مذہبی خبریں

جلسہ ختم بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : مفتی محمد یاسین افروز حسامی کے بموجب مدرسہ اسلامیہ اشاعت القرآن حسن نگر میں 5 جون اتوار صبح 9 تا 2 بجے دوپہر جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و ختم بخاری شریف منعقد ہورہا ہے۔ جس میں مولانا خالد سیف رحمانی اور مولانا حسام الدین عرف جعفر پاشاہ اور مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال کے خطابات ہوں گے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : دو روزہ عرس شریف حضرت الحاج محمد نصر اللہ چشتی مرزائی واقع آغا پورہ کمان بھوئی گوڑہ میں 26 اور 27 شعبان بروز جمعہ ، ہفتہ مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 26 شعبان بعد مغرب صندل شریف مقرر ہے ۔ 27 شعبان بعد مغرب محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس مولانا محمد نور اللہ چشتی مرزائی سجادہ نشین متولی انجام دیں گے ۔۔
٭٭    چار روزہ عرس شریف حضرت سید خواجہ سلطان علی شاہ بخاریؒ ، واقع آغا پورہ میں یکم رمضان تا 4 رمضان مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق یکم رمضان کو بعد عصر مراسم غسل شریف سے عرس کا آغاز ہوگا ۔ مراسم عرس مولانا سید شاہ نظام الدین ہارونی انجام دیں گے ۔۔

استقبال رمضان اجلاس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : سید خواجہ معین الدین ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے استقبال رمضان کا اجلاس 2 جون شام 6 بجے اردو گھر مغل پورہ میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس کی صدارت الحاج محمد کاظم علی خاں صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس کریں گے ۔ مولانا حامد حسین شطاری صدر نشین آل انڈیا سنی علماء بورڈ ، مولانا سید سعادت اللہ شاہ بخاری ، جناب ایس کے افضل الدین جنرل سکریٹری پردیش کانگریس تلنگانہ ، ڈاکٹر ایس ایم محمود ، ڈاکٹر عابد فاروقی ، جناب حسن عسکر اور دیگر فضائل رمضان پر روشنی ڈالیں گے ۔۔

بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت ،
والدین کی اہم ذمہ داری
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : والدین کی سب سے اہم ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کا اہتمام کریں ۔ نئی نسل کی صحیح اسلامی خطوط پر تربیت وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ اس ذمہ داری سے غفلت دنیوی و اخروی دونوں پہلوؤں سے تباہ کن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب سید محمد عبدالقادر ناصر امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے کل مہاراجہ فنکشن ہال کرما گوڑہ میں گرمائی کلاسیس کے اختتام پر منعقدہ جلسہ تقسیم انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ میں مرد و خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ جناب محمد اظہر الدین سکریٹری شعبہ تعلقات عامہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اڈیشہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ۔۔

قرات و اذان کے مقابلے
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : قاری محمد عبدالقیوم شاکر کے بموجب اقراء قرات سوسائٹی کی جانب سے 5 جون کو صبح 9 بجے سے تاریخی مکہ مسجد میں سیدنا عثمان غنیؓ و سیدنا بلال ؓ ایوارڈ میں قرات کلام پاک و اذاں کے مقابلوں کے لیے ناموں کے اندراج کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ نگرانی کریں گے ۔ شہر حیدرآباد کے ممتاز قراء کرام حکم کے فرائض انجام دیں گے ۔ اذاں کے لیے ضروری ہے کہ عربی لحن میں دی جائے اور قرات کا ترنم بھی عربی ہو جب کہ مکی مدنی مصری شامی و دیگر عربی لحنوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے ۔۔

روزگار پر مبنی مفت کمپیوٹر کورس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : دفتر رحمن ایجوکیشنل سوسائٹی مسجد زم زم باغ پیٹ پر بدست مولانا حافظ پیر شبیر احمد چیرمین رحمن ایجوکیشنل سوسائٹی پسماندہ دیہات جئے نور منڈل ضلع عادل آباد کے لیے کمپیوٹرس فراہم کیے گئے ۔ رحمن ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے غریب اور مستحق طلباء و طالبات کے لیے بالکل مفت روزگار پر مبنی کمپیوٹر کورس کا قیام عمل میں لاتے ہوئے کمپیوٹرس ذمہ داران جئے نور منڈل کے حوالے کیے گئے ہیں ۔ رحمن ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام یکم فروری 2015 سے غریب اور مستحق طالبات و خواتین کے لیے اس علاقہ میں مفت ٹیلرنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ جس میں 120 مستحق لڑکیاں و خواتین نے استفادہ حاصل کیں ۔۔

