مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : پروفیسر محمد مصطفی شریف چیرمین ڈپارٹمنٹ آف عربک عثمانیہ یونیورسٹی کا درس قرآن مجید مکان واقع ڈیفنس کالونی نزد مسجد غوثیہ عقب K.V.No.1 گولکنڈہ لنگر حوض بروز جمعرات 9 بجے شب مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( فیاکس ) : حضرت سید شاہ موسیٰ شطاریؒ کا 175 واں عرس شریف 20 فروری کاشانہ شطاریہ دبیر پورہ میں منعقد ہوگا ۔ 7 بجے شام صندل مالی زیر نگرانی حضرت سید شاہ حامد حسین شطاری ادا کی جائے گی ۔ مولوی محمد ظفر الدین کو سلسلہ شطاریہ کی خلافت سے سرفراز کیا جائے گا ۔ فیضان شطاریہ پر علماء و مشائخین خطاب کریں گے بعد جلسہ محفل سماع ہوگی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت میراں سید شاہ محمد حبیب اللہ قادری تخت نشینؒ کا 291 واں عرس شریف 21 فروری کو درگاہ شریف قریب سبزی منڈی ٹپہ چبوترہ میں مولانا اکرم پاشاہ قادری تخت نشین صدر نشین و متولی کی نگرانی میں بعد نماز عصر ختم قرآن مجید اور صندل مالی رسم انجام دی جائے گی ۔ چادر گل پیش کی جائے گی ۔ بعد نماز مغرب محفل وعظ بعنوان ’ عشق رسولؐ ‘ منعقد ہوگا ۔ جس کو علمائے کرام و مشائخین اکرام مخاطب کرینگے ۔ زیارت آثار مبارک کا اہتمام کیا جائے گا اور محفل تخت نشینی منعقد ہوگی ۔۔

ماہانہ مجلس و سالانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت خواجہ محبوب اللہ و 25 ویں سالانہ فاتحہ حضرت سید محمد قادریؒ بانی و صدر مرکزی انجمن قادریہ 19 ربیع الثانی کو بعد مغرب خانقاہ قادریہ نورانی قاضی پورہ میں مقرر ہے ۔ جس میں محفل سماع ہوگی ۔۔

جلسہ سیرت اولیاء کرامؒ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : جلسہ سیرت اولیاء کرامؒ 20 فروری بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت الحاج محمد غوث رشیدی منایا جارہا ہے ۔ مہمان مقرر مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ہوں گے ۔ مولانا عبدالاحد عامر کارروائی چلائیں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

ہفتہ واری درس بخاری
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : صمدانی اسکول صمدانی اسٹریٹ بھولکپور مشیر آباد میں جمعرات کو بعد نماز عشاء مولانا عبدالرحیم خرم جامعی درس بخاری شریف دیں گے ۔ حافظ محمد حبیب اللہ قرات کلام پاک پیش کریں گے ۔ حاجی عزیز اللہ عثمانی کا بھی خطاب ہوگا ۔۔

حضرت محدث دکنؒ سرچشمہ علم و معرفت علماء عرب و عجم آپ کے تبحر علمی کے معترف
ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر میں مفتی حافظ سید ضیا الدین نقشبندی کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : ابوالحسنات حضرت سید عبداللہ شاہ نقشبندی مجددی قادری محدث دکنؒ سرزمین دکن کی وہ مایہ ناز ہستی ہیں جنہوں نے اپنے علمی ، روحانی اور تحقیقی خدمات کے ذریعہ ایک تاریخ رقم کی ہے آپ روحانیت کے تاجدار اور علم کے روشن مینار بنکر خلق خدا کی رشد و ہدایت کا فریضہ انجام دیتے رہے ۔ حضرت محدث دکنؒ کی ولادت 10 ذی الحجہ 1292 ھ بروز جمعہ صبح صادق کے وقت ہوئی اور آپ اس خاکدان گیتی پر علم و معرفت کے آفتاب بن کر چمکے ، جس کی کرنوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ اقطاع عالم میں رہنے والے طالبین و وابستگان کے قلوب و اذہان کو روشن کردیا ۔ آپ کی ذات ، علوم ظاہر و باطن کی سرچشمہ تھی لاکھوں طالبان حق و سالکین راہ کو آپ نے منزل مقصود تک پہنچایا ، خلق خدا کشاں کشاں آپ کے دربار گہر بار میں حاضر ہو کر اپنی علمی پیاس بجھاتی اور روحانی فیوض و برکات سے مالا مال ہوتی ۔ آپ کی علمی و تحقیقی ، روحانی و اصلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، دنیائے علم و فن میں آپ کی خدمات قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں ۔ فقہ حنفی کی تائید میں آپ نے ایک بیش قیمت پانچ جلدوں پر مشتمل حدیث شریف کا مجموعہ ’ زجاجتہ المصابیح ‘ تصنیف فرمائی اور اس پر ایک تحقیقی حاشیہ لکھا اور علمی مباحث کیے ، یہ کتاب تقریبا ڈھائی ہزار صفحات پر مشتمل ہے ۔ جس میں ساڑھے چھ ہزار سے زیادہ احادیث شریفہ ہیں ۔ ان حقائق کا اظہار مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی نے ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر تاڑبن چوراہے میں کیا ۔۔

