مذہبی خبریں

گناہوں سے بچنے کیلئے خشیت الہی پیدا کرنے کا مشورہ
جامع مسجد ایرفورس میں مولانا محمد ذکی الدین راہی کا خطاب
حیدرآباد /26 مارچ ( راست ) انسان کو چاہئے کہ وہ اپنے خالق و مالک یعنی پیدا کرنے والے کی عبادت اس کی رضا کیلئے کرے بلکہ ہرکام کو یعنی نیکی کو خاص طور پر اختیار کرے گناہوں سے بچے اس کیلئے ضروری ہے کہ اپنے اندر خشیت الہی پیدا کرے ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری بانی و مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی نے جامع مسجد ایرفورس گوتم نگر بالانگر میں منعقدہ مسلمانوں کے ایک کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت معاذ بن جبل سے منقول ہے نبی کریمؐ نے فرمایا جہاں پر بھی رہو اللہ سے ڈرتے رہو گناہ کے سرزد ہوجانے کے بعد کوئی نیکی بھی کرلیا کرو ۔ وہ اس گناہ کو مٹا دے گی اور لوگوں سے اچھے اخلاق سے پیش آیا کرو ۔ حضرت ابوذر فرماتے ہیں آپؐ نے مجھ سے ارشاد فرمایا کہ میں تم کو وصیت کرتا ہوں کہ جلوت میں ہو یا خلوت میں ہر حال میں اللہ سے ڈرتے رہو قرآن میں اللہ کا ارشاد ہے ۔ اللہ تعالی تقوی اختیار کرنے والوں اور حسن سلوک کرنے والوں کو شرف معیت سے نوازتا ہے ۔ مولانا راہی نے کہا ایک حدیث میں حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے ۔ انہوں نے نبی کریمؐ سے سوال کیا کہ وہ کونسا عمل ہے جو انسانوں کو جنت تک پہونچانے میں زیادہ مددگار ہوگا ۔ آپؐ نے فرمایا اللہ کا خوف اور اچھے اخلاق ، حضرت عمر بن عبدالعزیز فرماتے ہیں کہ دن میں روزے رکھنا راتوں میں تہجد پڑھنا ہی صرف تقوی نہیں ہے بلکہ اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو چھوڑنا اور فرائض کو پابندی سے عمل کرنا ہی حقیقی تقوی ہے ۔

مولانا شاہ ظلال الرحمن فلاحی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : اسلام میں ہنسی ، خوش مزاجی اور اس کے آداب کے عنوان پر مدرسہ روضہ العلوم معراج کالونی میں استاد حدیث مدرسہ احیاء العلوم مولانا شاہ محمد ظلال الرحمن فلاحی کا خطاب جمعرات 25 جمادی الاول بعد نماز ظہر مقرر ہے ۔ خواتین کیلئے پردے کا نظم رہے گا ۔۔

مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کی مذمت ، فوری رہائی کا مطالبہ
حیدرآباد /26 مارچ ( راست ) مولانا محمد آصف اللہ قاسمی فاضل دارالعلوم دیوبند نے عالم دین مولانا عبدالقوی کی گرفتار کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ ظالمانہ اور بدبختانہ عمل ہے ۔ مولانا عبدالقوی جو کئی دینی مدارس اور اصلاحی تنظیموں کے ناظم اعلی ہیں دین کے ہر موڑ پر قوم و ملت کی رہنمائی و رہبری کرنے والے دینی فعال شخصیت کو گرفتار کرنا گویا دینی خدام سیکولر دانش مند طبقہ اور مسلمانان ہند کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ مولانا عبدالقوی کی اچانک گرفتاری پر مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر جاری ہے ۔ مولانا محمد آصف اللہ قاسمی نے حکومت ہند اور سیکولر جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جیسی ظالمانہ گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے بے قصور محروس مسلم نوجوانوں کی رہائی کیلئے حتی المقدورکوشش کریں یہی جمہوری ملک کا نظام ہے ۔
٭٭ سینئر کانگریس قائدین مسٹر سیدمجتبی عابدی ، آغا دوست علی ، سید ہاشم علوی ، سید شکیل عابدی ، محمد مشیدالدین انصاری نے اپنے ایک بیان میں مولانا عبدالقوی کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مولانا کی شخصیت دینی ، ملی اور انسانیت کا جیتا جاگتا نمونہ ہے ۔سابق میں بھی بعض بے گناہ مسلم نوجوانوں کو اسی طرح گرفتار کیا گیا اور تحقیقات کے بعد عدالت نے باعزت بری کیا ۔
ہندوستان کی سرزمین پر دوسرے مذاہب کی طرح مسلمانوں کا بھی تعمیری کردار رہاہے ۔ اس طرح مسلمان برابر کے حقدار ہیں اور وطن عزیز کیلئے خود کو قربان کرنے کیلئے ہمیشہ تیار تھے اور تیار رہیں گے ۔ ہمارا ملک سیکولرزم کی بہترین مثال ہے ۔ ان قائدین نے بیان کے آخر میں حکومت ہند سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے حکومت گجرات پر اپنااثر استعمال کرتے ہوئے مولانا کی رہائی کیلئے موثر اقدامات کریں تاکہ مسلمانوں میں پھیلی ہوئی بے چینی کا سدباب ہوسکے ۔