ماہانہ محفل نعت
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : جناب سید شاہ محمود حسین قادری نقشبندی کی نگرانی میں محفل نعت شہہ کونینؐ یکم جون بعد نماز عشاء عباسیہ سپلائنگ کمپنی ، موسیٰ باولی نزد اسٹیٹ بنک حیدرآباد میں مقرر ہے ۔۔

 

آج جامعہ ریاض البنات کا جلسہ تکمیل
حفظ قرآن و ختم بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : جامعہ ریاض البنات ملک پیٹ کا سالانہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن و ختم بخاری شریف یکم جون کو 9-30 بجے ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال واحد نگر ملک پیٹ میں مقرر ہے ۔ محترمہ رقیہ بیگم صدارت کریں گی ۔ محترمہ امتہ العزیز اسماء جلسہ کی کارروائی چلائیں گی ۔ محترمہ صالحاتی عابدہ کنوینر ہوں گی ۔ محترمہ رخسانہ زرین کی دعا ہوگی ۔۔

انجمن فلاح معاشرہ کا جلسہ تقسیم انعامات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : انجمن فلاح معاشرہ یاقوت پورہ کے زیر اہتمام 30 مئی 3 بجے دن بمقام مسجد شریفہ و محمود ، رحمت نگر یاقوت پورہ میں جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز حافظ عبدالکبیر قریشی کی تلاوت کلام مجید سے ہوا ۔ نعت شریف کا نذرانہ جناب محمد حفیظ الدین قریشی نے پیش کیا ۔ جناب ایم اے انصاری معتمد عمومی انجمن فلاح معاشرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن فلاح معاشرہ اپنی سرگرمیوں میں وسعت دیتے ہوئے دس سال سے مستحق طلباء وطالبات میں ایک ماہی گرمائی دینی کلاس میں شریک ہونے پر سبھی طلباء وطالبات کو اسکول بیاگ ، ٹفن باکس تقسیم کرتی ہے ۔ مہمان خصوصی جناب مسعود جاوید ہاشمی نے کہا کہ آج کے اس پر آشوب دور میں طلباء وطالبات کو ہر سمت سے رہبری کی شدید ضرورت ہے ۔ جناب شمیم محی الدین ، اسمعیل شریف ، و دیگر اراکین انجمن فلاح معاشرہ نے شرکت کی ۔ محمد شرف الدین قریشی ، حافظ عبدالکبیر قریشی نے اس جلسہ کے انتظامات میں تعاون کیا ۔ جناب مسعود جاوید ہاشمی کی دعاپر محفل کا اختتام ہوا ۔۔

 

قرآن انسانی حقوق کا علمبردار
مدرسہ عربیہ حشمت العلوم سلیمان نگر میں جلسہ سالانہ و دستار بندی ، علمائے کرام کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : دنیا کا سارا اختلاف باہمی انسانی حقوق ادا نہ کرنے کی وجہ سے ہے ۔ اگر لوگ ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے کا اہتمام کریں تو جتنے نزاعی مسائل ہیں وہ ایک دم سے ختم ہوجائیں گے اور خوشگوار ماحول پیدا ہوگا ۔ پھر کوئی شخص کسی کے خون کا پیاسا ہوگا اور نہ عدالتوں کے چکر کاٹنے کی ضرورت ہوگی ۔ قرآن مجید چوں کہ انسانیت کو امن و سکون دینے کے لیے نازل کیا گیا اور امن کے قیام کا مدار حقوق کی ادائیگی پر ہے اس لیے اس میں جگہ جگہ انسانی حقوق بیان کئے گئے ہیں ۔ والدین کے حقوق ، پڑوسیوں کے حقوق ، مسلم اور غیر مسلم انسانوں کے حقوق ، مسافروں اور بیماروں کے حقوق ، کمزوروں اور یتیموں کے حقوق ، شوہر اور بیوی کے حقوق ، دوستوں اور دشمنوں کے حقوق اور اس طرح مختلف جہتوں سے بڑی تفصیل کے ساتھ ہر ایک کے حقوق بیان کئے گئے ہیں آج عالمی سطح پر ان حقوق کی ادائیگی اور نفاذ کی ضرورت ہے ۔ اسی سے دنیا امن پاسکتی ہے ورنہ ہزار سمینار کیے جائیں اور دنیا سے ہزار اپیل کی جائے ۔ اس سے امن کا قیام نہیں ہوسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار سابق جسٹس ای محمد اسماعیل نے مدرسہ عربیہ حشمت العلوم سلیمان نگر میں سولہویں جلسہ سالانہ و استقبال رمضان المبارک سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جناب افسر الدین نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں دینی مدارس کو مستحکم کرنا مسلمانوں کا اجتماعی فریضہ ہے ۔ ان ہی مدارس کی وجہ سے آج دین اپنی مکمل شناخت کے ساتھ باقی ہے اور معاشرہ الحاد و دہریت سے پاک ہے اگر دینی مدارس کا سلسلہ نہ ہوتا تو آج صحیح طرح جنازے کی نماز بھی پڑھانے والا کوئی نہ ملتا ۔ مفتی تنظیم عالم قاسمی نے حفظ تکمیل کرنے والے طلبہ و طالبات کو قرآن کریم کی آخری آیات پڑھا کر حفظ کی تکمیل کرائی اور انہیں روزانہ قرآن کی تلاوت کرتے رہنے اور اس پر عمل کی تلقین کی ۔ مولانا ابوالحسن قاسمی نے نظامت کے فریضہ انجام دئیے ۔۔

