مذہبی خبریں

حجاب ، عورت کی حفاظت کا بہترین ذریعہ
اردو گھر میں جامعتہ المومنات کا جشن تاسیس ، علامہ اختر عباس جون کا خطاب
حیدرآباد۔9ڈسمبر(سیاست نیوز) قومی سطح پر بدلتی دنیا اور مسلم خواتین کا رول کے عنوان سے منعقدہ قومی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اختر عباس جون اسکالر جامعتہ المصطفیٰ العالیہ ایران نے کہاکہ اسلام میںعورت کے لئے حجاب کی تلقین اس کو قید کرنے کے لئے نہیں بلکہ عزت بخشنے کے لئے کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات خود اس کی بات کی دلیل پیش کررہے ہیں مذہب اسلام میں عورت کے لئے جوحجاب کی تلقین کی گئی ہے وہ عورت کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہے۔ آج یہاں اُردو گھر مغل پورہ میںجامعتہ المومنات کی پچیس سالہ جشن تاسیس کے ضمن میںمنعقدہ قومی سمینار بزبان اُردو ‘ فارسی میںمہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے مولاناجون نے کہاکہ اسلام میںصرف عورت کو حجاب کی تلقین نہیں کی گئی ہے بلکہ حجاب کے زمرے میںمرد کو بھی رکھا گیا ہے او رمرد کا حجاب اس کی آنکھوں میںجبکہ عورت کا حجاب اس کے لباس میںہوتا ہے۔علامہ اختر عباس جون نے کسی بھی کام میںافراط اور تفریط کی شدت کیساتھ مخالفت کی او رکہاکہ خواتین کو انسان نہ سمجھنایا پھر آزادی کے نام پرخواتین کو ٹیلی ویثرن کی زینت بنادینا افراط و تفریط ہے جس سے اجتناب ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں مقامات پر جس چیز کو روکنے کی کوشش کی گئی وہ عورت کا احترام ہے ۔ علامہ جون نے کہاکہ اسلامی کلچرل کے فروغ اور آنے والی نسلو ں تک مذکورہ کلچر کو پہنچانے میںخواتین اہم رول ادا کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مغربی تہذیب کے ذریعہ فراہم کی گئی منزل خواتین کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عریاں تصاویر کے ذریعہ خواتین کو معیشت او ر اشتہار کے لئے استعمال کیاجانا خواتین کا شیوہ نہیں ہے ۔ رکن قانون ساز کونسل و ٹی آر ایس قائد الحاج محمد سلیم نے سمینا رسے خطاب کرتے ہوئے کہا مذہب اسلام میں جو مقام خواتین کوحاصل ہے وہ دنیا کے کسی دوسرے مذہب میںنہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عورت کی گود کو اس کے بچے کی پہلی درسگاہ کہا گیا ہے ۔ فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل وسینئر قائد کانگریس پارٹی نے بھی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کے ساتھ انصاف کا سب سے پہلا درس مذہب اسلام نے دنیا میںعام کیاہے۔ انہوںنے دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی حاصل کرنے کا خواتین کومشورہ دیا۔زیر سرپرستی مولاناسید شاہ درویش محی الدین قادری مرتضیٰ پاشاہ صدر اسلامی مدارس بورڈ‘ علامہ مولانا مفتی محمد حسن الدین نقشبندی صدر مفتی جامعتہ المومنات‘ پروفیسر ایس اے شکور ‘ مولانامفتی صادق محی الدین فہیم رکن میریج کونسل تلنگانہ اسٹیٹ‘مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری نے بھی اس سمینار سے خطاب کیا۔سمینار کا آغاز ڈاکٹرحافظ محمد صابرپاشاہ قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا اور الحاج محمد خلیل اللہ قریشی نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر نایاب حکایتیں ‘ گنجینہ حکایات‘ مخصوص دعائیں کتب کی رسم اجرائی بھی انجام دی گئی۔ او رمختلف مقابلے بزبان اُردو اور فارسی بھی پیش کئے گئے۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 10 دسمبر کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ ، شکرگنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضرت ابوالفضل شاہ سید اسمعیل حسینی القادری الملتانی کا عرس شریف 10 دسمبر بروز جمعرات کو زیر سرپرستی حضرت ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری الملتانی سجادہ نشین درگاہ پیر قطب المشائخ حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی محقق امام پورہ شریف مقرر ہے ۔ تقاریب عرس شریف کا آغاز قیام گاہ سجادہ نشین محلہ سمتا کالونی بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و ختم سے ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف برمزار معز گل افشانی و فاتحہ ہوگی ۔۔
٭٭    عرس شریف حضرت خواجہ سید امیر الدین شاہ چشتی مرزائی قلندریؒ واقع آغا پورہ اندرون درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ میں 8 تا 10 ربیع الاول کو مقرر ہے ۔ 8 ربیع الاول کو صندل شریف 9 ربیع الاول کو چراغاں میں محفل سماع ہوگی ۔ 10 ربیع الاول کو ختم شریف و سماع قل ہوگی ۔۔
٭٭    حضرت نعمت نواز خواجہ ابوالوفاء محمد اشرف الدین اشرف خالدی قادری چشتیؒ کا عرس شریف بروز جمعرات 10 دسمبر کو مقرر ہے ۔ مراسم صندل سجادہ نشین و جانشین مولانا شاہ محمد نجم الدین ناصر اشرفی و شمسی انجام دیںگے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 10 دسمبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد فضل الرحمن محمود مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

