مذہبی خبریں

رسالت مآبؐ کی کرم گستری سے فیضیاب ہونے بام معرفت ناگزیر
حیدرآباد فرینڈس ہائی اسکول میں جشن رحمتہ للعالمینؐ برائے خواتین کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : نبی کریم ؐ ، آبروئے صوت کن پیکریزدان صفات اور اعتبار رحمت رب نے لوح امکاں پر بے عیب دستور حیات رقم کر کے بنی نوع انسانوں کو امن و آشتی کے پیغام سے نوازتے ہوئے فراز علم تک رسائی کو یقینی بنایا اور اضطراب فکر کو سکوں پرور ثبات بخشا ۔ خداوند عالم نے ارباب ایمان کو جوہر بینائی عطا کی اور بام مودت و معروف نبی کریمؐ کے سبب نور و نکہت کو دل وجاں میں جاگزیں کردیا ۔ ذاکرہ اہلبیت ، زوارہ محترمہ رباب فاطمہ نے آج صبح حیدرآباد فرینڈس ہائی اسکول امان نگر اے میں دلدار ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ جشن رحمتہ للعالمینؐ برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ان زرین خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اہل اسلام پئے سیر فلک رخش تخیئل پر گامزن ہوں تو ان کو مہ و انجم میں حضورؐ کا نقش کف پا نظر آئے گا ۔ محترمہ رباب فاطمہ نے کہا کہ کردگار کائنات نے قرآن مکرم میں ارشاد فرمایا ہے کہ رسول اکرمؐ کی اجرت آپؐ کے اقرباء سے مودت ہے اس لیے ہم کو مرضی یزداں کے حکم کے مطابق آل محمد سے محبت اختیار کرنا چاہئے جو یقینا مشیت کبریائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ہمیشہ اپنی امت پر مہربان رہے میں دعویٰ سے کہہ سکتی ہوں کہ رسالت مآبؐ کی کرم گستری سے فیضیاب ہونے بام معرفت ناگزیر ہے ۔ پرنسپل جامعتہ المومنات مفتیہ رضوانہ زرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو انسان سرکار کونینؐ کی دہلیز پر سر تسلیم خم کرے ۔ جس کا دل نام محمدؐ پر دھڑکنے لگے جو مدینہ کی مٹی سے وضع کردہ سرمہ سے چشم عرفان کا حامل ہوجائے ۔ چشمہ دانش و دجلہ عرفان محمد اس کے مقدرات میں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص آفتاب آگہی کی کرنوں پر درود نذر کرے اس پر معرفت آگیں اجالوں کا سلام آتا ہے اور وہ جام کوثر کا حق بہ حقدار رسید ہوجاتا ہے ۔ مفتیہ سیدہ غوثیہ شاہد نے اپنی تقریر میں امت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ ہمیشہ دعاؤں کی طرح لب پر نام محمدؐ کا ورد رکھیں ۔ یہ پر تقدیس نام بے نواؤں کا وسیلہ اور مرحم زخم جگر ہے وہ ہر آن خدائے پاک سے حب نبی کی التجا کو اپنی طینت میں شامل رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیداری ضمیر اور دل کی تسکین کے لیے مونس و غمخوار اسم محمدؐ شب گزیدوں کو سحر کا پیغام دیتا ہے ۔ وہ اس نام کو اپنی روح کی گہرائیوں میں سرایت کریں ۔ حافظہ سمیرا خاتون کی قرات کلام پاک سے آغاز ہوا ۔ محترمہ عالمہ خدیجہ فاطمہ ، حافظہ محمدی صبا اور قاریہ شفا فاطمہ نے نعتیں پیش کیے ۔ ابتداء میں حیدرآباد فرینڈس ہائی اسکول کی پرنسپال محترمہ توفیق النساء جمال نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور آخر میں وائس پرنسپال و ذاکرہ اہلبیت محترمہ سیدہ نظیر فاطمہ نے شکریہ ادا کیا ۔۔

 

آج تاجدار بغداد کانفرنس
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : سید سمیع الدین ہاشمی قادری کے بموجب تحریک اسلامی کے زیر اہتمام تاجدار بغداد کانفرنس 21 جنوری بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر صدارت مولانا محمد آصف بلال قادری انعقاد عمل میں آئے گی ۔ قرات کلام پاک سے کانفرنس کا آغاز ہوگا ۔ سید عرفان قادری ، محمد خواجہ محی الدین قادری ، محمد عبدالقدیر قادری ، محمد حسن برکاتی ، محمد عارف برکاتی و دیگر ثنا خواں تحریک اسلامی نعت مصطفی ؐ و منقبت غوث اعظم ؒ پیش کریں گے ۔۔

