مذہبی خبریں

باران رحمت کے لیے دعا کی اپیل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : سماجی کارکن سید علی حسین طباطبائی سرگروہ جعفری نے برادران ملت و عامتہ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ بلا امتیاز مرد و خواتین باران رحمت کیلئے مساجد اور عاشور خانوں میں بادیدہ نم بارگاہ خداوندی میں دعا کریں ۔۔

سروے میں بھر پور حصہ لینے کی اپیل
ملک معتصم خاں کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : جناب ملک معتصم خاں صدر ویلفیر پارٹی نے ریاست تلنگانہ میں گھر گھر سروے میں بھر پور حصہ لینے اور تمام اندراجات سلیقہ سے بھرنے کی اپیل کی ہے ۔ موصوف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سروے فارم اردو زبان میں بھی فراہم کیا جائے ۔ ایسے موقع پر عوام بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس موقع پر تساہلی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔ اپنے اور اپنے خاندان کے تمام اندراجات کی تکمیل کرائیں ۔ آئمہ مساجد سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مساجد میں اس سلسلہ میں توجہ دلائیں ۔۔

مجلس قادری
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : مجلس قادری 14 اگست مرقد عشاق عیدی بازار نزد بندناکہ بارگاہ حضرت فضلؒ میں منعقد ہے ۔ عصر تا مغرب نعت و منقبت کی محفل ہوگی ۔ اس مجلس کے داعی محمد مجیب قادری ہیں ۔۔

سادات کو زکوٰۃ ایک وضاحت مولاناغوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : مولاناغوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں یہ وضاحت کی ہے کہ اخبار میں بتاریخ 11 جولائی 2014 میںؔ نے ’’سادات کو زکوٰۃ بطور نذرانہ دینا جائز ہے ‘‘ کابیان ہمارے مسلک کے اِمام حضرت سیدنا اِمام اعظم ابوحنیفہ ؓ کے اِس قول کے حوالہ سے جاری کیا جس میں انہوں نے بحوالہ (البحرالرئق 2، 431 اور بحوالہ رَدّالمختارجلد 3 صفحہ299 ) فرمایا کہ ’’اگرسادات کے لئے بیت المال کی مخصوص مَدْ باقی نہ رہے تو اُن کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے اِسی طرح حضرت اِمام طحاوی ؒ نے بھی یہ فتویٰ دیاکہ ’’جب تک مال غنیمت اہل بیت ؓ کو ملتا رہا زکوٰۃ اُن کے لئے واجب نہیں تھی مگر جب مالِ غنیمت مسدود ہوگیا زکوٰۃ ان کے لئے جائز ہوگئیOپس ان مندرجہ بالا حوالہ کو سَندبنا کر میںؔ نے ساداتؔ کو زکوٰۃ بطور نذرانہ دینا جائز قرار دیا۔ کیاحضرت اِمام اعظم ؒ جیسی عظیم المرتبت ہستی کو نہیں معلوم تھا کہ سادات کو زکوٰۃ دینا جائز ہے یا نہیں جب انہوں نے سادات کو زکوٰۃ دینا جائز قرار دیاتو ہم حنفیوں کے لئے لازم ہوجاتاہے کہ ہم سادات کو زکوٰۃ بطورِ نذرانہ دیں جبکہ زکوٰۃ کا معنیٰ مال کے میل کے نہیں بلکہ پاک اور مُزکیّٰ کے ہیں اور بحوالہ حدیث صحیح مسلم حضورؐ نے اہل بیت ؓ کو ’’صدقات‘‘ کے الفاظ میں روکا ہے نہ کہ زکوٰۃ ؔسے اور نہ کسی حدیث میں آپ نے صحابہؓ کو سادات کو زکوٰۃ دینے سے منع فرمایا۔ جولوگ مجھ پر غلط انداز میں اعتراض کئے ہیں انہیں آداب ملحوظ رکھنا چاہیئے ، مجھ پر اعتراض درحقیقت حضرت اِمام اعظم ابو حنیفہ ؓ پر اعتراض کے مترادف ہے۔

