مذہبی خبریں

بضمن جلسہ جشن رحمتہ للعالمینﷺ مرکزی سیرت کمیٹی کا آج اجلاس
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : معتمد مرکزی سیرت کمیٹی محمدی لائن سکنڈلانسر جناب سید صادق علی کے بموجب 26 نومبر جمعرات کو بعد نماز عشاء مرکزی سیرت کمیٹی کا بضمن جلسہ جشن رحمتہ للعالمینﷺ دفتر کمیٹی واقع محمدی لائن سکنڈلانسر میں جناب محمد غوث قادری ( ایم جے پی ) کی صدارت میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوگا ۔ جس میں پروگرام کے لائحہ عمل کو قطعیت دیا جائیگا ۔ معتمد مرکزی سیرت کمیٹی محمدی لائن نے تمام ارکان کمیٹی سے مقررہ وقت پر شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد لجنتہ العلماء اے پی کے بموجب 26 نومبر بروز جمعرات مولانا عبدالملک المظاہری بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں اور مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دینگے ۔۔

سنی مرکز میں تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 26 نومبر کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ حلقہ لگائے جائیں گے ۔ حلقوں میں مبلغین مختلف دعائیں یاد کروائیں گے بعد ازاں قیام اللیل ہوگا ۔ شرکائے اجتماع رات سنی مرکز میں قیام کریں گے اور اذان فجر سے قبل تہجد کی نماز ہوگی اور اذان کے بعد علاقے میں صدائے فجر لگائی جائے گی ۔ نماز فجر کے بعد مختصر بیان ہوگا ۔ اس اجتماع کی نگرانی مولانا محمد فاروق قادری کریں گے ۔۔

جلسہ قرات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی قبلہؒ نبیرہ خواجہ دکن سیدنا بندہ نواز گیسودرازؒ کے سلسلے میں ایک جلسہ قرات پاک زیر نگرانی مولانا عبداللہ قریشی الازہری 26 نومبر بروز جمعرات آستانہ عالیہ واقع بیرون فتح دروازہ مصری گنج بوقت بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ قراء حضرات قرات کلام پاک سنائیں گے ۔۔

محفل سماع
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : حضرت شاہ محمد صدیقی سوداگرؒ کی ماہانہ فاتحہ و محفل سماع 14 صفر بروز جمعہ بعد نماز عشاء خواجہ پہاڑی تاڑبن میں مقرر ہے ۔ جناب شاہ ساجد صدیقی چشتی و قادری مرزائی نگرانی کریں گے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : حضرت شاہ محمد صدیقی سوداگر قبلہ کے خلیفہ حضرت سید شاہ محمد قبلہ چشتی واقع خواجہ پہاڑی تاڑبن میں دو روزہ عرس شریف 26 نومبر کو بعد نماز مغرب صندل مبارک دفتر نیشنل مرکزی جمعیت القریش تاڑبن سے برآمد ہوگا جو درگاہ شریف خواجہ پہاڑی کمان باب العظمت پہنچے گا بعد نماز عشاء محفل سماع صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ 27 نومبر کو 10 بجے دن ختم شریف و محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس سجادہ نشین خواجہ پہاڑی کی سرپرستی میں انجام دیں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 26 نومبر بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

حلقہ ذکر جہری
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : خانقاہ نوریہ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں 26 نومبر کو بعد نماز عشاء حلقہ ذکر جہری مقرر ہے ۔ مولانا محمد ابرار اللہ شاہ نوری اور مولانا محمد سلطان علی شاہ نوری کا خطاب ہوگا ۔۔

مرکز خدمت خلق میں
آج مجلس ذکر و سلوک
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : خانقاہ چشتیہ صابریہ حسینیہ مرکز خدمت خلق کوہ نور کالونی الکاپور روڈ نزد سات گنبد میں جمعرات 26 نومبر کو بعد نماز مغرب دوسری اصلاحی و تربیتی مجلس مجلس ذکر و سلوک منعقد ہوگی ۔ حافظ قاری محمد یونس جامعی کی تلاوت قرآن مجید سے مجلس کا آغاز ہوگا اور حافظ عبدالواسع قریشی اور یوسف خان اعجاز دربار رسالت مآبؐ میں نعت شریف سنائیں گے ۔ ذکر جہری سے قبل نگران مجلس حافظ قاری محمد عبدالمقتدر قریشی چشتی صابری نبیرہ حضرت قطب دکنؒ بانی و سکریٹری مرکز خدمت خلق کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس موقع پر خادم قوم و ملت کے ہاتھوں ’ مرکز خدمت خلق کیلنڈر 2016 ‘ کا رسم اجراء بھی عمل میں آئے گا ۔۔