مسجد چوک میں یوم مجدد الف ثانیؒ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) : سالانہ جلسہ امام ربانی مجدد الف ثانی شیخ احمد سرہندی فاروقی نقشبندیؒ جامع مسجد چوک میں بعد نماز جمعہ 11 دسمبر کو مقرر ہے ۔ مفتی محمد عظیم الدین سرپرستی کریں گے ۔ مولانا محمد خواجہ شریف صدارت کریں گے ۔ داعی و نگران مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری چشتی قادری افتتاحی و تعارفی خطاب کرینگے ۔ مفتی محمد مجیب خاں نقشبندی ’ تعلیمات و ارشادات مجددیہ ‘ پر خصوصی خطاب کریں گے ۔۔

 

مسلم پرسنل لاء بورڈ و تنظیم بنت حرم کا جلسہ دین و دستور بچاؤ تحریک
ہفتہ کو اردو مسکن میں مقرر ، مشائخین عظام ، علمائے دین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا جلسہ عام بعنوان ’ دین و دستور بچاؤ تحریک ‘ 12 دسمبر بروز ہفتہ کو صبح 10 تا 2 بجے دن ، اردو مسکن خلوت مقرر ہے ۔ جلسے کا آغاز جناب شیخ سہیل منصوری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ طالبہ مدرسہ بنات الحرم مہر فاطمہ حمد باری تعالیٰ اور نرگس بیگم نعت شریف پیش کریں گی ۔ اس جلسے سے مولانا محمد عبدالرحیم قریشی ( صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت و سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) ، مولانا سید قبول پاشاہ شطاری ( جانشین حضرت کامل شطاریؒ و ممبر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) ، مفتی سید خلیل احمد ( شیخ الجامعہ نظامیہ ) ، مفتی سید محمد صادق محی الدین فہیم ( جامعہ نظامیہ ) ، مولانا سید شاہ فضل اللہ موسوی قادری ( سجادہ نشین درگاہ حضرت موسیٰ قادریؒ ) ، مولانا سید شاہ ندیم اللہ حسینی ( جانشین درگاہ شاہ راجو قتال حسینیؒ ) ، مولانا سید شاہ ابراہیم قادری فاروق پاشاہ زرین کلاہ ( سجادہ نشین درگاہ سید قبول پاشاہ قادری زرین کلاہؒ ) ، مولانا سید حامد محمد قادری ( درگاہ حضرت یحییٰ پاشاہ ؒ ) ، مولانا محمد رحیم الدین انصاری ( رکن عاملہ آل انڈیا پرسنل لا بورڈ و ناظم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد ) اور مولاناسید حیدر علی حسینی قادری (حیدر پاشاہ ) ، اس کے علاوہ محترمہ صبیحہ صدیقی ( صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) اور محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی ( معتمد تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) بھی مخاطب کریں گی ۔ نظامت کے فرائض جناب حبیب عبدالرحمن الحامد اسلامک اسکالر انجام دیں گے ۔ خواتین و طالبات سے شرکت کی گذارش ہے ۔۔

