مذہبی خبریں

عرس شریف
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ابوالفیض حضرت سید شاہ سجاد علی صوفی قادری درویش حسنی حسینیؒ کا عرس شریف 2 اکٹوبر درگاہ حضرت بیرون دریچہ بواہیر حسینی علم میں مقرر ہے ۔ عصر تا مغرب ختم قرآن مجید اور بعد نماز مغرب سجادہ نشین صندل مالی کی رسم انجام دیں گے ۔۔

ہفتہ واری اجتماع
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 6 ذی قعدہ کو بعدنماز مغرب زیر صدارت مولانا غلام احمد قریشی ہفتہ واری سنی اجتماع محفل نقشبندیہ مجددیہ قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔ طلبائے مدرسہ برکات الحسنات و دیگر حضرات کی نعت خوانی کے علاوہ صدر سنی اجتماع کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

تحریک اسلامی کی آج سنی مرکز میں
حجتہ الوداع کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( راست ) : سید سمیع الدین ہاشمی کے مطابق تحریک اسلامی کے زیر اہتمام حجتہ الوداع کانفرنس 2 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگی ۔ کانفرنس کی قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری کریں گے اور خطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ مولانا محمد فاروق قادری کا بیان ہوگا ۔۔

عید الاضحی کی اہمیت پر بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مسجد صفہ جانکی نگر کالونی ٹولی چوکی میں بروز جمعرات کو بعد نماز عشاء جناب اقبال احمد انجینئر عید الاضحی کی اہمیت پر تفصیلی بیان کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردے کا نظم رہے گا ۔ نماز عشاء 8-15 بجے ہوگی ۔۔

ماہانہ فاتحہ خواجہ خواجگان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( راست ) : حضرت خواجہ معین الدین حسن سنجری چشتیؒ کا ماہانہ فاتحہ چھٹی شریف 6 ذی الحجہ بروز جمعرات بمکان جناب سید ابراہیم قادری ، راگھوا کالونی ٹولی چوکی مقرر ہے ۔ مولانا اسلم پاشاہ گلیمی صدارت کریں گے ۔ نماز عشاء سے مشاغل کا آغاز ہوگا ۔۔

جامعہ نظامیہ کو چرم قربانی عنایت کی اپیل
سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ کابیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : معتمد جامعہ نظامیہ سید احمد علی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں ملت اسلامیہ سے خواہش ہیکہ وہ جامعہ نظامیہ کی طرف توجہ کریں142 سالہ قدیم یہ ادارہ صرف علم دین کی اشاعت اور دین متین کی حفاظت میں مصروف ہے ۔ حدیث شریف میں آیا کہ’’ العلم حیاۃ الاسلام و عماد الدین ‘‘ علم اسلام کی زندگی اور دین کا ستون ہے ۔اس حدیث شریف کے مطابق جامعہ نظامیہ اشاعت علم دین میں مصروف ہے او ر اس کے فارغین اقطاع عالم میں اشاعت علم دین کا مقدس فریضہ ادا کر رہے ہیں ۔ جامعہ خالص علمی ادارہ ہے اور یہاں طلباء سے کسی قسم کی فیس نہیں لی جاتی اور اس جامعہ کو حکومت یا بیرونی کوئی امداد نہیں ہے ۔ صرف عامۃ المسلمین کی عطیات ‘ زکوۃ و چرم قربانی سے جملہ اخراجات چلتے ہیں ۔ لہذا ملت اسلامیہ کا فریضہ ہے کہ جامعہ نظامیہ کی امداد کو مقدم رکھیں اور چرم قربانی اور نقد عطایا سے جامعہ کے مالیہ کو مستحکم کریں ۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ طالبان علم دین پر خرچ کرنا ایک ایسی نیکی ہے جو بعد حیات بھی جاری رہتی ہے ۔اپنے چرم قربانی مقامی ذیلی مراکز پر جمع کروائیں ۔ یا فون نمبرات 24416847, 24503267, 24576772 پر مطلع کریں تو کارکن آ کر وصولی انجام دیں گے ۔

درگاہ حضرات یوسفینؒ میں
آج نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( راست ) : محمد عبدالحمید رحمانی کے بموجب 2 اکٹوبر بروز جمعرات کو 8-30 بجے شب درگاہ یوسفینؒ نامپلی میں غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ سجادہ نشین بارگاہ یوسفینؒ منعقد ہوگا ۔ مولاناسید جلال الدین قادری ، مولانا محمد عبدالحمید رحمانی صدر شعبہ اصلاح معاشرہ ، محمد ضیا عرفان قادری حسامی محبت الہی اور اولیاء کرام کے زیر عنوان مخاطب کریں گے ۔ جناب سردار سلیم مشاعرہ کی نگرانی کریں گے ۔ محمد ضیا عرفان قادری حسامی نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔

آج تصوف و طریقت کانفرنس و رسم اجراء کتاب
حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (پریس نوٹ) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے بموجب پروفیسر شاہ ابوالفداء محمد عبدالستار خان نقشبندی قادریؒ کے عرس شریف کے موقع پر تصوف و طریقت کانفرنس و رسم اجراء کتاب ’’شجرۂ مبارکہ و تذکرہ اولیاء نقشبند‘‘ مرتبہ مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیرکا 2 اکٹوبر کو 3 بجے دن مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی بندہ نوازیؒ واقع شکر گنج مقرر ہے۔ نگرانی مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ اور صدارت مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کریں گے۔ مولانا محمد خواجہ شریف، پروفیسر محمد عبدالمجید نظامی، مولانا سید شاہ راجو حسینی ثانی، مولانا سید محمد خضر پاشاہ نقشبندی، مولانا سید شاہ دستگیر علی حسنی الحسینی، مولانا سید احمد پاشاہ قادری، مولانا سید شاہ غوث محی الدین بخاری نقشبندی، مولانا شیخ محمد عبدالغفور، مولانا صوفی سید شاہ افتخار محی الدین ابوالعلائی، مولانا خواجہ محمد بہاء الدین فاروق نقشبندی مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ مولانا سید بدیع الدین صابری ’’تزکیہ نفس‘‘ ، مولانا محمد مصطفی شریف ’’توبہ و انابت‘‘ ، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی ’سیر و سلوک‘ ، مولانا سید متین علی شاہ قادری ’اخلاق صوفیہ‘ ، مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری ’’تذکرۂ حضرت ابوالفداء‘‘ ، مولانا سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی ’’صحبتِ اولیاء‘‘ ، مولانا محمد حسیب الدین منزل ’’بیعت : ضرورت و اہمیت‘‘ ، مولانا سید رضوان پاشاہ قادری ’’قرب اولیاء تقرب کا ذریعہ‘‘ ، مولانا سید شاہ خلیل اللہ اویس ’’عصر حاضر میں تعلیمات تصوف کی ضرورت‘‘ کے عناوین پر خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر محمد عمادالدین نقشبندی خطبۂ استقبالیہ اور ڈاکٹر حسن محمد نقشبندی اظہار تشکر پیش کریں گے۔