مذہبی خبریں

چھٹی شریف حضور غریب نوازؒ اور
رسم اجراء ڈی وی ڈی عالمی جشن خسرو
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : حسب عملدرآمد قدیم زیر اہتمام ایچ ای ایچ دی نظام اوقاف کمیٹی و زیر نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین خواجہ کا چھلہ چھٹی شریف 17 جنوری کو خواجہ کا چھلہ مغل پورہ میں مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر ختم خواجگان و محفل سماع و چراغ چشتیاں روشن کی جائے گی ۔ اس موقع پر مولانا سید فضل المتین چشتی گدی نشین اجمیر شریف میں منعقدہ سہ روزہ تقاریب عالمی جشن خسرو کے پروگرام پر مبنی ڈی وی ڈی کی رسم اجراء انجام دیں گے ۔ جناب وی ستیہ نارائن آئی پی ایس ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔۔

جلسہ ختم نبوت اور ہماری ذمہ داریاں
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید مصباح الدین حسامی کے بموجب 16 جنوری کو بعد نماز عشاء مسجد بلال ٹولی چوکی زیر نگرانی جناب فیاض خاں خالدی جلسہ عام بعنوان ختم نبوت اور ہماری ذمہ داریاں مقرر ہے مفتی ابرار شاکر ، مولانا موسیٰ خاں ندوی اور مفتی عبدالمغنی مظاہری کے خطابات ہونگے ۔۔

چشتی چمن میں آج لیاقت علی ہاشمی کا
خیر مقدمی جلسہ ، مذاکرہ و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : خانقاہ چشتیہ سنجریہ افتخاریہ چشتی چمن میں 16 جنوری کو 3 بجے دن بزم انوار سخن کے زیر اہتمام مذاکرہ ’ عہد نبوت میں مساجد کا کردار اور تبلیغی نظام ‘ زیر سرپرستی پیر افتخاری حضرت قادر محی الدین حسین سنجری جانشین چشتی چمن زیر صدارت جناب ضیا عرفان حسامی مقرر ہے ۔ میر لیاقت علی ہاشمی ہم ہندوستانی ریاض سعودی عربیہ کا خیر مقدم اور تہنیت پیش کی جائے گی ۔ مذاکرے میں جناب صادق نوید ، مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد ، ڈاکٹر نادرالمسدوسی اور مولانا قاضی مقصود احمد صفدر حصہ لیں گے ۔ مذاکرے کے بعد صوفی سلطان شطاری کی صدارت میں مشاعرہ ہوگا ۔ قاری انیس احمد کی قرات اور گلوکار خان اطہر کی حمد اور ڈاکٹر غیاث عارف کی نعت ہوگی ۔۔

درس حدیث و ذکر و مراقبہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : جامعہ انوارالعلوم للبنات نزد واقع مسجد صفہ حکیم پیٹ میں مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری خلیفہ حضرت ابوالفداءؒ 16 جنوری کو بعد نماز عشاء درس حدیث شریف دیں گے ۔ بعد ازاں ذکر و مراقبہ کی مجلس ہوگی ۔۔

 

یوم وصال حضرت گنج انوارؒ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : سالانہ یوم وصال حضرت گنج انوار خواجہ شیخ محمد انور علی شاہ چشتی القادری حقانی افتخاری 5 ربیع الثانی کو خانقاہ انواریہ واقع روبرو درگاہ شاہ راجو قتال حسینی شاہ نگر مصری گنج میں مقرر ہے ۔ 16 جنوری کو بعد نماز مغرب محفل قصیدہ بردہ شریف منعقد ہوگی ۔ بعد نماز عشاء ختم خواجگان چشت ہوگی ۔ بعد ازاں مواعظ حسنہ و محفل سماع منعقد ہوگی ۔ جانشین حضرت گنج انوارؒ مراسم انجام دیں گے اور محافل کی نگرانی کرینگے ۔۔