مقامات مقدمہ کو روانگی
حیدرآباد /25 نومبر ( راست ) بانی و صدر انجمن عون و محمد جناب سید حیدر عباس عابدی 26 نومبر کو 12 بجے شب بذریعہ طیارہ زیارات مقامات مقدسہ عراق و ایران کیلئے روانہ ہوں گے ۔ جن کی واپسی 4 ربیع الاول کو ہوگی ۔

 

مرکزی جلسہ عید میلاد النبیؐ کے
استقبالیہ کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : مرکزی جلسہ عید میلاد النبیؐ کی تیاری کے سلسلہ میں کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کا ایک اجلاس مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت منعقد ہوا ۔ جس میں مختلف امور پر گفتگو کی گئی ۔ اور 12 ربیع المنور کو میلاد میدان خلوت صبح 10 بجے مرکزی جلسہ عید میلاد النبیؐ منعقد کرنا طئے پایا ۔ ان تمام کاموں کی ذمہ داری کے لیے استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں صدر استقبالیہ کی حیثیت سے جناب محمد بن علی چشتی پاشاہ بھائی نائب صدر جناب محمد عبدالقدیر ملتانی معتمد استقبالیہ جناب نوید بیابانی کا انتخاب عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں مولانا سید حامد الحسن کلیمی ، مولانا حافظ محمد امجد نقشبندی ، جناب مرزا شاہنواز بیگ قادری ایڈوکیٹ ، جناب محمد علی قیصر قادری ایڈوکیٹ ، مولانا محمد باقر علی صدیقی قادری ، مولانا سید عبدالواسع نقشبندی ، جناب صلاح الدین حسن شرفی ، جناب سید مجاہد ملتانی ، جناب سید مطاہر ملتانی ، جناب علی بن محمد ، جناب سید علیم الدین شمس بابا ، جناب ابوبکر بن محمد ، جناب مظہر اللہ قادری نے شرکت کی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : تقاریب عرس شریف حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی قبلہؒ کا آغاز 26 نومبر بروز جمعرات بعد نماز عصر رسم پرچم کشائی ہوگی ۔ بعد نماز مغرب ختم خواجگان اور جلسہ قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ جس کی نگرانی علامہ قاری عبداللہ قریشی الازہری کریں گے ۔ 27 نومبر بروز جمعہ بعد نماز مغرب جلوس صندل مبارک بارگاہ حضرت سید شاہ اکبر محمد محمد الحسینی قبلہؒ واقع بیرون غازی بنڈہ سے روانہ ہو کر آستانہ عالیہ مصری گنج کو پہنچے گا ۔ بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا ۔ جس کو مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، مولانا سید عزیز اللہ قادری کا خطاب ہوگا ۔ اس کے بعد قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری کے زیر صدارت نعتیہ غیر طرحی مشاعرہ ہوگا ۔ 28 نومبر بعد نماز فجر مراسم صندل مالی بدست حضرت سید شاہ ندیم اللہ حسینی سجادہ نشین عمل میں آئیں گی ۔ بعد نماز مغرب مجلس مذاکرات زیر نگرانی مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ منعقد ہوگی ۔ 10 بجے شب محفل چراغاں ضربات رفاعیہ و سماع منعقد ہوگا ۔ 29 نومبر بروز اتوار 8-30 بجے صبح ختم قرآن مجید 10 بجے محفل قل سماع کے ساتھ تقاریب عرس شریف کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

 

تقریری مقابلہ جات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : دینی تعلیمی و صنعتی تنظیم کی گولڈن جوبلی تقاریب کے ضمن میں 26 نومبر کو آفیسرس میس فنکشن پلازہ ملک پیٹ میں تقریری مقابلہ جات منعقد ہوں گے ۔ ڈگری و جونیر کالج کی طالبات کا مقابلہ 9-30 بجے سے ہوگا ۔ جب کہ طلباء گروپ کے تحت ڈگری و جونیر کالج کے طلباء کا مقابلہ 1-30 بجے دن سے ہوگا ۔ تمام شرکاء مقابلہ جات وقت سے آدھا گھنٹہ قبل انچارج مقابلہ جات رومانہ فاطمہ کو رپورٹ کریں ۔۔

 

