مذہبی خبریں

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 3 مارچ کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

جشن شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( راست ) : انجمن فیضان المسلمین کے زیر اہتمام جشن شیخ الاسلام حضرت شاہ محمد انوار اللہ فاروقی بانی جامعہ نظامیہ ؒ کا جلسہ 3 مارچ کو بعد نماز عشاء مسجد شیخ محبوب دال منڈی کشن باغ میں زیر صدارت مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی زیر نگرانی مولانا شاہ محمد عبدالحمید ملتانی مقرر ہے۔ مولانا قاضی شاہ عبدالحق رفیع الدین فاروقی مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ مولانا شفیع محمد خاں نقشبندی ، مولانا محمد عبدالخالق ملتانی ، مولانا محمد عابد حسین نظامی ، مولانا محمد خواجہ قادری کے علاوہ دیگر علمائے کرام کے خطابات ہوں گے ۔۔

 

تحریک اسلامی کے مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع بروز جمعرات 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ نگران تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا شاہ غلام خواجہ مجیب الدین خلیفہ الرفاعی کی زیر نگرانی حضرت شاہ حاجی عبدالکریم رفاعی کا عرس شریف مرکزی آستانہ رفاعیہ بیگم بازار 3 اور 4 مارچ کو مقرر ہے ۔ 3 مارچ کو جلوس صندل شریف بادشاہی عاشور خانہ ( مدینہ بلڈنگ ) بعد نماز مغرب برآمد ہوگا ۔ صندل مالی و چادر گل کی رسم مولانا الحاج شاہ غلام خواجہ معز الدین قمر رفاعی سجادہ نشین درگاہ انجام دیں گے ۔ بعد ازاں سلام خیر الانام گذرانا جائے گا ۔ 4 مارچ کو شب چراغاں کے موقع پر 8 بجے شب سلسلہ رفاعیہ کا مخصوص حلقہ ضربات بہ سرپرستی مولانا الحاج شاہ غلام خواجہ معز الدین قمر رفاعی منعقد ہوگا ۔ عرس کے تمام امور مولانا شاہ غلام خواجہ مجیب الدین قمر رفاعی خلیفہ الرفاعی انجام دینگے ۔۔
٭٭    حضرت شاہ محمد مظہر الدین الچشتی و القادری کا عرس شریف 3 اور 4 مارچ کو گلستان مظہریہ ، لنگم پلی کاچی گوڑہ میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 3 مارچ کو 4-30 بجے دن برآمدگی صندل مبارک از دولت کدہ مظہریہ ، لنگم پلی کاچی گوڑہ میں عصر تا مغرب ختم قرآن پاک ، بعد نماز مغرب نیاز شریف 9-30 بجے شب مراسم صندل مالی ، پیشکشی چادر گل و غلاف مبارک کے بعد سلام بہ حضور ﷺ اور 10 بجے شب محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس الحاج شاہ محمد خلیل الدین خالد مظہری جانشین حضرت ممدوح انجام دیں گے ۔ جناب محمد مظہر الدین مظہری انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔۔

جلسہ سیرت النبیؐ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( راست ) : مدرسہ عثمان غنیؓ ، سلیمان نگر ، راجندر نگر کے زیر اہتمام 4 مارچ جمعہ کو بعد نماز مغرب ہاکی گراونڈ ، مانصاحب ٹینک ، اے سی گارڈ ، عیدگاہ بلالی ، میں جلسہ سیرت النبیؐ مقرر ہے ۔ مفتی محمد تجمل حسین قاسمی صدارت کریں گے اور نگرانی حافظ پیر شبیر احمد کی ہوگی ۔ مہمان خصوصی مولانا قاری احمد علی فلاحی ہوں گے ۔ اس موقع پر مدرسہ ہذا کے فارغ حفاظ کی دستار بندی کی جائے گی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم ہے ۔ نظامت حافظ و قاری محمد ارشد فیضی کی ہوگی ۔۔

 

اردو مسکن میں
آج نعت شریف کے مقابلے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( راست ) : انجمن فروغ نعت خلوت کے زیر اہتمام جشن آمد رسول ؐ کے ضمن میں مقابلے نعت برائے گولڈ میڈل 3 ، 4 مارچ اردو مسکن خلوت مقرر ہے ۔ اس دو روزہ مقابلے نعت کے منصف اعلی کے فرائض مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری مدرسہ رحمت العلوم قلعہ گولکنڈہ کریں گے ۔۔

 

جشن ولادت خاتون جنتؓ کی استقبالیہ کمیٹی تشکیل
محمد رحیم اللہ خان نیازی صدر منتخب
حیدرآباد 2 مارچ (راست) کل ہند مجلس فیضان مصطفی ﷺ کے زیراہتمام سالانہ مرکزی 4 روزہ جشن ولادت خاتون جنت حضرتہ سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کا مشاورتی اجلاس زیرصدارت مولانا محمد عثمان نقشبندی صدر کل ہند مجلس فیضان مصطفیؐ منعقد ہوا۔ قاری عدنان اللہ خان کی قرأت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ نعت شریف جناب ابراہیم خان ایاز اور منقبت جناب وسیم الہامی نے سنائی۔ خطبہ استقبالیہ مولانا مفتی نسیم احمد اشرفی نے پڑھا۔ مولانا سید شاہ مظہر حسینی صابری مشیر اعلیٰ عالمی جمعیت المشائخ اور دیگر علمائے کرام، مفتیان نے متفقہ طور پر جناب محمد رحیم اللہ خان نیازی کو صدر استقبالیہ منتخب کیا۔ نائب صدر استقبالیہ مولانا محمد علی، مولانا عبدالباسط یمنی، مولانا محمد صابر پاشاہ، جناب محمد عارف الدین، معتمد استقبالیہ قاری محمد حسین نقشبندی (زبیر) ، شریک معتمد استقبالیہ جناب شاہ نواز خان، قاضی عظمت اللہ جعفری، محمد غوث الدین سرپنچ، جناب حکیم خان، جناب محمد اعظم خان کے علاوہ اراکین میں جناب محمد الیاس قریشی، محمد نصرت علی، ایم اے قادر، محمد نجیب، محمد شہباز خان نیازی، رفیق الدین خان، نعیم خان، رفعت علی خطیب وغیرہ شامل ہیں۔ صدر جلسہ محمد عثمان نقشبندی نے خاتون جنت کی ولادت پر تفصیلی خطاب کیا اور کہاکہ آئندہ اجلاس میں پروگرامس کی تواریخ اور مقامات کا اعلان کیا جائے گا۔