مذہبی خبریں

خواتین عازمین حج و عمرہ کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام خواتین عازمین حج و عمرہ کا تربیتی اجتماع 24 اگست کو صبح 9 تا 3 بجے مسجد عالیہ ، گن فاونڈری زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مقرر ہے ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم و محترمہ عزیزہ محبوب معتمد عمومی تنظیم بنت حرم خواتین عازمین حج و عمرہ کو مخاطب کریں گی ۔ چارٹس ، ماڈل کے ذریعہ ، مناسک حج و عمرہ ، آداب مدینہ منورہ و زیارت مسجد نبویؐ تفصیل سے بتائے جائیں گے ۔۔

درس حدیث
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں 21 اگست کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محمد محبوب فرید بعنوان ’ کتاب اللباس ‘ احادیث مبارکہ کا درس دیں گے ۔ جناب سید فہیم الدین مولانا محمد یوسف اصلاحی کی کتاب ’ آداب زندگی ‘ کا اقتباس بہ زبان انگریزی پیش کریں گے ۔۔

عیدگاہ معین آباد میں
آج نماز استسقاء
حیدرآباد /20 اگست ( فیاکس ) الحاج محمد عقیل احمد عقیل پٹواری حمایت نگر کے بموجب بروز پنجشنبہ 21 اگست کو صبح دس بجے مولانا محمد محی الدین قادری محمودی کی صدارت میں عیدگاہ معین آباد منڈل ضلع رنگاریڈی میں نماز استسقاء رکھا گیا ہے ۔ مولانا الحاج سید شاہ محمد قبول پادشاہ قادری شطاری ( رکن مجلس انتظامی جامعہ نظامیہ صدر آل انڈیا مجلس علماء دکن امامت و دعاء کریں گے ۔ میلاد کمیٹی معین آباد انجمن مسعودیہ تلنگانہ ، بزم شبان محمدیؐ حیدرآباد و غوث الاعظم اکیڈیمی حیدرآباد اور شرفیہ عمر ایجوکیشنل سوسائٹی شاہ آباد اور دیگر تنظیموں کے اراکین و صدور نے عامتہ المسلمین سے اس کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی خواہش کی ہے ۔

ماہانہ محفل نعت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : جناب سید شاہ محمود حسین قادری نقشبندی کی زیر نگرانی ماہانہ محفل نعت شہ کونینؐ 24 شوال کو بعد نماز عشاء عباسیہ سپلائنگ کمپنی موسی باولی میں مقرر ہے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : سید محمد عبدالواسع الحسینی المعروف امان اللہ کے بموجب 21 اگست کو علی گلشن فنکشن ہال حسینی علم حضرت سید محمد عبدالقدیر المعروف نورانی پاشاہ کا عرس شریف مقرر ہے ۔ دوپہر 3-30 بجے ختم قرآن ، بعد نماز عصر چادر گل برمزار والا ، بعد نماز مغرب جلسہ بعنوان ’ اسلام میں بچوں کی تربیت مسائل اور ان کا حل ‘ زیر سرپرستی سید محمد عبداللہ حسینی بخاری چشتی منعقد ہوگا ۔ صدارت سید محمد اولیاء حسینی قادری مرتضی پاشاہ قادری چمن کریں گے ۔ جب کہ نگرانی مولانا سید محمد عبدالقادر الحسینی جیلانی پاشاہ کی ہوگی ۔ خصوصی خطابات پروفیسر سید علیم اشرف جائسی ، مولانا قمر احمد اشرفی ، مفتی حافظ محمد فہیم الدین قادری کے ہوں گے ۔۔

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 21 اگست بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگا ۔ قرات کلام و نعت شریف کے بعد مولانا محمد فاروق قادری ’ عظمت صحابہ ‘ پر خصوصی خطاب کریں گے ۔۔

محفل حمد و نعت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیر اہتمام جمعرات 21 اگست کو بعد نماز عشاء مسجد سلیمان واقع وینکٹ گری روڈ نمبر 11 جوبلی ہلز میں زیر سرپرستی صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری مقرر ہے ۔ مولانا شیخ قادر محی الدین قادری نظامی بعنوان ہمارے بزرگان دین کے سلسلہ واری خطاب میں ’حضرت مالک ابن دینارؒ ‘ کا تذکرہ کرینگے ۔۔