محفل درود شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : خانقاہ شمس العارفین کشن باغ محفل درود شریف 14 اگست بعد نماز مغرب مولانا سید شاہ عبدالصمد شرفی کی نگرانی میں مقرر ہے ۔۔

ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن قادری الرفاعی المعروف بڑے بغدادی ؒ ، حضرت سید محمد بغدادی ؒ ، حضرت سید محمد عبدالکریم حسینی قادریؒ الرفاعی المعروف پیر بغدادیؒ کی ماہانہ فاتحہ زیر نگرانی حضرت پیر بغدادی سید محمد حسینی قادری الرفاعی 14 اگست آستانہ عالیہ روضہ رحمانیہ ، خطہ صالحین نامپلی دارالسلام مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ قرات کلام پاک حافظ غلام محمد خاں نقشبندی سنائیں گے ۔ مسرس امان علی ثاقب صابری ، افضل بیابانی ، حافظ سمیع الدین فاروق نعت شریف و منقبت سنائیں گے ۔ بعدہ مجلس پند و نصیحت کا اہتمام عمل میں آئے گا ۔ جس میں حضرت سید سادات پیر بغدادی ، مولانا محمد مبشر احمد رضوی قادری ، مولانا محمد محمد شرف الدین قادری ، مولانا محمد افتخار الدین قادری خطاب کریں گے ۔ بعد ازاں مجلس قادریہ ہوگی ۔ حلقہ ذکر و فکر کے بعد شجرہ طیبہ پڑھا جائے گا ۔ چادر گل پیش کی جائے گی ۔ نگران محفل کی دعا ہوگی ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : حضرت سید شاہ سعدو بنے شطاریؒ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام عرس شریف حضرت سید شاہ ابن شطاریؒ و حضرت صاحب پیر شطاریؒ پرانی حویلی نئی روڈ پر 15 اگست بعد نماز عصر صندل مالی مقرر ہے ۔ غلاف و چادر گل پیش کی جائے گی ۔ تمام مراسم سجادہ حضرت ممدوح انجام دیں گے ۔ بعد نماز مغرب جلسہ فیضان شطاریہ ، شطاریہ مسکن دبیر پورہ میں منعقد ہوگا ۔ بعد عشاء تقریب خلافت و دستار بندی جناب افضل بیابانی بابا کی عمل میں آئے گی ۔ اور سماع کی مجلس ہوگی ۔۔
٭٭ قطب دکن سید شاہ داؤد پاشاہ قادری سہروردی و چشتیؒ کا عرس شریف 17 شوال واقع شاہ علی بنڈہ مقرر ہے ۔ بعد مغرب میلاد و ذکر کے ساتھ سجادہ نشین و متولی صندل مالی و چادر گل تبدیلی غلاف کی رسم انجام دیں گے ۔ بعد عشاء بردہ شریف و سلام حضورؐ کے ساتھ ہی مجلس کا اختتام ہوگا ۔۔
٭٭ قطب اللہ پور اسمبلی حلقہ کے باچ پلی میں واقع درگاہ شریف حضرت سید رحمت اللہ شاہ قادری المعروف ( جیتے پیر اولیاءؒ ) کے سالانہ عرس شریف کی سہ روزہ تقاریب کا 14 اگست سے آغاز ہوگا ۔ صدر عرس کمیٹی سید خلیل اللہ کی نگرانی میں انتظامات کئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب 14 اگست کو باچ پلی سے صندل جلوس برآمد ہو کر جو مختلف علاقہ جات سے گشت کرتا ہوا درگاہ شریف پہونچے گا ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے کاسانی گیانیشور مدیراج سابق ایم ایل سی شرکت کریں گے ۔ 15 اگست کو بعد نماز مغرب چراغاں کا اہتمام ہوگا اور قوالی کا بھی پروگرام ہوگا ۔ 16 اگست کو مینا بازار منعقد ہوگا ۔ زائرین کی سہولت کے لیے آر ٹی سی کی خصوصی بسیں کوٹھی ، باچ پلی ، میاں پور ، گنڈی میسماں ، سکندرآباد اور جیڈی میٹلہ سے چلائی جائیں گی ۔۔

