مذہبی خبریں

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی خلیفہ حضرت ابوالفداء 14 جنوری کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

یوم وصال حضرت گنج انوارؒ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : سالانہ یوم وصال حضرت گنج انوار خواجہ شیخ محمد انور علی شاہ چشتی القادری حقانی افتخاریؒ 5 ربیع الثانی کو خانقاہ حقانیہ انواریہ واقع روبرو درگاہ شاہ راجو قتال حسینی ؒ شاہ نگر مصری گنج میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 17 جنوری کو بعد نماز مغرب محفل قصیدہ بردہ شریف منعقد ہوگی ۔ بعد نماز عشاء ختم خواجگان چشت ہوگی ۔ بعد ازاں مواعظم حسنہ ومحفل سماع منعقد ہوگی ۔ جانشین حضرت گنج انوارؒ مراسم انجام دیں گے اور محافل کی نگرانی کریں گے ۔۔

مجلس ذکر و سلوک
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ نزد سات گنبد میں 14 جنوری کو بعد نماز مغرب مجلس ذکر و سلوک منعقد ہوگی ۔ حافظ قاری محمد یونس جامعی کی تلاوت قرآن مجید سے مجلس کا آغاز ہوگا جب کہ دربار رسالت مآبؐ میں مولوی حافظ عبدالواسع قریشی اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نعت شریف سنائیں گے ۔ ذکر جہری سے قبل نگران مجلس حافظ محمد عبدالمقتدر قریشی کا اصلاحی و تربیتی خطاب ہوگا ۔۔

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 14 جنوری کو 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ قرات کلام پاک سے مرکزی اجتماع کا آغاز ہوگا ۔ مبلغین تحریک اسلامی نعت رسول ﷺ پیش کریں گے ۔ امیر تحریک مولانا محمد آصف بلال قادری کا ’ شان اولیاء ‘ پر خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس کے بعد ذکر جہری و دعا ہوگی ۔۔

ادبی اجلاس نعتیہ و منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی فلک نما و انجمن ترقی اردو عظیم تر حیدرآباد شاخ فاروق نگر کا ادبی اجلاس ، نعتیہ و منقبتی مشاعرہ 17 جنوری کو 4 بجے شام عبقری ولا فاروق نگر میں منعقد ہوگا ۔ ادبی اجلاس بعنوان ’ سیرت حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ ‘ رہے گا ۔ نگرانی صاحبزادہ میر وقار الدین علی خاں صدر سوسائٹی کریں گے ۔ مولانا محمد زعیم الدین حسامی کا خطاب ہوگا ۔ محمد مسعود فضلی صدر انجمن ترقی اردو عظیم تر حیدرآباد ، محمد عابد علی خاں ، سید فضل الحق رضوی ، سید امجد قادری ، شیخ محمد اسمعیل اور جہانگیر احساس مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ نعتیہ و منقبتی مشاعرہ کی نگرانی اسلم فرشوری ماہر نشریات کریں گے ۔۔

مجالس فیضان غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : الگیلانی عالمی سوسائٹی شاخ حلقہ یاقوت پورہ بمکان حضرت شیخ سالم باوزیر قادری چشتی روبرو مسجد ریتی چھاونی ناد علی بیگ خصوصی گیارہ مجالس فیضان غوث الاعظمؒ یکم تا 11 ربیع الثانی 9 ساعت شب مقرر ہے ۔ قرات کلام پاک حمد و نعت و منقبتیں و ذکرجہری اور تسبیحات و مناجات شجرہ غوثیہ اور حضرت مولانا شیخ سالم باوزیر قادری چشتی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ آخری شب 11 ربیع الثانی کو محفل سماع عمل میں آئے گا ۔۔