جامعہ نظامیہ ایک عظیم عالم دین ، مشفق استاذ سے محروم
حضرت عبداللہ قریشی الازہری کے وصال پر مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین کا تعزیتی بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ کے جلیل القدر فرزند ، بلند پایہ ادیب ، عالم دین مصباح القراء حضرت مولانا حافظ محمد عبداللہ قریشی الازہری نائب شیخ الجامعہ و خطیب مکہ مسجد کے سانحہ ارتحال پر مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ نے انتہائی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ مولانا کی شخصیت عالم اسلام میں بے حد مقبول تھی جامعہ ازہر مصر کے علماء جب بھی حیدرآباد تشریف لاتے مولانا سے ملاقات کرتے اور آپ کی دینی علمی قابلیت کے معترف ہوتے حضرت کی علمی ، تحقیقی ، خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ لمحہ آخر تک قرات قرآن کی تعلیم میں مصروف رہے ۔ امیر جامعہ نے کہا کہ مولانا مرحوم بلند پایہ عالم دین ، ادیب و خطیب ، جلیل القدر حافظ و قاری تھے ۔ جامعہ نظامیہ میں تادم حیات درس و تدریس میں مصروف رہے ۔ آپ علماء و عوام ، مشائخ و خواص اور طلبہ میں مقبول تھے ۔ تعلیم و تربیت علمی و فکری بیداری اور مذہبی ماحول نوجوان نسل میں پیدا کرنے ہمیشہ آپ مصروف رہے ۔ حضرت نے حیدرآباد میں تجوید و قرآن کی تعلیم کا نظم کیا ۔ آپ نہ صرف عالم دین بلکہ ایک عاشق رسول تھے ، عالم اسلام کے معروف علماء اعلام آپ کے تبحر علمی کے معترف رہے ہیں ۔ جامعہ ازہر ( مصر ) کے نائب رئیس شیخ سید ابراہیم صلاح الھدھد جو خالص عربی النسل ہیں اپنے حالیہ دورہ حیدرآباد میں برملا اس بات کا اعتراف کیا ۔ مولانا عربی ادب کے ماہر ادیب ہیں ۔ مولانا کے وصال سے جامعہ نظامیہ ایک عظیم عالم دین ، مشفق استاذ سے محروم ہوگیا ۔ بارگاہ رب العزت میں دعا ہے کہ مرحوم کو اعلی علیین میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔۔

 

ہاکی گراونڈ پر ایک روزہ ریاستی سنی کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( راست ) : تحریک صدائے اسلام کے زیر اہتمام 20 دسمبر صبح 8 تا 8 بجے شب ہاکی گراونڈ مانصاحب ٹینک پر مرد و خواتین کے لیے ایک روزہ ریاستی سنی کانفرنس منعقد ہے ۔ سرپرستی حضرت شیخ تاج الدین جنیدی سجادہ نشین شیخ روضہ گلبرگہ شریف ، صدارت مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ و نگرانی حضرت سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی کریں گے ۔ تحریک نے بیرونی و مقامی علماء کو خطابات کے لیے دعوت دی جس پر علماء عظام نے رضا مندی کا اظہار کیا ۔ جس خصوصی طور پر پردے کے علاوہ بڑے پروجکٹرس نصب کئے جائیں گے ۔ شرکائے کانفرنس کے لیے صبح سے ہی طعام کی مکمل مفت سہولت کا نظم رہے گا ۔ پارکنگ کے لیے بڑے پیمانے پر بندوبست کیا جارہا ہے ۔ اضلاع کے شرکائے اجلاس کے لیے قیام و طعام کا مفت انتظام 19 تاریخ کی رات سے سرفراز فنکشن ہال میں رہے گا ۔۔