مذہبی خبریں

سچے عاشق رسول ؐ کا دنیا میں امتحان اور آخرت میں راحت
غلامان رسول ؐ کمیٹی کا جشن میلادالنبیؐ ، علماء و دانشوروں کا خطاب
حیدرآباد۔ 22 جنوری (پریس نوٹ) سچے عاشق رسولؐ کو دنیا میں امتحان اور آخرت میں راحت ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بانی و صدر غلامان رسولؐ کمیٹی نواب میر حیدر علی خاں سابق چیرمین اسپورٹس اتھاریٹی آف آندھرا پردیش نے مرکزی جشن میلادالنبیؐ جو غلامان رسولؐ کمیٹی کی جانب سے بارگاہ قدم رسولؐ پنجہ شاہ ، گلزار روڈ میں منعقد جلسہ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپسی اتحاد کے ذریعہ مسلمان ترقی و کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ سچے عاشق رسولؐ کو چاہنے والے ہمیشہ کامیابی حاصل کرتے رہیں گے۔ مولانا ظفر یاب حیدر رضوی نے کہا کہ اہل بیت اطہار سے محبت جز ایمان ہے۔ ملت اسلامیہ میں اتحاد و اتفاق پر زور دیا۔ جناب سید الطاف حیدر رضوی نے کہا کہ جس طرح شہر حیدرآباد محرم کے عظیم جلوس کے لئے جانے جاتا تھا۔ اب میلادالنبیؐ منانے کے لئے بھی شہرت حاصل کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل مبارکباد ہے۔ غلامان رسول ؐ کمیٹی جو ہر سال پابندی سے مرکزی جشن میلادالنبیؐ منعقد کرتی چلی آرہی ہے۔ مولانا شاہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ نے بھی مخاطب کیا۔ نظامت کے فرائض معتمد عمومی کمیٹی جناب ایم اے ستار نے انجام دیئے۔ اختتام پر جناب سید واجد علی رضوی نے خصوصی دعا کی۔

بزم علی منظور کے زیر اہتمام
غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد۔/22جنوری، ( راست ) بزم علی منظور کے زیر اہتمام سالانہ نعتیہ مشاعرہ 25جنوری بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مسجد حضرت سید خوندمیر چنچلگوڑہ میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس مقدس نعتیہ مشاعرے کا آغاز حافظ و قاری سید میراں سحباں خوندمیری اور سید طاہر مخصوص کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ مشاعرہ کی نگرانی حضرت الحاج سید دلاور مخصوصی کریں گے۔ حضرت سید موسیٰ کاظم، حضرت سید علی بیخود، حضرت مقصود علی خان سحر، نعمت اللہ خاں صوفی، جناب ہمایوں علی خاں ( امریکہ ) مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ نامور نعت گو شعراء بارگاہ رسالتؐ میں اپنا کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ کنوینر مشاعرہ سید رضا منظور نے عاشقان رسولؐ سے اس نعتیہ مشاعرے میں شرکت کی خواہش کی ہے۔

ازواج کیساتھ حسن سلوک کرنے سے رضائے الٰہی حاصل
مسجد انوار مدینہ ریاض العلوم میں محمد ریاض احمد حسامی کا خطاب
حیدرآباد۔ 22 جنوری (راست) جس طرح اللہ اور رسولؐ کی اطاعت ہر مومن پر لازم و ضروری ہے، اسی طرح ازواج کے ساتھ بھی محبت و شفقت کے ساتھ رہنا ضروری ہے جس طرح نبی کریم ؐ نے اپنی ازواج مطہرات کے ساتھ محبت کا اظہار کیا اور ہم امتیوں کو یہ پیغام دیا کہ تم بھی اپنی ازواج کو جب دیکھو تو محبت کی نگاہ سے دیکھو۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے آپؐ بے انتہا محبت فرماتے اور کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے دیتے۔ اسی طرح حضرت عائشہؓ کا بھی ہر عمل ایسا ہوتا کہ وہ اپنے شوہر حضورؐ کے فرمان کے مطابق گزارا کرتی۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد ریاض احمد قادری حسامی فرزند مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی نے مسجد انوار مدینہ ریاض العلوم مصطفی نگر میں قبل نماز جمعہ کیا اور کہا کہ جب کبھی آپؐ سے کوئی زوجہ محترمہ خفا ہوجاتیں اور ناراضگی میں کچھ غلط کہہ جاتی تو آپؐ اس پر صبر و تحمل فرماتے اور غصہ سے اجتناب کرتے تاکہ کوئی غلط فہمی نہ ہوجائے بلکہ آپؐ اپنی ازواج کی دلجوئی فرماتے گویا ہم اُمتیوں کو سبق دیا کہ ہم بھی اپنی ازواج کی دلجوئی کریں اور ان کو اسلامی معلومات سے واقف کریں اور کرائیں اور اس پر عمل کریں تاکہ ہماری ازواجی زندگی کا نمونہ حضورؐ کی زندگی ہو۔ اختتامی خطاب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح شوہر پر بیوی کے حقوق ہیں اسی طرح بیوی پر شوہر کے حقوق ہیں۔ امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ ان حقوق کو ادا کرتے ہوئے زندگی گزاریں تاکہ اللہ کی رضا محمد عربیؐ کی خوشنودی حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر آپس میں تنازعہ اور طلاق و خلع کے مسئلہ کو کبھی نہ اپنائیں بلکہ صبر و استقامت کے ساتھ اپنے رشتہ کو مضبوط رکھے۔

