مذہبی خبریں

عرس شریف حضرت سید خواجہ حسن برہنہ شاہؒ
آج جلوس غلاف مبارک و محفل سماع
حیدرآباد ۔ 23جنوری ( راست ) غلام محمد منظور معتمد تنظیمی کی اطلاع کے بموجب مجذوب کامل حضرت سید خواجہ برہنہ شاہؒ کے 376 ویں عرس مبارک کے ضمن میں آج بروز جمعرات 24 جنوری کو 3 تا 4 بجے شام زنانی میلاد ہوگی۔ بعد نماز مغرب نوجوانان محلہ کی جانب سے بہ سرپرستی حضرت مولانا سید عاشق عصمت اللہ شاہ حسینی گیسودراز جلوس غلاف مبارک درگاہ حضرت زہرہ بی صاحبہؒ سے درگاہ حضرت معزؒ نکالا جائے گا ۔ 10 ساعت شب محفل سماع زیرنگرانی مولانا سید قبول بادشاہ قادری جانشین حضرت کاملؒ منعقد ہوگی ۔ مولانا سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ رکن اسمبلی ، مولانا سید دستگیر علی شاہ قادری سجادہ نشین حضرت سید قدرت اللہ شاہؒ ، مولانا سید شاہ نظام الدین ہارونی سجادہ و متولی حضرت سلطان علی شاہؒ ، مولانا سید شاہ حیدر ولی اللہ نبیرہ قادری سجادہ نشین نلنگہشریف ، مولانا سید ندیم اللہ حسینی سجادہ و متولی درگاہ حضرت شاہ راجو قتالؒ مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ کنوینرس ڈاکٹر محمد یسین اور خواجہ معین خان ، اراکین کمیٹی نے عامتہ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت کی گذارش کی ہے ۔

ماں باپ کی دعا سے اولاد اپنی تقدیر سنوار سکتی ہے
جامع مسجد سنجیوا ریڈی نگر میں ڈاکٹر سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : ماں باپ کی عظمت بتاتے ہوئے پیغمبر اسلام ﷺ نے ارشاد فرمایا ماں باپ کا نام لے کر نہ پکارو ، گفتگو میں اپنی آواز پست رکھو ، اپنے کو ان کا غلام سمجھو ، ان کے حقوق ادا کرتے رہو ۔ ان کا ہر حکم بجالاؤ ، ان کی دلجوئی کرتے رہو ، ان کے لیے استغفار کرتے رہو ، یہاں تک کہ اگر وہ کافر ہیں ان کے ساتھ بھی نیک سلوک کرتے رہو ۔ ان کی ہدایت کے لیے دعا کرتے رہو ۔ والدین کے فرمانبرداروں کو بے مثال انعامات الہیہ نصیب ہوتے ہیں ۔ طویل عمر ، بہتر صحت ، سکون کی زندگی عطا ہوگی ۔ رزق میں برکت ، عزت اور خاتمہ بالخیر ، قبر میں راحت ملے گی ۔ دنیا میں ہی جنت کا پروانہ ( ٹکٹ ) ملے گا ۔ ان خیالات کا اظہار خطیب و ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نے جامع مسجد سنجیوا ریڈی نگر میں منعقدہ اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا اپنی بگڑی تقدیر کو ، آفات و مصیبتوں کو والدین کی دعا کے ذریعہ ٹالا جاسکتا ہے ۔ تقدیر کو سنوارا جاسکتا ہے ۔ آخر میں کتابچہ Greatness of Parents مرتبہ غلام نبی شاہ داعی اسلام پیش کیا گیا ۔ سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے ۔۔

دارالعلوم النعمانیہ کا جلسہ عطائے
خلعت و تقسیم اسناد حفظ قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( راست ) : حافظ محمد انوار الحق معتمد مجلس استقبالیہ کے بموجب دارالعلوم النعمانیہ کا جلسہ عطائے خلعت و تقسیم اسناد حفظ قرآن کریم 26 جنوری کو بعد نماز عشاء مکہ مسجد میں منعقد ہوگا ۔ جلسہ کی سرپرستی مولانا خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ کریں گے ۔ مولانا حافظ محمد محبوب علی صدر دارالعلوم النعمانیہ صدارت کریں گے ۔ حافظ شیخ احمد محی الدین شرفی بانی مدرسہ جلسہ کی نگرانی کریں گے ۔ اسناد کی تقسیم بدست مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی ۔ اس جلسہ میں 70 حفاظ کرام کو خلعت و سند سے نوازا جائے گا ۔ بطور مہمان خصوصی جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ ، سید احمد پاشاہ قادری ، ممتاز احمد خاں ، مولانا حافظ سید شاہ مرتضی علی صوفی ، حافظ میر لطافت علی شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ ، مولانا حامد کلیمی ، حافظ سید عبدالصمد جعفری ، مولانا حافظ محمد عثمان شرکت کریں گے ۔ مولانا حافظ سید شاہ ضیا الدین نقشبندی فضائل و مناقب پر خطاب کریں گے ۔ جلسہ گاہ میں خواتین کا علحدہ انتظام رہے گا ۔ حفاظ طالبات کو بدست محل مبارک حضرت شیخ الحفاظ خلعت عطا کی جائے گی ۔۔

بین المدارس تحریری و تقریری مقابلے
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( راست ) : ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی فلک نما کے زیر اہتمام 24 جنوری کو 1-30 بجے دن بین المدارس تحریری و تقریری مقابلے ، عبقری ولا ، فاروق نگر عقب فلک نما پیالیس مقرر ہیں ۔ صدارت صاحبزادہ میر وقار الدین علی خاں کریں گے ۔ ساتویں ، آٹھویں اور نویں جماعت کے طلباء کے لیے بعنوان ’ آزادی کے بعد ہندوستان کیا واقعی سونے کی چڑیا ہے ‘ اور طالبات کے لیے ’ آزادی کے بعد خواتین کا تعلیمی معیار ‘ پر ہر مدرسہ سے ایک طالب علم اور ایک طالبہ حصہ لے سکتے ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 9177864235 ۔ 9533664954 پر ربط کریں ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ بدیع الدین احمد قطب المدار المعروف بہ حضرت پیر زندہ شاہ مدارؒ 24 جنوری مقرر ہے ۔ جلوس نشان مبارک حضرت پیر زندہ شاہ مدار نعرہ پنجتن کی گونج میں آستانہ حضرت زندہ شاہ مدار پرانی حویلی سے صبح ٹھیک 8 بجے برآمد ہو کر براہ منڈی میر عالم ، خلوص مبارک پہنچے گا ۔ بعد نماز ظہر خانقاہ مدار گلشن شمشیر گنج میں ختم کلام مجید اور فاتحہ خوانی مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر صندل مبارک حضرت پیر زندہ شاہ مدار ، مدار گلشن سے برآمد ہو کر علی آباد ، شاہ علی بنڈہ ، آستانہ چارکمان پہنچے گا۔ بعد صندل مالی دعا و سلام جلوس صندل مبارک براہ لاڈ بازار خلوت مبارک پہنچے گا ۔ جہاں پر بعد نماز مغرب محفل مداریہ کا آغاز حافظ ثنا اللہ حقانی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ ڈاکٹر بشیر احمد قادری ملتانی کی نعت شریف کے بعد اظہار شاہ مداری ہمراہ دف نعت و منقبت پیش کریں گے ۔ بعد فاتحہ خوانی دعا و سلام اعلیٰ حضرت حضور نظام نواب میر برکت علی خاں بہادر آصف جاہ ثامن کی سلامتی کی چومک روشن کی جائے گی ۔ مراسم دھمال حضرت سید تاج علی شاہ عاشقان مدار سرگروہ شاہ اہل طبقات متولی و سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ بعد ازاں جلوس مداریہ خلوت مبارک سے براہ لاڈ بازار آستانہ چار کمان پہنچے گا جہاں بعد فاتحہ خوانی و سلام مراسم دھمال ادا کی جائے گی ۔ بعد فراغت دھمال جلوس آستانہ چار کمان سے براہ پتھر گٹی ، مدینہ چوراہا ، پرانی حویلی ، آستانہ حضرت پیر زندہ شاہ مدار پہنچے گا بعد فاتحہ خوانی و سلام مراسم دھمال ادا کی جائیگی ۔۔

ماہانہ فاتحہ حضرت بغدادی صاحبان قبلہؒ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن قادری الرفاعی المعروف بڑے بغدادیؒ حضرت پیر سید محمد بغدادیؒ حضرت سید محمد عبدالکریم حسینی قادری الرفاعی المعروف پیر بغدادی ؒ کی ماہانہ فاتحہ زیر سرپرستی حضرت پیر بغدادی سید محمد حسینی قادری الرفاعی نقیب روضہ رحمانیہ خطہ صالحین کریں گے ۔ مولانا سادات پیر بغدادی مولانا سید احمد حسینی قادری الرفاعی المعروف قادر پیر بغدادی خصوصی بیان کریں گے ۔ 24 جنوری روضہ رحمانیہ خطہ صالحین نامپلی میں منعقد ہوگی ۔ بعد نماز عصر قرات کلام پاک مولانا حافظ و قاری غلام محمد قادری نقشبندی سنائیں گے ۔ غلامان پیر بغدادی محمد ساجد علی قادری کی جماعت کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ بعد نماز مغرب نعت خواں حضرات نعت و منقبت سنائیں گے ۔ مسرس حسن زبیدی قادری ، محمد افضل حسین قادری بیابانی ، اسد علی قادری ، فرحان قادری ، دوسرے حضرات بھی نعت سنائیں گے ۔ بعد نماز عشاء مجلس قادریہ ہوگی ۔ چادر گل پیش کی جائے گی ۔ ذکر جہری شجرہ مبارکہ پڑھا جائے گا ۔ علمائے اہل سنت کے خطابات ہوں گے ۔ مولانا محمد مبشر احمد رضوی قادری ، مولانا محمد شرف الدین قادری ، مولانا افتخار سبحانی پاشاہ مخاطب کریں گے ۔۔