دینی تعلیمی مقابلے
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام دینی تعلیمی مقابلے مسجد خلفائے راشدین جہاں نما میں 17 جنوری کو ساڑھے نو بجے صبح منعقد ہوں گے ۔ جس میں حلقہ اسمبلی چارمینار ، بہادر پورہ ، چندرائن گٹہ کے دینی مدارس حصہ لیں گے ۔ مزید معلومات کے لیے 9885747024 پر ربط کریں ۔ مولانا سید غلام قادر قطب قادری کنوینر کے بموجب مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر مرکزی انجمن قادریہ نگرانی کریں گے ۔ مولاناسید شاہ کاظم حسینی حیدر پاشاہ ، مولانا سید شاہ حیدر علی حسینی حیدر سجادہ نشین باقر نگر ، مولانا سید شاہ محمود پاشاہ باقری مہمانان خصوصی ہوں گے ۔۔

 

محفل قصیدہ بردہ شریف برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : جامعتہ المومنات کے زیر اہتمام 16 جنوری کو بعد نماز مغرب جامعتہ المومنات مغل پورہ میں محفل قصیدہ بردہ شریف مقرر ہے ۔ صدارت ڈاکٹر رضوانہ زرین کریں گی ۔۔

فیضان نور المشائخ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت نور المشائخ سید نوری شاہ صاحبؒ کے عرس شریف کے موقع پر زیر سرپرستی پیرزادہ سید محمد ناصر الدین جیلانی المعروف امر اء اللہ شاہ نوری چشتی قادری 16 جنوری کو بعد نماز ظہر علماء اور نبیرہ زادگان ، مقالہ جات پیش کریں گے ۔ بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ شریف و زیارت آثار شریفہ و بعد عشاء جلسہ عام ’ فیضان دادا پیر و پیران پیرؒ ‘ سے علماء و مشائخ مخاطب کریں گے ۔ سید اسرار اللہ شاہ کی تصنیف کردہ ’ اسرار محمدی ‘ جلد دوم کی رسم اجرائی عمل میں آئے گی ۔ 17 جنوری بعد نماز فجر ختم کلام پاک و پیشکشی چادر گل برمزار نور المشائخ عمل میں آئے گی ۔۔

 

مسجد عامرہ عابڈس میں
آج سالانہ جلسہ جشن میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : مصلیان مسجد عامرہ اسوسی ایشن و عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 16 جنوری کو بعد نماز عشاء مسجد عامرہ عابڈس پر سالانہ مرکزی جلسہ جشن میلاد النبیؐ مقرر ہے ۔ مولانا حسان فاروقی نگرانی کریں گے ۔ مفتی سید ضیا الدین نقشبندی قادری و مہمان مولانا محمد صادق رضوی ( ممبئی ) کے علاوہ مولانا محمد عرفان قادری کے خطابات ہوں گے ۔ مفتی محمد عبدالعزیز قادری شرفی نظامت کے فرائض انجام دینگے ۔ شہر حیدرآباد کے ممتاز ثنا خواں مرزا عارف اللہ بیگ ، اسد خاں قادری ، راشد عبدالرزاق نعت پاک پیش کریں گے ۔۔

جشن میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا مفتی عبدالعزیز قادری شرفی کے بموجب 16 جنوری کو بعد عشاء محمود نگر نزد مسجد رضا الہٰی حسن نگر میں مرکزی جلسہ جشن میلاد النبیؐ زیر نگرانی مولانا حسان فاروقی نگران سنی دعوت اسلامی منعقد ہوگا ۔ آغاز قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ اس جلسہ سے مولانا عرفان قادری مفتی عبدالعزیز قادری شرفی کے علاوہ بیرونی مہمان عالم دین مولانا محمد صادق رضوی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ ممبئی سے تشریف لائے ثنا خواں رسولؐ مولانا محمد رضا اشرفی بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ حافظ محمد حاجی نوری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ مولوی سید شاکر نوری سنت رسول پیش کریں گے ۔ نعت خواں مسرس مرزا عارف اللہ بیگ قادری ، اسد خاں قادری کے علاوہ مولوی سہیل نوری ، سید عثمان رضوی ، مولوی عاتک نوری نعت پاک پیش کرینگے ۔۔

