مذہبی خبریں

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت مولانا سید شاہ سراج العارفین قادری حسنی الحسینی نور اللہ 11 فروری کو بعد نماز عصر ختم قرآن مجید خانقاہ جھبہ شریف عقب مکہ مسجد میں ، بعد نماز مغرب صندل مالی چادر گل بہ بارگاہ واقع کاروان ساہو اور بعد نماز عشاء نعت خوانی و میلاد شریف رات خانقاہ جھبہ شریف عقب مکہ مسجد میں مقرر ہے ۔ صندل مالی کی رسم سجادہ نشین و متولی خانقاہ جھبہ شریف انجام دیں گے ۔۔
٭٭    حضرت صوفی سید شاہ محمد عین الدین قادری شطاری ہاشمیؒ کا عرس شریف 11 فروری کو خانقاہ ہاشمی نئی آبادی راحت نگر ترملاپور تعلقہ بانسواڑہ نظام آباد منایا جائے گا۔ بعد نماز ظہر حلقہ شریف ، غسل شریف اور بعد نماز مغرب صندل مالی ہوگی ۔ بعد نماز عشاء جلسہ سیرت اولیاء ہوگا ۔ مولانا محمد قادر محی الدین قادری شطاری کا بیان ہوگا ۔ تناول تبرک کا انتظام رہے گا ۔ جناب قاضی سید حامد علی مکرم قادری شطاری کی خصوصی دعا ہوگی ۔ جناب سید شاہ محمد یوسف الدین قادری شطاری ہاشمی سجادہ نشین مراسم عرس انجام دیں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداءؒ 11 فروری کو بعد نماز مغرب حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

تنظیم بنت حرم کے
مدرسہ بنات الحرم میں داخلے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام مدرسہ بنات الحرم ( اندرون مکہ مسجد چارمینار ) میں حفظ القرآن تجوید القرآن ، ناظرہ کے ساتھ ابتدائی عالم کورس کی تعلیم کے سالانہ امتحانات جامعہ نظامیہ سے دلائے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ عصری تعلیم ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائننگ مفت تربیت دی جاتی ہے ۔ کورس کی تکمیل پر سرٹیفیکٹ بھی دئیے جائیں گے ۔ اور تعلیم کے اوقات صبح 10 تا 4 بجے مقرر ہیں ۔ مدرسہ ہذا میں کوئی فیس نہیں ہے ۔ کتابوں کے ساتھ ساتھ یونیفارم بھی دئیے جاتے ہیں اور کلاسیس شروع ہوچکے ہیں ۔ خواہش مند داخلہ لے سکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9703679879 ۔ 9247240425 پر ربط کریں ۔۔

 

دفتر سیاست پر رومن انگلش میں سیرت النبیؐ کی کتاب دستیاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : مکتبہ تعلیم بالغان بیگم پیٹ اور ادارہ سیاست کے اشتراک سے عصری علوم کے طلباء کے لیے سیرت النبیؐ کی کتاب کی اشاعت عمل میں لائی گئی ہے ۔ جو 40 صفحات پر مشتمل ہے اور جس میں 20 اہم مضامین معہ سیرت درج ہیں جیسے درود پاک کے فضائل ، اہل بیت ؓ کے نام ، عقیدہ ختم نبوت ( جس میں فتنہ شکیل بن حنیف کی تردید بھی درج ہے ) آپﷺ کے پسندیدہ غذائیں و مشربات ، شان رسالت میں توہین اور امت مسلمہ کا طرز عمل ، آپﷺ کے اخلاق اور حلیہ مبارک درج ہیں ۔ خواہش مند حضرات یہ کتاب رعایتی قیمت صرف 20 روپئے میں دفتر سیاست سے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : محمد افضل سلیم کے بموجب 11 فروری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ مولانا سید احمد ومیض ندوی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

 

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 11 فروری کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک و نعت شریف سے آغاز ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

 

حضور اکرم ؐ کی شان میں گستاخی پر جلسہ عام
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے حضور اکرمؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف ایک جلسہ عام 13 فروری کو 7 بجے شام اردو گھر مغل پورہ میں منعقد ہوگا ۔ صدارت جناب محمد ضیا الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت کریں گے ۔ مولانا مفتی ضیا الدین نقشبندی ، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، جناب سید احمد پاشاہ قادری ، مولانا محمد راشد قاسمی ، جناب عمر احمد شفیق مخاطب کریں گے ۔۔

جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کا اجلاس عام
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : سید نذیر احمد قاسمی کے بموجب جمعیتہ علماء ہند کی جانب سے پورے ملک میں جاری ممبر سازی مہم اور انتخابات کے سلسلہ میں شہر کے تمام اراکین عاملہ ، منتظمہ اور اراکین عام کا ایک اہم اجلاس 11 فروری بعد عشاء جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا ۔ جناب حافظ پیر شبیر احمد صدارت کریں گے اور مولانا محمد عبدالقوی جمعیتہ کا تعارف اس کی خدمات اور طریقہ کار کے سلسلہ میں خطاب کرینگے ۔۔