 

جلسہ استقبال رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : رمضان المبارک کا مہینہ آنے والا ہے جس میں عموما لوگ زکواۃ نکالتے ہیں ممکن حد تک اپنے رشتہ داروں ، پڑوسیوں و دیگر محتاجوں کو ضرور ایسے وقت پر یاد رکھتے ہیں اللہ و رسول کی نصرت حاصل کریں جو لوگ سونا چاندی جمع کر کے رکھتے ہیں اور اس کو اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے ان کو درد ناک عذاب کی خوشخبری دے دو ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا الحاج محمد حامد حسین حسان فاروقی نگران سنی دعوت اسلامی تلنگانہ و آندھرا پردیش نے تنظیم رضا اہلسنت مشیر آباد کے جلسہ استقبال ماہ رمضان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس دن جہنم کی آگ میں اسے تپایا جائے گا اور اس سے ان کی پیشانیوں بازوں اور پیٹھ کو داغا جائے گا اور کہا جائے گا یہ وہ اعمال ہیں جس کو تم نے جمع کیا تھا اور اس کا زکواۃ نہیں دیا تھا لو اب چکھو اپنے جمع کیے ہوئے مال کا مزہ ۔ اس موقع پر مولانا محمد عرفان قادری نے کہا کہ ماہ رمضان کی آمد آمد ہے ۔ اس کے روزہ رکھ کر اور قرآن کی تلاوت کا اہتمام کر کے دعاؤں کے ذریعہ اس ماہ کو آباد کریں ۔۔

 

محفل مدح اہلبیت
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : محفل مدح اہلبیت 25 شعبان 9-30 بجے شب حسینیہ زہرا روبرو دربار حسینی پرانی حویلی مقرر ہے ۔۔

 

جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : ماہ رمضان المبارک امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم تحفہ اور راہ نجات کا ذریعہ ہے ۔ جو کوئی اس ماہ میں پورے احترام کے ساتھ روزے رکھتے ہوئے منکرات سے اجتناب کرتا ہے اور اللہ تعالی کی خوشنودی کو پیش نظر رکھتے ہوئے نمازوں ، قرآن خوانی ، شب بیداری ( تراویح ) کا اہتمام اور لوگوں کے ساتھ خیر خواہی اور حسن سلوک کرتا ہے اس کے لیے جنت کی بشارتیں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صدر شعبہ خواتین بزم علم و ادب محترمہ سیدہ عابدہ کریم نے کیا جو اکبر باغ ملک پیٹ میں طالبات و خواتین کے اجتماع کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ 28 مئی دن تین بجے جلسہ کا آغاز محترمہ سیدہ غوثیہ بیگم کی قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوا ۔ محترمہ صبا خلیل نے ماہ رمضان کے فضائل بیان کیے ۔ نائب صدر محترمہ خیر النساء علیم نے متاثر کن غزل سنا کر داد حاصل کی ۔ طبی نقطہ نظر سے روزوں میں احتیاط کے عنوان سے محترمہ ڈاکٹر جوہر جہاں نے معلوماتی مضمون سنایا ۔۔

شیخ الحفاظ کی سالانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا حافظ عبدالباسط یمانی سابق معلم الحفاظ جامعہ نظامیہ کی اطلاع کے مطابق مدرسہ حفاظ انجمن احیائے دین کے سابق صدر مدرس شیخ الحفاظ حضرت مولانا الحاج حافظ و قاری عبداللہ بن سندؒ کی 30 ویں سالانہ فاتحہ 2 جون بعد فجر جامع مسجد پیارو میاں مصری گنج میں مقرر ہے ۔ تلاوت کلام پاک کے بعد 8 بجے فاتحہ خوانی اور چادر گل پیش کی جائے گی ۔۔

حج و عمرہ تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : لبیک ایجوکیشنل و ویلفیر سوسائٹی کی جانب دس روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس ترتیب دیا ہے جس کی کلاسیس ہر دن سوائے اتوار کے 12 تا 1 بجے دن انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ مہدی پٹنم میں مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی نگرانی میں چلائی جارہی ہیں ۔ جس میں حج و عمرہ کے احکام و مسائل ، فرائض و واجبات بالتفصیل سمجھائے جاتے ہیں ۔۔

