعالی نے انہیں دینی و دینوی دونوں لحاظ سے اعلی مرتبہ عطا فرمایا تھا ۔ آپ کی عمر کا ہر حصہ علمی و روحانی خدمات و جدوجہد سے معمور تھا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ نے ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ’ تصور و طریقت کانفرنس ‘ بضمن عرس حضرت ا لعلامیہ پروفیسر شاہ ابوالفداء محمد عبدالستار خان نقشبندی قادری سے کیا اور کتاب شجرہ مبارکہ و تذکرہ اولیاء نقشبندی کی رسم اجراء انجام دی ۔ جس کو مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر نے مرتب کیا ۔ جس کی صدارت مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی نظامیہ نے کی ۔ مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر خلیفہ ابوالفداء نے ’’ تذکرہ ابوالفداء‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپؒ کی شخصیت کی تعمیر میں دو عظیم بزرگوں کا اہم حصہ رہا ۔ ایک آپ کے پیرو مرشد حضرت عبداللہ شاہؒ محدثِ دکن جن سے آپ نے علوم طریقت اور حضرت ابوالوفاءؒ سے علوم شرعیہ کا اکتساب کیا ۔ آپ شریعت کے پابند ، اخلاص کے پیکر ، ممتاز مفکر ، مدبر ، ادیب ، دل دورد مند کے حامل عاشقِ رسول ، کریم استاد ، رہبر و رہنما کے ساتھ ہی ساتھ پیر کامل و رہبر طریقت بھی تھے ۔ آپ حیدرآباد کی جماعت علماء مشائخ میں سے تھے جن کی ساری زندگی ملت اسلامیہ کیلئے نمونہ ہے ۔ مولانا محمد حسیب الدین منزل نقشبندی نے اپنی انگریزی تقریر میں کہا کہ بیعت لینا یہ سنت نمبویہ ہے اور کہا کہ ایک گمنام راستہ پر چلنے کیلئے راستہ کے جاننے والا ہونا ضروری ہے جو اس راہ پر پہلے گذر چکا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ بیعت کا مطلب پچھلے گناہوں پر ندامت اور آئندہ پر نہ کرنے کا عزم مصمم کرنا ہے ۔ مولانا سید شاہ خلیل اللہ اویس لکچرر کیمیاریج ریجنل کالج جدہ نے بھی مخاطب کیا ۔ مولانا محمد فصیح الدین نظامی ، مولانا ڈاکٹر شیخ عبدالغفور قادری ، مولانا سید محمد خضر پاشاہ نقشبندی ، سید افتخار محی الدین ابوالعلائی اور مولانا خواجہ محمد بہاء الدین فاروق نے بھی شرکت کی ۔ محمد معراج احمد کی قرات اور ڈاکٹر طیب پاشاہ ، شفیع محمد خان اور اسد اللہ شریف نے نعت شریف پیش کی اور ڈاکٹر محمد عمادالدین انوار نے خطبہ استقبالیہ اور ڈاکٹر حسن محمد کے اظہار تشکر پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت آزاد شاہؒ روبرو پولیس اسٹیشن حبیب نگر نامپلی 14 ذی الحجہ بروز جمعہ بعد نماز عشاء صندل شریف 15 ذی الحجہ بعد نماز عشاء محفل مناقب 16 ذی الحجہ بعد نماز فجر ختم قرآن شریف ۔ تقاریب عرس شریف منجانب سید شاہ عزیز الحق قادری سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔

قربانی قرب الہیٰ و تسلیم و رضا کی
عظیم مثال
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا سعادت پیر بغدادی نے کل عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں عیدالاضحی کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانی درحقیقت قرب الہی ، اعتراف ، بندگی اطاعت شعاری اور تسلیم و رضا کی عظیم مثال ہے ۔ اسلام کے لفظی معنی سپرد کردینا اطاعت اور بندگی کے لیے گردن جھکا دینا ہے ۔ ہم اس پر عمل پیرا ہوجائے تو ہم دنیا میں مثالی قوم کے طور پر ابھر سکتے ہیں ۔ قربانی کا فلسفہ ہمیں اپنی زندگی میں استحکام اور توازن عطا کرتا ہے ۔ اللہ تعالی کی اطاعت اور سرکار مدینہؐ کی غلامی کو اپنی زندگی کا نصیب العین بنائے ۔۔

سالانہ نعتیہ مشاعرہ و جلسہ عید ملاپ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( فیاکس ) : بزم عاشقان رسول و دبستان عدیل و بزم چراغ حرا کے زیر اہتمام سالانہ نعتیہ مشاعرہ و جلسہ عید ملاپ رہائش گاہ سید شاہ مسرور عابدی شرفی القادری فصیح اللہ پاشاہ بیت النعت چنچل گوڑہ 8 اکٹوبر بعد عشاء مقرر ہے ۔ نگرانی حضرت سید شاہ افضل حسینی بیابانی سجادہ نشین کشفی چمن کریں گے ۔ مولانا محمد زعیم الدین حسامی سیرت سیدنا ابراہیم ؑ بیان کریں گے ۔ نظامت کے فرائض محمد شبیر علی خاں شبیر انجام دیں گے ۔۔