مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا عبدالملک المظاہری صدر لجنتہ العلماء بروز جمعرات بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں جب کہ مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی رکن عاملہ بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دیں گے ۔۔

سنی مرکز میں تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیراہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 4 ستمبر کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد فاروق قادری ’ فضائل حج ‘ پر خصوصی خطاب کریں گے اور ذکر جہری اور دعا ہوگی ۔۔

مسجد ٹیک بغدادی نامپلی میں
عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کے لیے تربیتی اجتماع اتوار 7 ستمبر کو صبح 10 تا 2 بجے دن مسجد ٹیک بغدادی نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے ۔ علمائے کرام بعنوان مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبویؐ کے موضوع پر خطاب کرینگے ۔ اس تربیتی اجتماع میں سفر حج ، کسٹمس وغیرہ سے متعلق اہم امور کی وضاحت کی جائے گی ۔ احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ ہوگا ۔ خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ جانے والے عازمین حج بھی شرکت کرسکتے ہیں ۔۔

جلسہ فیضان غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : الگیلانی عالمی سوسائٹی کے زیر اہتمام جلسہ فیضان حضرت سیدنا غوث اعظم 4 ستمبر بعد نماز مغرب اردو گھر مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی مولانا محمد مصطفی شریف خطاب کریں گے ۔۔

جلسہ عظمت اولیاء بضمن
عرس حضرت اجالے شاہؒ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( دکن نیوز ) : جلسہ عظمت اولیاء بضمن عرس حضرت سیدنا اجالے شاہ صاحبؒ و حضرت سیدنا جلال الدین قادری چشتیؒ 8 ذی قعدہ بعد عشاء احاطہ درگاہ شریف سعید آباد میں مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید محمد عبدالعزیز قادری چشتی کرینگے ۔ مولانا سہیل رضا ، مولانا عبدالستار ، مولانا محمد جاوید قادری چشتی مخاطب کریں گے ۔۔

تنظیم بنت حرم کا خاتون عازمین
حج و عمرہ کے لیے تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام خواتین عازمین حج و عمرہ کا تربیتی اجتماع 7 ستمبر اتوار کو صبح 10 تا 3 بجے دن مدرسہ بنات الحرم اندرون مکہ مسجد چارمینار زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مقرر ہے ۔ اجتماع کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محترمہ سیدہ میمونہ حمد باری تعالی و محترمہ ساجد النساء نعت شریف پیش کریں گی ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم ، و محترمہ عزیزہ محبوب معتمد عمومی تنظیم بنت حرم و محترمہ نکہت کوثری خواتین عازمین حج کو مخاطب کریں گی۔ چارٹس ، ماڈلس کے ذریعہ مناسک حج و عمرہ ، آداب مدینہ منورہ وزیارت مسجد نبویؐ ، تفصیل سے بتائے جائیں گے ۔ اور احرام کی تربیت کے ساتھ ساتھ سوالات کا وقت دیا جائے گا ۔ خواتین ( عازمین حج و عمرہ ) سے درخواست ہے کہ وہ مقررہ وقت پر شرکت کریں ۔ تفصیلات کے لیے 9618254762 ۔ 9247240425 پر ربط کریں ۔ حج کمیٹی اور پرائیوٹ ٹورس سے جانے والے خواتین بھی شرکت کرسکتے ہیں ۔۔

والدین کی فرمانبرداری کرنے
والوں کو دنیا و آخرت میں انعام
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : محمد عبدالرافع صدیقی سکریٹری جامعہ کے بموجب جامعہ ہذا میں انجمن نادی الصالحات کا اجلاس 29 اگست زیر صدارت محترمہ فرزانہ منعقد ہوا ۔ انجمن کا آغاز سمیہ آفرین طالبہ ڈپلومہ اول کی قرات کلام پاک سے ہوا جب کہ ترجمانی انہی کی ہم جماعت طالبہ جویریہ فاطمہ نے پیش کی ۔ تقاریر میں سمیہ آفرین نے ’ والدین کے ساتھ حسن سلوک ‘ کے عنوان پر کہا اللہ تعالی کے حقوق کے بعد والدین کے ساتھ حسن سلوک کا اللہ نے حکم دیا ہے ۔ والدین کی فرمانبرداری انسان کے لیے دنیا وآخرت میں انعام دلانے والی ہے ۔ اسی طرح ام سلمہ نے ’ ذکر الہی کی اہمیت ‘ پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سورۃ بقرۃ میں اللہ نے فرمایا کہ تم مجھے یاد کرو میں تمہیں یاد کروں گا اور میرا شکر ادا کرو اور میری ناشکری نہ کرو ۔ اسی طرح مختلف طالبات نے مختلف عناوین پر تقاریر کیں ۔ آخر میں صدر انجمن محترمہ فرزانہ نے طالبات کو قیمتی نصیحتیں کیں اسی پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

جلسہ ختم بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا حافظ مقصود احمد طاہر کے بموجب جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم این ٹی آر نگر نزد ایل بی نگر میں 7 ستمبر کو صبح 9 بجے جلسہ ختم بخاری شریف مقرر ہے ۔ اس موقع پر جامعہ کے شعبہ نسواں جامعہ سمیہ للبنات کی طالبات کے آخری حدیث کا درس ہوگا ۔ اس جلسہ کو مولانا حافظ پیر شبیر احمد ایم ایل سی ، مولانا عبدالمغنی صدر جمعیتہ سٹی ، مولانا محمد یامین مبلغ دارالعلوم دیوبند ، مولانا محمد عبدالقوی ناظم جامعہ اسلامیہ اشرف العلوم مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ نماز ظہر 2-30 بجے ہوگی ۔۔