محفل حمد ونعت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیر اہتمام جمعرات 14 اگست کو بعد نماز عشاء مسجد محمدیہ واقع اولڈ کسٹم بستی بیگم پیٹ میں زیر سرپرستی حضرت صوفی با صفا شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری مقرر ہے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں بروز جمعرات بعد نماز مغرب جماعت اسلامی ہند محلہ ملے پلی کا ہفتہ واری اجتماع منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد محبوب فرید درس قرآن میں سورہ طہ کے دوسرے رکوع کا درس دینگے ۔ جناب فراز احمد خاں مولانامحمد یوسف اصلاحی کی کتاب ’ آداب زندگی ‘ کا حاصل مطالعہ بہ زبان انگریزی پیش کریں گے ۔۔

مجلس حلقہ ذکر و فکر
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر بروز جمعرات کو بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع نزد خواجہ ہوٹل تاڑبن میں مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ کی قرات ، الحاج خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا اور خصوصی دعا ہوگی ۔۔
٭٭ حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ جہاں نما میں بروز جمعرات بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔۔

اسلامی مدارس بورڈ کا مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : اسلامی مدارس بورڈ کا مشاورتی اجلاس 14 اگست بعد نماز عشاء خانقاہ مرشدہ احاطہ موسیٰ قادری حسینی علم مولانا سید شاہ درویش محی الدین قادری مرتضیٰ پاشاہ صدر اسلامی مدارس بورڈ کی صدارت میں مقرر ہے ۔ سرواسکھشا ابھیان سے امداد حاصل کرنے والے دینی مدارس کے ذمہ داران سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔

جامعہ دارالفرقان للبنات میں انجمن نادی الصالحات کے جلسہ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : محمد عبدالرافع صدیقی سکریٹری جامعہ کے بموجب جامعہ میں انجمن نادی الصالحات کا پانچواں اجلاس 8 اگست زیر صدارت مولانا کلیم الدین عمری منعقد ہوا ۔ انجمن کا آغاز امتہ المبین عالیہ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ جب کہ ترجمانی جویریہ فاطمہ نے کی ۔ اس کے بعد تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا جس میں اسماء بیگم نے ’ والدین کے ساتھ حسن سلوک ‘ کے عنوان پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے حق کے بعد سب سے پہلا حق والدین کا ہے اور والدین کی نافرمانی اور ان پر ظلم گناہ کبیرہ ہے ۔ اسی طرح فرحین سلطانہ نے ’اتباع سنت اور ہمارا معاشرہ ‘ پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان بے شمار مصائب و آلام اور فتنوں میں مبتلا ہیں اس کا سب سے بڑا سبب کتاب و سنت سے دوری ہے ۔ فاکہہ فردوس نے ’ نماز کی اہمیت و فضیلت ‘ کے عنوان پر تقریر کی ۔ آخر میں مولانا کلیم الدین عمری کے تبصرہ کے ساتھ انجمن کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

دعوت اہل سنت و جماعت کا
تربیتی اجتماع برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام بروز جمعرات تالاب کٹہ بھوانی نگر اے روڈ نمبر 9 مدرستہ العطیہ للبنات میں بعد نماز عصر تربیتی و اصلاحی اجتماع برائے خواتین منعقد ہوگا ۔ مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری سرپرستی کریں گے ۔ قرات و نعت شریف کے بعد مبلغات دعوت اہل سنت و جماعت کے خطابات ہوں گے ۔ بعد ازاں انگلش میڈیم اسکول و کالج طالبات کو قرات و نعت شریف کی تربیت دی جائے گی اور گرہستی خواتین کو اذکار نماز ، احادیث ، مسنون دعائیں زبانی یاد دلائی جائیں گی ۔۔

مرکز خدمت خلق میں مجلس ذکر و سلوک
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( راست ) : خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ میں 14 اگست بعد نماز مغرب اس ماہ کی پہلی اصلاحی و تربیتی مجلس ’ مجلس ذکر و سلوک ‘ منعقد ہوگی ۔ قاری محمد یونس کی قرات ، قاری طیب پاشاہ قادری و قاری عبدالواسع نعت شریف سنائیں گے ۔ حافظ قاری محمد عبدالمقتدر قریشی کا خطاب ہوگا ۔۔