دبستان جلیل شعبہ خواتین کا
دینی و ادبی اجلاس
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : دبستان جلیل شعبہ خواتین کا دینی و ادبی اجلاس 17 اگست حامدی بیگم کی صدارت ڈاکٹر فرزانہ حمید ، انیس عائشہ کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ محترمہ عزیز النساء اس جلسہ کی مہمان خصوصی ، رقیہ عبدالسلام خاں ، رابعہ نیاز جلیلی داعی تھیں۔ ناظم جلسہ محترمہ نکہت آراء شاہین نے نہایت معیاری اور برموقعہ اشعار کے ساتھ بشریٰ سلطانہ کی قرات کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی شروع کی ۔ افرا فاطمہ نے حمد باری تعالیٰ اور ممتاز جہاں عشرت نے نعت شریف سنائی ۔ مریم زمانی نے سورہ نساء رکوع نمبر 16 کی تفسیر بیان کی ۔ ادبی نشست میں محترمہ نسیمہ تراب الحسن نے نہایت دلچسپ مضمون ’انتظار ‘ عطیہ نور الحق نے طنز و مزاح سے بھر پور مضمون ’ شال پوشی ‘ اور اسریٰ منظور نے پر لطف مضمون ’ جب ہم بیمار ہوئے ‘ پیش کیا ۔ ممتاز جہاں عشرت نے ڈاکٹر اشرف رفیع کی غزل ترنم سے سناکر سماں باندھ دیا ۔ عزیزہ محبوب ، اطہری فضا ، اور عاصمہ خلیل نے اپنا تازہ کلام سناکر داد حاصل کی ۔ خیر النساء نے دعا کی ۔ محترمہ امت الواسع نے دبستان جلیل شعبہ خواتین کے مختلف فنڈز کی جانچ کی ۔ محترمہ عزیز النساء نے تمام ہی ادبی تخلیقات کا تجزیہ کرتے ہوئے اہل قلم خواتین کی کاوشوں کو سراہا ۔ ڈاکٹر حمیرا جلیلی نے حاضرین کا خیر مقدم کیا ۔۔

آنحضورؐ ہدایت کا ذریعہ ہے،مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( راست ) : مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کچھ لوگ سورئہ قصص کی آیت نمبر 56 اِنَّکَ لاَ تَھْدِیْ مَنْ اَحْبَبتَ O (آپ ؐ جسکو دوست رکھیں اُسکو ہدایت نہیں کرسکتے ) کی آیت پیش کرکے ’’ آنحضورؐ کی شان میں دَبے انداز میں گستاخی کرجاتے ہیں واضح باد کہ سورئہ قصص کی حسب مذکور آیت کے نزول کے بعد یعنی بارہ سورتوں کے بعد سورئہ شوریٰ کی آیت نمبر 52 اِنَّکَ لَتَھْدِی اِلی صِراطِ مُستقِیم O (ائے میرے محبوب ؐ اب آپؐ جسکو چاہیں سیدھے راستے پر لانے کے لئے وجـہ ہدایت ہیں ) نازل کرکے اللہ نے سورئہ قصص کی آیت نمبر 56 کو منسوخ کیا ۔ سورئہ شوریٰ کی آیت نمبر 52 اِنَّکَ لَتَھْدِی (اب آپؐ وجـہ ہدایت ہیں ) کی عملی جہت میں حسب ذیل احادیث بطور جواز پیش ہیں ۔ حدیثِ صحیح جامع ترمذی ؔ میں ہے کہ حضورؐ نے یہ دُعا فرمائی کہ ائے اللہ ابوجہل ؔ و عمر ؓ ؔسے اسلام کو معزز کیجئے ۔ حضرت ابن عباس ؓ فرماتے ہیں کہ حضورؐ کے اس چاہنے کی وجـہ سے دوسرے دن ہی حضرت عمر ؓ مسلمان ہوگئے ۔ اسی طرح حدیث صحیح مسلم میں حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ میری ماں مشرک تھیں اور ایک مرتبہ حضورؐ کی شان میں گستاخی بھی کر بیٹھیں میںؔ روتا ہوا حضورؐ کی خدمتِ اقدس میں آیا اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ میری ماں کی ہدایت کے لئے دُعا کیجئے تب آپ ؐ نے دُعا کی کہ ائے اللہ تیرے اس بندہ ( ابو ہریرہ ؓ) کی ماں کو ہدایت دیجئے …الخ۔ حضورؐ کی اس دعائے ہدایت کی وجـہ سے اُسی دن حضرت ابوہریرہ ؓ کی ماں نے اسلام قبول کیا ۔ اسی طرح بحوالہ بخاری و مسلم میں حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ حضورؐ نے حضرت ابو ہریرہ ؓ کی خواہش پر اُنکے قبیلہ کے لوگ مسلمان ہونے کی دُعا کی اللـھـم اِھــد دوس واَت بھم ( ائے اللہ دَوس ؔ کی قوم کو ہدایت دیجئے اور اُنکو میرے پاس بھیجئے ) حضورؐ کی اِس دُعائے ہدایت کی وجـہ سے دَوس ؔکا تمام قبیلہ آنحصورؐ کے پاس آکر مشرف بہ اِسلام ہوُا ۔ الحاصل اللہ ہدایت دینے والا ہے اورآنحضور ؐ ہدایت کا ذریعہ ہیں آپؐ جسکو چاہیں اللہ اسکو ہدایت دے ۔ کعبہ تو آپ ؐ ہی کی مرضی سے قِبْلَۃً تَـرْضٰھا (سورئہ بقر آیت 142) قبلہ بنا ۔ مسلمانوں کے لئے لازم ہے کہ آنحضورؐ کے بارے میں جب بھی گفتگو کریں ادب ملحوظ رکھیں ورنہ ذرا سی گستاخی پر اعمال حبط کرلئیے جائیں گے ۔