 

عیدگاہ اجالے شاہؒ میں
جلسہ سیرت النبیؐ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبیؐ عیدگاہ حضرت سید اجالے شاہ صاحبؒ میں 16 جنوری کو منعقد ہوگا ۔ بعد نماز عشاء قاری محمد شوکت اللہ غوری کی قرات سے جلسے کا آغاز ہوگا ۔ حافظ محمد رشاد الدین ، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد ، جناب عبدالرقیب لطیفی اور جناب سید عبدالقادر ناصر خطاب کریں گے۔۔

گولکنڈہ میں آج جلسہ شان محمدؐ
و کردار عاشق رسولؐ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : مجلس سیرت النبیؐ و اتباع سنت گولکنڈہ قلعہ کے زیر اہتمام 16 جنوری کو بعد نماز عشاء جامع مسجد اشرفی بڑا بازار گولکنڈہ میں جلسہ شان محمدؐ و کردار عاشق رسولؐ مقرر ہے ۔ صدارت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی جب کہ نگرانی جناب مرزا باسط علی بیگ کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا پی ایم مزمل رشادی والا جاہی ہوں گے ۔ ان کے علاوہ حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی خطاب کریں گے ۔ اعزازی مہمان کی حیثیت سے مفتی سید آصف الدین ندوی ، مفتی عبدالمنعم فاروقی ، مولانا اسمعیل ذبیح اللہ عاقل حسامی شرکت اور مخاطب کریں گے ۔ نظامت کے فرائض حافظ خواجہ نذیر الدین خاں سبیلی انجام دیں گے ۔۔

 

مدرسہ مدینتہ العلوم کا آج سالانہ جلسہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : مدرسہ مدینتہ العلوم مدینہ مسجد بانو نگر کا سالانہ جلسہ 16 جنوری کو بعد عشاء مدینہ مسجد مانو نگر مادنا پیٹھ میں زیر نگرانی الحاج سید مبارک منعقد ہوگا ۔ مہمان خصوصی مولانا سید شاہ من اللہ العلوی شطاری ہوں گے ۔ جلسہ سے مولانا محمد عبدالمتین ، حافظ عبدالرحمن و دیگر مبلغین ، دعوت اسلامی کا سنتوں بھرا بیان ہوگا ۔ اور بعد نماز ظہر خواتین کے لیے جلسہ کا اہتمام صبح 9 تا 2 بجے دن دکن فنکشن ہال نئی روڈ مادنا پیٹ زیر نگرانی حافظہ رضوانہ زرین منعقد ہوںگا ۔ مفتیہ غوثیہ شاہدہ ، عالمہ خورشید جہاں اور عالمہ رفعت خاتون ، مفتیہ حافظہ سمیرا خاتون ، عالمہ محسنہ ناز ، ام نظیر عطاریہ کا خطاب ہو گا ۔۔

 

جلسہ میلاد النبیؐ و فیضان غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : جلسہ میلاد النبیؐ و فیضان غوث اعظم ؒ زیر نگرانی مولانا سید شاہ جاوید محی الدین قادری بمکان الحاج سید جہانگیر قادری ، اندرون قادری باغ ، عنبر پیٹ میں 12 جنوری کو بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی میں مولانا سید مرتضیٰ علی صوفی اور مولانا سید انوار اللہ قادری ہوں گے  جب کہ دیگر مقررین میں مولانا شاہ محمد ظہیر الدین قادری اور مولانا سید شاہ محمد حسینی قادری شامل ہیں ۔۔

 