 

جلوس نشان مبارک حضرت غوث
اعظم محبوب سبحانیؒ و نیاز شریف
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : جامع مسجد مومن چودھری میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام 21 جنوری بعد نماز عشاء فاتحہ خوانی کے بعد جلوس نشان مبارک حضرت غوث الاعظم دستگیرؒ مسجد بی صاحبہ نجم نگر سے زیر قیادت مولانا قاضی مرزا امجد بیگ قادری برآمد ہو کر مختلف محلوں سے گشت کرتا ہوا رفاعی فقراء کی جماعت کے ساتھ مسجد مومن چودھری پہونچے گا۔ جہاں نشان مبارک ایستادہ کر کے صلواۃ و السلام گذارا جائے گا ۔۔

کل مرکزی جلسہ سیدنا غوث اعظم دستگیر ؒ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : اتحاد سوسائٹی حیدرآباد کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ بصدارت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری جانشین حضرت کامل و معتمد صدر مجلس علماء دکن و زیر قیادت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ جانشین حضرت سلطان الواعظینؒ و صدر اتحاد سوسائٹی 22 جنوری بروز جمعہ بعد نماز عشاء بمقام اردو مسکن ، خلوت میں منعقد ہوگا ۔ ممتاز علماء و مشائخ حضرات مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا سید ابراہیم قادری زرین کلاہ سجادہ نشین حضرت گوشہ نشینؒ کے خیر مقدمی کلمات ہوں گے ۔۔

 

شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ
یوم ولادت کا اجتماع پُر انوار
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : مجلس ابنائے جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام سالانہ جشن یوم ولادت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ حضرت امام محمد انوار اللہ فاروقی چشتیؒ 4 ربیع الثانی یوم ولادت کی مناسبت ایک پرُانوار اجتماع دارالعلوم سیف الاسلام مسجد تیغ جنگ خلوت میں منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت مولانا محمد بشیر محی الدین صدیقی صدر مجلس ابنائے جامعہ نظامیہ نے کی جو کل ہی آسٹریلیا کے دورہ سے واپس ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ الاسلام کا فیضان ریاست اور ملک کے علاوہ بیرون ملک میں بھی جاری ہے ۔ پاکستان اور امریکہ اور عرب ممالک کے علاوہ دیگر انگریزی ممالک میں بھی جاری ہے ۔ آسٹریلیا میں بھی میرے تعلیمی نظامیہ کے رفیق خاص مولانا عبداللہ قرموشی محوی شاہ نوری کے شاگرد و مریدین محافل کا انعقاد عمل میں لاتے ہیں ۔ جس کا سلسلہ برسوں سے بپابندی جاری ہے ۔۔

تربیتی روحانی اجتماع
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : جانشین سلسلہ عارفیہ نوریہ مولانا الحاج سید نوری شاہ ثانی کے بموجب حضرت اقدس نور المشائخ قدس سرہ کا قائم کردہ جشن فیضان غوث اعظمؒ کے ضمن میں بیت العارف خانقاہ نوریہ نوری مسکن نزد روضہ نوریہ بندلہ گوڑہ میں15  روزہ عظیم ترین تربیتی روحانی عرفانی اجتماع کا آغاز ہوچکا ہے ۔ جس کی سرپرستی جانشینی حضور نور المشائخ حضرت سید شاہ عارف الدین جیلانی نوری کررہے ہیں کیرالا ، ٹامل ناڈو ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، اجمیر شریف ( راجستھان ) گجرات کے علاوہ بیرونی ملک سعودیہ ، امارات عربیہ ، ملایشیا ، سنگاپور سے جماعتیں سالکین کی آچکی ہیں ۔ اور دیگر جماعتیں 10 ربیع الثانی جمعرات آجائیں گی اور عظیم الشان جشن فیضان غوث اعظمؒ میں شرکت کریں گے ۔ 15 ربیع الثانی تک اجتماع جاری رہے گا ۔ بعد تہجد ذکر جہری بعد نماز فجر اداکار و وظائف 9 بجے صبح تک اصلاحی بیانات اور 11 بجے دن تعلیم معارف تصوف بعد نماز ظہر درس فقہ اور دیگر خطابات ہوں گے ۔۔

