مذہبی خبریں

لجنتہ العلماء کے مجلس شوریٰ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد لجنتہ العلماء کے بموجب 25 فروری کو 12-30 تا 4 بجے سہ پہر مدرسہ ارشاد البنات نزد مسجد محمدی سلطان نگر ایرہ گڈہ لجنتہ العلماء کے مجلس شوری کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ صدارت مولانا عبدالملک المظاہری صدر لجنتہ العلماء کریں گے ۔ مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی کا خطاب ہوگا ۔۔

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام مرکزی اجتماع بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک و نعت رسول ﷺ سے اجتماع کا آغاز ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس کے بعد ذکر جہری و دعا ہوگی ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 25 فروری بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا محمد زکریا فہد قاسمی اور مولانا رحیم اللہ خاں قاسمی مخاطب کریں گے۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت سید خواجہ حسن برہنہ شاہ قادری سرمدیؒ کے عرس شریف کے چار روزہ تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔ 25 فروری کو بعد نماز عصر برآمدگی جلوس ، صندل مبارک مکہ مسجد تا درگاہ شریف بعد ازاں دس بجے شب نعتیہ مشاعرہ زیر نگرانی الحاج سید محمد حمید الدین شرفی منعقد ہوگا اور جناب سید عمر جلیل ، جناب محمد اسد اللہ مہمانان خصوصی ہوں گے ۔۔
٭٭    عرس شریف حضرت شیخ محمد محبوب الحق شاہ قادری چشتیؒ 16 ، 17 جمادی الاول کو آستانہ عالیہ حضرت ممدوح واقع محبوب پہاڑی بڑا جھنڈا نیو حکیم پیٹ بصد عقیدت و احترام منعقد ہوگا ۔ 16 جمادی الاول کو بعد نماز عشاء صندل شریف برآمد ہوگا اور درگاہ پہنچے گا بعدہ رسم صندل مالی عطر بیزی پیشکشی چادر گل صلواۃ و سلام ہوگا ۔ بعد تناول طعام تبرک کا اہتمام رہے گا ۔ 17 جمادی الاول کو بعد نماز مغرب جشن چراغاں و بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔ مولانا شاہ محمد عابد حسین قادری چشتی ، مولانا شاہ محمد مہتاب چشتی کربلائی مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔ جملہ مراسم عرس و خدمات سجادہ نشین حضرت ممدوح انجام دیں گے ۔ صلواۃ و سلام دعا پر اختتام ہوگا ۔۔

 

شیخ الاسلام محمد انوار اللہ فاروقی کا عصر حاضر کی اصلاح میں حصہ پر سمینار
5 اور6 مارچ کو مقرر ، سائنس کالج سیف آباد کا اعلان ، سرکردہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : شعبہ عربی یونیورسٹی کالج آف سائنس سیف آباد کے زیر اہتمام سرزمین دکن کے معروف عالم دین بانی جامعہ نظامیہ و دائرۃ المعارف کی علمی خدمات کے پیش نظر دو روزہ بین الاقوامی سمینار کا 5 تا 6 مارچ منعقد ہوگا ۔ سمینار میں عرب اسکالرز کے علاوہ ملک کی مختلف جامعات کے نامور اسکالرز اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے ۔ افتتاحی تقریب فیاپسی آڈیٹوریم ریڈہلز پر 10-30 بجے دن منعقد ہوگی ۔ جناب اے کے خاں ڈائرکٹر اینٹی کرپشن بیورو مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ، جامعہ نظامیہ افتتاحی خطبہ اور پروفیسر عبدالرحمن مومن کلیدی خطبہ پیش کریں گے ۔ مولانا محمد خواجہ شریف ، شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ ، جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر رہنمائے دکن ، علامہ شیخ حمد احمد النان ، علامہ سامی احمد السنان ( کویت ) اور مولانا خوشتر نورانی ایڈیٹر جام نور مہمانان اعزازی ہوں گے ۔ پروفیسر بی لکشمیا پرنسپل سائنس کالج صدارت کریں گے ۔ ڈاکٹر راگھویندر شرما خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے ۔ ڈاکٹر سادھنا کلمہ تشکر پیش کریں گی ۔ پروگرام کا آغاز حافظ و قاری محمد عبدالقدوس کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ سمینار کے کنوینر ڈاکٹر سید شجاع الدین عزیز ہوں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9885217655 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ شرکت کی عام اجازت ہے ۔۔

 