جلسہ یاد حضرت سیدنا شاہ افضل بیابانی و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( راست ) : معتمد نشر و اشاعت تشکیل انور رزاقی کے بموجب بزم فیضان رضوان کے زیر اہتمام یاد حضرت سیدنا شاہ افضل بیابانی رضوانؒ بزرگان دین قاضی پیٹ کی ضمن میں جلسہ اور غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ بروز جمعرات 3 دسمبر کو 7 بجے شام اردو گھر مغل پورہ میں منعقد ہوگا ۔ جلسہ کی صدارت مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری کرینگے ۔ مہمان مقررین مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید افضل حسینی بیابانی سجادہ نشین پیر تجلی شاہ بیابانی اور مولانا محمد زعیم الدین حسامی ہوں گے ۔۔

 

اسلام میں انسانی اقدار اور روا داری کی تعلیم
فلسفہ شہادت پر مذاکرہ ، حبیب عبدالرحمن الحامد ، ضیا عرفان حسامی اور ڈاکٹر راہی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : معرکہ کربلا حق و باطل کا معرکہ امام حسینؓ نے اپنا سرکٹا کر دین اسلام کو زندہ رکھا ، فلسفہ شہادت کے زیر عنوان بزم انوار سخن چشتی چمن کے مذاکرے سے جو 21 نومبر کو خانقاہ چشتیہ سنجریہ افتخاریہ روبرو جامع مسجد حضرت وطنؒ چشتی چمن میں منعقد ہوا تھا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد نے کہا کہ اہل بیت اطہار اور امام حسینؓ کی قربانیوں ہی کا ثمرہ ہے جو آج دین اسلام دنیا میں زندہ ہے ۔ آج اسوہ حسینی پر صدق دل سے عمل آوری کی ضرورت ہے تاکہ مسلمان سر اٹھا کر جی سکیں ۔ باطل طاقتوں کے خلاف صف آراء ہو کر دین و دنیا میں سرخروی ، کامیابی و کامرانی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ مولانا ضیا عرفان حسامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حق و صداقت کے راستے پر چل کر ہی کامیابی وکامرانی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اسلام امن و آتشی ، مہر و محبت ، انسانی اقدار اور روا داری کی تعلیم دیتا ہے ۔ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق و علاقہ ہرگز نہیں ہے ۔ اسلام آپسی بھائی چارہ اخلاق و ایثار کو فروغ دیتا ہے ۔ فلسفہ شہادت سے ہمیں یہی درس ملتا ہے ۔ انسانیت کی بقاء کے لیے دین کی سلامتی کے لیے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہم کو ہمہ تن مصروف ہوجانا چاہئے ۔ جناب یوسف روش نے امام حسینؓ کی شہادت باطل کے مقابل حق کی فتح قرار دیا اور کہا کہ امام حسینؓ کی اپنے 72 ساتھیوں کے ساتھ دین اسلام کی بقاء کے لیے دی گئی قربانی سے ہم کو یہی درس ملتا ہے کہ ہم حق و صداقت کی راہ پر چلتے ہوئے باطل کے مقابل صف آراء ہوجائیں ۔ اپنے آپ کو حسینی کردار میں ڈھال لیں ۔ دین سے دوری ہمیں دنیا بھر میں ذلیل و خوار ناکام و نامراد کررہی ہے ۔ ڈاکٹر راہی نے اپنے کلیدی نوٹ سے مذاکرے کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی تاریخ ہی شہادت سے عبارت ہے ۔ اسلام کی تاریخ کا آغاز بھی شہادت سے ہوتا ہے اور اس کا اختتام قربانی پر ہوتا ہے ۔ شہادت حسینؓ ساری انسانیت کے لیے ایک درس ہے ایک پیغام ہے شہادت حسین فقط آنسو بہانے یا آہ و بکا کے لیے نہیں ہے ۔ باطل طاقتوں کے خلاف ڈٹ جانے اور صف آراء ہونے کا درس دیتی ہے ۔ ہر مقصد کے حصول کے لیے قربانی اولین شرط ہے ۔ انیس احمد انیس کی قرات جلال عارف کی نعت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا ۔ بعد ازاں منقبتی مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں صدر مشاعرہ جلال عارف ، ڈاکٹر نعیم سلیم ورنگلی ، ضیا عرفان حسامی ، ڈاکٹر راہی ، انیس احمد انیس ، خلش حیدرآبادی ، گوئنداکشے ، یوسف روش نے اپنا کلام سناکر داد حاصل کی ۔ ڈاکٹر راہی نے نظامت کی ۔ آخر میں جدید شاعر جناب اثر غوری کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی قرار داد پیش کی گئی اور دعائے مغفرت کی گئی ۔۔