مجلس حلقہ ذکر و فکر
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر جمعرات کو بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع نزد خواجہ ہوٹل تاڑبن میں مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات ، الحاج خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا ۔ خصوصی دعا ہوگی ۔۔
٭٭ حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ جہاں نما میں بروز جمعرات بعد عشاء مقرر ہے ۔۔
٭٭ جامع مسجد وزیر النساء روبرو درگاہ حضرت کملی والے شاہ صاحب قبلہؒ بیرون دبیر پورہ میں بروز جمعرات بعد نماز عشاء ہفتہ واری محفل حلقہ ذکر و قصیدہ بردہ شریف زیر نگرانی مولانا محمد خان قادری المعروف ارشد حبیبی مقرر ہے ۔۔

حلقہ ذکر و ختم خواجگان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : حلقہ ذکر درود شریف و ختم خواجگان بروز پنجشنبہ 27 مارچ بعد نماز عشاء درگاہ حضرت شیخ جی حالی زیر سرپرستی مولانا محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی مقرر ہے ۔ مراقبہ و مکاشفہ کے بعد دعا سلامتی اور سلام بحضور خیر الانام اور تقسیم تبرک پر اختتام ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : حافظ سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 27 مارچ بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت الحاج محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منایا جارہا ہے ۔ مہمان مقرر مولانا شاہ جمال الرحمن ہوں گے ۔ کارروائی مولانا مقصود ندوی چلائیں گے ۔ حافظ محمد یوسف کی قرات کلام پاک سے آغاز ہوگا ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

تربیتی اجتماع برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام بروز جمعرات تالاب کٹہ بھوانی نگر اے روڈ نمبر 3 ، مدرستہ العطیہ للبنات میں بعد نماز عصر تربیتی و اصلاحی اجتماع برائے خواتین منعقد ہوگا ۔ مولاناسید شاہ نعمت اللہ قادری سرپرستی کریں گے ۔ قرات و نعت شریف کے بعد مبلغات دعوت اہل سنت و جماعت کے خطابات ہوں گے ۔ بعد ازاں انگلش میڈیم اسکول و کالج طالبات کو قرات و نعت شریف کی تربیت دی جائے گی اور گرہستی خواتین کو اذکار نماز ، احادیث ، مسنون دعائیں زبانی یاد دلائی جائیں گی ۔ علاوہ اس کے دیگر دینی احکامات کے فقہی مسائل کی عملی تربیت دی جائے گی ۔ صلواۃ و سلام و خصوصی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچے گا ۔۔

جلسہ سیرت حضرت ابوبکر صدیقؓ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : بزم سرور کونینؐ کے زیر اہتمام اتوار 30 مارچ کو بعد نماز عشاء بانی و معتمد بزم تشکیل انور رزاقی کی قیام گاہ واقع خان نفیس منزل اعظم پورہ میں جلسہ سیرت حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ و نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز قاری فرحت اللہ شریف کی قرات سے ہوگا ۔ سید زبیر حامد حسامی استاد سخن حضرت طالب رزاقی کی نعت شریف پیش کریں گے ۔ نگرانی مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ کریں گے ۔ مہمان مقرر مولانا محمد زعیم الدین حسامی ہوں گے ۔ نعتیہ مشاعرہ کی نگرانی جناب شفیع اقبال کریں گے ۔۔