دائرہ حضرت میر محمد مومنؒ سلطان شاہی میں قبور کی ڈیجیٹل نمبرنگ کا آغاز
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( راست ) : مجلس انتظامی نے دائرہ حضرت میر محمد مومنؒ میں قبور کا ڈیجیٹل سروے مکمل کرلیا ہے ۔ لہذا وارثان قبور سے گذارش کی جاتی ہے کہ اپنے مرحومین کی قبور کی نشاندہی کے لیے مجلس انتظامی دائرہ ہذا کے دفتر پر ربط کریں اور وہاں سے ایک مخصوص نمبر الاٹ ہوچکا ہے جو کہ پتھر پر کندہ کیا ہوا ہوگا اسے حاصل کریں اور اپنے مرحومین کی قبور پر نصب کروالیں ۔ اس سلسلہ میں فی نمبر 200 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ جس کی مدت 25 فروری تا 31 مارچ 2016 مقرر کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ اس مخصوص اقدام کے ذریعہ جن قبور کا رجسٹریشن نہ ہوپائے تو ایسے قبور کو لاوارث تصور کیا جائے گا ۔۔

 

سالانہ قرآن خوانی و جلسہ میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : خواجہ فصیح الدین ، متولی کے بموجب مجلس شوریٰ دستی پارچہ بافی حرمین شریفین (سوسائٹی ) کے زیر اہتمام 25 فروری کو 5 بجے شام تا 8 بجے شب سرسید کانفرنس ہال ، مدینہ ایجوکیشن سنٹر پبلک گارڈن روڈ ، نامپلی میں سالانہ قرآن خوانی و جلسہ میلاد النبیؐ منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین کا خطاب ہوگا ۔ جناب ایم اے شکور صدارت کریں گے ۔۔

 

عورت قوم و ملت کی معمار
جامعتہ البنات میں مولانا عبداللہ طارق کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( راست ) : عورت ، قوم و ملت کی تعمیر کرتی ہے قوم جس مقام پر بھی ہو عورت کی وجہ سے ہوتی ہے ۔ دعوت دین کے میدان میں خواتین نے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ بیوی کے کردار میں رسول اللہ ﷺ کو وحی کے بعد گھبراہٹ کے عالم میں گھر لوٹنے پر تسلی دینے والی ایک عورت ہی تھیں ۔ ان خیالات کا اظہار جامعتہ البنات میں منعقدہ پروگرام ، خواتین دعوت دین کی ذمہ داری کیسے ادا کریں ‘ سے خطاب کے دوران مولانا عبداللہ طارق نے کیا ۔ انہوں نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تاریخ ایسی بہت سی مثالوں سے روشن ہے کہ عورت بحیثیت ماں ، بہن ، بیٹی اور بیوی ، مردوں کی ہمت افزائی کی ہے اور والمومنون و المومنات بعضہم اولیاء بعض کا عملی نمونہ پیش کیا ۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر جب صحابہ کرام آپ ﷺ کے قربانی کرنے کے حکم کی تعمیل میں پہلی بار پس و پیش کیا تو اس نازک موقع پر آپ ؐ کی زوجہ محترمہ ام سلمہ ؓ کے مشورے کی بنا پر ہی صحابہؓ نے آپؐ کی اطاعت کی ۔ علمی میدان میں بھی خواتین نے بہت اونچا مقام حاصل کیا ہے ۔ ام المومنین حضرت عائشہ ؓ امت مسلمہ کی فقیہا تھیں ۔ جلیل القدر صحابہ کرام بھی آپ سے مسائل دریافت کیا کرتے تھے ۔ امام شافعیؒ نے شیخ نفیسہ کے سامنے زانوئے تلمذ طے کیا ہے اور ام الخیر مسند احمد کا درس دیا کرتی تھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عورت اگر عزم کرلے تو بہت کچھ کرسکتی ہے ۔ جیسے جرمنی کو عالمی جنگ میں شکست کا سامنا ہونے پر وہاں کی ماؤں نے یہ طئے کرلیا تھا کہ اگلی نسل میں ہمیں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہے ۔ اور انہوں نے اسے کر دکھایا ۔ سرسید کے اعلیٰ ذوق و کردار کے پیچھے ان کی والدہ کی تربیت کارفرما تھی ۔ آخر میں مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ ہم قوم و ملت کو کھویا ہوا مقام دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں ۔ اور طالبات جامعہ و موجود خواتین کو دعوت دین کے میدان میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی ۔ اس موقع پر طالبات جامعہ کے علاوہ دینی جذبہ رکھنے والی خواتین بھی موجود تھیں ۔۔