جلسہ شان محمدؐ و کردار عاشق رسولؐ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : مجلس سیرت النبیؐ و اتباع سنت گولکنڈہ قلعہ کے زیر اہتمام 16 جنوری کو بعد نماز عشاء جامع مسجد اشرفی بڑا بازار گولکنڈہ میں جلسہ شان محمدؐ و کردار عاشق رسولؐ مقررہے ۔ صدارت مولانا شاہ محمد جمال الرحمان مفتاحی اور نگرانی الحاج مرزا باسط علی بیگ کریں گے ۔ بنگلور کے مقرر مولانا پی ایم نرمل رشادی والا جاہی کے علاوہ مہمان مقرر مولانا محمد ذکی الدین خطاب کریں گے ۔ جب کہ اعزازی مہمان کی حیثیت سے مفتی سید آصف الدین ندوی ، مفتی عبدالمنعم فاروقی اور مولانا اسمعیل ذبیح اللہ عاقل حسامی شرکت کریں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری نصیر الدین منشاوی کی قرات کلام پاک اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کی نعت شریف سے ہوگا ۔۔

 

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 14 جنوری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ جلسہ کی کارروائی مفتی عبدالاحد عامر قاسمی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد یوسف کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

 

اسلام کا ایک مکمل نظام حیات : مولانا محمد زبیر احمد قاسمی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : ’ اسلام کا ایک مکمل نظام حیات ہے ، قرآن و سنت کے ذریعہ زندگی کے ایک ایک گوشے کو واضح کردیا گیا ہے اور مسلمانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے شب و روز اسلام کے عطا کردہ نظام حیات کے مطابق گذاریں ، عقائد و عبادات کے ساتھ معاملات و معاشرت حکومت و سیاست ، تجارت و صنعت اور دیگر تمام امور میں اسی نظام کو اپنا آئیڈیل اور نمونہ بنائیں ۔ وہ لوگ جو آخرت پر یقین رکھتے ہیں اور جن کو عنداللہ جواب دہی کا احساس ہے ان کے نزدیک وہی طریقہ قابل عمل ہونا چاہئے ، جس کی رہبری اسلام نے کی ہے ۔ اور جس کو قرآن و احادیث میں بیان کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد زبیر احمد قاسمی نائب صدر کل ہند ادارہ فکر و تحقیق نے مدرسہ عربیہ حشمت العلوم سلیمان نگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے ایک مکمل شریعت دی ہے بیچ سے اگر کوئی کڑی چھوٹ گئی تو اسلامی زندگی کا نظام بکھر جائے گا ۔ اسلام لانے کے بعد احکام اسلام کے ساتھ مذہب یہود کی بھی رعایت چاہتے تھے تاکہ دونوں مذہب پر عمل ہوجائے اور ایک ساتھ دونوں کے مقتضا کی رعایت ہوسکے ۔ اللہ تعالی نے اس کی تردید کرتے ہوئے اس پر اپنی ناگواری کا اظہار فرمایا اور یہ واضح کردیا کہ اسلام حصہ داری کو قبول نہیں کرسکتا ، اس کا ایک مکمل نظام اور دستور ہے جو حیات انسانی کے ہر گوشہ پر حاوی ہے ۔ اس کے ساتھ کسی اور دین ، کسی اور فلسفہ اور کسی نظریے کی پیوندکاری نبھ نہیں سکتی ، ایک سچا مسلمان بننے اور آخرت کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ باطن کے ساتھ ظاہر اور اعتقاد کے ساتھ عمل بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق ہو ، انسان کے ہر قول و عمل سے اسلام جھلکتا ہوا نظر آئے ، اپنی خواہش اور دنیوی زیب و زینت پر دین و شریعت کو ترجیح دی جائے گویا وہ احکام شریعت کے رنگ میں اس طرح رنگ جائے کہ اس کا وجود اسلام کی ترجمانی کرسکے ، آنکھ ، کان ، دل و دماغ ہر ایک شریعت کے سانچے میں ڈھل جائے ۔۔

 