عاشور خانہ حضرت قائم میں
سالانہ جشن رحمتہ للعالمینؐ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : ادارہ مرکز روحانی امان نگر تالاب کٹہ کے زیر اہتمام 17 جنوری کو بعد نماز عشاء عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ میں سالانہ جشن رحمتہ للعالمینؐ مقرر ہے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی بانی جشن نے کہا کہ اس مقدس محفل کے جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل مہمان خصوصی ہوں گے ۔ علماء و ذاکرین مولانا علی نقی نجفی ، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا ، الحاج سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ ، مفتی محمد مستان علی قادری ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، مولانا کامران حیدر ، جناب میر ہادی علی مخاطب کریں گے ۔ جشن کا آغاز قاری انیس احمد کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مسرس مجاہد علی خاں ، میر عباس علی سلیم ، سید حسن علی خاں رضوی اور میر ہادی علی نعت شریف پیش کریں گے ۔ شعرائے کرام بہ طرح ’ لب پر ثنائے احمد مختار چاہئے ‘ بارگاہ رسالت میں پیش کریں گے ۔ حضرت ابراہیم علی حامی ، اقبال عابدی ، مولانا سید غلام عسکری رشید ، مسرور عابدی ، ممتاز دانش ، رضا آفندی ، مظہر عابدی ، تقی عابدی گلبرگوگی ، قاری انیس احمد ، اقبال احمد اقبال ، انور جعفری ، کوثر رضوی ، میر رضا علی رضا ، تراب علی تراب ، معز صدیقی ، علی جواد شہپر ، مومن علی اکبر ، نور الدین امیر ، عباس علی سلیم ، عظمت علی عظمت ، شبیر علی خاں ، روشن علی ، سید مصطفی علی ، سہیل عظیم اور سلطان بن سلیم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ نگرانی مولانا سید دلدار حسین عابدی صدر ادارہ کریں گے اور نظامت کے فرائض جناب سید مہدی حسین رضوی انجام دیں گے ۔۔

 

ملت ایک صاحب بصیرت شخصیت سے محروم ، ملت کیلئے عظیم خسارہ
مولانا عبدالرحیم قریشی کے سانحہ ارتحال پر مولانا غوثوی شاہ کا تعزیتی بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری : ( راست ) : صدر آل انڈیا مسلم کانفرنس مولانا غوثوی شاہ نے جنرل سکریٹری و ترجمان مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا عبدالرحیم قریشی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا اور کہا کہ سرزمین دکن سے ایک ایسی شخصیت رخصت ہوگئی جو مذہبی ، سیاسی ، ملی ، سماجی ، تہذیبی اقدار کو ایک نئی جہت عطا کی تھی ۔ اس طرح ملت ایک صاحب بصیرت شخصیت سے محروم ہوگئی ہے جو کہ ملت کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے ۔ مولانا غوثوی شاہ نے مزید کہا کہ ان کے مولانا عبدالرحیم قریشی کے ساتھ گہرے مراسم تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالرحیم قریشی کی زندگی امن و انصاف کے قیام اور بقاء کی جدوجہد کا عملی نمونہ تھی ۔ مسلمانان دکن کے سیاسی و معاشرتی امور پر مولانا کی گہری نظر تھی ۔ مولانا عبدالرحیم قریشی ریاست و آندھرا پردیش کی ممتاز شخصیت قابل قدر ، ملنسار ، خوش اخلاق ، معتدل مزاج ، معاملہ فہم اور حوصلہ مند شخصیت تھے ۔ وہ بیک وقت ماہر قانون ، دانشور ، مورخ ، صحافی ، مدبر ، ماہر اقبالیات اور مفکر تعلیم تھے ۔ مولانا کی مذہبی ، ادبی ، سماجی اور ملی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ مرحوم اپنے اخلاص و انکساری کے باعث قوم میں ہر دلعزیز تھے ۔ مولانا غوثوی شاہ نے کہا کہ اس خلاء کا پر ہونا ناممکن ہے ۔ صدر آل انڈیا مسلم کانفرنس نے آخر میں پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں اعلی مقام عطاء فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔۔