مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد لجنتہ العلماء اے پی کے بموجب 13 نومبر جمعرات کو مولانا عبدالملک المظاہری بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں جب کہ مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دیں گے ۔۔

حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے
عرس شریف کا اختتام
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( راست ) : محبوب الہ حضرت خواجہ مرزا چشتی ؒ کا عرس شریف 14 تا 17 نومبر درگاہ حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں زیرنگرانی مولانا افضل مرزا محبوبی چشتی منعقد ہوا ۔ 14 نومبر کو سجادہ نشین نے مراسم غسل شریف ادا کئے ۔ 15 نومبر کو آمنہ محبوب منزل نلہ کنٹہ سے جلوس صندل شریف برآمد ہوا ۔ 8-30 بجے شب درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر پہنچا ۔ ڈھائی بجے شب مراسم صندل مالی ادا کئے تمام شب میلاد شریف ہوا ۔ 16نومبر کو چراغ چشتیاں و جلسہ فیضان اولیاء جس کو الحاج قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمعیت المشائخ نے مخاطب کیا ۔ سماع کی محفل رات تین بجے تک منعقد ہوئی ۔ 17 نومبر کو صبح 9 بجے تک ختم قرآن و سماع کی محفل تین بجے تک منعقد ہوئی ۔ قل کی محفل بعد مغرب منعقد ہوئی ۔ دوران عرس شریف مشائخ عظام علمائے کرام نے شرکت کی ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 19 نومبر کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد فاروق قادری ’ ماہ صفر کی حقیقت ‘ پر خطاب کریں گے ۔۔

اثر غوری کا آج تعزیتی جلسہ
و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : ادارہ ادب صادق کا جلسہ و نعتیہ مشاعرہ 19 نومبر 6-30 بجے شام سہیل منشن پلر نمبر 17 مہدی پٹنم میں منعقد ہوگا ۔ ادبی اجلاس کی صدارت جناب رحیم اللہ خاں نیازی کریں گے اور مشاعرے کی صدارت جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں محبوب نگر کی ہوگی ۔ نظامت بانی و صدر ادارہ ادب صادق ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق کریں گے ۔ جناب اثر غوری کا تعزیتی جلسہ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ فرزند اثر غوری محمد انتخاب عالم غوری مہمان اعزازی ہوں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 19 نومبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ حضرت سید ومیض احمد ندوی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30بجے ہوگی ۔۔

 

سیرت کوئز مقابلہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( راست ) : مقابلہ سیرت کوئز 19 دسمبر بروز ہفتہ اور 20 دسمبر اتوار کو صبح 10 تا 1 بجے دن منعقد ہوگا ۔ مقابلہ میں دینی مدارس ، اسکولس ، جونیر و ڈگری کالجس ، عصری و دینی جامعات کے طلبہ و طالبات حصہ لے سکتے ہیں ۔ مقابلہ کی تیاری کے لیے کتاب سیرت کوئز بزبان اردو اور انگلش فراہم کی جائے گی ۔ اسکولس و کالجس کے طلبہ و طالبات کے لیے ان کے ہی اسکولس و کالجس میں سنٹرس بنائے جائیں گے ۔ مقابلہ کے لیے عمر کے لحاظ سے چار گروپ بنائے گئے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9703868647 یا 9703868619 پر ربط کریں ۔۔

 

باطل طاقتوں سے مایوس نہ ہونے کا مشورہ ، خود اعتمادی و عزم مصمم پر زور
مسجد عزیزیہ میں جماعت اسلامی کا اجتماع ، جناب عبدالجبار صدیقی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( دکن نیوز ) : ہندوستان جس کو انگریزوں کی غلامی سے یہاں کے تمام طبقات کے افراد نے مل کر اس لیے آزاد کروایا تھا کہ مغربی افکار و خیال کے پرچم تلے اپنی زندگی نہیں گذار سکیں گے ۔ اس لیے کہ اس ملک میں ایک قوم نہیں بلکہ تمام طبقات و اقوام شیر و شکر کی طرح عرصہ دراز سے زندگی بسر کررہے ہیں ۔ اس ملک میں سات مذاہب کے افراد ہزاروں سالوں سے زندگی بسر کررہے ہیں اور گنگا جمنی تہذیب عرصہ دراز سے چل رہی ہے جس کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ برادران وطن کے ساتھ اس ملک میں مسلمان کل آبادی کے پانچویں حصہ پر محیط ہیں ۔ انہیں دل خوش نعروں اور تنگ نظر پروگراموں کے ذریعہ متاثر نہیں کیا جاسکتا ۔ لوجہاد ، گھر واپسی اور دیگر عنوانات کو لئیے ایسے فتنے آتے رہیں گے ۔ ان کے بلند بانگ دعوؤں اور وعدوں سے کچھ حاصل نہ ہوگا جب کہ مسلمان اس بات کا مصمم ارادہ کرلیں کہ جس دین کو ہم نے اپنایا ہے اس میں پورے کے پورے داخل ہوجائیں ۔ ان خیالات کا اظہار عبدالجبار صدیقی رکن مرکزی مجلس نمائندگان جماعت اسلامی ہند نے مسجد عزیزیہ کے کانفرنس ہال میں ہفتہ واری اجتماع عام سے کیا ۔ اس اجتماع کی نگرانی طارق منیر امیر مقامی جماعت اسلامی ہند نامپلی نے کی ۔ عبدالجبار صدیقی نے ’ عدم روا داری اور ملک کا مستقبل ‘ کے موضوع پر تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ باطل طاقتوں کی زور زبردستی اور ان کی ہٹ دھرمی سے چنداں فکر مند و مایوس نہ ہوں بلکہ اپنے میں عزم مصمم پیدا کریں ۔ موجودہ دور جو اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑانے کے درپے ہے ۔ ان اخلاقی گراوٹ کو دور کرتے ہوئے اسلام کو مکمل ضابطہ حیات کے طور پر قبول کرنے کے لیے تیار ہوجائیں ۔ قرات کلام پاک و ترجمانی سے اجتماع کا آغاز ہوا ۔۔

اسلامی پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت
جماعت اسلامی کا تربیتی پروگرام ، مولوی سید تنویر احمد و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( دکن نیوز ) : اسلام کے پیغام میں یہ بات پوشیدہ ہے کہ یہ دین اپنے تمام احکامات و ہدایات کو صرف اپنی حد تک محدود نہیں رکھتا بلکہ وہ اس بات کا متقاضی ہے کہ اس کی دعوت بندگان خدا تک پہنچائے ۔ اس اعتبار سے ایک دوسرے کے درمیان ربط و تعلقات کو پیدا کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے ۔ اللہ کے رسولؐ کی زبانی تو مسلمانوں کو اس بات کی تعلیم دی گئی کہ قرآن و حدیث اور اسلامی معلومات کو دوسروں تک پہنچایا جانا چاہئے ۔ اس کو صرف اپنی حد تک محدود نہ رکھیں اس بیش بہا نعمت کے بارے میں رب سوال کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار سید تنویر احمد سکریٹری برائے تعلیم جماعت اسلامی ہند کرناٹک و گوا نے جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد کی جانب سے ’ تعلقات عامہ تربیتی پروگرام ‘ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس پروگرام کی نگرانی ڈائرکٹر تلگو اسلامک پبلیکیشن عبدالباسط انور نے کی ۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے اس تربیتی پروگرام سے استفادہ حاصل کیا ۔ سید تنویر احمد نے سلسلہ تقریر کو جاری رکھتے ہوئے ایک داعی کو عملی میدان میں کس طرح اپنے آپ کو تیار رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، اس پر زور دیا ۔ حافظ رشاد الدین ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد نے کہا کہ یہ کسی بھی تنظیم کی قوت رابطہ پر ہی منحصر ہے ۔ یہ جتنا پختہ و قوی ہوگا اتنا ہی کاموں کے کرنے میں مدد و آسانیاں پیدا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنظیم سے وابستہ ہوجائیں تو اس کے لیے کام ہی کرنا پڑتا ہے ۔ اور اس کے متعلق دفاعی قوت بھی پیدا کرنی ہوتی ہے اور عوام کو تنظیم کی پالیسی اور فیصلوں سے واقف بھی کروانا پڑتا ہے اس لحاظ سے رابطہ عامہ ایک موثر ذریعہ و ہتھیار ہوتا ہے اور یہی Life Blood کی حیثیت بھی رکھتا ہے ۔ اس کیمپ میں محمد اظہر الدین ، فہیم الدین ، منیب احمد خان نے مباحثہ میں حصہ لیا ۔۔

 

اصلاحی خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( راست ) : مسجد النور مدرسہ اسلامیہ فیض العلوم سعید آباد میں 19 نومبر بعد نماز مغرب ہفتہ واری اصلاحی خطاب منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی مبین احمد قاسمی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ مستورات کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