بچوں کی تربیت آقائے کائنات کی سنتوں اور اسوہ حسنہ پر کرنے کا مشورہ
جشن میلاد النبیؐ برائے خواتین ، محترمہ سیدہ عطیہ فاطمہ و محترمہ نسیم سلطانہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے شعبہ نسواں کے زیر اہتمام سالانہ جشن میلاد النبیؐ ومحفل نعت برائے خواتین کا کل 11 بجے دن تاج منشن روپ لال بازار میں انعقاد عمل میں آیا ۔ جس کی نگرانی صدر شعبہ نسواں محترمہ نسیم سلطانہ کوثر نے کی ۔ قاریہ سیدہ عاتکہ فاطمہ کی قرات کلام پاک کے بعد تحسین عائشہ نے نعت پیش کی بعد ازاں نگران جلسہ نے اپنے افتتاحی خطاب کا اصلاح معاشرہ سے آغاز کیا اور کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی تربیت گاہ ہوتی ہے ۔ ہم اپنے بچوں کی تربیت آقائے کائناتؐ کی مبارک سنتوں اور اسوۂ حسنہ پر کریں ۔ بعد ازاں مہمان مقرر محترمہ سیدہ عطیہ فاطمہ ( معلمہ کلیات البنات ) نے آقائے کائناتؐ کے معجزات پر گفتگو کی ۔ بعد ازاں محفل نعت کا آغاز کیا گیا جس میں 25 سے زائد خواتین نے نعت پاک پیش کی جن میں ڈاکٹر کنیز فاطمہ ، شاہانہ ابراہیم ، نصرت بیگم ، سیدہ میمونہ ، عافیہ خان ، میمونہ خان ، سکینہ ، رفعت النساء ، نسرین فاطمہ ، آسیہ بیگم ، خواجہ بیگم ، ام حبیبہ ، نغمہ تاج ، سیدہ شیریں ، سیدہ محمودہ ، سیدہ ربانی ، سیدہ فرح ، مصباح بیگم ، بشریٰ بیگم، عائشہ بیگم اور دیگر شامل ہیں ۔ زاہدہ بیگم ، انیسہ اسحاق اور اشرف بیگم نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور بعد صلواۃ و سلام و دعا نگرانی محفل کے اس نورانی بزم کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

 

جشن ظہور
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : آستانہ حسینیہ شہزادی ام کلثوم نور الامراء میں 3 ربیع الاخر کو 9-30 بجے شب جشن ظہور مقرر ہے ۔ مسرس سید سرفراز حیدر نقوی ، سید کرار حیدر نقوی ، سید حسن عباس ہاشم عابدی قصیدہ خوانی کریں گے ۔۔

مجلس عزاء
٭٭    سید ذوالفقار علی عابدی کے بموجب مجلس عزاء 14 جنوری 9 بجے دن الاوہ سرطوق دارالشفاء میں مقرر ہیں ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی بیان کریں گے ۔ مظفر علی مجاہد خاں صدر انجمن الحسین الہند نوحہ خوانی کریں گے ۔ حسن علی خاں تراب علی مرثیہ خوانی کریں گے ۔۔

 

علم کی روشنی سے مستقبل کو سنوارنا طلبہ کی ذمہ داری
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : اولمپیاڈ ٹیلنٹ سرچ کی جانب سے منعقدہ مقابلاتی امتحان میں گائیڈنس اسکول کے 100 طلباء و طالبات نے انعامات اور میڈل حاصل کئے اور بیسٹ اسکول کا انعام بھی حاصل ہوا ۔ اس ضمن میں تعلیمی بیداری اور جہیز کی لعنت سے پاک سماج کے لیے طلباء وطالبات کے اہم رول کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر مہمان ڈاکٹر فیض احمد ، ڈاکٹر مختار احمد فردین ، ڈاکٹر علیم خاں فلکی ، جناب ریاض احمد قادری ، جناب جاوید نے گائیڈنس اسکول طالبہ محترمہ اقراء جو آج اعلی عہدے پر ہیں رول ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا ۔ ڈاکٹر فیض احمد نے خیر مقدمی تقریر کیے ۔ جب کہ مختار احمد فردین نے علم کی روشنی پر تقریر کی ۔ مہمانوں کے ہاتھوں ایوارڈس تقسیم کئے گئے ۔۔

 