درس فصوص الحکم کتاب کی رسم اجراء و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : قرن اول میں تصوف پر تحریر کردہ شیخ اکبر محی الدین ابن العربیؒ کی معرکتہ الارا تصنیف فصوص الحکم کا اردو ترجمہ بحرالعلوم محمد عبدالقدیر صدیقی حسرت سابق صدر شعبہ دینیات جامعہ عثمانیہ حیدرآباد دارالترجمہ جامعہ عثمانیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام انجام دیا تھا ۔ اور حسرت صدیقی ہی کے سلسلے سے وابستہ ایک شخصیت حضرت الحاج ڈاکٹر صوفی عبدالقادر باشاہ قادری چشتی شاذلی ادونی اور یہ ہند و پاک میں پہلی شخصیت ہیں کہ جنہوں نے حضرت بحرالعلوم عبدالقدیر صدیقی حسرت پر پی ایچ ڈی کر کے ’ حیات اور کارنامے ‘ مقالہ پیش کر کے ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی ہے نے اس کتاب کے جملہ 27 دروس کا مجموعہ ’ درس فصوص الحکم ‘ کے نام سے شائع کیا ہے جو جملہ 328 صفحات پر مشتمل ہے اس کتاب کی رسم اجرائی اور نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام یکم جون شام 6  بجے اردو گھر مغل پورہ میں کیا گیا ہے ۔ جس کی صدارت پروفیسر مجید بیدار کریں گے ۔ رسم اجراء کے بعد ڈاکٹر فاروق شکیل کی صدارت میں نعتیہ مشاعرہ کا آغاز ہوگا ۔۔

 

عرس شریف
٭٭    عرس شریف حضرت میر محمد مومن صاحب قبلہؒ پیشوائے سلطنت قطب شاہیہ و بانی دائرہ میر ، صندل شریف ٹھیک 7 بجے شام بعد نماز مغرب 26 شعبان پنجہ شاہ ولایت سے جلوس صندل شریف برآمد ہو کر برائے اعتبار چوک ، کوٹلہ عالیجاہ بی بی بازار سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہنچے گا ۔ چراغاں ٹھیک 5 ساعت شام مزار مبارک پر ۔ 27 شعبان چادر گل ، بعد مغرب درگاہ شریف میں چراغوں کے اہتمام و محفل میلاد کے جاری رہنے کے ساتھ شب میں برآمدی پنکھوں کا سلسلہ رہے گا ۔۔

 

جشن حضرت ظہور قائم
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : جشن حضرت ظہور قائم 24 شعبان 7-30 بجے شام بمقام عاشور خانہ حسنین نور خاں بازار میں مقرر ہے ۔۔
٭٭    جشن حضرت قائم 24 شعبان 8-30 بجے شام بمقام قدیم مریم منزل پرانی حویلی میں مقرر ہے ۔ مولانا سید علی آقا باقری بیان کریں گے ۔۔

تراویح سنانے والے حفاظ کرام کو
دور کرنے کی سہولت
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا حافظ سید مدثر احمد قادری کے بموجب ایسے حفاظ کرام جو نماز تراویح سے قبل دور سنانے کے خواہاں ہوں کے لیے مسجد عمر ( نزد کشن باغ چوراہا ) باوقات صبح بعد نماز فجر تا 3 بجے دوپہر دور کا انتظام کیا گیا ہے جس کی نگرانی مولانا حافظ محمد محبوب علی کررہے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9849786348 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا خواجہ عبدالجواد رشیدی کے بموجب مدرسہ فیض قاسم للبنات ، شنکر نگر ، قدیم ملک پیٹ کے زیر اہتمام جلسہ اصلاح معاشرہ برائے خواتین یکم جون 11 تا 12 بجے دن بمقام مدرسہ فیض قاسم للبنات ، شنکر نگر قدیم ملک پیٹ میں منعقد ہوگا ۔ مولانا شفیع الدین ندوی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

 

الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام خواتین کے لیے
رمضان میں دورِ قرآن و تجوید
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے موقع پر 6 جون تا 30 جون پیر تا ہفتہ روزانہ 10 بجے دن تا دوپہر 1-30 بجے خواتین کے لیے مختصر تجوید کورسیس کے ساتھ دورِ قرآن ہوگا ۔ یہ کلاسیس انسٹی ٹیوٹ کے اصل برانچ واقع یوسف ٹیکری ٹولی چوکی ، الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ چونے کی بھٹی مصری گنج اور میسکو گریڈ اسکول ملک پیٹ میں منعقد ہونگے ۔ تفصیلات کیلئے 9701236367 ۔ 9885204229 پر ربط کریں ۔۔