جامعتہ البنات الاصلاحیہ کی
تقریب تقسیم انعامات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : مولاناعبدالعلیم اصلاحی ناظم جامعتہ البنات الاصلاحیہ ملک پیٹ کے بموجب جامعہ کی جانب سے اسلامک پینٹنگ نمائش کے انعامات کی تقسیم 21 فروری کو صبح 10-30 تا 12 بجے دن جامعتہ البنات الاصلاحیہ ملک پیٹ روبرو آفیسرس میس فنکشن ہال میں مقرر ہے ۔۔

اعراس شریف حضرت محدث دکنؒ کا آج اختتامی اجلاس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : محدث دکن حضرت ابوالحسنات الحاج سید عبداللہ شاہ نقشبندی مجددی القادریؒ و جانشین محدث دکن حضرت ابوالبرکات الحاج سید خلیل اللہ شاہ نقشبندی مجددی القادریؒ و حضرت ابوالخیرات الحاج سید انوار اللہ شاہ نقشبندی مجددی القادری و حضرت ابوالخیر سید رحمت اللہ شاہ نقشبندی مجددی القادریؒ کے سالانہ تقاریب اعراس شریف کا نقشبندی چمن مصری گنج میں زیر سرپرستی حضرت ابوالفیض سید عطا اللہ شاہ نقشبندی مجددی القادری جانشین حضرت محدث دکن ابوالحسنات و ابوالبرکات و ابوالخیرات 20 فروری جمعرات کو بعد عصر تلاوت کلام پاک ، بعد مغرب محفل تذکرہ ، حضرت ابوالخیر و حضرت ابوالخیرات مقرر ہے ۔ مولانا سید حمید الدین شرفی قادری و حضرت ابوالفیض سید عطا اللہ شاہ نقشبندی مجددی قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم وفات پر سمینار و نعتیہ محفل
ہفتہ کو پریس کلب میں مقرر، جناب میر ہادی علی کا بیان
حیدرآباد 19 فروری (پریس نوٹ) بھارت رتن، امام الہند، مفسر قرآن مولانا ابوالکلام آزاد کی 56 ویں یوم وفات کے موقع پر روزنامہ ’’بے مثال‘‘ کے زیراہتمام 22 فروری بروز ہفتہ کو 10.30 بجے دن پریس کلب بشیر باغ میں سمینار بعنوان ’’مولانا آزاد بحیثیت مفسر قرآن‘‘ اور نعتیہ محفل منعقد ہوگی۔ صدارت جناب میر ہادی علی چیف ایڈیٹر روزنامہ ’’بے مثال‘‘ وائس چیرمین آندھراپردیش کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی و مقررین جناب محمد علی شبیر ایم ایل سی، مولانا شیخ عبدالرحمن الحامد، مفتی محمد فاروق (وجئے واڑہ)، جناب عابد رسول خاں صدرنشین اقلیتی کمیشن آندھراپردیش، پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری ڈائرکٹر اُردو اکیڈیمی، جناب محمد سراج الدین صدر کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت، جناب سید یوسف ہاشمی سکریٹری پی سی سی، جناب اسماعیل حسین ، جناب خلیق الرحمان، محترمہ عصمت النساء وائس چیرمین اقلیتی ڈپارٹمنٹ، جناب ایف ایس لائق علی وائس پریسڈنٹ نیشنل بی جے پی اقلیتی مورچہ ہوں گے۔ نعتیہ محفل کے شعراء کرام مسرس سید مسرور عابدی، سلیم عابدی، میر عظمت علی عظمت، قاری انیس احمد قادری، شکیل رزاقی، عبدالرشید ارشد، خلیل احمد قادری، ڈاکٹر ناقد رزاقی، صوفی حیدرآبادی، ڈاکٹر نعیم قادری، میمن عبدالعزیز، مولانا سید دلدار حسین عابدی کے علاوہ شہر حیدرآباد کے ممتاز نعت گو حضرات یوسف خاں اعجاز، سید مسرور عابدی، قاری محمد فہیم، قاری ایم ایس خان کے اعتراف خدمات پر گلپوشی مہمان خصوصی کے ہاتھوں کی جائے گی۔ جناب معراج خاں کنوینر کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ، جناب خواجہ غیاث الدین اسٹیٹ پبلسٹی سکریٹری کانگریس کمیٹی اور عبداللطیف ظفر ، سید مجتبیٰ عابدی نے تمام ادب دوست احباب سے شرکت کی درخواست کی ہے۔