دفتر سیاست پر رومن انگلش میں
سیرت النبیؐ کی کتاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : مکتبہ تعلیم بالغان اور ادارہ سیاست کے اشتراک سے کچھ عرصہ پہلے دینیات کی کتاب کی اشاعت عمل میں آئی تھی ۔ اور عوام الناس نے اس کی خوب پذیرائی کی ۔ اب ادارہ سیاست کے مخلصانہ تعاون سے رومن انگلش میں مختصر سیرت النبیؐ کی کتاب بنام ’ سیرت النبیؐ کی جھلکیاں ‘ جو 40 صفحات پر مشتمل ہے اور خاص کر عصری علوم یعنی اسکول و کالج کے طلباء کے لیے ترتیب دی گئی ہے کی اشاعت عمل میں آئی ہے ۔ یہ کتاب میں تقریبا 20 عناوین حضور اکرم ؐ سے متعلق درج ہیں ۔ جیسے سیرت النبیؐ ، درود کے فضائل ، ختم نبوت ، شفاعت ، توہین رسالت ، اہل بیت وغیرہ موجود ہیں ۔ آپؐ کی ذات مبارک تا قیامت ہمارے لیے نمونہ ہے اور اتباع کے لیے یہ بات ضروری ہے کہ ہم اپنے رول ماڈل یعنی حضرت محمدؐ کی سیرت کا بخوبی مطالعہ کریں ۔ خواہش مند حضرات یہ کتاب کو رعایتی قیمت صرف 20 روپئے میں دفتر سیاست عابڈس سے کام کے اوقات کے دوران حاصل کرسکتے ہیں نیز اہل ثروت حضرات کثیر مقدار میں حاصل کر کے اپنے اقارب میں تقسیم کر کے ثواب جاریہ کا ذریعہ بنائیں ۔۔

 

سالانہ جشن رحمتہ للعالمینؐ
مولانا سید دلدار حسین عابدی کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( راست ) : ادارہ مرکز روحانی امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ کے زیر اہتمام 17 جنوری کو بعد نماز عشاء عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ میں سالانہ جشن رحمتہ للعالمینؐ مقرر ہے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی بانی جشن نے کہا کہ اس مقدس محفل کو جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل ، مہمان خصوصی ہوں گے اور مندرجہ ذیل علماء و ذاکرین مولانا علی نقی نجفی ، مولانا سید نثار حسین حیدر آقا ، الحاج سید شاہ حامد حسین شطاری ( ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ ) ، ڈاکٹر حافظ محمد مستان علی قادری ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، مولانا کامران حیدر اور جناب میر ہادی علی مخاطب کریں گے ۔ جشن کا آغاز قاری جناب انیس احمد کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ جناب مظفر علی مجاہد خاں ، میر عباس علی سلیم ، جناب سید حسن علی خاں رضوی اور جناب میر ہادی علی نعت شریف پیش کریں گے ۔ اس مقدس نورانی محفل کو مندرجہ ذیل شعرائے کرام بہ طرح ’ لب پر ثنائے احمد مختار چاہئے ‘ بارگاہ رسالت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ مسرس ابراہیم علی حامی ، اقبال عابدی ، مولانا سید غلام عسکری رشید ، مسرور عابدی ، ممتاز دانش ، رضا آفندی ، مظہر عابدی ، تقی عابدی گلبرگوی ، قاری انیس احمد ، اقبال احمد اقبال ، انور جعفری ، کوثر رضوی ، میر رضا علی ، تراب علی ، معز صدیقی ، علی جواد شہپر ، مومن علی اکبر ، نورالدین امیر ، عباس علی سلیم ، عظمت علی عظمت ، شبیر علی خان شبیر ، روشن علی روشن ، سید مصطفی علی سید ، سہیل عظیم اور سلطان بن سلیم کلام پیش کریں گے ۔ جشن کی نگرانی مولانا سید دلدار حسین عابدی صدر ادارہ مرکز روحانی کریں گے اور نظامت کے فرائض جناب سید مہدی حسین رضوی انجام دیں گے ۔۔