یاقوت پورہ میں ہفتہ کو دیارِ حبیبؐ کانفرنس
عالم دین مولانا محمد اظہر القادری (بہار) کی شرکت و خطاب
حیدرآباد۔ 22 جنوری (راست) سید عثمان قادری کی اطلاع کے بموجب مدینہ نگر ویلفیر اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام 25 جنوری بروز ہفتہ بعد نماز عشاء چوتھی دیار حبیبؐ کانفرنس مدینہ نگر (بی بلاک)، نزد ثمینہ ہاسپٹل یاقوت پورہ منعقد ہوگی۔ سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی نگرانی مولانا محمد شوکت علی صوفی، صدارت مولانا سید شاہ لطیف اللہ محمد الحسنی الحسینی چشتی البرقی رشید بادشاہ بندہ نوازی، قیادت مولانا ڈاکٹر سید عباس متقی قادری چشتی کریں گے۔ بیرونی مہمان مقرر عالم دین مولانا محمد اظہر القادری مہتمم جامعہ امام احمد رضاؒ اسلام پور، بہار کا خصوصی خطاب ہوگا۔ مقامی علمائے کرام میں محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری چشتی نظامی نائب صدر رحمت عالم کمیٹی، مولانا محمد فہیم الدین قادری چشتی نقشبندی بندہ نوازی خطاب کریں گے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد شاہد اقبال قادری صدر رحمت عالم کمیٹی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا آغاز قاری ملک محمد اسمعیل علی خاں کی قرأت سے ہوگا۔ بارگاہ رسالت مأبؐ میں مداح خوان رسولؐ محمد عمران رضا، حافظ سید مصلح الدین، محمد یوسف سید عبدالمہیمین اسامہ، محمد فضل الرحمن (مجیب) ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی و شیخ الیاس (آسٹریلیا) انجام دیں گے۔

محفل نعت برائے کمسن طلبہ و طالبات
حیدرآباد /22 جنوری ( راست ) بزم میلادالنبی ﷺ کے زیر اہتمام دو روزہ جشن میلادالنبی و زیارت آثار شریف کا دوسرا اجلاس 23 جنوری 4 بجے شام مسجد حضرت مولوی محمد زماں خان صاحب روپ لال بازار میں منعقد ہوگا ۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری بانی و سرپرست مدرسہ دینیہ احمدیہ بحرالعلوم و بزم میلادالنبی ﷺ کریں گے ۔ سید انوار علی سلمان کی قرات کلام پاک کے بعد مدرسہ ہذا کے طلبہ و طالبات کا دینی تعلیمی مظاہرہ ہوگا اور نعت پاک پیش کی جائے گی جس میں عبدالرحمن ، محمد نعیم ، محمد حسین ، سمیہ بیگم ، صبحیہ بیگم ، ہاجرہ بیگم ، عائشہ جہاں ، محمد احمد ، محمد عدنان خان ، فرقان خان ، اصفیہ بیگم ، عبدالرحیم ارسلان اور دیگر مدارس کے طلبہ و طالبات حصہ لیں گے ۔

سالانہ فاتحہ
حیدرآباد /22 جنوری ( راست ) محل مبارک حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے سالانہ فاتحہ 22 ربیع ا لمنور بروز جمعہ درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ مولانا افضل مرزا محبوبی چشتی سجادہ نشین کے زیر نگرانی بعد نماز ظہر تلاوت کلام پاک بعد نماز عصر محفل قصیدہ بردہ شریف فاتحہ بعد نماز مغرب محفل سماع تمام شب میلاد شریف مقرر ہے ۔ 23 ربیع المنور بروز شنبہ بعد نماز فجر تلاوت کلام پاک پیش کشی چادرگل فاتحہ سلام بحضور سرکار دو عالم ﷺ میں پیش کیا جائے گا ۔

جلسہ جشن عید میلادالنبیؐ
٭٭ انتظامی کمیٹی مسجد حضرت مرزا سردار بیگ صاحب قبلہؒ کی اطلاع کے بموجب جلسہ جشن میلادالنبیؐ /23 جنوری بروز جمعرات کو بعد نماز عشاء مسجد ہذا میں مقرر ہے ۔ زیرصدارت مولانا عبدالقوی نائب شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ مقرر ہے ۔ میزبان مقررین مولانا سید صغیر احمد نقشبندی نائب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ ‘ مولانا قاضی ناصرالدین ‘ مولانا محمود صاحب کے خطابات ہوں گے ۔