جامعتہ المومنات میں کوئیز مقابلہ جات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : مرکزی انجمن اصلاح البنات تنظیم طالبات جامعتہ المومنات کی جانب سے جشن تاسیس جامعتہ المومنات کے موقع پر 31 مارچ کوئز مقابلہ جات مفتی محمد مستان علی قادری کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ یہ مقابلہ جات صرف طالبات جامعتہ المومنات کے لیے ہیں ۔ جماعت اعدادیہ تا تخصص فی الفقہ کے لیے کوئز مقابلہ ’ صرف ، نحو ، فقہ ‘ پر مبنی ہوگا اور حفظ القرآن اور جماعت اول تا پنجم کے لیے سیرت اسلامی کوئز ہوگا ۔ اس مقابلہ کے ہر گروپ میں پانچ طالبات ہوں گی ۔ مقابلہ جات میں اول ، دوم ، سوم آنے والی طالبات کو جشن تاسیس کے موقع پر انعامات عطا کئے جائیں گے ۔۔

اردو عالم و فاضل کے امتحانات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : مفتیہ ناظمہ عزیز صدر شعبہ امتحانات نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ ادبیات اردو کے سالانہ امتحانات اردو فاضل ، اردو ماہر ، اردو عالم کے فارم مرکز جامعتہ المومنات میں موصول ہوچکے ہیں ۔ خواہش مند حضرات سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ روزانہ 9 تا 5 بجے شام جامعتہ المومنات مغل پورہ سے فارم حاصل کرسکتے ہیں ۔ معلومات کے لیے 9346936596 پر ربط کریں ۔۔

دارالافتاء برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : دارالافتاء برائے خواتین جامعتہ المومنات کا ہفتہ واری اجلاس 27 مارچ 3 تا 5 بجے دن جامعتہ المومنات مغل پورہ میں مفتیہ ناظمہ عزیز صدر مفتیہ جامعتہ المومنات کی صدارت میں مقرر ہے ۔ خواتین و طالبات استفادہ کریں ۔۔

تحریک اسلامی کے سنی مرکز میں
جشن بانی جامعہ نظامیہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع زیر صدارت مولانا محمد آصف بلال قادری بعنوان ’ جشن شیخ الاسلام مولانا محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادر بانی جامعہ نظامیہ ‘ 27 مارچ بعد نماز عشاء صبح 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ سیرت بانی جامعہ نظامیہ پر مولانا مفتی محمد مجاہد علی نقشبندی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اور اس کے بعد ذکر جہری و دعا ہوگی ۔ بعد ازاں قیام اللیل ہوگا ۔ شرکائے اجتماع رات سنی مرکز میں قیام کریں گے اور اذان فجر سے قبل تہجد کی نماز اور اذان کے بعد علاقے میں صدائے فجر لگائی جائے گی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : درویش کامل حضرت خواجہ پیر شاہ محمد غلام طاہر چشتی مرزائی قلندری توکلی المعروف حضرت سانولے با کا عرس شریف 28 مارچ کو دانش گاہ چشتیہ نٹراج نگر آصف نگر روڈ ٹپہ چبوترہ (جھرہ ) منعقد ہے ۔ بعد نماز عصر رسم صندل مالی پیشکشی چادر گل عطر بیزی شجرہ خوانی صلواۃ و سلام و دعائے خیر بہ مزار حضرت ممدوح واقع درگاہ گنج شہیداں صابر نگر بعد نماز مغرب روشنی و دعائے چراغاں چشتیاں قصیدہ بردہ شریف و محفل نعت پاک منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء تقسیم تبرک لنگر چشتیہ و بعدہ محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 29 مارچ کو بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء اللہ منعقد ہوگا ۔ جملہ مراسم سجادہ نشین حضرت ممدوح و ناظم اعلی فیضان چشتیہ انجام دینگے ۔۔

جشن شیخ الاسلام حضرت بانی جامعہ نظامیہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( راست ) : انجمن فیضان المسلمین کے زیر اہتمام جشن شیخ الاسلام حضرت امام محمد انوار اللہ فاروقی بانی جامعہ نظامیہ 27 مارچ کو بعد نماز عشاء مسجد شیخ محبوب دال منڈی کشن باغ میں زیر صدارت مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی ، زیر نگرانی مولانا شاہ محمد عبدالحمید ملتانی منعقد ہوگا ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے نبیرہ شیخ الاسلام حضرت قاضی عبدالحق محمد رفیع الدین فاروقی صدر قاضی قندہار شریف شرکت کریں گے ۔۔