مذہبی خبریں

دعوت دین ہی ہمارے تمام مسائل کا حل
ہر انسان تک اللہ کا پیغام پہنچانا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے‘ برادر شفیع اور برادر سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد۔17 مارچ(پریس نوٹ) یونیورسل اسلامک ریسرچ سنٹر کے جنرل سکریٹری برادر سراج الرحمن نے کہا کہ ہر انسان تک اللہ کا پیغام پہنچانا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے اور یہی راستہ ہمارے تمام مسائل کا حل بھی ثابت ہوگا۔ مسلمانوں کی تاریخ کا گہرائی سے مطالعہ کرنے پر یہ کھل کر ثابت ہوجاتا ہے کہ صرف دعوت الی اللہ کی وجہ سے ہی مسلمانوں کو حکمرانی اور عروج حاصل ہوا تھا۔ وہ عنبرپیٹ میں واقع یو آئی آر سی کے دفتر میں ’’دعوت دین کا فریضہ اور مسلمان‘‘کے عنوان پر منعقدہ ہفتہ واری پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ برادر سراج الرحمن نے مزید کہا کہ اللہ تعالی نے سورہ النحل کی آیت نمبر 125 میں بتایا ہے کہ یہ پیغام تمام انسانوں تک کس طرح پہنچایا جائے’’ائے پیغمبرؐ لوگوں کو دانش اور نیک نصیحت سے اپنے پروردگار کے راستے کی طرف بلاؤ اور بہت ہی اچھے طریقے سے ان سے مناظرہ کرو‘‘ ۔انہوں نے قرآن مجید کی مزید آیات اور کئی صحیح احادیث سے یہ بتایا کہ مسلمانوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو مکمل اسلام کی طرف دعوت دیں۔ اس موقع پر یو آئی آر سی کے صدر برادر شفیع نے کہا کہ مسلمانوں کی بڑی تعداد کا آج یہ سوچنا کہ پہلے ہم خود مکمل مسلمان بن جائیں پھر اُس کے بعد دوسروں تک اسلام پہنچائیں گے تو یہ قرآن مجید اور محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات کے خلاف ہے۔اللہ نے قرآن میں مومن کی یہ بھی خاصیت بیان فرمائی کہ وہ امانت کو پورا کرتا ہے۔ کیا قرآن مجید اور رسول اکرم ؐ کی حیات طیبہ امانت نہیں ہے؟ برادر شفیع نے کہا کہ آج کے دور میںدعوت دین کا کام بہت آسان ہوگیا ہے۔ کیوں کہ الیکٹرانک میڈیا‘ سوشل میڈیا‘ اخبارات اور رسائل جیسے ذرائع موجود ہیں۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( راست ) : حضرت سید شاہ میراں خدانما حسینیؒ کا عرس شریف 18 تا 20 جمادی الاول بروز جمعرات کمرخی گنبد جیاگوڑہ قریب پرانا پل حسب نظام العمل مندرجہ ذیل مقرر ہے ۔ 20 مارچ کو بعد نماز عصر ختم قرآن مجید و ماقبل نماز مغرب مراسم صندل مالی ، بعد نماز مغرب مجلس سماع ، 21 مارچ کو بعد نماز مغرب محفل چراغاں اور بعد نماز عشاء میلاد شریف و سماع ، 22 مارچ کو بعد نماز فجر مجلس قل ، فاتحہ خوانی و تقسیم تبرک ، مراسم عرس شریف متولی و سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔

سالانہ مجلس
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( راست ) : احاطہ درگاہ حضرت شاہ محمد صدیقی سوداگرؒ خواجہ پہاڑی تاڑبن میں بروز جمعرات 20 مارچ کو بعد نماز مغرب سالانہ مجلس فاتحہ حضرت مرزا سردار بیگؒ مقرر ہے ۔ محفل سماع ہوگی ۔ سجادہ نشین و متولی درگاہ نگرانی کریں گے ۔۔

مجلس تحفظ ختم نبوت کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( راست ) : مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ آندھرا پردیش کا ہفتہ واری اجتماع 18 مارچ بعد نماز مغرب مسجد اکبری ، اکبر باغ میں منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی شاہد علی قاسمی درس فقہ میں لے پالک بیٹے سے متعلق فقہی مسائل بیان کرینگے ۔۔

مولانا عامر خاں قاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( راست ) : مسجد صفہ جانکی نگر کالونی ٹولی چوکی میں مولانا عامر خان قاسمی بعد نماز عشاء بروز منگل سلسلہ وار درس قرآن دیں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