جلسہ سیرت النبیؐ
٭٭ جماعت اسلامی ہند ‘ محلہ ملے پلی کا ہفتہ واری اجتماع عام جمعرات /23 جنوری کو بعد نماز مغرب بیت الخیر چوتھی منزل انجمن گراؤنڈ ملے پلی میں جلسہ سیرت النبیؐ منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر محبوب فرید کے علاوہ دیگر دانشوران ملت اسلامیہ خطاب کریں گے ۔
٭٭ /24 جنوری کو بعد نماز جمعہ غیاث المدارس اتحاد گراؤنڈ ملے پلی میں جلسہ میلادالنبیؐ مقرر ہے جس میں غیاث المدارس کے طلباء و طالبات کی تقاریر ہوں گے ۔ نگرانی الحاج سید خواجہ نصیرالدین محمود قادری کریں گے ۔ بعد مغرب جماعت بردۃ الصوفیہ ملے پلی اپنے مخصوص انداز میں قصیدہ بردہ شریف سنائیں گے ۔ بعد عشاء نعت خوانی ہوگی ۔

جلسہ رسم اجراء کتاب سید الصلواۃ
حیدرآباد ۔ /22 جنوری(راست) جلسہ رسم اجراء کتاب سیدالصلواۃ /27 جنوری بروز پیر 7 بجے شام اردو گھر مغلپورہ مقرر ہے ۔ کتاب سیدالصلواۃ کے مرتبہ حضرت پیر سید شاہ محمد عبدالرحیم حسینی قادری بغدادی الرفاعیؒ المعروف بہ حضرت پیربغدادی قبلہؒ ہیں اہتمام بغدادی اکیڈیمی نے کیا ہے ۔

زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔ /22 جنوری (راست) زیارت آثار مبارک حضور سرور عالمؐ /24 جنوری بعد نماز جمعہ مکان حکیم حافظ میر صادق علی قادری الجابری کالونی پہاڑی شریف روڈ مقرر ہے ۔

مسجد عامرہ میں آج مفتی رضوان القاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /22 جنوری (راست) مسجد عامرہ عابڈس میں سات روزہ سیرۃ النبیؐ کے پروگرام میں /23 جنوری بروز جمعرات کو حضرت مفتی میر رضوان القاسمی خطیب جامع مسجد مراد نگر چھوٹی مسجد کا خطاب ہوگا ۔

جلسہ میلادالنبیؐ و فیضان اہل بیت اطہار
٭٭ انجمن قادریہ کاظمیہ کے زیراہتمام جشن و جلسہ میلادالنبیؐ و فیضان اہل بیت اطہار جمعرات /23 جنوری کو بعد نماز عشاء آر جے فنکشن ہال نزد پانی کی ٹانکی قدیم ملک پیٹ مقرر ہے ۔ شہزادۂ غوث اعظم سید شاہ آل مصطفی قادری الجیلانی کاظمی المعروف علی پاشاہ کی زیرسرپرستی منعقد شدنی جلسہ کو مولانا منہاج قادری ‘ مولانا سید شاہ من اللہ علوی شطاری ‘ مولانا سید عبداللہ قادری ‘ مولانا سید شاہ شاکر علی نوری رضوی مخاطب کریں گے ۔

جشن میلادالنبیؐ
٭٭ سیرت النبیؐ کمیٹی کبوتر خانہ قدیم حسینی علم کے زیراہتمام جشن میلادالنبیؐ /25 جنوری کو بعد نماز عشاء کبوتر خانہ قدیم حسینی علم مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری کریں گے ۔

جلسہ میلادالنبیؐ
٭٭ جلسہ عید میلادالنبیؐ زیراہتمام اہلیان محلہ مولاعلی /25 جنوری کو 9 بجے شب یونانی دواخانہ گراؤنڈ مولاعلی میں زیرصدارت مفتی خلیل ‘ احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی عالم دین پیر طریقت مولانا سید شاہ محمد جلال الدین اشرف اشرفی جیلانی کچوچھہ شریف مخاطب کریں گے ۔ میزبان عالم دین شہنشاہ خطابت مولانا سید ضیاء الدین نقشبندی ‘ مولانا محمد قمر احمد اشرفی ‘ مولانا سید اولیاء چشتی ‘ مولانا سید عبدالرحمن حسن قادری مخاطب کریں گے ۔

میلادالنبیؐ
٭٭ میلاد ایجوکیشنل سوسائٹی نوجوانان محلہ درگاہ شریف گنٹال شاہ باباؒ وٹے پلی کے زیراہتمام سالانہ میلادالنبیؐ /25 جنوری کو بعد نماز عشاء نزد نائس ہوٹل درگاہ شریف حضرت گنٹال شاہ باباؒ روڈ وٹے پلی منعقد ہوگا ۔