 

سالانہ جشن ظہور
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : محترمہ شمیم آغا کی جانب سے 10 ربیع الثانی 9 بجے دن بمقام عاشور خانہ باقریہ شمع کاٹیج نور خاں بازار منعقد ہوگا ۔ جس میں مسرس سید محمد رضا خاں رجو آغا ، سید امتیاز علی رضوی رضا ، سید مرتضی حسین رضوی ، سید اکبر حسین ، قصیدہ خوانی جب کہ کوثر رضوی ، جناب علی حیدر منقبت خوانی کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 21 جنوری بعد نماز مغرب بمقام مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : عرس شریف حضرت خواجہ مرزا محمد بیگؒ واقع آغا پورہ کمان بھوئی گوڑہ میں 24 ، 25 اور 26 جنوری کو مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 24 جنوری اتوار کو 4 بجے شام خانقاہ حافظیہ اردو شریف عقب عثمانیہ بازار سے صندل مبارک برآمد ہوگا ۔ جو درگاہ شریف آغا پورہ پہونچے گا ۔ 11 بجے شب صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ 25 جنوری کو جشن چراغاں میں فاتحہ توشہ شریف بعد مغرب جلسہ فیضان اولیاء بعد جلسہ محفل سماع ہوگی ۔ 26 جنوری بعد نماز فجر مجلس ختم قرآن مقرر ہے ۔ 9 بجے تا ظہر محفل سماع ہوگی ۔ عصر تا مغرب محفل سماع ہوگی ۔۔

جشن غوث الاعظمؒ و محفل سماع
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : سالانہ جشن حضرت سیدنا غوث الاعظمؒ و سلطان الواعظین حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی راز کی مجلس فاتحہ 21 جنوری کو درگاہ شریف صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ اس موقع پر بعد نماز عصر مجلس ختم قرآن مجید ، بعد مغرب مجلس حلقہ ذکر اللہ ، بعد عشاء محفل سماع مقرر ہے ۔ مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی ثانی سجادہ نشین و نبیرہ حضرت ممدوح نگرانی کرینگے ۔۔

فیضان غوث اعظمؒ کانفرنس
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام فیضان غوث اعظمؒ کانفرنس کا اجلاس دوم 21 جنوری کلیتہ البنین مغل پورہ میں مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ کی صدارت میں مقرر ہے ۔۔

 

جناب غلام محمد میر یحییٰ علی متولی درگاہ
حضرت مرزا سردار بیگؒ مقرر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ رزاق منزل روبرو باغ عامہ نامپلی کے بموجب جناب غلام محمد میر یحییٰ علی مرزائی کو بحیثیت متولی درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ قبلہؒ بھوئی گوڑہ کمان آغا پورہ فوری اثر کے ساتھ مقرر کیا گیا ہے ۔ سابق متولی جناب جی ایم میر حسن عرف زبیر علی کو اختیارات کے غلط استعمال ، بدعنوانی اور فنڈس بے جا استعمال کی بناء متولی کے عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے ۔۔

 

مجلس غوث اعظمؒ و زیارت آثارمبارک
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : درگاہ شریف حضرت سید شاہ موسیٰ قادریؒ پرانا پل گیارہ روزہ مجالس غوث الاعظمؒ کی آخری مجلس 10 ربیع الثانی بعد نماز عشاء منعقد ہوگی۔ مولانا حافظ سید محمد سلطان محی الدین قادری مرتضی پاشاہ نامزد جانشین حضرت عارف بارگاہ غوثیت میں خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ بعد ختم وعظ زیارت آثار مبارک کروائی جائے گی ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 21 جنوری بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس جلسہ کی کارروائی مفتی محمد عرفان قاسمی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد نجم الدین کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا سید احمد ومیض ندوی مخاطب کریں گے ۔۔

زیارت آثار مبارکﷺ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( راست ) : زیارت آثار مبارک ﷺ 10 ربیع الثانی بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمقام مدرسہ مسجد ریتی مالن بی صاحبہ یاقوت پورہ چھاونی ناد علی بیگ میں زیر نگرانی مولانا حافظ شیخ احمد محی الدین مقرر ہے ۔ نماز عشاء 8 بجے ہوگی ۔۔