آج محفل نعت شہ کونین ؐ
حیدرآباد ۔ 10 فبروری ۔( راست) بزم ثنائے حبیب کے زیراہتمام زیرنگرانی حبیب محمد بن عبداﷲ العطاس یکم جمادی الاول بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان حبیب عمر بن عبداﷲ العطاس قادری صبغت اﷲ شاہ المعروف حبیب فاروق العطاس کی رہائش گاہ واقع ایرہ کنٹہ روبرو حبیب مشن اسکول قریب حبیب گارڈن فنکشن ہال ماہانہ محفل نعت و منقبت منعقد ہوگی جس میں شعراء کرام و نعت خواں حضرات نعت شریف و منقبت سنائیں گے۔ نظامت کے فرائض حبیب مصطفی العیدروس انجام دیں گے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد احمد شاہ قادری بانی و صدر بزم انوار نعت ، جناب حبیب علی بن حسن رفیع و جناب مرزا کریم بیگ شرکت کریں گے ۔

 

حضرت شیخ اکبر ؒ آیت مِن آیاتِ اللہ تھے
مسجد کریم اللہ شاہ میں مولانا غوثوی شاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا حکیم احمدعلی شاہ کی قراء ت سے ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد بمسجد کریم اللہ شاہ ، بیگم بازار 9فبروری عمل میں آیا جس میں معتقدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔کریم پاشاہ، مولانا عبد الرفیق جنید ی ،جناب کریم محی الدین ،مولانا روشن نے حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒ اور حضرت مچھلی والے شاہ ؒ کی اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مصر وعرب ،دمشق وشام ،ہند وپاک کے علاوہ کئی ممالک اسلامیہ جیسے بیروت وغیرہ میں حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؓ کو امام الصوفیا اور امام الموحدین کے نام سے آج بھی یاد کیا جاتا ہے اور اُنکی تصانیف آج بھی بیروت ومصر اور اندلس میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ان کی تعلیمات اور وحدۃ الوجود کا نظریہ قرآن وحدیث کے عین مطابق ہے خود حضرت شیخ اکبر ؒ سے ان کی تمام زندگی میں کبھی نماز قضاء نہیں ہوئی اور آج بھی انکے نام لیوا سے کبھی کوئی نماز قضا نہیں ہوتی ۔ اسی طرح حضرت مچھلی والے شاہ ؒ کی ذاتِ بابرکت تھی جنکے معتقدین میں بانی جامعہ نظامیہ حضرت انوار اللہ شاہ صاحب ،ؔؒحضرت مولانا الیاس برنیؔ ،ؒحضرت محمد حسین ناظم ونپرتی ؒ ،مولانا مناظر احسن گیلانی ؒکے علاوہ حیدرآباد کے کئی نامور امراء جیسے نواب سعید جنگ افسر جنگ ،مہاراجہ کشن پر شاد وغیرہ بھی آپکی خدمت میں ایستادہ رہتے ۔اعلیٰ حضرت مولانا پیر غوثی شاہؒؔ حضرت مچھلی والے شاہؒ ؔ کے خلیفہ وجانشین تھے۔مولانا غوثوی شاہ ؔنے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ جس طرح قرآن میں انبیاءؐ کے تذکروں سے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے اسی طرح بزرگانِ دین کی یاد منانے سے ان کے تذکروں سے ایمانی وروحانی قوت میں اضافہ ہوتا ہے ۔تصوف کی دنیا میں حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒ آیت مِنْ آیاتِ اللہ تھے‘اُنکے ماننے والوں میں حضرت اِمام نوویؒ حضرت امام سُبکی ، ؒ حضرت جلال الدین سیوطیؒ ، مولانا روم ، ؒعلامہ ابن کثیرؒ اور حضرت مجددِّالف ثانی ؒ قابلِ ذکرہیں۔ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒکی دیڑھ ہزار کتابوں میں فتوحاتِ مکّیہ اور فُصوصؔ الحکم عالم اسلام میں مقبول خاص وعام ہے ۔اعلیٰ حضرت پیر غوثی شاہ ؒ اُنکے معنوی خلیفہ وجانشین تھے ، مولانا نے عوام النّاس سے حضرت شیخ اکبر ؒ اور حضرت مچھلی والے شاہ ؒ کی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی تلقین کی مسرس شاہد پیراںؔ ،خالد ؔپاشاہ، فاتح شاہؔ اور اکرام شاہؔ نے عوام کا شکریہ اداکیا اور سلام بہ حضور خیر الانامؐ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