لباس کے استعمال میں تہذیب و شائستگی کو پیش نظر رکھنے کا مشورہ
مجلس تحفظ ختم نبوت کا اجتماع ، مولانامفتی عبدالمغنی مظاہری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلام صرف ایک مذہب نہیں بلکہ تہذیب بھی ہے ۔ مسلمانوں کو جہاں اس بات کی تعلیم دی گئی وہ دین و مذہب کے عنوان سے اسلام کے سچے اور صحیح عقیدوں پر کاربند اور ان کے پابند رہیں وہیں انہیں زندگی گذارنے سلیقہ و طریقہ بھی بتایا گیا ۔ اسی لیے فقہ میں لباس و پوشاک کے احکام اورکھانے پینے کے آداب وغیرہ کی بھی تفصیل ملتی ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک مسلمان کو صرف مذہبی عقائد کا پابند ہی نہیں بلکہ اسلامی تہذیب کا نمونہ بھی ہونا چاہئے ۔ مسجد اکبری ، اکبر باغ میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماع میں مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری نائب صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے کہا لباس اللہ تعالی کی نعمت ہے اس نعمت کی قدر دانی یہ ہے کہ آدمی لباس کے استعمال میں تہذیب و شائستگی کو پیش نظر رکھیں ۔ تہذیب و شائستگی یہ ہے کہ آدمی لباس پہننے کے بعد مہذب اور باوقار معلوم ہو ۔ اپنے جسم کی نمائش مقصود نہ ہو ۔ پوری طرح بدن کو چھپانے والا ہو ۔ آج کل مغربی تہذیب کی وجہ سے فیشن کے نام پر نوجوانوں کا لباس کم سے کم تر اور تنگ سے تنگ ہوتا جارہا ہے ۔ اس کی وجہ سے لباس ان کے حق میں نعمت کے بجائے مصیبت ثابت ہورہا ہے اور بے حیائی کو فروغ مل رہا ہے ۔ دعا پر اجتماع ختم ہوا ۔ مولانا انصار اللہ قاسمی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔۔

محفل نقشبندیہ مجددیہ اور ماہانہ فاتحہ
حضرت پیر خلیل اللہ مجددیؒ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم میں مرکزی سنی اجتماع محفل نقشبندیہ مجددیہ بعد نماز مغرب بروز جمعرات 8 ذی قعدہ اور بعد نمازعشاء ماہانہ فاتحہ جانشین محدث دکن ابوالبرکات مولانا پیر سید خلیل اللہ شاہ مجددیؒ زیر صدارت مولانا پیر غلام احمد قریشی مجددی نقشبندی القادری مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب ختم خواجگان نقشبندیہ ، ختم قادریہ ، 4444 بار درود ناریہ کا ورد اور دیگر اذکار و دعائیں و حلقہ ذکر و فکر کی نشست کے بعد بعد نماز عشاء طلبائے مدرسہ برکات الحسنات و دیگر حضرات کی نعت و منقبت خوانی و تقاریر ہوں گی ۔ مولانا غلام احمد قریشی خصوصی خطاب کریں گے ۔۔

درس قرآن مجید
٭٭ ہفتہ وار اجتماع 4 ستمبر کو بعد نماز مغرب بیت الخیر چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر محبوب فرید سلسلہ وار درس قرآن میں سورہ طہ کے تیسرے رکوع کا درس دیں گے ۔ جناب فراز احمد خاں بہ زبان انگریزی کتاب ’ آداب زندگی ‘ سے حاصل مطالعہ پیش کریں گے ۔ خواتین اور طالبات کے لیے پردہ کا انتظام رہے گا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 4 ستمبر بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ اس جلسہ کے مہمان مقرر مولانا محمد عبدالقوی ہوں گے ۔ صدارت حافظ محمد غوث رشیدی کریں گے۔ جلسہ کی کارروائی مولانا محمد زکریا فہد قاسمی چلائیں گے ۔۔

بورا بنڈہ میں عازمین حج کا
آج تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( راست ) : مفتی محمد میر اقبال قاسمی کے بموجب 4 ستمبر جمعرات کو صبح 10 تا 3 بجے دن احاطہ مدرسہ ضیا القرآن این آر آر پورم کالونی III بورا بنڈہ میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع مقرر ہے ۔ جس میں مولانا محمد خواجہ نذیر الدین سبیلی ناظم جامعہ عائشہ نسواں پروجیکٹر کی مدد سے فضائل و مناسک حج و عمرہ ، آداب زیارت اور روضہ اقدس ، مدینہ منورہ کی وضاحت کریں گے ۔ سفر حج سے متعلق اہم امور سے واقف کروایا جائے گا ۔ اور عازمین حج و عمرہ کے سوالات کے جوابات بھی دیں گے ۔ مفتی عابد حسین قاسمی نے اطراف و اکناف کے عازمین حج و عمرہ سے گزارش کی ہے کہ تربیتی اجتماع سے استفادہ کریں ۔ تفصیلات کے لیے 9959240731 پر ربط کریں ۔۔